Monday, 14 March 2016

ناریل کا پانی

ایس اے ساگر

ان دنوں دہلی کی سڑکوں پر ٹھیلوں پر ناریل کا پانی خوب فروخت ہورہا ہے. عام طور پر لوگوں کو علم نہیں کہ ناریل کا پانی روزانہ پینے سے نہ صرف آ پ خوبصورت نظرآئیں گے بلکہ یہ چاق چوبند رکھنے میں بھی مددگارثابت ہوتا ہے۔ ناریل کے پانی سے متعلق حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ایسے افراد جو ناریل کا پانی باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں ان میں نہ صرف خون کی گردش بہتر ہوتی ہے بلکہ ان کا بلڈ پریشر بھی نارمل رہتا ہے اور ایسے افراد میں دل کے دورے سمیت دیگر دل کے امراض دوسروں کے مقابلے میں کم ہوتے ہیں یہی نہیں ناریل کا پانی بلڈ شوگر لیول کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔

کیا پتہ چلا ؟

تحقیق سے ثابت ہوا کہ ناریل کا پانی وزن کم کرنے اور قوت مدافعت بڑھانے کیلئے موزوں ہے، اکثر اطبا حضرات حاملہ خواتین کو ناریل کا پانی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں جو قبض کی صورت میں حاملہ خواتین کیلئے مفید ثابت ہوتا ہے، ناریل کے پانی میں پوٹاشیم اور میگنیشیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس کے استعمال سے انسان کے پیشاب کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے اور خاص طور پر گردوں کے مریضوں کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے۔

کیل مہاسوں سے نجات :

اگرآپ چہرے پر کیل مہاسوں سے پریشان ہیں تو فوری طور پر ناریل کے پانی سے چہرے کا مساج کریں جو چہرے پر پھنسیوں کے خاتمے کے لئے بھی مفید ہے یہی نہیں ناریل کا پانی ہاتھوں کو نرم اور ناخنوں کو خوبصورت رکھنے کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اعتدال پسندی ضروری :

‏سروائیول ٹریننگ پروگرام کے دوران بتایا گیا کہ ایک دن میں 6 سے زیادہ ناریل کا پانی پینے سے جسم میں الیکٹرو لائٹس کا توازن خراب ہو جاتا ہےا ور اس سے موت تک بھی واقع ہو سکتی ہے۔ تاہم ایک یا دو ناریل کا پانی بہت مفید رہتا ہے. لیکن یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ اللہ کی نعمتیں ہیں سب مگر ان تما م چیزوں کا استعمال ایک حد تک کرنا چاہئے اور طبیب کے مشورہ کے بغیر کوئی بھی چیز مسلسل استعمال نہ کرنی چاہئے خواہ کتنی ہی مفید کیوں نہ ہو۔ تجویز کرتے وقت یا فوائد بتاتے وقت بتانے والے کا مقصد تو اچھا ہوتا ہے مگر کچھ چیزیں کچھ کو مفید ہوتی ہیں کچھ نقصان دہ، اب انڈہ بہت مفید چیز ہے مگر یہی چیز ہائی بلڈ پریشر کیلئے نقصان دہ ہے۔ تو بہتر ہے کہ طبیب سے مشورہ کیجئے پھر کچھ مسلسل استعمال کیجئے۔

تمام ضروریات کیلئے کافی :

ناریل پانی تو گرمیوں میں بہت اچھا لگتا پر سردیوں میں دشواری پیدا کرتا ہے جیسے گھڑی گھڑی بیت الخلاء کا چکر۔ عام طور پر لوگوں کو علم نہیں کہ ناریل کے درخت کو سنسکرت میں 'کلپا ورکشا' کہتے ہیں جس کا مطلب ایسا درخت جو زندگی کی تمام ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ یہ نام کافی حد تک درست ہے کیوں کہ ناریل کے درخت اور اس سے بننے والی چیزوں کا مختلف انداز میں استعمال ہوتا ہے اور صحت کے حوالے سے فوائد بھی قابل غور ہیں.

خشک جلد کا علاج :

ویٹامن ای سے مالامال کھوپرے کا تیل چہرے پر لگانے سے جلد کی لچک بحال ہوجاتی ہے اور جھرریاں نہیں ہوتیں۔ اس کے علاوہ ناریل کے پانی میں چند قطرے لیموں ملاکر اس کا ماسک لگانے سے جلد خشک ہونے کا مسئلہ دور ہوجائے گا۔

سر کی خشکی سے نجات :

رات کو سر پر گرم کھوپرے کے تیل کا مساج ڈینڈرف کم کرنے اور بالوں کے گرنے کو روکنے میں مددگار ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ناریل کے دودھ کو سر پر لگانے سے ہیئر اسٹریٹننگ کے دوران بالوں کو ہونے والے نقصان کا ازالہ ہوجاتا ہے۔ انہی فوائد کے باعث ناریل کا دودھ نامور ہیئر پراجکٹس کا جزو ہے۔

درد سے چھٹکارا :

کھوپرے کے تیل کو مساج کے دوران استعمال کرنے سے بہت سکون ملتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ہڈی و جوڑوں کے درد کا شکار افراد کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے جبکہ یہ سوجن کو بھی کم کرتا ہے۔

قوت کا خزانہ :

ناریل پانی میں پروٹین، پوٹاشیم اور وٹامن بی کمپاؤنڈٖ موجود ہوتا ہے جس کے باعث یہ ورزش سے پہلے اور بعد کے لیے بہترین مشروب ہے۔ ناریل پانی سے ورزش کے دوران پٹھوں میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت ہوتی ہے اور جسم میں نمکیات کی کمی دور ہوتی ہے جبکہ آپ کو فوری طور پر چاک و چوبند کردیتا ہے۔

دانتوں کیلئے مفید :

میڈیکیٹڈ کھوپرے کے تیل سے دن میں دو مرتبہ غرارے کرنے سے دانت صحت مند رہتے ہیں۔ کھوپرے کے تیل سے نہ صرف دانتوں میں موجود ٹاکسن ختم ہوتا ہے بلکہ یہ دانتوں کی حساسیت کم کرنے کیلئے بھی مفید ہے.

No comments:

Post a Comment