Friday 5 February 2016

تائیوان میں شدید زلزلہ

متعدد عمارتیں منہدم
 تائیوان کے جنوبی حصے میں شدید زلزلے سے تائینان شہر میں متعدد عمارت منہدم ہوگئی ہیں جبکہ امدادی عملہ ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ فوری طور پر کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ سنیچر کی علی الصبح آنے والے اس زلزلے کی شدت 6.4 تھی۔ اطلاعات کے مطابق کم از کم چار عمارتیں منہدم ہوئی ہیں جن میں ایک بلند رہائشی عمارت بھی شامل ہے۔
تقریباً 20 لاکھ کی آبادی والے شہر تائینان سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہر کی انتظامیہ نے ہنگامی ٹیم قائم کر دی ہے۔ امریکی ارضیارتی مرکز کا کہنا ہے زلزلے کا مرکز زیادہ گہرائی میں نہیں تھا جس کے باعث اس کے اثرات زیادہ ہوسکتے ہیں۔ تائیوان کے اخبار لبرٹی ٹائمز کے مطابق منہدم ہونے والی ایک عمارت رہائشی کمپلیکس تھی اور اس میں لوگ سو رہے تھے۔ ٹی وی پر دکھائی جانے والی تائنان کی تصاویر میں امدادی کارکنوں کو منہدم ہونے والی عمارتوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے 300 کلومیٹر فاصلے پر واقع دارالحکومت تائی پی میں بھی محسوس کیے گئے اور اس وقت سے اب تک کئی آفٹرشاکس بھی آچکے ہیں۔ خیال رہے کہ تائیوان ایسے خطے میں واقع ہے جہاں دو ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں اور وہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ تائیوان میں 1999 میں7.6 کی شدت کے زلزلے سے 2300 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


http://www.bbc.com/…/…/02/160205_taiwan_earthquake_tainan_sh

No comments:

Post a Comment