Sunday, 28 February 2016

کیسے لکھیں اینڈرائڈ میں اردو؟

ایس اے ساگر
یہ تو آپ جانتے ہی ہونگے کہ اینڈرائڈ موبائل میں نستعلیق فونٹ نصب کیا جاسکتا ہے مگر پہلے اس کیلئے موبائل کو روٹ کرنا ضروری ہوتا تھا، اولا تو روٹ کرنا بجائے خود کارے دارد، ثانیا روٹ کرنے سے موبائل کی وارنٹی گارنٹی بھی ختم ،لیکن اب نستعلیق فونٹ نصب کرنے کیلئے موبائل روٹ کرنا بھی ضروری نہیں ہے، روٹ کئے بغیر بھی نستعلیق فونٹ کے سحر میں کھویا جاسکتا ہے، اس کیلئے بس آپ کو کچھ اقدام کرنے ہونگے:
سب سے پہلے یہ فائل ڈاونلوڈ فرمائیں
ڈاونلوڈ ہوجانے کے بعد فائل کو انسٹال کرلیں، انسٹال کرلینے کے بعد باہر آجائیں
اب موبائل کی سیٹنگ میں جائیں
پھر ڈسپلے اوپشن میں
پھر فونٹ اسٹائل میں
اسکرین شاٹس ملاحظہ فرما لیں















فونٹ اسٹائل اوپشن میں آپ کو نستعلق فونٹ بھی دیگر فونٹس کے ساتھ نظر آئے گا، بس نستعلیق فونٹ سلیکٹ کیجئے اور اردو کی خوبصورتی میں کھوجائیے
گوگل نے موبائل فون اور ٹیبلٹ کمپیوٹر Tablet Computer وغیرہ کیلئے ایک اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم، اینڈرائڈ Android) بنایا۔ 2008ء میں ایچ ٹی سی ڈریم (HTC Dream پہلا موبائل تھا، جس میں اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم تھا۔ اس کے بعد اینڈرائڈ نے بہت تیزی سے ترقی کی۔ آج کل اینڈرائڈ نے مارکیٹ میں اپنا ایک نام بنا لیا ہے اور زیادہ تر اچھے و مہنگے موبائلوں میں یہی آپریٹنگ سسٹم آ رہا ہے۔ اینڈرائڈ کے کئی ایک ورژن آ چکے ہیں۔ شروع کے ایک دو ورژن اینڈرائڈ کے اپنے نام سے ہی تھے لیکن بعد کے ورژن ہیں تو اینڈرائڈ ہی لیکن مختلف ناموں سے موسوم کر دیئے گئے ہیں۔
اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم
نام نام ورژن نمبر تاریخ اشاعت
Android اینڈرائڈ 1.0 ستمبر 2008ء
Android اینڈرائڈ 1.1 فروری 2009ء
Cupcake کپ کیک 1.5 اپریل 2009ء
Donut ڈونٹ 1.6 ستمبر 2009ء
Eclair ایکلیئر 2.1/2.0 اکتوبر 2009ء/جنوری 2010ء
Froyo فرویو 2.2.x مئی 2010ء
Gingerbread جنجربریڈ 2.3.x دسمبر 2010ء
Honeycomb ہنی کمب 3.x فروری 2011ء
Ice Cream Sandwich آئس کریم سینڈوچ 4.x اکتوبر 2011ء
جدول میں صرف اہم ورژن لکھے ہیں، باقی کئی ورژن کی کافی ساری اپڈیٹس آئیں، جیسے جنجر بریڈ کے تقریباً سات مزید ورژن آئے۔
خیر یہ تمہید اس لئے باندھی ہے کہ اگر آپ کو نہیں پتہ تو اندازہ ہو جائے کہ یہ اینڈرائڈ ہے کیا بلا۔۔۔ اب آتے ہیں اصل بات کی طرف۔ اینڈرائڈ میں یونیکوڈ کی سہولت غالباً شروع دن سے موجود ہے یا پھر کم از کم فرویو 2.2.2 سے تو لازم موجود ہے کیونکہ یہ میں نے خود دیکھی ہے اور اس پر تھوڑے بہت تجربات بھی کیے ہیں۔
اینڈرائڈ میں یونیکوڈ کی سہولت تو موجود ہے لیکن کئی اینڈرائڈ موبائلوں پر اردو کی جگہ ڈبے بن جاتے ہیں یا الفاظ ٹوٹ جاتے ہیں اور ساتھ ساتھ کئی موبائلوں پر الفاظ کی ترتیب بھی الٹ جاتی ہے یعنی موبائل پر اردو پڑھنے کی سہولت نہیں ہوتی۔ مگر کئی موبائلوں پر اردو بالکل ٹھیک پڑھی جاتی ہے اور کئی پر تو اردو لکھنے کی سہولت بھی موجود ہوتی ہے۔ جن موبائلوں پر اردو پڑھنے کی سہولت نہیں ہوتی دراصل ان میں اردو کا بہتر فانٹ موجود نہیں ہوتا اور بعض میں فانٹ تو ہوتا ہے لیکن حروف جوڑنے کی سپورٹ موجود نہیں ہوتی۔
موبائل بنانے والی کمپنیاں مختلف علاقوں کے لئے مختلف موبائل (سافٹ ویئر) بناتی ہیں اور پھر انہیں علاقوں کے حساب سے اس میں زبانوں کی سہولت دیتی ہیں۔ موبائل کا ماڈل وہی ہوتا ہے لیکن جوایشیاء وغیرہ کے لئے بنایا جاتا ہے اس میں ایشیاء کی زبانوں کی سہولت ہوتی ہے اور جو یورپ وغیرہ کے لئے ہوتا ہے اس میں یورپ کی زبانوں کی سہولت ہوتی ہے۔ بالکل اسی طرح اینڈرائڈ موبائلوں میں بھی ہو رہا ہے۔ ایشیاء والے ماڈل میں ایشیاء کی زبانوں کے بہتر فانٹ اور سپورٹ رکھی جاتی ہے تو دیگر علاقوں کے لئے بنائے گئے موبائلوں میں ان علاقوں کے حساب سے زبانوں کی سہولت رکھی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ کئی کمپنیاں زیادہ سے زیادہ زبانیں پڑھنے کی سہولت (فانٹ) تو رکھ دیتی ہیں لیکن لکھنے کی سہولت صرف اس علاقے کی زبانوں کی رکھتی ہیں جس علاقے کے لئے موبائل بنایا ہوتا ہے۔ ان عجیب و غریب حالات میں اردو کے حوالے سے سہولت ہونے یا نہ ہونے والے موبائلوں کو میں تین زمروں میں تقسیم کرتا ہوں اور پھر اپنے محدود علم کے مطابق اردو لکھنے پڑھنے کی سہولت شامل کرنے کا طریقہ بتا دیتا ہوں۔ سب سے پہلے تو آپ اپنا موبائل دیکھیں کہ وہ کس زمرہ میں آتا ہے اور پھر اسی حساب سے اس کا حل کیجئے، اگر کر سکتے ہیں تو۔۔۔
آپ کا موبائل کس زمرہ میں آتا ہے یہ جاننے کے لئے پہلے آپ کو اردو مواد تھوڑا بہت دیکھنا ہو گا۔ اردو پڑھنے کی سہولت موجود ہے یا نہیں یہ جاننے کے لئے یا تو کسی دوست کو کہیں کہ وہ آپ کو خاص اردو میں ایس ایم ایس کرے یا پھر آپ اپنے موبائل پر کوئی اردو ویب سائیٹ کھولیں، ویسے آپ میرا بلاگ بھی کھول سکتے ہیں۔ :-) یاد رہے ویب سائیٹ موزیلا فائر فاکس یا اسی طرح کے کسی براؤزر میں نہیں کھولنی بلکہ موبائل کے اپنے براؤزر میں کھولنی ہے۔ اس کے علاوہ اردو لکھنے کی سہولت جاننے کے لئے اپنے اینڈرائڈ موبائل کی Settings میں جائیں اور پھر اپنے موبائل اور اس کے سافٹ ویئر کے مطابق Local and Text یا Language & Keyboard یا اس سے ملتی جلتی آپشن میں جائیں۔ دراصل یہ مختلف کمپنیوں اور اینڈرائڈ کے مختلف ورژن کے حساب سے مختلف ناموں سے ہوتی ہیں۔ خیر اس کے بعد Select Input Method یا International Keyboard یا اس سے ملتی جلتی آپشن میں جائیں۔ مزید یہاں آپ Keypad یا Input Languages یا Writing Languages یا اس سے ملتی جلتی آپشن کی فہرست میں دیکھیں کہ ”اردو“ موجود ہے یا نہیں۔ اگر اردو موجود ہے تو سمجھ جائیں کہ آپ کا اینڈرائڈ موبائل اردو لکھنے اور پڑھنے کی مکمل سہولت دیتا ہے۔ خیر یہ سب معلوم کرنے کے بعد دیکھیں کہ آپ کا موبائل درج ذیل کس زمرہ میں آتا ہے۔
1:- اردو ٹھیک پڑھی اور لکھی جاتی ہے۔
جب اردو ٹھیک پڑھی اور لکھی جاتی ہے تو پھر یہاں کیا کرنے آئے ہیں۔ معذرت جناب! بس مذاق کیا ہے۔ خیر آپ سب سے خوش قسمت زمرہ میں ہیں، اگر آپ کو اردو کی سیٹنگ کرنی ہے تو اس کے لئے اینڈرائڈ موبائل پر اردو کیبورڈ کی سیٹنگ والی تحریر پڑھیں اور پھر موبائل پر اردو کے مزے ای مزے۔۔۔
2:- اردو ٹھیک پڑھی جاتی ہے لیکن لکھی نہیں جا سکتی۔
آپ دوسرے نمبر پر آتے ہیں لیکن خوش قسمت ہی ہیں کیونکہ آپ آسانی سے اردو لکھ سکیں گے اور اس کا حل بڑا آسان ہے۔ اینڈرائڈ کے لئے فونیٹک اردو کیبورڈ لے آؤٹ والی تحریر دیکھیں۔
3:- اردو ٹھیک پڑھی نہیں جاتی۔
جب اردو ٹھیک پڑھی نہیں جاتی تو پھر لکھیں گے کہاں سے۔ آپ کی حالت انتہائی نازک ہے۔ آپ تو میری بھی اچھی بھلی کلاس لیں گے۔ ویسے کس نے مشورہ دیا تھا کہ ایسا موبائل خریدو؟ اگر کسی کزن یا عزیز نے باہر سے بھیجا ہے تو ایسا موبائل اس کے ”متھے مارو“۔اگر ایسا نہیں کر سکتے تو پھر زیادہ فکر بھی نہ کرو کیونکہ آپ کے لئے بھی حل ڈھونڈا ہے لیکن جناب منزل تو خوبصورت ہے مگر سفر تھوڑا مشکل ہے۔ خیر اینڈرائیڈ میں اردو سپورٹ شامل کرنے کے لئے یہاں دیکھیں۔
اردو لکھنے کی سہولت تلاش کرنے میں اگر کوئی مشکل ہو اور آپ مجھ سے پوچھنا چاہتے ہوں تو برائے مہربانی اپنے موبائل کی کمپنی، ماڈل اور اینڈرائڈ کا ورژن ضرور لکھیں مزید Settings والی فہرست کے بعد جو جو آپشن آتی ہیں وہ بھی ضرور لکھیں۔
یار لوگ کہتے ہیں کہ میں بلاگ باقاعدگی سے نہیں لکھتا۔ بات تو ان کی ٹھیک ہے لیکن باقاعدگی سے کیسے لکھوں؟ اب میں خبریں شائع کرنے سے تو رہا۔ خیر اسی تحریر کو دیکھ لیں، ان سب باتوں کی تفصیل پتہ کرنے میں پورا ایک مہینہ لگ گیا۔ اوپر سے تجربات کرتے ہوئے ایک دوست کے سام سنگ گلیکسی ایس 1 کو بھی خراب کر دیا اور پھر بڑا نقصان ہوتے ہوتے بچا۔ اس قربانی کیلئے میں اپنے دوست عبدالستار کا نہایت ہی شکر گزار ہوں۔ جس نے اردو کے لئے اپنا موبائل رضاکارانہ طور پر پیش کیا۔ ویسے آج کل یہی حضرت اپنا ایچ ٹی سی ڈیزائر ایس پیش کر رہے ہیں، لیکن اب مجھے خود خدشہ لاحق ہے۔

No comments:

Post a Comment