Thursday, 21 April 2016

لووں سے کیسے بچیں؟

ایس اے ساگر

موسم گرما کے آغا میں ہی لووں یا ہیٹ اسٹروک سے 160افراد ہلاک ہوچکے ہیں. گرمی کی شدت کا یہ عالم ہے کہ بعض ریاستوں میں نہ صرف اسکول بند ہوچکے ہیں بلکہ تعمیراتی کام پر پابندی بھی عائد ہوچکی ہے. لیکن اس کا کیا کیجئے کہ لو لگنے یا سے بچنے کے لئے کیا کرنا چاہیے اور ایسی صورت میں قریبی لوگوں کو متاثرہ شخص کو کیا طبی امداد دینی چاہئے، اس کی بیداری کا فقدان ہے جبکہ یہ دو بنیادی چیزیں ایسی ہیں جن کا علم ہر شخص کو ہونا چاہئے۔ ڈاکٹرز اور طبی ماہرین مندرجہ ذیل اقدامات تجویز کرتے ہیں۔ 

وجوہات کو جانیں :

سب سے پہلے تو لو لگنے یا ہیٹ اسٹروک کی وجوہات جان لیں جو اس کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں۔ جسم میں پانی کی کمی، گرم و خشک موسم، گرم موسم میں سخت مشقت یا ورزش، دھوپ میں براہ راست بہت زیادہ گھومنا، گھر سے باہر کام یا آؤٹ ڈور ورکنگ۔
 
کیا ہیں علامات :

ہیٹ اسٹروک کے نتیجے میں لاحق ہونے والی ایمرجنسی جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے تاہم اس کی علامات بھی ظاہر ہوتی ہیں جو کہ درج ذیل ہیں۔ جسمانی درجہ حرارت 104 فارن ہائیٹ ہوجانا، غشی طاری ہونا، جسم سے پسینے کا اخراج رک جانا، دل کی دھڑکن بہت زیادہ بڑھ جانا، جلد سرخ، گرم اورخشک ہوجانا۔ ہیٹ سٹروک سے زیادہ تر موت کا خطرہ ہوتا ہے یا پھر دماغ بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ 50 سال یا اس سے زائد عمر کے لوگوں کو ہیٹ سٹروک کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔کسی کو ہیٹ سٹروک ہو جائے تو کیا کرنا چاہئے ؟

جان لیوا تاخیر :

سب سے پہلے تو ایمبولینس کوطلب کریں یا متاثرہ شخص کو خود ہسپتال لے جائیں۔ طبی امداد میں تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے ۔ ایمبولینس کے انتظار کے دوران مریض کو کسی سایہ دار جگہ پر منتقل کردیں۔ مریض کو فرش پر لٹا دیں اوراسکے پیر کسی اونچی چیز پر رکھ دیں تاکہ دل کی جانب خون کا بہاؤ بڑھ جائے اور شاک کی روک تھام ہوسکے۔ مریض کے کپڑے ٹائٹ ہوں تو ان کو ڈھیلا کردیں۔ مریض کے جسم پر ٹھنڈی پٹیاں رکھیں یا ٹھنڈے پانی کا اسپرے کریں۔ پیڈسٹل پنکھے کا رخ مریض کی جانب کردیں تاہم بجلی نہ ہو تو اخبار سے خود مریض کو ہوا دیں۔ اس سے ہٹ کر بھی گھر سے باہر نکلتے ہوئے پانی کی بوتل اپنے پاس رکھیں چاہے روزہ ہی کیوں نہ ہو اور طبیعت بگڑنے پر فوری پانی کا استعمال کریں کیونکہ روزے کا کفارہ ہوسکتا ہے مگر جان پھر واپس نہیں آسکتی۔

حفاظتی اقدامت :

حفاظتی اقدامت کے طور پر زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں اور غیرضروری طور پر دھوپ میں نہ نکلیں۔ اگر گھر سے نکلنا مقصود ہو تو سر پر گیلا کپڑا رکھ کر نکلیں اور پانی کی بوتل اپنے ہمراہ رکھنا ہرگز مت بھولیں۔ سب سے ضروری بات یہ ہے کہ آپ کے جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی نہ ہو اس لئے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات پئیں۔ گرمیوں میں سبزیوں اور پھلوں کا استعمال زیادہ کریں جبکہ مرچ مصالحے اور چٹ پٹے کھانوں سے پرہیز کریں۔یہ تمام معلومات یقینی طور پر آپ کے لئے مفید ہو سکتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مذکورہ بالا معلومات کو عام کیا جائے اور ان پر عمل درآمد کی صورت اختیار کی جائے.

موسم گرما کے آغا میں ہی ہیٹ اسٹروک سے 160افراد ہلاک ،
چند ریاستوں میں اسکول بند ،
تعمیراتی کام پر پابندی

http://dhunt.in/171wP?ss=wsp
via Dailyhunt

No comments:

Post a Comment