Wednesday 23 March 2016

محض ایک رن سے شکست!

ایس اے ساگر

گذشتہ روز انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد محض ایک رن سے بنگلہ دیش کو شکست کا سامنا کرنا پڑا. بنگلہ دیش نے انڈیا کا یوں تو سخت مقابلہ کیا لیکن اس کا کیا کیجئے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم انڈیا کے خلاف ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد محض ایک رن سے شکست کھا گئی۔ اب تک کھیلے جانے والے مقابلوں میں یہ سب سے زبردست میچ تھا۔ انڈیا کی ایک انتہائی مضبوط ٹیم کے خلاف بنگلہ دیش کی کارکردگی بہت متاثر کن تھی لیکن محمد اللہ اور مشفق الرحیم کی وننگ شاٹ لگانے کی خواہش میں بنگلہ دیش میچ ہار گیا۔
ایک موقع پر تین گیندوں پر بنگلہ دیش کو دو رنز درکار تھے لیکن اس کا کیا کیجئے کہ مشفق الرحیم اور محمد اللہ پانڈیا کو چھکا لگانے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے۔
آخری گیند پر جب میچ برابر کرنے کیلئے صرف ایک رن چاہئے تھا سواگتا ہوم بال کھیل نہ سکے اور دھونی نے انھیں اسٹمپ کر دیا۔
اور اس میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔
بنگلہ دیش کی اننگز شروع ہونے پر نہرا کی پہلی گیند پر تمیم اقبال نے چوکا لگا کر اپنا اور اپنی ٹیم کا کھاتہ کھولا۔ اس اوور میں نہرا نے اپنی ہی گیند پر تمیم کا کیچ چھوڑ دیا۔ پہلے اوور میں بنگلہ دیش نے سات رنز بنائے۔
دوسرا اوور جسپریت بھمرا نے کرایا جبکہ تیسرا اوور ایشون کروانے آئے اور ان کی ایک گیند پر باونڈری کے چند انچوں کے فاصلے پر محمد متھن کا کیچ پانڈیا نے پکڑ لیا۔
ایشون کے دوسرے اوور میں بمرا نے ایک بہت ہی آسان کیچ چھوڑ دیا اور کچھ لمحوں کے لیے سٹڈیم نے خاموشی چھا گئی۔ اس اوور کی آخری گیند پر شبیر رحمان نے زبردست چھکا لگایا۔
بمرا کو میچ کا چھٹا اوور کرنے کیلئے دھونی نے بلایا اور پہلی ہی گیند پر تمیم اقبال نے خوبصورت شاٹ پر چوکا لگایا۔ تیسری گیند پر تمیم نے لانگ آن پر ایک اور چوکا لگایا۔ اس اوور میں مجموعی طور پر چار چوکے لگے۔
دھونی نے آٹھویں اوور میں جدیجا کو بولنگ دی اور ان کی ایک گیند پچ سے بالکل اٹھی ہی نہیں جسے تمیم باہر نکل کر کھیلنا چاہتے تھے اور اس کوشش میں سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
تمیم کے بعد شکیب میدان میں اترے۔ پانڈیا جو میڈم پیس بالر ہیں انھیں نواں اوور کرانے کے لیے کہا گیا۔ پانڈیا کو اس اوور میں چوکے لگے۔ اس اوور میں گیارہ رنز بنے۔

.... مقابلہ تو خوب کیا!

بالنگ میں پھر تبدیلی کی گئی اور رائنا کو گیند دی گئی۔ اس اوور میں دھونی نے زبردست اسٹمپ کیا۔ شبیر نے لیگ پر وائڈ بال کو کھیلتے ہوئے چند لمحوں کیلئے اپنا پچھلا پیر ہوا میں اٹھایا تھا کہ چشم زدن میں دھونی نے بیلز اڑا دیں۔
اس کے بعد مشرفی مرتضیٰ آئے اور انھوں نے رائنا کو چھکا لگا کر اپنا کھاتہ کھولا۔ اس موقع پر پانڈیا کی گیند پر ایشون نے شکیب کا کیچ چھوڑ دیا۔
شکیب نے اسی اوور میں پانڈیا کو ایک زبردست چھکا لگایا۔ اس اوور میں دس رنز بنے اور بنگلہ دیش کا اسکور 87 رنز ہو گیا۔
اگلے اوور میں مشفی مرتضی کو جدیجہ نے بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد محمد اللہ وکٹ پر آئے۔
ایشون کو میچ کا 13واں اوور کرانے کو کہا گیا اور انھوں نے پہلی ہی گیند پر شکیب کو سلپ میں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس وقت میچ انتہائی دلچسپ ہو گیا۔ ایشون کو کھیلنا مشکل ہو رہا تھا کیونکہ بال ٹرن کر رہی تھی۔ ایشون نے اپنے کوٹے کے اختتام پر 20 رن دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پندرہ اوور کے ختم ہونے پر بنگلہ دیش کا سکور 104 رنز تھا۔ جدیجہ کے اگلے اوور کی پہلی گیند پر زبردست چھکا لگا۔ اس اوور میں نو رنز بنے۔
17واں اوور بمرا کو دیا گیا اور پہلی دو گیندوں پر تین رنز بنے۔ اس وقت بنگلہ دیش کو 22 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے۔ اس جگہ پر دھونی نے وکٹ کے پیچھے ایک مشکل کیچ چھوڑ دیا۔
18واں اوور نہرا کے حصے میں آیا۔ جس کی دوسری گیند پر چوکا لگا۔ یہاں پر سومیا سرکار کیچ آؤٹ ہوئے۔ لیکن اگلی گیند پر چوکا لگا۔ 19ویں اوور میں بمرا نے ساری کی ساری گیندیں یارک کرائیں۔ لیکن اس اوور میں چھ رنز بنے۔
دھونی نے پانڈیا کو آخری اوور کرانے سے پہلے بہت ہدایات دیں۔
آخری اوور کی پہلی گیند پر ایک رن بنانے کے بعد بنگلہ دیش کی طرف مشفق الرحیم نے پانڈیا کو زبردست چوکا لگایا۔اس کے بعد اگلی ہی گینبد پر سکوپ شاٹ پر مشفق نے چوکا لگایا اور دھونی مکمل پر بیٹ ہوئے۔ اگلی گیند پر مشفق کیچ ہو گئے۔

انڈیا کی اننگز :

روہت شرما، شیکھر دھون، ویراٹ کوہلی، سریش رائنا اور یوراج شائقین سے بھرے سٹیڈیم میں اپنی روایتی بلے بازی کا مظاہرہ نہیں کر سکے جس سے ان کے مداح ان سے توقع کرتے ہیں۔ سب سے زیادہ 30 سکور سریش رائنا کر پائے جو انھوں نے 40 گیندیں کھیل کر حاصل کیا۔
ویراٹ کوہلی بھی بنگلہ دیشی بلے بازوں کے سامنے بے بس سے نظر آئے اور پھنس کر کھیلتے رہے۔ انھوں نے 37 گیندوں کا سامنا کیا جس میں وہ صرف 24 رنز بنا پائے جس میں صرف ایک چھکا شامل تھا اور کوئی چوکا نہیں تھا۔
انڈیا کی طرف سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے پہلا اوور مشرفی مرتضیٰ نے کیا اور صرف پانچ رنز دیے۔
بنگلہ دیش نے دوسری طرف سے سپنر سواگتا ہوم کو بولنگ کیلئے لگایا اور اس اوور میں دھون نے پہلا چوکا لگایا۔ دوسرے اوور کے ختم ہونے پر انڈیا کا سکور نو رن تھا۔

فارم میں نہیں رہے روہت شرما :

تیسرے اوور کیلئے بال الامین حسین کو دی گئی اور روہت شرما نے ایک خوبصورت کور ڈرائیو پر چوکا جڑ دیا۔ الامین حسین نے پہلے اوور میں مجموعی طور پر آٹھ رن دیے اور انڈیا کا اسکور 17 رنز ہو گیا۔
مستفیض الرحمان جو بائیں ہاتھ سے تیز بال کرتے ہیں انھیں چوتھا اوور کرانے کیلئے کہا گیا۔ پہلے چار اوور میں بولنگ میں چار تبدیلیاں کی گئیں۔ مستفیض الرحمان بڑی خوبصورتی سے سلو بال کرتے ہیں اور ان کی تیز اور سلو بال میں فرق کرنا اکثر بلے باز کیلئے مشکل ہو جاتا ہے۔
شیکھر دھون نے اس اوور میں اپنا دوسرا چوکا لگایا۔
اگلے اوور میں بالنگ پھر تبدیلی کی گئی اور شکیب الحسن کو آزمایا گیا۔ اس اوور میں رن آؤٹ کا ایک موقع پیدا ہوا لیکن بنگلہ دیش اس سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔پاور پلے میں انڈیا کے بلے باز تیزی سے رن کرنے میں بڑی حد تک ناکام رہے اور پہلے پانچ اوور کے ختم ہونے تک انڈیا کا مجموعی سکور صرف 27 رنز تھا۔
چھٹا اوور مستفیض الرحمان سے کروایا گیا۔ اس موقع پر روہت شرما نے سیدھا شاٹ کھیل کر پہلا چھکا لگایا۔ شیکھر دھون نے بھی اسی اوور میں چھکا لگایا۔ اس اوور کی آخری گیند پر روہت شرما شاٹ لگانے کی کوشش میں کیچ ہو گئے۔ اس اوور میں مجموعی طور پر 15 رنز تو بنے لیکن روہت شرما آؤٹ ہو گئے۔
ساتواں اوور بھی شکیب کے حصے میں آیا۔ پہلی دو گیندوں پر کوئی رن نہ بن سکا تیسری گیند پر رواٹ کھولی نے ایک رن بنایا۔ دھون کو اس اوور میں شکیب نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ
بنگلہ دیش کا ریکارڈ :

کل 60 میچ کھیلے
38 میں فاتح
2 بےنتیجہ

آٹھواں اوور مشرفی مرتضیٰ سے کروایا گیا۔ آٹھ اوور میں بھی انڈیا کا اسکور 50 رنز سے دو رنز کم تھا۔
اس جگہ پر پھر بولنگ میں تبدیلی کی گئی اور سپنرسواگتا ہوم کو بال کرنے کے لیے بلایا گیا۔
میچ کے پہلے دس اوور میں انڈیا کے بلے بازوں کو شاٹ کھیلنے میں دشواری پیش آ رہی تھی۔ پیچ پر بال رک کر آ رہا تھا اور کھولی نے 14 گیندوں میں صرف 11 رنز بنایئے تھے۔ اس وقت رنز بنانے کی اوسط پانچ اعشاریہ نو تھی۔
گیارہویں اوور میں بنگلہ دیش کے بولر الامین حسین نے اپنی ہی گیند پر کھولی کا کیچ چھوڑ دیا۔ اس کے بعد ایک گیند پر سریش رائنا نے چھکا لگایا۔ اس سے اگلی گیند پر بھی سریش رائنا نے ایک اور چھکا لگایا۔ سریش رائنا اپنے بلے سے مطمئن نظر نہیں آ رہے تھے اور دو مرتبہ انھوں نے اپنا بلا تبدیل کیا۔
بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے شکیب الحسن نے 13واں اوور کرایا اور ان کے سامنے سریش رائنا تھے جو بائیں ہاتھ سے ہی بولنگ کرتے ہیں لیکن شکیب نے انھیں باندھے رکھا اور صرف چار رنز دیے۔
ویراٹ کوہلی نے اپنا پہلا چوکا 13وں اوور میں لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ کوہلی ایک گیند کو ٹائم کرنے میں ناکام رہے اور ان کی مڈل وکٹ گری۔
ان کی جگہ ہاردک پانڈیا کو بھیجا گیا۔ جنھوں نے دوسری ہی گیند پر چھکا لگایا۔ ہاردک پانڈیا نے تیز کھیلنا شروع کیا اور چھ گیندوں پر 15 رنز بنائے۔
15واں اوور کرنے کے لیے دوبارہ الامین حسین آئے اور ان کی ایک شارٹ پچ گیند پر سریش رائنا کیچ ہو گئے۔ اس کے بعد دھونی میدان میں اترے۔ اگلی ہی گیند پر سومیا سرکار نےایک ناقابل یقین کیچ لے کر مبصریں اور تماشائیوں کو حیران کر دیا۔ ہاردک پانڈیا جنھوں نے اچھی شاٹ کھیلی تھی انھیں غیر یقینی کی حالت میں واپس پویلین لوٹنا پڑا۔

ٹی ٹوئنٹی مقابلے :
انڈیا کا ریکارڈ
کھیلے 69
جیتے 41
ہارے 26
ٹائی 1
بے نتیجہ 1

یوراج سنگھ کو ہیٹ ٹرک بال کا سامنا کرنا پڑا جسے انھوں نے آسانی سے لیگ فلک کر دیا۔
یوراج 17ویں اوور میں ایک آسان کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
مسفیض الرحمان 18واں اوور کرنے آئے انھوں نے بہت اچھا اوور کرایا اور صرف پانچ رن دیے۔ الامین حسین نے 19واں اوور کرایا اور دوسری گیند پر دھونی نے چوکا لگایا۔ اس کے بعد رویندر جدیجہ نے دو لگاتار چوکے لگائے۔ آخری گیند پر جادیجانے ایک رن بنائے اور اس اوور میں 14 رنز بنے۔
آخری اوور کی پہلی گیند پر رویندر جدیجہ آؤٹ ہو گئے اور پھر ایشون کھیلنے آئے۔
اس ٹورنامنٹ میں انڈیا نے اب تک دو میچ کھیلے ہیں اور ایک میچ ہارا اور ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے دو پوائنٹس ہیں۔
بنگلہ دیش اب تک کسی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کر سکا ہے۔
انڈیا نے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست کھانے کے بعد دوسرے میچ میں پاکستان کو ہرا دیا تھا۔

No comments:

Post a Comment