Monday, 23 November 2015

مرغیاں دے رہی ہیں اذانیں

ایس اے ساگر

ایسے پر فتن دور میں جبکہ متعدد یوروپی ملکوں میں سندولادت سے لے سند موت تک متعدد مواقع پر باپ کے نام کی بجائے ماں کا نام درج ہونے کا رواج پڑ گیا ہے، حکومت نے ہندوستان کے خاندانی نظام کی چولیں ہلا کے رکھ دی ہیں ۔ لہٰذا اب مجوزہ سرکاری غذائی سیکورٹی بل میں مردوں کی بجائے عورتوں کو گھر کے سربراہ کا درجہ مل گیا ہے اور راشن کارڈ پر مرد کی بجائے عورت کی تصویر دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ انھیں کون سمجھائے کہ صالح معاشرے میں گھر کی باگ ڈور مرد کے ہاتھ میں ہوتی ہے.

انسان ہے سماجی جانور :

مجبوری یہ ہے کہ ارض انسان تنہا زندگی نہیں گزار سکتا۔ اسی لئے انسانوں کے ساتھ رہنے کا نظام بنایا گیا ہے جو کہ صدیوں سے رائج ہے۔ اس نظام کے تحت انسان کسی معاشرے میں رہنے کیلئے معاشرے میں تعلقات استوار کرتا ہے۔ اپنا ایک الگ گھر بناتا ہے اور پھر اس گھر کا منتظم بن کر، گھر کے نظام کو احسن طریقے سے چلانے کی کوشش کرتا ہے۔ اس نظام کو خاندان کہا جاتا ہے۔ اس میں کسی بھی انسان کے قریبی اور خونی رشتے دار شامل ہوسکتے ہیں۔ خاندان کا سربراہ عموماً سب سے معمر شخص یا سب سے بڑا رکن مردہوتا ہے لیکن اب حکومت رعایتی شرح پر اناج دینے کی آڑمیں عورتوں کو گھر کا سربراہ بنا چکی ہے. نئے قانون کے تحت سرکار نے خواتین کا انتخاب کیا ہے ۔ حکومت کے اس فلاحی منصوبے میں یہ انوکھی تجویز بعد میں شامل کی گئی ہے جبکہ غذائی سیکورٹی بل کی تجویز پر سابق میں کئے گئے مذاکرے میں اس طرح کا کوئی بندوبست نہیں تھا۔تمام معاشروں میں بچوں کی پیدائش اور پرورش خاندان میں ہوتی ہے۔ بچوں کا رسوم کرنے اور سماج کے ضابطہ عمل میں ان کی تربیت کرنے کا کام بنیادی طور پر خاندان میں ہوتا ہے۔ اس کے ذریعہ سماج کی ثقافتی وراثت ایک سے دوسری نسل کو منتقل ہوتی ہے۔ شخصیت کی سماجی عزت بہت کچھ خاندان سے ہی طے ہوتی ہے۔ مرد عورت کے جنسی تعلقات کا ابتدائی مقصد خاندان کے دائرے میںتوسیع ہوتاہے ۔ صنعتی تہذیب سے پیدا ہوئے عوامی معاشروں اور شہروں کو اگر چھوڑ دیا جائے تو شخصیت کا تعارف ابتدائی مقصد اس کے خاندان کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ دنیا کے مختلف ملکوں کے خاندان کے دائرے میں عورت اور مرد کے دائرہ کا ر میں واضح فرق ہے۔ عورتوں کا زیادہ تر وقت گھر میں بسر ہوتا ہے۔ کھانا بنانا ، بچوں کی دیکھ بھال اور گھر کی صفائی کرنا اور کپڑوں کی سلائی وغیرہ ایسے کام ہیں جو عورت کے حصے میں آتے ہیں۔ مرد بیرونی اور زیادہ محنت کے کام کرتا ہے ، جیسے کھیتی ، تجارت ، صنعت ، پشچار ، شکار اور لڑائی وغیرہ۔ جبکہ بعض معاشروں میں عورتیں بھی کھیتی اور شکار جیسے کاموں میں حصہ لیتی ہیں۔

فوڈ سیکورٹی بل کی آڑ میں:

لیکن ان سب کے برعکس قومی فوڈ سیکورٹی بل 2011 میں اپنی طرح کا یہ انوکھا اقدام اٹھاتے ہوئے بند و بست کیا گیا تا کہ کوئی بھی بالغ عورت جو18 سال یا اس سے زیادہ کی ہو وہ گھر کی سربراہ ہے ۔ اور اسے چاول ، گیہوں اور دیگر غذائی خوراک رشن کارڈ کے ذریعے رعایتی شرح پر ملنے کی راہ ہموار کی گئی ۔ بل میں ترجیح کی بنیاد پر منتخب خاندانوں کوفی کس سات کلو اور عام خاندانوں کو فی کس تین کلو اناج ماہانہ رعایتی شرح پر دینے کی ضمانت دی گئی ہے۔ یو پی اے کی صدر سونیا گاندھی کی قیادت والی قومی مشاورتی کمیٹی نے ملک کی 75 فیصد آبادی کو خوراک کی سلامتی بل کے دائرے میں لانے کا مشورہ دیا تاکہ 68 فیصد آبادی کو سبسڈی والا اناج پانے کا قانونی حق نصیب ہو ۔ اس وقت کی خوراک وزارت کی طرف سے تیار قومی فوڈ سیکورٹی بل کے مسودے کو اگر وزراءگروپ کی آئندہ میٹنگ میں منظوری ملی ۔ قومی مشاورتی کونسل جسے مختصر طور پراین اے سی اور رنگ راجن کمیٹی کی سفارشات کے تجزیہ کے بعد خوراک وزارت نے بل کا ڈرافٹ تیار کیا جس پر  خوراک وزراءکے حقوق حاصل گروپ ای جی او ایم نے مہر ثبت کی ۔ وزارت نے فی خاندان 35 کلو گرام چاول یا گیہوں سبسڈی شرح پر دینے کی موجودہ نظام کی بجائے انفرادی بنیاد پر سبسڈی والا اناج مہیا کروانے کی بھی سفارش کی ۔ مجوزہ بل کے مطابق ترجیح والے خاندانوں کا انتخاب دیہی علاقوں میں موجود 46 فیصد غریب خاندانوں سے اور شہری علاقوں کے 26 فیصد غریب خاندانوں میں سے کیا جائے گا۔ وہیں دوسری جانب گاؤں کے 29 فیصد اور شہروں کے 22 فیصد خاندان عام قسم کے مانے جائیں گے۔اس سلسلے میں اس وقت کے  خوراک وزیرکے وی تھامس نے بتایا تھا  کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی رہنمائی میں تیار ہو رہا مجوزہ غذائی سیکورٹی کا بل یوپی اے -2 کا اب تک کا سب سے مہنگا اور مفید قانون بتایا گیا تھا ۔ شاید یہی وجہ ہے کہ مجوزہ بل میں اس بات کا کوئی ذکر نہیں ہے کہ رعایتی شرح پر ملنے والے اناج کی قیمت کیا ہوگی۔ قیمتوں کے تعین کا معاملہ حکومت کے اوپر چھوڑ دیا گیا ہے۔رنگراجن کمیٹی کا مشورہ ہے کہ ملک میں اناج ذخیرہ میں کمی کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے عام قسم کے لوگوں کو اس کے دائرے میں نہیں لانا چاہئے۔ ذرائع نے واضح کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ذاتی لوگوں کو اس کے طرح لینے سے ملک میں غذائی سیکورٹی کا دائرہ اور بڑھے گا۔ مجوزہ قانون کے تحت حکومت کا سبسڈی اناج پر خرچ کا بوجھ سالانہ 100000 کروڑ روپے پر پہنچ جائے گا۔ فی الحال یہ رقم 80000 کروڑ روپے ہوتی ہے جبکہ حکومت نے 2009 میں وعدہ کیا تھا کہ وہ قانون لا کر غذائی سیکورٹی مہیا کروائے گی۔ وزارت خوراک کے ایک اعلی اہلکار نے بتایا کہ اگرچہ بل کا ڈرافٹ تیار ہو گیا ہے لیکن لگتا نہیں کہ یہ موجودہ ڈھانچے میں قانون کی شکل اختیار کر پائے گا۔ اس میں وزراءکے گروپ کی میٹنگ اور کابینہ میں لازمی طور پر ایڈجسٹمنٹ ممکن ہے۔ کابینہ سے منظور ہونے کے بعد ہی اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ افسر کے مطابق بل پارلیمنٹ میں پیش ہونے کے معاملے میں سونیا گاندھی کی طرف سے متعینہ مہلت پار کر سکتی ہے۔لگتا ہے کہ یہ سرمائی اجلاس میں پارلیمنٹ میں پیش نہیں ہو سکے گا۔ پھر بھی مجوزہ بل میں ملک کی حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کی صحت کا خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ہندوستان بنیادی طور پر کسانوں کا ملک ہے اور یہاں کی خاندانی تخلیق عام طور پر زراعت کی ضروریات سے متاثر ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی سماج کی روایتی حیثیت مثالی ہے۔ کسی دیگر معاشرے میں گرہستی کی اتنی پاکیزگی اورآپسی اتحاد کی مثال نہیں ملتی جس میں والد ، بیٹے بھائی بھائی ، اور شوہر بیوی کے اتنے مستقل تعلقات میسر ہیں۔گھر کی چاردیواری میں عورت خاندان کو چلاتی ہے اور جو کام خواتین کے سپرد ہے ان کی نگرانی اور انتظام کرتی ہے۔ کھانا تیار کرنا بچوں کا پرورش کرنا اور سےکتائی وغیرہ خواتین کے اصل کام ہیں جبکہ تمام امور کے حتمی فیصلے مردوں کے ذمہ ہوتے ہیں جبکہ اسی بنیادی ستون پر پہلے بھی ضرب لگانے کی کوششیں ہوتی رہی ہیں۔خواتین سربراہی سے قبل حقوق نسواں کاشوشہ چھوڑا گیاتھا۔یہ موضوع اس وقت تک گفتگو کا موضوع رہے گا جب تک کرئہ ارض پر مرد عورت موجود ہیں۔حالانکہ بوتل نئی ہے لیکن شراب پرانی ہے جبکہ انداز بیاں نے بات بدل دی۔ خواتین سربراہی کا ذکرساری دنیا میں سنائی دیتا ہے‘بالخصوص مغربی دنیا کا دعویٰ ہے کہ انکی حقوق نسواں کی تحریکات نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ عالمی سطح پر عورتوں کے مساوی حقوق مان لئے جائیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ عالمی سطح پر بھی حقوق نسواں کو تقویت ملی ہے مگر اسلامی تاریخ سے باخبر ہر ذی شعور انسان اس بات کو تسلیم کرنے کیلئے ہر گز تیار نہیں کہ اس سے قبل دنیا میں مرد عورت کے مساوی حقوق کا کوئی قانون نہ تھاجبکہ قرآن کریم آج سے پندر ہ سو سال قبل یہ قانون پیش کر چکا ہے۔ اور اسلامی معاشرت میں یہ قانون رائج تھے۔ تاریخ سے ثابت ہے کہ ظہور اسلام سے قبل عورت کی حالت ناگفتہ بہ تھی۔اس وقت کی متمدن اور غیر متمدن دنیا میں عورت کی حیثیت بالعموم حیوانوں کی سی تھی۔مذہبی اور تمدنی اسے کوئی قابل ذکر مقام حاصل نہ تھا۔یونانی اور رومی تہذیب میںبھی مرد وں کے حقوق کا تحفظ کیا گیا عورتوں کے حقوق غیر محفو ظ ہی نہیں تھے بلکہ عورتوں کو مالوں اور جائدادوں کی طرح منتقل ہونے والا ورثہ خیا ل کیا جاتا تھا۔صرف اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جس نے عورت کی انسانیت کو نمایاں کر کے دکھایا جس نے مکمل طور پر عورت کے حقوق کو قائم کیا۔ اسے مذہبی اور روحانی لحاظ سے مرد کے مساوی قرار دیا۔اور تمدنی زندگی میں اس کی مستقل اور نمایاں حیثیت قائم کی۔اہل علم حضرات کی مانیں تورسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہی وہ پہلے انسان ہیں جنہوں نے قرانی تعلیم کے مطابق عورتوں کے برابر کے حقو ق قائم کئے۔جیسا کہ سورة البقرہ میں عام قانون میں بتایا کہ مردوں او ر عورتوں کے حقوق بحیثیت انسان ہونے کے برابر ہیں۔ہاں مگر مردوں کو کنبہ کا سربراہ ہونے کے لحاظ سے ایک طرح کی فوقیت حاصل ہے۔گویا اسلام نے انسانیت کے لحاظ سے مرد عورت کے درمیان کوئی تفریق نہیں کی۔فرمایا وہ تمہارا لباس ہیں اور تم ان کا لباس ہو۔ گویا موجب سکون اور آرام کے دونوں برابر ہیں۔مرد عورت کو ایک دوسرے کا نیکی بدی میں شریک قراردیا اور وہ ایک دوسرے کیلئے رفیق سفر کے طور پرکام کرتے ہیں۔مگر افسوس آج کے مسلم مشرقی سماج کے ایک بڑے حصہ میں اس اسلامی قانون کی پیروی کی بجائے زیادہ تر باطل رسم و رواج کی پیروی پر زور دیا جاتا ہے۔ بھائی اپنی بہنوں کی تربیت اور تکریم کو اپنا فرض جانتے ہیں خاوند اپنی بیویوں سے بہترین معاملہ کرنے والے اور ان کی دلجوئی کو اپنی نیکی کا معیار سمجھتے ہیں۔ بچے اپنی ماﺅں کے قدموں کے نیچے جنت یقین کرتے ہیں۔غرض اسلام نے نسوانی دنیا کی کایا پلٹ دی۔اور عورت کا احترام اور اس کی عزت کو ہرحیثیت میں قائم کیا۔عورت کی عزت اسلامی نقطہ نگاہ سے ہر مومن پر فرض ہے جبکہ مغربی دنیا ’مساوی حقوق‘ کی آڑمیں عورت کو مظالم کا تختہ مشق بنا رہی ہے۔اہل مغرب نے عورت کو آزادی کاجھانسا دے کر عورتوں کو ان کے فطرتی دائرہ کار گھر سے نکال کر گھر داری کی ذمہ داریوں کے علاوہ اسے اپنے شانہ بشانہ روزی کمانے پر لگا دیا۔مردوں نے اسے جھانسا دے کر اس کا گھر اس کے محبوب اور اسکے بچوں کی رفاقت اس سے چھین لی۔مغربی عورتیں نام نہاد مادر پدر آزادی مساوات کے نام پرمردوں سے آگے نکلنے کی دھن میں نسوانیت کی حدود تک پھاند گئی ہیں۔ بظاہر ترقی یافتہ مگر در حقیقت ایک متبذل شئے کی حیثیت حاصل کررہی ہے۔ مفاد پرست مرد نے عورت کے مقام کو اس قدر گرا دیا ہے کہ اسے گھر سے بے گھر کرکے اسے آزادی کے نام پر اسے اپنی شہوات کی تسکین کا آلہ بنا کر رکھ دیا ہے جبکہ مشرقی عورت شمع خانہ ہے۔اسکی گھر داری ذمہ داریوں ‘اس کی ثقافتی و معاشرتی زندگی کا جائزہ لیا جائے تومشرقی عورت مشترکہ پسندیدہ عادتوں ثقافتی رسموں اور سماجی قدروں کا وہ مجموعہ ہے جس کی بدولت معاشرت مستقل صور ت اختیار کرلیتی ہے۔ قد رت نے انسانی نسل کی بقاکے لئے عورت کو بے مثل سانچے میں ڈھالا ہے۔ بچے کی پرورش کی سخت پابندیا ں اپنانے اور اہم ذمہ داریاں نباہنے کی فطری قوت اسی میں ہے۔عورت نہ صرف بچہ کی دنیا میں آمد کا ذریعہ بنتی ہے بلکہ پہلی خوراک شیر مادر ہی ہوتی ہے۔ ہر مشرقی نیک ماں بچے کو صرف ممتا کا پیار ہی نہیں دیتی بلکہ شروع ہی سے اس کے اندر انصاف پیدا کرتی ہے۔اس کے اندر توازن پیدا کرتی ہے۔مشرقی عورت کا جغرافائی ماحول اسے ہر دیس کی عورت سے ممیز کرتا ہے۔یہ پیدائشی اعتبار سے حساس‘ ہمدرد اور انکسار پسند ہستی ہے۔بیشتر گھریلو معاملات اس کی ہمت صوابدید سے سنورتے ہیں۔مرد نے جہاں بھی اس کے تعاون کا خیر مقدم کیا ‘ وہیں اچھے نتائج برآمد ہوئے اور زندگی بڑھ چڑھ کر مہذب اور متمدن نظر آئی۔ مگر مغربی تہذیب میں عورت نے حیاءکو خیر باد کہہ دیا ہے جس کی تقلید میں نت نئے شوشے منظر عام پر آتے رہتے ہیں۔

sa.sagar7@gmail.com
+919811231871
241111 ab murghiya dengi azaan by s a sagar Posted 23rd November 2011 by s a sagar

No comments:

Post a Comment