Sunday, 10 December 2017

عورت کی ڈرائیونگ: ایک اشکال اور اس کا جواب

سوال # 57459
عورت کا کار چلانا پورے پردے کے ساتھ کیسا ہے جب کہ محرم بھی ساتھ میں ہو۔
Published on: Jan 27, 2015
جواب # 57459
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa ID: 204-170/Sn=4/1436-U
بائک یا کار چلانے میں مردوں کے ساتھ ایک گونہ مشابہت ہے اور حدیث میں ایسی عورتوں پر لعنت آئی ہے جو مردوں کے 
مشابہت اختیار کریں، بخاری شریف میں ہے: 
لعن اللہ المتشبہین من الرجال بالنساء والمتشبہات من النساء بالرجال رواہ البخاری (مشکاة المصابیح: ص۳۸)
اس لئے بلاضرورت عورتوں کے لئے گاڑی چلانا درست نہیں ہے اگرچہ محرم ساتھ میں ہو۔ 
لا ترکب مسلمة علی سرج للحدیث،ہذا لو للتلہي ولو لحاجة غزو أو حجّ أو مقصد دیني أو دنیويّ لابدّ لہا منہ فلا بأس بہ (الدر مع الرد: ۸/۶۰۶، باب الاستبراء وغیرہ، ط: زکریا)
https://www.facebook.com/ULAMA.E.AHNAF.DEOBAND.ALHIND/posts/651327578366683:0
............
http://www.darulifta-deoband.com/home/ur/Womens-Issues/57459
اشکال
....................
سوال: صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی مستورات سے گھڑسواری اور اونٹ کی سواری ثابت ہے تو عورت کا کار چلانا مردوں سے مشابہت کیوں ہے؟ رہنمائی فرمائیں. 
عبدالرؤوف
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الجواب وباللہ التوفیق:
عورت کے لئے سب سے بہتر جگہ اس کے گھر کا کونہ ہے۔ دینی اور سخت دنیوی ضرورت کے لئے ہی خواتیں کو گھر سے باہر نکلنے یا  مخصوص مسافت سفر وغیرہ کی اجازت دی گئی یے۔ عورتوں کے گھر سے باہر نکلنے میں بے شمار مفاسد وخطرات ہیں۔ اس لئے مفسدہ اور فتنہ کا سبب بننے والی ظاہری مصلحت پہ روک لگاتے ہوئے (سد ذرائع کے طور پہ) عورتوں کے بلاضرورت سفر یا ڈرائیونگ پہ بندش لگائی گئی ہے۔ آپ نے جن صحابیات کی اونٹ سواری کا ذکر فرمایا ہے تو ان کی سواری  سیر وتفریح کے لئے نہیں۔ بلکہ دینی ضرورت کے لئے تھی۔ ایسی ضرورت کے لئے آج بھی یہ گنجائش موجود ہے جس کا اشارہ اوپر ہوچکا ہے۔
اس کے باوجود دور حاضر میں اگر عورت کا شوہر یا کوئی دوسرا محرم اس کی بیرونی ضرورت پوری نہ کرسکتا ہو تو ایسی سخت مجبوری کے وقت دین وادب اسلامی کی  مکمل حدود میں (وسیع تر معنی ومفہوم میں ) رہتے ہوئے گاڑی ڈرائیونگ کی گنجائش ہے۔۔۔ کیونکہ اس کی ممانعت  سد ذرائع کے طور پہ تھی۔ اس بابت حرمت کی کوئی دلیل نہیں تھی۔۔۔ حالات وزمانے کے تقاضے یا ضروریات کے وقت اس میں وسعت کا پہلو نکل سکتا ہے۔
البتہ شوقیہ شاپنگ یا سیر وتفریح کے لئے  کھلے مہارڈرائیونگ کی اجازت نہیں ہے۔
واللہ اعلم بالصواب
شکیل منصور القاسمی
11/12/2017
.........
سوال: عورتوں کا گاڑی چلانا کن شرائط کے ساتھ درست ہے؟
الجواب وباللہ التوفیق
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عورت کے لئے باہر نکلنے اور گاڑی چلانے میں موجودہ زمانہ کے ماحول کی روشنی میں جو مفاسد ہے، اور اسلامی احکام کی خلاف ورزی کا جو ارتکاب ہے، وہ آیاتِ قرآنی اور ذخیرہ احادیث پر نظر رکھنے والے سے مخفی نہیں ہے؛
عورتوں کے متعلق قرآن میں ہے:
وقَرْنَ فِیْ بُیُوْتِکُنَّ وَلَا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجَاہِلِیَّْۃِ الْاُوْلَیٰ (الاحزاب: ۳۳)
اور یہ بات اھل عصر سے مخفی نہیں کہ جاھلیتِ اولی اور مغربیتِ حاضرہ میں کیا فرق رہ گیا!؟
بلکہ اس زمانہ میں جو عریانیت اور فحاشی ہے وہ زمانہ جاہلیت سے بڑ کر ہے--
اسی وجہ سے فقہاء کرام نے بلا ضرورتِ شدیدہ  کے عورت کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی،اور جہاں ضرورت شرعیہ و طبعیہ کے لئے باہر نکلنے کی اجازت دی ہے، تو وہ بھی اس شرط کے ساتھ کہ بغیر باہر نکلے مصیبت ٹلنے یا کام پورا ہونے کی دوسری سبیل نہ ہو،
لہذا عام حالات میں گاڑی چلا کر باہر جانا عورت کے لئے ناجائز ہے.
چنانچہ دینی مسائل اور ان کا حل میں ہے
عورت یا لڑکی کا دو پہیہ یا چار پہیہ کوئی گاڑی چلانا مردوں کے ساتھ مشابہت کی وجہ سے منع ہے
دینی مسائل اور ان کا حل صفحہ/۳۴۳
حضرت مفتی سلمان صاحب منصور پوری دامت برکاتہم نے کتاب النوازل میں عورتوں کے لئے اسکوٹی چلانے کی متعلق کئی نقصان دہ باتوں کی طرف نشاندہی کی ہے.
کتاب النوازل میں ہے:- موجودہ فتنہ کے دور میں عورت کا موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر سڑکوں پر نکلنا خطرات سے خالی نہیں؛ کیونکہ ایسی عورت کی طرف راہ گیروں کی نظریں بے ساختہ اُٹھتی ہیں، گویاکہ یہ عورت اپنے عمل سے غیر مردوں کو اپنی جانب مائل کرنے والی ہے، جس کی مذمت اَحادیثِ شریفہ میں وارد ہے۔ علاوہ ازیں سواری کے خدا نخواستہ بے قابو ہونے کی صورت میں بے پردگی کا بھی سخت احتمال ہے، نیز جرائم پیشہ افراد کا شکار ہونے کا بھی خطرہ ہے، اِس لئے بلاشدید ضرورت عورتوں کو موٹر سائیکل وغیرہ چلانے سے یقینا احتراز کرنا چاہئے۔
کتاب النوازل جلد ۱۵ /صفحہ ۴۳۲
فتاوی قاسمیہ میں ہے:
(علاوہ ازیں) چہرہ کے پردہ کے ساتھ  گاڑیاں چلانا بہت مشکل بات ہے، نیز جب کوئی عورت اور نوجوان لڑکی کسی قسم کی گاڑی چلاتی ہے، تو حیرت کی وجہ سے یا اس کی ادا پسند آنے کی وجہ سے مردوں کی نگاہیں اس کی طرف زیادہ مائل ہوتی ہیں، اس لئے عورتوں کے لئے گاڑی چلانا جائز نہ ہوگا؛ کیونکہ اس سے آیت کریمہ وَقَرْنَ فِیْ بُیُوْتِکُنَّ وَلَا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجَاہِلِیَّْۃِ الْاُوْلَیٰ، کی مخالفت لازم آتی ہے
فتاوی قاسمیہ جلد ۲۳/صفحہ نمبر ۵۷۶
خلاصہ کلام یہ ہے کہ اگر عورت کو ضرورت شدیدہ کی بناء پر باہر نکلنا ناگزیر ہوجائے، اور کوئی شرعی محذور نہ پایا جائے، نیز پردہ کا پورا اہتمام بھی ہو، تو ایسے وقت گاڑی چلاکر نکلنے کی گنجائش ہوگی، لیکن اگر باہر نکلنے میں بے پردگی کا امکان ہو، یا مردوں سے اختلاط کی نوبت آئے، تو ایسے وقت باہر نکلنا ہی اس کے لئے ناجائز ہوگا اور اسی وجہ سے گاڑی چلانا بطور اولی ناجائز ہوگا!
مستفاد:چند اہم عصری مسائل جلد ۱ صفحہ ۳۲۲
تنبیہ: ایک اشکال کا دفعیہ
بعض احباب کہتے ہے کہ اسکوٹی گاڑی عورتوں کے لئے بنائی گئی ہے، تو اس میں مردوں کی مشابہت نہیں ہوتی،
تو یاد رکھے؛ اسکوٹی اگرچہ عورتوں کے لئے بنائی گئی ہے، لیکن گاڑی چلانا عورتوں کا کام ہی نہیں ہے، گاڑی چلانا اصل وضع میں مردوں کا کام ہے، اب اگر عورت گاڑی چلائیگی تو مردوں والا کام ہوگا اور مردوں سے مشابہت ہوگی، حالانکہ شریعت نے عورتوں کو مردوں کی مشابہت اختیار کرنے کو منع کیا ہے
مستفاد: فتاوی دارالعلوم دیوبند آن لائن
سوال # 148923 
جواب # 148923
Fatwa ID: 429-413/N=6/1438
واللہ اعلم بالصواب و علمہ اتم
کتبہ عطاءالرحمن بن محمد حنیف
.............
سوال: مسئلہ کچھ اس طرح ہے کہ کیا عورت شرعی لباس میں رہ کرگاڑی چلاسکتی ہے ؟دو پہیہ یاچارپہیہ گاڑی، اگر جواب ہاں ہے تو کس اصل سے متعلق سمجھا جائے گا؟ برائے مہربانی تفصیلا جواب ارسال فرماکر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں کتابت میں خطا ہوئی ہو تو بندہ معافی کاطلب گار ہے۔
Published on: Mar 2, 2017
جواب # 148923
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa ID: 429-413/N=6/1438
عورت یا لڑکی کا دو پہیہ یا چار پہیہ کوئی گاڑی چلانا مردوں کے ساتھ مشابہت کی وجہ سے منع ہے (دینی مسائل اور ان کا حل، ص ۳۴۳، ۳۴۴)؛ کیوں کہ گاڑی چلانا اصل وضع میں مردوں کا کام ہے ،عورتوں کا کام نہیں ہے، اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے مردوں کی مشابہت اختیار کرنے والی عورتوں پر لعنت فرمائی ہے (مشکوة المصابیح ص ۳۸۰بحوالہ بخاری شریف)۔ اور اسکوٹی اگر چہ عورتوں کے لئے بنائی گئی گاڑی ہے؛ لیکن گاڑی چلانا در اصل عورتوں کا کام ہے ہی نہیں ، طبرانی کی روایت میں ہے: ایک عورت کمان لٹکائے ہوئے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب سے گذری تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کی لعنت ہو مردوں کی مشابہت اختیار کرنے والی عورتوں پر اور عورتوں کی مشابہت اختیار کرنے والے مردوں پر۔ شامی (۹:۶۰۶، مطبوعہ: مکتبہ زکریا دیوبند) میں حدیث:
”لعن اللہ الفروج علی السرج “
کی تشریح میں ہے:
لکن نقل المدني عن ابی الطیب أنہ لا أصل لہ اھ یعنی: بھذا اللفظ وإلا فمعناہ ثابت ففی البخاري وغیرہ: ” لعن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم المتشبھین من الرجال بالنساء، والمتشبھات من النساء بالرجال “، وللطبراني : أن امرأة مرت علی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم متقلدة قوسا، فقال: لعن اللہ المتشبھات من النساء بالرجال والمتشبھین من الرجال بالنساء “ اھ ۔ اور عورتوں یا لڑکیوں کے گاڑی چلانے میں مردوں کی مشابہت کے علاوہ عام طور پربے پردگی وغیرہ کے جو مفاسد پائے جاتے ہیں، وہ الگ ہیں (جن کی کچھ تفصیل بعض عرب علما کے فتاوی میں آئی ہے، دیکھئے: فتوی ابن باز اور فتوی صالح بن عثیمین در فقہ النوازل للجیزانی ۳: ۳۶۳-۳۶۹)؛ اس لئے عورتوں یا لڑکیوں کو گاڑی نہیں چلانی چاہئے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
..........
سوال: عورت کا کار چلانا پورے پردے کے ساتھ کیسا ہے جب کہ محرم بھی ساتھ میں ہو۔
Published on: Jan 27, 2015
جواب # 57459
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa ID: 204-170/Sn=4/1436-U
بائک یا کار چلانے میں مردوں کے ساتھ ایک گونہ مشابہت ہے اور حدیث میں ایسی عورتوں پر لعنت آئی ہے جو مردوں کے مشابہت اختیار کریں، بخاری شریف میں ہے: لعن اللہ المتشبہین من الرجال بالنساء والمتشبہات من النساء بالرجال رواہ البخاری (مشکاة المصابیح: ص۳۸) اس لئے بلاضرورت عورتوں کے لئے گاڑی چلانا درست نہیں ہے اگرچہ محرم ساتھ میں ہو۔ لا ترکب مسلمة علی سرج للحدیث، ہذا لو للتلہي ولو لحاجة غزو أو حجّ أو مقصد دیني أو دنیويّ لابدّ لہا منہ فلا بأس بہ (الدر مع الرد: ۸/۶۰۶، باب الاستبراء وغیرہ، ط: زکریا)
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
..........
تفریح اور کھیل کود کے جائز وسائل
اور 
اس کے شرعی ضابطے

          اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلوٰةُ وَالسَّلاَمُ عَلیٰ سیدِ المُرسلین محمدٍ وَعَلیٰ آلہ وَصَحْبِہ أجمعین․
          اسلام کامل ومکمل شریعت اور اعتدال پسند مذہب ہے، ہر چیز میں میانہ روی کو پسند کرتا ہے، اسلامی نظام کوئی خشک نظام نہیں؛ جس میں تفریحِ طبع اور زندہ دلی کی کوئی گنجائش نہ ہو؛ بلکہ وہ فطرتِ انسانی سے ہم آہنگ اور فطری مقاصد کو بروئے کار لانے والا مذہب ہے۔ اس میں نہ تو خود ساختہ ”رہبانیت“ کی گنجائش ہے، نہ ہی بے ہنگم تقشف اور جوگ کی اجازت ہے۔ آسانی فراہم کرنا اور سختیوں سے بچانا شریعت کے مقاصد میں داخل ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: یُرِیْدُ اللّٰہُ بِکُمُ الْیُسْرَ وَلاَ یُرِیْدُ بِکُمُ الْعُسْر․ (البقرہ:۱۸۵) (اللہ تعالیٰ تمہارے لیے آسانی فراہم کرنا چاہتا ہے، دشواری پیدا کرنا نہیں چاہتاہے)۔
          اسلام آخرت کی کامیابی کو اساسی حیثیت دیتے ہوئے، تمام دنیاوی مصالح کی بھی رعایت کرتا ہے، اس کی پاکیزہ تعلیمات میں جہاں ایک طرف عقائد، عبادات، معاشرت ومعاملات اوراخلاقیات وآداب کے اہم مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، وہیں زندگی کے لطیف اور نازک پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ اقوامِ یورپ کی طرح پوری زندگی کو کھیل کود بنادینا اور ”زندگی برائے کھیل“ کا نظریہ اسلام کے نقطئہ نظر سے درست نہیں ہے؛ بلکہ آداب کی رعایت کرتے ہوئے، اخلاقی حدود میں رہ کر کھیل کود، زندہ دلی، خوش مزاجی اور تفریح کی نہ صرف یہ کہ اجازت ہے؛ بلکہ بعض اوقات بعض مفید کھیلوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ اسلام سستی اور کاہلی کو پسندنہیں کرتا؛ بلکہ چستی اور خوش طبعی کو پسند کرتا ہے۔ شریعت کی تعلیمات اس امر کا تقاضہ کرتی ہیں کہ مسلمان شریعت کے تمام احکام پر خوشی خوشی عمل کرے۔ یہ عمل انقباض اور تنگ دلی کے ساتھ نہ ہو؛ کیوں کہ سستی اور تنگ دلی کے ساتھ عبادات کو انجام دینا نفاق کی علامت ہے۔ ارشاد باری ہے: وَاِذَا قَامُوْا الٰی الصَّلوٰةِ قَامُوْا کُسَالیٰ․ (النساء:۱۴۲) (کہ منافقین جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے ہیں؛ تو سستی کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، سستی اور کاہلی بے جا فکرمندی اتنی ناپسندیدہ چیز ہے کہ رسول  صلی اللہ علیہ وسلم نے ان امور سے پناہ مانگی ہے۔
          اسلام کی اعتدال پسندی ہی کا یہ اثر ہے کہ حضرت رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم اور اسلافِ امّت کی زندگیاں جہاں خوف وخشیت اور زہد وتقویٰ کا نمونہ ہیں؛ وہیں تفریح، خوش دلی اور کھیل کود کے پہلوؤں پر بھی بہترین اُسوہ ہیں۔ ان امور کو پیش نظر رکھتے ہوئے تفریح اور اس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ پیش کیاجارہا ہے۔
کیا شریعت میں تفریح اور مزاح جائزہے؟
          تفریح عربی زبان کا لفظ ہے۔ جو ”فرح“ سے مشتق ہے۔ فرح کے بارے میں علامہ قرطبی رحمة اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں: اَلْفَرْحُ لَذَّةٌ فِی الْقَلْبِ فِادْرَاکِ الْمَحْبُوْب (تفسیر قرطبی) کہ محبوب چیز کے پالینے سے جو لذت حاصل ہوتی ہے،اسی کو فرحت اور خوشی کہتے ہیں۔ اگر یہ فرحت محض قلبی خوشی ہو اور اللہ کی نعمتوں کے احساس اور اس کے فضل وکرم کے استحضار پر مبنی ہو؛ تو وہ شرعاً مطلوب،مستحسن اور پسندیدہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: قُلْ بِفَضْلِ اللّٰہِ وَبِرَحْمَتِہ فَبِذٰلِکَ فَلْیَفْرَحُوْا (یونس۵۸) (آپ  صلی اللہ علیہ وسلم کہہ دیجیے کہ یہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور مہربانی سے ہے، تو چاہیے کہ وہ لوگ خوش ہوں)۔
          دوسری جگہ ارشاد ہے: فَرِحِیْنَ بِمَا اٰتَاہُمُ اللّٰہُ مِنْ فَضْلِہ․ (آل عمران۱۷۰) کہ جنتی لوگ خوش ہوں گے؛ ان نعمتوں پر جو اللہ نے انھیں اپنے فضل سے عطا کیا ہے۔ ایک حدیث میں اللہ کے رسول  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: رَوِّحُوا الْقُلُوْبَ سَاعَةً․ کہ دلوں کو وقتاً فوقتاً خوش کرتے رہا کرو۔ (الجامع الصغیر للسیوطی بحوالہ احکام القرآن للمفتی محمد شفیع جلد۳،ص۱۹۵)
          ایک روایت میں ہے: اَلْقَلْبُ مُمِلٌّ کَمَا تَمُلُّ الْأبْدَانُ فَاطْلُبوا بِہَا طَرَائِقَ الْحِکْمَةِ․ یعنی دل اسی طرح اکتانے لگتا ہے، جیسے بدن تھک جاتے ہیں؛ لہٰذا اس کی تفریح کے لیے حکیمانہ طریقے تلاش کیا کرو۔ (احکام القرآن للمفتی محمد شفیع ،ج۳،ص۱۹۵)
          یہ قلبی خوشی اگر ا نسان کو غرور وتکبر پر آمادہ کردے، تواس طرح کی فرحت شرعی نقطئہ نظر سے ممنوع ہے۔ ارشاد خداوندی ہے: لَا تَفْرَحْ اِنَّ اللّٰہَ لَایُحِبُّ الْفَرِحِیْنَ (القصص۷۶) کہ مت اِتراؤ بلاشبہ اللہ تعالیٰ اترانے والوں کو پسند نہیں فرماتے ہیں۔ قرآن کریم میں دوسری جگہ ارشاد ہے: انَّہ لَفَرِحٌ فَخُوْر (ہود۱۰) کہ بلاشبہ وہ اترانے والا اور شیخی بگھارنے والا بن جاتا ہے۔
          اسی طرح ”مزاح“ مزح سے بنا ہے مزاح کے بارے میں ملاعلی قاری فرماتے ہیں: اَلْمِزَاحُ اِنْبِسَاطٌ مَعَ الْغَیْرِ مِنْ غَیْرِ اِیْذَاءٍ فانْ بَلَغَ الایْذَاءَ یَکُوْنُ سُخْرِیَّة (حاشیہ مشکوٰة المصابیح، ص۴۱۶) کہ مزاح ایسے عمل کو کہتے ہیں، جس کے ذریعہ دوسرے کے ساتھ مل کر خوش طبعی حاصل ہوسکے۔ اس طور پر کہ اس عمل سے دوسرے کو تکلیف نہ پہنچے۔ اور اگر وہ خوش طبعی کسی کے لیے باعثِ تکلیف ہوجائے، تو اسے مزاح نہیں؛ بلکہ ”سخریہ“ یعنی مذاق اڑانا کہیں گے۔
          مزاح اور زندہ دلی وخوش طبعی انسانی زندگی کا ایک خوش کن عنصر ہے، اور جس طرح اس کا حد سے متجاوز ہوجانا نازیبا اور مضر ہے،اسی طرح اس لطیف احساس سے آدمی کا بالکل خالی ہونا بھی ایک نقص ہے۔ جو بسا اوقات انسان کو خشک محض بنادیتی ہے۔ بسا اوقات ہمجولیوں اور ہمنشینوں اور ماتحتوں کے ساتھ لطیف ظرافت و مزاح کا برتاؤ ان کے لیے بے پناہ مسرت کے حصول کا ذریعہ اور بعض اوقات عزت افزائی کا باعث بھی ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم اپنی تمام تر عظمت و رفعت اور شان وشوکت کے باوجود، بسا اوقات اپنے جاں نثاروں اور نیازمندوں سے مزاح فرماتے تھے۔ ذیل کی احادیث سے اندازہ لگایا جاسکتاہے، کہ آپ کا پرشفقت مزاح کس طرح ہواکرتا تھا۔
          ۱-      عَنْ أبِیْ ہُرَیْرَة قَالَ: قَالُوْا یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ انَّکَ لَتُدَاعِبنَا قَالَ انّی لاَ أقُوْلُ الاَّ حَقًا․ (ترمذی۲/۲۰) ترجمہ: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ بعض صحابہ نے حضورِ اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ یارسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم! آپ ہم سے مزاح فرماتے ہیں۔ آپ نے ارشاد فرمایا: کہ میں مزاح میں بھی حق بات ہی کہتا ہوں (یعنی اس میں کوئی بات غلط اور باطل نہیں ہوتی)۔
          ۲-      عَنْ أنَسٍ قَالَ انْ کَانَ النَّبِیُّ صَلی اللّٰہ علیہ وسلم لَیُخَالِطُنَا حَتٰی یَقُوْلَ لِأخٍ لِیْ صَغِیْرٍ یَا أبا عُمَیْرُ! مَا فُعِلَ النُّغَیْرُ․ کَانَ لَہ نُغَیْرٌ یَلْعَبُ بِہ فَمَاتَ․متفق علیہ (مشکوٰة المصابیح ۴۱۶، ترمذی ۲/۱۹)
          ترجمہ: (آں حضرت  صلی اللہ علیہ وسلم اخلاق کے اتنے بلند تھے کہ) حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم ہم لوگوں سے مکمل اختلاط رکھتے تھے؛ یہاں تک کہ ازراہِ شفقت ومزاح ہمارے چھوٹے بھائی سے کہتے تھے: اے ابوعمیر! نغیر بلبل کا کیا ہوا؟ ان کے چھوٹے بھائی کے پاس ایک بلبل تھا؛ جس سے وہ کھیلا کرتے تھے۔ یہاں تک کہ وہ مرگیا۔
          ۳-      عَنْ أنَسٍ أنَّ النَّبِیَّ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قَالَ لَاِمْرَأة عَجُوْزٌ انَّہ لاَ تَدْخُلُ الْجَنَّةَ عَجُوْزٌ، فَقَالَتْ وَمَالَہُنَّ وَکَانَتْ تَقْرَءُ الْقُرْآنَ فَقَالَ لَہَا أمَا تَقْرَئِیْنَ الْقُرْآنَ ”انّا أنْشَأنَاہُنَّ انْشَاءً ا فَجَعَلْنَاہُنَّ أبْکَارًا“ (مسند رزین بہ حوالہ مشکوٰة ص۴۱۶)
          ترجمہ: حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ: رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بوڑھی عورت سے فرمایا: کہ برھیا جنت میں نہیں جائے گی؛ ان بے چاری نے عرض کیا ان بوڑھیوں میں کیا ایسی بات ہے؛ جس کی وجہ سے وہ جنت میں نہیں جاسکیں گی۔ وہ بوڑھی قرآن خواں تھی، رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم نے قرآن میں یہ آیت نہیں پڑھی ؟ ”اِنَّا أنْشْأنَاہُنَّ انْشَاءً ا فَجَعَلْنَاہُنَّ أبْکَارًا“ کہ جنت کی عورتوں کی ہم نئے سرے سے نشوونما کریں گے اور ان کو نوخیز دوشیزائیں بنادیں گے۔
          ۴-      عَنْ أنَسٍ اَنَّ رَجُلاً اِسْتَحْمَلَ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم، فقال: انّی حَامِلُکَ عَلیٰ وَلَدِ نَاقَةٍ، فَقَالَ: مَا أصْنَعُ بِوَلَدِ النَّاقَةِ؟ فقالَ رسولُ اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: وَہَلْ تَلِدُ الابِلُ الاَّ النُّوقَ․ (ترمذی۲/۲۰، ابوداؤد،ص۶۸۲)
          ترجمہ: حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ: ایک شخص نے رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم سے سواری کے لیے اونٹ مانگا؛ تو آپ نے ارشاد فرمایا: ہاں! میں تم کو سواری کے لیے اونٹ کا بچہ دوں گا، اس شخص نے عرض کیا کہ میں اونٹنی کے بچہ کا کیا کروں گا؟ تو آپ نے ارشاد فرمایا: اونٹ بھی تو اونٹنی ہی کے بچے ہوتے ہیں۔ (یعنی ہراونٹ کسی اونٹنی کا بچہ ہی تو ہے جو اونٹ بھی دیا جائے گا، وہ اونٹنی کا بچہ ہی ہوگا)
          ۵-      عَنْ أنَسِ بْنِ مَالِکٍ أنَّ النَّبِیَّ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال لَہ: یَاذَا الأذْنَیْنِ! (ترمذی۲/۲۰)
          ترجمہ: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں (ازراہِ مزاح وشفقت) یا ذالاذنین اے دو کان والے کہہ کر مخاطب کیا۔ (حالاں کہ ہر شخص دوکان والا ہوتاہے؛ لیکن حدیث کے ظاہر سے یہ مفہوم ہوتا ہے کہ شاید یہ انفرادی صفت انھیں کی خصوصیت ہے۔ دوسرے میں نہیں پائی جاتی)
          ۶-        حضرت نعمان بن بشیر سے روایت ہے کہ حضرت ابوبکر صدیق نے ایک مرتبہ رسول  صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر میں داخل ہونے کی اجازت چاہی۔ اسی درمیان آپ کو گھریلومعاملات میں حضرت عائشہ کی آواز بلند محسوس ہوئی۔ جب آپ گھر میں داخل ہوئے تو حضرت عائشہ کی طرف مارنے کے لیے لپکے اور اپنی بچی حضرت عائشہ کو تنبیہ کرتے ہوئے فرمایا: کیا میں تمہیں رسول  صلی اللہ علیہ وسلم سے اونچی آواز میں گفتگو کرتے ہوئے نہیں دیکھ رہا ہوں؟! یہ دیکھ کر حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم حضرت عائشہ کو ان کے والد کی مار سے بچانے کی کوشش کرنے لگے۔ اسی دوران حضرت ابوبکر غصّہ کی حالت میں گھر سے نکل گئے۔ حضرت ابوبکر کونکلتے دیکھ کر آنحضرت  صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ سے فرمایا: کیا خیال ہے؟ میں نے تمھیں اس شخص سے بچایا کہ نہیں؟ راوی کہتے ہیں کہ حضرت ابوبکر کچھ دنوں تک ناراض رہے، پھر رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کے یہاں حاضر ہوکر اندر آنے کی اجازت چاہی، گھر جاکر محسوس کیا کہ آنحضرت اور حضرت عائشہ کے مابین صلح ہوچکی ہے۔ تو آپ نے فرمایا کہ: آپ دونوں مجھے اپنی صلح میں شامل کرلیجیے؛ جس طرح آپ دونوں نے مجھے اپنے جھگڑے میں شامل کیا تھا، تو آں حضرت نے فرمایا کہ: جی ہاں آپ کو صلح میں شامل کرلیا(ابوداؤد۲۸۲)۔ (اس حدیث میں ابوّت کے رشتہ کے حامل بزرگ حضرت ابوبکر کو محض ”الرجل“ کہنے سے جو مزاح پیدا ہوتا ہے، اسے کوئی بھی شخص محسوس کیے بغیر نہیں رہ سکتا)۔
          ۷-      عَنْ عَوْفِ بْنِ مَالِکٍ الْأشْجَعِیْ قَالَ أتَیْتُ رسولَ اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم فِیْ غَزْوَةِ تبوکَ وَہُوَ فِیْ قُبَّةٍ مِنْ أدَمٍ فسلَّمْتُ فَرَدَّ وَقَالَ اُدْخُلْ فَقُلْتُ أکُلِّی یا رسولَ اللّٰہ، قَالَ کلُّکَ فَدَخَلْتُ (ابودواؤد۶۸۳)
          ترجمہ: حضرت عوف بن مالک اشجعی کہتے ہیں کہ: میں رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں غزوئہ تبوک میں حاضر ہوا، جب کہ آپ چمرے سے بنے سائبان میں قیام پذیر تھے۔ میں نے سلام کیا، تو انھوں نے سلام کا جواب دیا اور کہا آجاؤ میں نے عرض کیا: پورا کا پورا آجاؤں؟ آپ نے فرمایا: ہاں پورا کاپورا۔ (جگہ کی قلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان صحابی نے جس محبت کے ساتھ مزاح کیا آں حضرت نے کمالِ اخلاق مندی سے انھیں کے مزاحیانہ اسلوب میں جواب دیا)۔
          ۸-       حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص دیہات کے رہنے والے تھے، ان کا نام ازہر تھا، وہ حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں دیہات سے ہدیہ وتحفہ بھیجا کرتے تھے، تو آں حضرت بھی بازار سے ان کی ضرورت کی چیزیں انھیں دیا کرتے تھے۔ ایک دن جب وہ اپنے سامان بازار میں فروخت کررہے تھے، کہ ان کی نظر سے بچ کر آں حضرت نے ان کو پیچھے سے دونوں ہاتھوں سے پکڑ لیا۔ زاہر نے کہا کوئی ہے، جو مجھے ان سے چھڑائے۔ ذرا پیچھے دیکھا تو آں حضرت  صلی اللہ علیہ وسلم کو پہچان لیا، جوں ہی پہچانا، پوری طاقت سے اپنی پشت کو حضور  صلی اللہ علیہ وسلم کے سینے سے چمٹانے لگے اور حضورِاکرم  صلی اللہ علیہ وسلم فرمانے لگے کہ اس غلام کو کون خریدے گا؟ ازہر نے کہا: یا رسولَ اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم مجھے آپ فروخت کرتے وقت کھوٹا پائیں گے۔ رسولِ اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مگر اللہ کی بارگاہ میں توکھوٹا نہیں ہے۔
مزاح کے جواز کے حدود:
          مذکورہ احادیث سے معلوم ہوا کہ: آداب کی رعایت کرتے ہوئے کبھی کبھی مزاح کی نہ صرف گنجائش ہے؛ بلکہ مستحسن ہے اور اسوئہ نبوی کی اتباع ہے؛ لیکن اگرمزاح دوسرے آدمی کے لیے ناگواری اور اذیت کا باعث بن جائے، یا حد سے زیادہ ہنسی کا ذریعہ بن جائے یا مزاح کا عمل کبھی کبھار کے بجائے کثرت سے ہونے لگے، تو ایسے مزاح کی ممانعت ہوگی اور اس کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
          آپس میں مذاق کرنا اگر دوسرے کے لیے باعث تکلیف نہ ہو، معاملہ برابر کا ہو؛ تو اس کی گنجائش نکلتی ہے۔ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ فرماتی ہیں: ایک دن حضورِ اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم میرے گھر تشریف فرماتھے اور حضرت سودہ بھی تھیں، میں نے سالن پکایا اور حضرت سودہ سے کہا: آؤ کھانا کھائیں؛ انھوں نے انکار کیا۔ نشست اس طرح واقع ہوئی تھی، کہ ایک طرف وہ تھیں، دوسری طرف میں اور بیچ میں سرورِکائنات  صلی اللہ علیہ وسلم۔ جب حضرت سودہ نے انکارکیا؛ تو میں نے کہا کہ: کھاتی ہوتو کھاؤ؛ نہیں تو منھ پر مل دوں گی۔ انھوں نے نہ کھایا، میں نے ان کے منھ پر مل دیا۔ حضور  صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے پاؤں بیچ میں سے ہٹادیے؛ تاکہ حضرت سودہ اپنا بدلہ مجھ سے لے سکیں؛ چنانچہ انھوں نے بھی ایسا کیا اور آپ  صلی اللہ علیہ وسلم مسکراتے رہے۔ (نسائی، ابن ماجہ) مسلمانوں کو تکلیف دینے، ان کا مذاق اڑانے، ان کی تحقیر کے سلسلے میں سخت ممانعت احادیث میں وارد ہوئی ہے۔ ارشاد نبوی ہے: اَلْمُسْلِمُ أخُو الْمُسْلِمِ لاَ یَظْلِمُہ وَلاَ یَخْذُلُہ وَلاَ یُحَقِّرُہ․ (صحیح مسلم) ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے،اس پر کوئی ظلم وزیادتی نہ کرے۔ اس کو بے مدد نہ چھوڑے اور اس کو حقیر نہ جانے اورنہ اس کے ساتھ حقارت کابرتاؤ کرے۔ پھر آپ نے فرمایا: آدمی کے برا ہونے کے لیے اتنا ہی کافی ہے، کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کو حقیر سمجھے اور اس کے ساتھ حقارت سے پیش آئے، معلوم ہوا کہ ایسے امورانجام دینا؛ جن سے چہروں پر مسکراہٹ بکھرجائے، لوگ ہنسنے پر آمادہ ہوجائیں، کچھ دیر کے لیے دل سے ہموم وغموم اور غبار نکل جائیں، فکرِ آخرت برقرار رہے اور کسی کی تکلیف کا سبب نہ بنے اس کی نہ صرف یہ کہ اجازت ہے؛ بلکہ اسے مستحسن بھی کہا جاسکتا ہے۔
          حضرت مولانا احمدعلی محدث سہارنپوری تحریر فرماتے ہیں: کثرت سے مستقل مزاح اور خوش طبعی میں لگے رہنا ممنوع ہے؛ اس لیے کہ وہ بہت زیادہ ہنسنے کا داعیہ پیدا کرتا ہے، قلب میں فساد پیداکرتا ہے، ذکر اللہ سے غافل کرتا ہے اور ہیبت کو ختم کرتا ہے۔ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول یہ تھاکہ کبھی کبھار آپ کسی مصلحت یا مخاطب کو مانوس کرنے کے لیے مزاح فرمایا کرتے تھے اور اس طرح کا مزاح پسندیدہ سنت ہے(حاشیہ ترمذی)۔
          تکلیف دہ مزاح کی ممانعت کی دلیل مندرجہ ذیل حدیث ہے: حضرت عبداللہ بن عباس سے روایت ہے کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اپنے بھائی سے جھگڑا نہ کرو اور اس سے مذاق نہ کرو اور اس سے تم ایسا وعدہ نہ کرو جس کی وعدہ خلافی کرو(ترمذی ۲/۲۰)۔ اس حدیث میں دیگر تکلیف دہ اعمال (جھگڑا، وعدہ خلافی) کے ساتھ اس مزاح کی بھی ممانعت کی گئی ہے؛ جو اذیّت ناک اور ناگواری کا باعث ہو۔ مذکورہ احادیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مزاح کے طور پر جو گفتگو کی جائے، وہ ظرافت ولطافت کے باوصف فی نفسہ صحیح اور درست ہو، خوش طبعی کے لیے جھوٹ کا سہارا لینا بھی مذموم ہے۔ رسولِ کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: وَیْلٌ لِلَّذِیْ یُحَدِّثُ فَیَکْذِبُ لِیَضْحَکَ بِہ الْقَوْمُ وَیْلٌ لَہ وَیْلٌ لَہ․ (ابوداؤد:۶۸۱) کہ اس شخص کے لیے ہلاکت ہو، جو دورانِ گفتگو جھوٹی باتیں کرتا ہے، محض اس لیے کہ وہ لوگوں کو ان باتوں سے ہنسائے۔ اس کے لیے ہلاکت ہو، اس کے لیے ہلاکت ہو۔
          معلوم ہوا کہ مزاح میں اگر جھوٹ یا تمسخر واستہزاء کا پہلو ہو، تو وہ موجبِ ہلاکت ہے۔ تمسخر واستہزاء کفار کا شیوہ ہے، جو وہ اہل ایمان؛ بلکہ انبیاء کرام  صلی اللہ علیہ وسلم سے کرتے تھے ۔ اہل ایمان کے لیے اس کی قطعاً گنجائش نہیں۔ مزاح سے ایک درجہ آگے مذاق کا معاملہ ہے۔ حضرت علی فرماتے ہیں کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم جب اپنے کسی صحابی کو مغموم دیکھتے، تو دل لگی کے ذریعہ اسے خوش فرماتے (مرقاة المفاتیح شرح مشکوٰة المصابیح:۲۶۸) ایک مرتبہ حضرت ابوبکر نے حضورِ اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم کو غمگین دیکھا، تو اپنا ایک واقعہ سناکر خوش کیا۔ (تکملہ فتح الملہم ج:۱،ص:۱۷۸)
مزاحیہ پروگرام اور مزاحیہ مشاعرہ:
          مذکورہ تفصیلات سے معلوم ہوا کہ مزاح فی نفسہ اگر آداب واخلاق کے دائرہ میں ہوتو درست ہے۔ یہی حال مزاح پر مشتمل اشعار اور مزاحیہ شعرگوئی کا بھی ہے۔ وزن اور قافیہ کی رعایت کرتے ہوئے بالارادہ کہے گئے کلام کو شعر کہتے ہیں(فتح الباری:۱۰/۶۲۸) اصل لغت میں شعر ہر اس کلام کو کہا جاتا ہے، جس میں محض خیالی اور غیرتحقیقی مضامین بیان کیے گئے ہوں۔ فن منطق میں بھی ایسے ہی مضامین کو ”قضا یا شعریہ“ یا ادلہٴ شعریہ کہا جاتا ہے۔
          چوں کہ آں حضرت  صلی اللہ علیہ وسلم کی شانِ نبوت سے شعرگوئی میل نہیں کھاتی تھی؛ اس لیے مشیّت الٰہی نے خاص حکمت کے تحت آپ کو اس سے بالکل محفوظ رکھا۔ (یٰسین:۶۹)
           حضرت عائشہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے شعر کے بارے میں ذکر آیا؛ تو آپ نے فرمایا کہ شعر بھی کلام ہے،اس میں جو اچھا ہے، وہ اچھا ہے اور جو برا ہے، وہ برا ہے(رواہ الدارقطنی، مشکوٰة ۱۱/۴۱۰)۔
          شرائط وآداب کے ساتھ فی نفسہ مزاح کا درست ہونا (چاہے وہ نظم میں ہو یا نثر میں) الگ چیز ہے اور باضابطہ مزاحیہ پروگرام منعقد کرنا یا مزاحیہ مشاعرہ منعقد کرنا الگ چیز ہے۔ ایک کو دوسرے پر قیاس نہیں کیا جاسکتا ہے؛ اس لیے کہ پروگرام کا انعقاد اہتمامِ زائد کی علامت ہے۔ اور مباح چیزوں کا ضرورت سے زائد اہتمام کرنا، اسے زمرئہ کراہت میں داخل کردیتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ اہتمام مزاح اور تفریح کے لیے ہورہا ہے اور تفریح جب حد اعتدال سے بڑھے گی؛ تو وہ لہو ولعب میں داخل ہوجائے گی اور لہب ولعب سے قرآن کریم میں ممانعت کی گئی ہے۔
          اس کے علاوہ یہ امر بھی قابل غور ہے کہ ایسی مجلسوں میں اس قدر انہماک ہوتا ہے کہ عام طور پر نماز ودیگر فرائض کا پاس وخیال بھی نہیں رہتا۔ شور وشغب ہوتا ہے، تالیاں پیٹی جاتی ہیں۔ مردوزن کا بے محابا اختلاط ہوتا ہے۔ ہنسانے کے لیے جھوٹی باتوں کا سہارا لیاجاتا ہے۔ لہٰذا ایسی مجالس کا انعقاد کراہت سے خالی نہیں اور اگر عملی طور پر ایسی مجالس میں محرمات وناجائز امور کا ارتکاب ہو؛ تو اس کے ناجائز ہونے میں کوئی شبہ نہیں رہ جاتا ہے۔ حضرت حسن سے روایت ہے کہ حضرت عثمان بن ابی العاص کسی ختنہ میں بلائے گئے، آپ نے انکار فرمادیا، کسی نے وجہ دریافت کی؛ تو آپ نے فرمایا کہ پیغمبرِ خدا  صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہٴ مبارک میں ہم لوگ ختنہ میں نہیں جاتے تھے اور نہ اس کے لیے بلائے جاتے تھے (احمد، اصلاح الرسوم ۱۱۰)
          معلوم ہوا کہ جس کام کا اہتمام سلف صالحین سے ثابت نہیں اس کے لیے اہتمام کرنا اور بلانا پسندیدہ نہیں ہے۔ اتفاقیہ طور پر حسبِ موقع مزاحیہ گفتگو کرلینا اور تفریحی اشعار کہہ سن لینا اگرچہ جائز ہے؛ لیکن اس کے لیے اہتمام سے اجتماع کرنا اوراس میں گھنٹوں لگانا کسی طرح بھی درست نہیں۔ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مِنْ حُسْنِ اِسْلَامِ الْمَرْءِ تَرْکُہ مَا لاَیَعْنِیْہِ (ترمذی) یعنی آدمی کے اچھے اسلام کی علامت یہ ہے کہ وہ لایعنی امور کو ترک کردے۔ حضرت مولانا احمد علی سہارنپوری کے حوالہ سے یہ بات آچکی ہے کہ مستقل طور پر مزاح میں لگا رہنا ممنوع ہے؛ اس لیے کہ وہ زیادہ ہنسنے کا سبب، قلب کے بگاڑ کا ذریعہ اور ذکر اللہ سے اعراض کا موجب ہے۔ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کبھی کبھار ہی مزاح فرماتے تھے، وہ بھی کسی خاص مصلحت کے لیے یا مخاطب کو مانوس کرنے کے لیے (حاشیہ ترمذی۲/۲۰)
مزاحیہ کہانی کا شرعی حکم:
          ماحیہ کہانیاں جو پندونصیحت پر مشتمل ہوں اور مزاح اس میں ضمنی طور پر ہو، یا مزاح کے پہلو بہ پہلو حکمت وموعظت اور سبق آموز باتیں بھی ہوں؛ تو ایسی کہانیاں لکھنے کی گنجائش ہے۔ جب لکھنے کی گنجائش ہے، تو پڑھنے ، شائع کرنے ، خریدوفروخت کرنے کی بھی گنجائش ہوگی؛ لیکن شرط یہ ہے کہ تمام امور فرائض وواجبات، سنن وغیرہ غفلت کا سبب نہ بنیں۔ رسول کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: حکمت ودانائی کی باتیں مومن کے لیے متاعِ گمشدہ ہے، وہ جہاں مل جائے؛ تو وہ اس کا زیادہ حق دار ہے۔
          اس کے علاوہ ادب کے نام پر ہمارے پاس جو اسلاف کے زمانے سے ذخیرے چلے آرہے ہیں؛ وہ بھی کچھ نہ کچھ مزاحیہ حکایتوں پر مشتمل ہیں اور اکابر کے نزدیک ان کے پڑھنے پڑھانے کا کسی نہ کسی حد تک سلسلہ رہا ہے۔ اس سلسلے میں ابوالفرج اصفہانی کی ”کتاب الأغانی“ جاحظ کی ”کتاب البخلاء“ اور عبداللہ ابن المقفع کی ”کلیلہ ودمنہ“ کا نام لیاجاسکتا ہے؛ بلکہ موخرالذکر کتاب تو بہت سے مرکزی مدارس وجامعات میں داخل درس ہے۔ اسی طرح مشہور محقق عالم دین علامہ ابوالفرج ابن الجوازی نے تفریحی مضامین پر مشتمل ایک مستقل کتاب ”أخْبارُ الْحَمْقٰی والمُغفَّلین“ کے نام سے تحریر فرمائی ہے۔ یہ بھی قابل غور ہے کہ عربی شاعری کے جوذخیرے موجود ہیں؛ ان میں مزاحیہ شاعری، عشقیہ شاعری، بلکہ فسقیہ وبیہودہ شاعری کا بھی ایک معتد بہ حصہ ہے۔ امرء القیس، حطّیہ اور ابولطیب متنبی کی شاعری اس کے لیے شاہد عدل ہے؛ لیکن محض ا علیٰ مقاصد کے لیے اسے انگیز کیاگیاہے؛ لہٰذا حکمت ودانائی پر مبنی مزاحیہ کہانیوں کو بھی ایک حد تک انگیز کیا جاسکتا ہے؛ لیکن اگر مزاح برائے مزاح ہو، حکمت وموعظت سے خالی ہو، حقائق سے کوسوں دور ہو، غلط بیانی اور جھوٹ کی آمیزش ہو، دوسروں کی کردارکشی کی گئی ہو، تو ایسی مزاحیہ کہانیاں نہ تو لکھنا درست، نہ اس کی خریدوفروخت درست ہے؛ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے لہوالحدیث (کھیل کی باتوں) کے خریدنے کی مذمت فرمائی ہے۔ درّمنثور میں روایت ہے کہ نضربن حارث مشرکین میں سے ایک بڑا تاجر تھا اور تجارت کے لیے مختلف ملکوں کا سفر کیا کرتا تھا۔ وہ ملک فارس سے شاہانِ عجم کسریٰ وغیرہ کے تاریخی قصّے خریدکر لایا اور مکہ کے مشرکین سے کہا کہ محمد  صلی اللہ علیہ وسلم تم کو عاد وثمود وغیرہ کے واقعات سناتے ہیں۔ میں تمھیں ان سے بہتر رستم اور اسفند یار اور دوسرے شاہانِ فارس کے قصے سناتا ہوں، یہ لوگ اس کو شوق ورغبت سے سننے لگے؛ کیوں کہ اس میں کوئی تعلیم تو تھی نہیں؛ جس پرعمل کرنے کی محنت اٹھانی پڑے، صرف لذیذ قسم کی کہانیاں تھیں۔ اس کی وجہ سے بہت سے مشرکین جو اس سے پہلے کلام الٰہی کے اعجاز اوریکتائی کی وجہ سے اس کو سننے کی رغبت رکھتے تھے اور چوری چوری سنا کرتے تھے۔ ان لوگوں کو قرآن سے اعراض کا بہانہ ہاتھ آگیا۔
          اگر مزاح کے پہلوؤں کا حامل، مفید امور پر مشتمل کوئی کہانی ہو، تو اسے افادیاتی نقطئہ نظر سے انگیز کیا جاسکتا ہے۔ ایک بار آں حضرت  صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ کو عرب کی تیرہ عورتوں اور ان کے شوہروں کا قصہ سنایا جو ”حدیثِ امّ ِذرح“ کے نام سے حدیث کی کتابوں میں مذکور ہے۔
لطیفہ گوئی اور مزاح کو ذریعہٴ معاش بنانا:
          کبھی کبھار لطیفہ کہہ دینے یا مزاح اور تفریح کرلینے کی تو گنجائش ہے؛ لیکن مستقل لطیفہ گوئی کرنا اور کو ذریعہٴ معاش بنالینا، یہ اس مقصد حیات کے برخلاف ہے، جو اسلام افراد اورمعاشرے میں پیدا کرنا چاہتا ہے اور مستقل لطیفہ گوئی اور مزاح وتفریح میں مشغول رہنا انسان کو فکرِ آخرت، ذکر اللہ، عبادت اور تلاوت قرآن سے غافل کردیتا ہے۔ زیادہ ہنسنے ہنسانے سے دل مردہ ہوجاتا ہے۔ انھیں اسباب کی وجہ سے شعر وشاعری کی مذمت کی گئی ہے۔ حضرت ابوہریرہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ روایت نقل کرتے ہیں کہ انسان اپنا پیٹ پیپ سے بھرے، یہ اس سے بہتر ہے کہ اشعار سے بھرے۔ امام بخاری فرماتے ہیں کہ میرے نزدیک اس کے معنی یہ ہیں کہ: شعر جب ذکر اللہ، قرآن کریم کی تلاوت اور علم کے اشتغال پر غالب آجائے، اور اگر شعر مغلوب ہے تو پھر برا نہیں۔ یہی حال لطیفہ گوئی اور مزاح نویسی کا ہے۔ اس کو مستقل پیشہ بنالینا انہماک کی دلیل ہے اور ایسی چیزوں میں غالب انہماک ممنوع ہے؛ لہٰذا اس کی اجرت وصول کرنا بھی درست نہیں، ازخود کوئی بطور انعام کے دے دے، تو اس کے لینے کی گنجائش ہے۔
بہ تکلف قہقہہ لگانے کی مجلسوں میں شرکت:
          ہنسی کے مواقع پر ہنسنا اور مسکرانا بھی انسانی فطرت کا تقاضا ہے اور بلا موقع اور محل تکلف سے ہنسنا اور قہقہہ لگانا فطرت کے خلاف عمل ہے۔ موجودہ دور میں ڈاکٹروں کی رائے میں اگرچہ ہنسنا انسانی صحت کی برقراری اور اس کو چست ونشیط رکھنے کے لیے معاون فعل ہے، اس کے لیے خاص طور پر ہنسنے کے پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں لوگ بہ تکلف قہقہہ لگاتے ہیں اور دیر تک ہنسنے کی کوشش کرتے ہیں؛ لیکن یہ عمل شرعی لحاظ سے مناسب نہیں؛ اس لیے کہ نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: لاَتُکْثِرِ الضِّحْکَ فَانَّ کَثْرَةَ الضِّحْکِ تُمِیْتُ الْقَلْبَ (ترمذی، مشکوٰة:۴۴) کہ تم زیادہ مت ہنسا کرو، اس لیے کہ زیادہ ہنسنا دل کو مردہ کردیتا ہے۔ اس کے علاوہ قہقہہ لگانا یہاں تک کہ کھلکھلاکر ہنسنا بھی نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم (جو بالیقین ایمان والوں کے لیے ہر عمل میں بہترین اسوہ ہیں) سے ثابت نہیں؛ بلکہ آپ خوشی کے مواقع پر صرف زیر لب مسکرایا کرتے تھے۔ حضرت عائشہ صدیقہ فرماتی ہیں کہ میں نے نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کو اس طور پر کھل کھلاکر ہنستے ہوئے کہ آپ کے دہن مبارک کا اندرونی حصہ نظر آجائے، کبھی نہیں دیکھا۔ آپ  صلی اللہ علیہ وسلم تو صرف تبسم فرمایا کرتے تھے (بخاری، مشکوٰة ۴۰۶)
          معلوم ہوا کہ اگر سلسلہٴ کلام میں کوئی تعجب خیز، حیرت انگیز یا مضحکہ خیز بات زیر تذکرہ آجائے؛ تو ان پر ہنسنے اور مسکرانے میں کوئی حرج نہیں ہے؛ بلکہ ایسے مواقع پر ہنسنا اور مسکرانا چاہیے؛ تاکہ دل کا بوجھ ہلکا اور غبار کم ہو اور موجودہ زمانے کی تحقیق کے مطابق صحت، مستعدی اور نشاط میں اضافہ ہو؛ لیکن شرط یہ ہے کہ یہ ہنسنا اور مسکرانا غافلین کا سا نہ ہو؛ اس لیے کہ اس طرح کا ہنسنا دلوں کو مردہ کردیتا ہے۔ حضرت قتادہ کا بیان ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر سے کسی نے پوچھا کہ کیا رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ ہنسا بھی کرتے تھے؟ انھوں نے فرمایا: ہاں! بیشک! وہ حضرات ہنسنے کے موقع پر ہنستے بھی تھے؛ لیکن اس وقت بھی ان کے قلوب میں ایمان پہاڑ سے زیادہ عظیم ہوتا تھا۔ حضرت بلال ابن سعد کا بیان ہے کہ میں نے صحابہٴ کرام کو دیکھا کہ وہ مقررہ نشانوں کے درمیان دوڑا بھی کرتے تھے اور باہم ہنستے ہنساتے بھی تھے۔ پھر جب رات ہوتی تو وہ راتوں کو زندہ کیا کرتے تھے۔ (شرح السنة، مشکوٰة ۴۰۷)
          لہٰذا موجودہ دور کے ڈاکٹروں کی رائے کے مطابق عمل کرتے ہوئے بہ تکلف قہقہے لگانے کی مجلس منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے؛ بلکہ بے تکلف فطری انداز میں جس قدر انسان ہنس لے، وہی اس کی صحت وتندرستی کے لیے کافی ہے؛ اس لیے کہ زیادہ ہنسنا رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق صحت وتندرستی کا سبب نہیں؛ بلکہ دلوں کے مردہ ہونے کا سبب ہے۔
کھیل کود سے متعلق احکام:
          (الف) اصولی ہدایت: اسلام انسان کو ایک بامقصد زندگی گزارنے کی ہدایت دیتا ہے اور کھیل وکود اور لہوولعب پرمشتمل زندگی کی مذمت کرتا ہے۔ بامقصد زندگی جس کی اساس ہمہ وقت اللہ کی خوشنودی کی جستجو، تعمیر آخرت کی فکر مندی اور لہولعب سے اِعراض ہو؛ وہ زندگی اہل ایمان کی پہچان ہے اور جس کی بنیاد لہوولعب پر مشتمل غفلت و بے پرواہی ہو وہ کفار کا شعار ہے۔ ارشاد الٰہی ہے: وَالَّذِیْنَ ہُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَ (المومنون:۳) کہ اہل ایمان کی صفت یہ ہے کہ وہ لغو اور فضول باتوں سے اعراض کرتے ہیں۔
          لہٰذا شرعی نقطئہ نظر سے ہر وہ کام، قابلِ تعریف ہے؛ جو انسان کو مقصدِ اصلی پر گامزن رکھے۔ ہر اس کام کی اجازت ہے، جس میں دنیا وآخرت کا یقینی فائدہ ہو۔ یا کم از کم دنیا وآخرت کا خسارہ نہ ہو۔ کھیلوں میں سے بھی صرف انھیں اقسام کی اجازت ہے، جو جسمانی یا روحانی فوائد کا حامل ہو۔ وہ کھیل جو محض تضیعِ اوقات کا ذریعہ ہوں، فکرِ آخرت سے غافل کرنے والے ہوں؛ وہ کھیل جو دوسروں کے ساتھ دھوکہ فریب یا ضررسانی پر مبنی ہوں؛ ان کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: کُلُّ مَا یَلْہُوبِہ الْمَرْءُ الْمُسْلِمُ بَاطِلٌ الَّا رَمْیَةٌ بِقَوْسِہ وَتَأدِیْبُہ فَرَسَہ وَمُلاَعَبَتُہ اِمْرَأتُہ فَانَّہُنَّ مِنَ الْحَقِّ․ (ترمذی، ابن ماجہ، فتح الباری ۱۱ صلی اللہ علیہ وسلم۹۱) یعنی مرد مومن کا ہر کھیل بیکار ہے سوائے تین چیز کے: (۱) تیر اندازی کرنا، (۲) گھوڑے سدھانا، (۳) اپنی بیوی کے ساتھ کھیلنا؛ کیوں کہ یہ تینوں کھیل حق ہیں۔
          (ب) لباس وپوشاک سے متعلق: لباس اور پوشاک کے سلسلے میں یہ ضروری ہے کہ کھلاڑی کھیل کے درمیان ایسا لباس پہنے، جو ساتر ہو یعنی جسم کا وہ حصہ چھپ جائے، جن کا چھپانا واجب ہے، یعنی مرد کے لیے ناف سے لے کر گھٹنے تک اور عورت کے لیے ہتھیلی اور چہرہ کو چھوڑ کر پورا جسم ستر میں داخل ہے، ان کا ڈھکا ہوا ہونا واجب ہے۔ لباس اتنا باریک اور چست بھی نہ ہو کہ جسم کے اعضا نمایاں ہوں۔ اسی طرح اس لباس میں کفّار کے ساتھ ایسی مشابہت نہ ہو کہ اس لباس کو دیکھنے سے کوئی خاص قوم سمجھ میں آتی ہو۔ اور نہ اس لباس کا تعلق غیر اسلامی شعار سے ہو۔ مردوں کے لیے یہ بھی لازم ہے کہ وہ لباس ٹخنوں سے نیچے نہ ہو۔ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: مَاأسْفَلَ مِنَ الْکَعْبَیْنِ مِنَ الازَارِ فِی النَّارِ (بخاری، مشکوٰة ۳۷۳) کہ جو شخص بھی ٹخنوں سے نیچے پاجامہ پہنے گا، اسے جہنم کی آگ میں جلنا پڑے گا۔ ایک دوسری روایت میں ہے: کہ عبداللہ بن عمرو بن العاص کہتے ہیں کہ: رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ کو زعفرانی رنگ کا کپڑا پہنے دیکھا، تو آپ نے فرمایا : یہ کفار کا لباس ہے اس لیے اسے مت پہنو۔ (مسلم، مشکوٰة ۳۷۴) حضرت عبداللہ بن عمر بن خطاب سے منقول روایت میں رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مَنْ تَشَبَّہَ بِقَوْمٍ فَہُوَ مِنْہُمْ (احمد،ابوداؤد، مشکوٰة ۳۷۴) کہ جس نے کسی قوم کے ساتھ مشابہت اختیار کی اس کا تعلق اسی قوم کے ساتھ سمجھا جائے گا۔
(ج) پسندیدہ کھیل:
          ۱- تیراندازی اور نشانہ بازی: اصول شریعت کی روشنی میں مروّجہ کھیلوں میں مندرجہ کھیل مستحب اورپسندیدہ ہیں۔ بعض اوقات ان میں سے بعض کی اہمیت وجوب تک پہنچ جاتی ہے۔ نشانہ بازی (چاہے وہ تیر کے ذریعہ ہو یا نیزہ، بندوق اور پستول یا کسی اور ہتھیار کے ذریعہ ہو۔ احادیث میں اس کے فضائل بیان کیے گئے ہیں اور اس کے سیکھنے کو باعثِ اجر وثواب قرار دیاگیا ہے؛ یوں کہ یہ کھیل انسان کے ذاتی دفاع اور ملکی دفاع کے لیے بہت ضروری ہے۔ یہ کھیل جہاں جسم کی پھرتی، اعصاب کی مضبوطی اور نظر کی تیزی کا ذریعہ ہے۔ وہیں یہ خاص حالات میں، مثلاً بھیڑ کے وقت یا جہاد کے موقع پر دشمنوں سے مقابلہ آرائی کے کام آتا ہے۔ قرآن کریم میں باضابطہ مسلمانوں کو حکم دیاگیاہے: وَاَعِدُّو لَہُمْ مَا اسْتَطَعْتُمْ مِنْ قُوَّةٍ (الانفال) کہ اے مسلمانو! تمہارے بس میں جتنی قوت ہو، اسے کافروں کے لیے تیار کرکے رکھو۔ رسول کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے اس ”قوة“ کی تفسیر رمی (تیراندازی) سے کی ہے۔ آپ نے تین مرتبہ فرمایا: ألاَ أَنَّ الْقُوَّةَ الرَّمْيُ ۔ یعنی خبردار ”قوة“ پھینکنا ہے۔ (مسلم، مشکوٰة ۳۳۶) اس پھینکنے میں جس طرح تیر کا پھینکنا داخل ہے، اسی طرح اس میں کسی بھی ہتھیار کے ذریعہ مطلوبہ چیز کو نشانہ بنانا، راکٹ، میزائل وغیرہ کوٹھیک نشانہ تک پہنچانا بھی داخل ہے اور ان میں سے ہر ایک کی مشق جہاں جسمانی لحاظ سے بہترین ورزش ہے، وہیں باعث اجر وثواب بھی ہے۔ (بذل المجہود:۱۱/۴۲۸) ایک حدیث میں آں حضرت نے ارشاد فرمایا: بے شک ایک تیر کے ذریعہ اللہ تعالیٰ تین افراد کو جنت میں داخل کردیتا ہے۔ ایک تیر بنانے والا؛ جبکہ وہ تیر بنانے میں ثواب کی نیت رکھے۔ دوسرا تیر پھینکنے والا اور تیسرا پکڑنے والا، پس اے لوگو! تیر اندازی سیکھو (سنن دارمی، مشکوٰة ۳۳۷)۔
          ۲- سواری کی مشق: یہ کھیل بھی اسلام کا پسندیدہ کھیل ہے، اس سے بھی جسم کی پوری ورزش کے ساتھ انسان میں مہارت، ہمت وجرأت اور بلند حوصلہ جیسی اعلیٰ صفات پیدا ہوتی ہیں اور سفر میں اور جہاد میں بھی خوب کام آتا ہے، اگرچہ قرآن وحدیث میں عام طور پر گھوڑے کاذکر آیا ہے؛ مگر اس میں ہر وہ سواری مراد ہے؛ جو جہاد میں کام آسکے۔
          جہاد کے اس اعلیٰ مقصد کے پیش نظر جو شخص گھوڑا پالے اس کے لیے بڑی بشارتیں ہیں۔ رسول اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: جس نے اللہ کے راستے میں گھوڑے باندھ کر رکھا، اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھتے ہوئے اس کے وعدہ کی تصدیق کرتے ہوئے، تو اس گھوڑے کا تمام کھانا پینا حتی کہ گوبر، پیشاب، قیامت کے دن اس شخص کے نامہٴ اعمال میں نیکی کے طور پر شمار ہوگا۔ (بخاری، مشکوٰة۳۳۰)
          مقاصد کے لحاظ سے گھوڑا رکھنے کی متعدد شکلیں ہوسکتی ہیں: ایک روایت میں اس پر یوں روشنی ڈالی گئی ہے ”آں حضرت  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: گھوڑے تین قسم کے ہوتے ہیں، بعض کے لیے ثواب، بعض کے لیے باعث تحفظ، بعض کے لیے وبال۔ باعث ثواب تو وہ گھوڑے ہیں؛ جنھیں آدمی راہ خدا میں استعمال کرنے کے لیے تیار رکھتا ہے۔ ایسے گھوڑے اپنے پیٹ میں جو کچھ بھی اتارتے ہیں، اللہ تعالیٰ اس کے عوض مالک کے لیے ثواب لکھ دیتا ہے․․․․ اور باعث تحفظ وہ گھوڑے ہیں جنھیں آدمی اپنی عزت کو برقرار رکھنے اور اللہ کی نعمت کے اظہار کے لیے رکھتا ہے اور گھوڑے کی پشت اور شکم سے متعلق جو حقوق وابستہ ہیں، انھیں فراموش نہیں کرتا۔ خواہ تنگی ہو یا فراخی اور باعثِ وبال وہ گھوڑے ہیں، جنھیں مالک نے ریا، غرور، تکبر اور اترانے کے لیے رکھا ہو، ایسے گھوڑے مالک کے لیے وبال ہیں۔ (مسلم کتاب الزکوٰة۲/۶۰)
          احادیث طیبہ میں اس زمانہ کے حالات کے لحاظ سے اگرچہ گھوڑوں کے فضائل مذکور ہیں؛ مگر اشتراکِ علت کے پیش نظر ہر وہ سواری جو جہاد میں کام آتی ہو، یا ذاتی تحفظ اور اچھے مقاصد کے لیے آمد ورفت کے کام آتی ہو۔ اگر اسے بھی اچھی نیت سے چلانے کی مشق کی جائے؛ تو وہ بھی اسی حکم میں داخل ہوگی۔ جیسے: ہیلی کاپٹر، ہوائی جہاز، بحری جہاز، لڑاکا طیارہ، ٹینک، بکتربند گاڑیاں، جیپ کار، بس، موٹر سائیکل، سائیکل وغیرہ۔ ان سب سواریوں کے چلانے کی مشق اور ٹریننگ اسلامی نقطئہ نظر سے پسندیدہ کھیل ہے۔ اس شرط کے ساتھ کہ جائز اور نیک مقاصد کے لیے انھیں سیکھا جائے اور استعمال کیا جائے۔
          ۳- دوڑلگانا: اپنی صحت اور توانائی کے مطابق، ہلکی یا تیز دوڑ بہترین جسمانی ورزش ہے۔ اس کی افادیت پر سارے علماء اور ڈاکٹر متفق ہیں۔ احادیث سے بھی اس کا جواز؛ بلکہ استحباب مفہوم ہوتا ہے۔ رسولِ کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: اللہ تعالیٰ کی یاد سے تعلق نہ رکھنے والی ہر چیز لہوولعب ہے، سوائے چار چیزوں کے: (۱) آدمی کا اپنی بیوی کے ساتھ کھیلنا (۲) اپنے گھوڑے سدھانا (۳) دونشانوں کے درمیان پیدل دوڑنا (۴) تیراکی سیکھنا سکھانا۔ (کنزالعمال ۱۵/۲۱۱، الجامع الصغیر۵/۲۳)
          پیدل دوڑنے کی اسی افادیت کی وجہ سے صحابہٴ کرام عام طور پر دوڑ لگایا کرتے تھے اور ان میں آپس میں پیدل دوڑ کا مقابلہ بھی ہوا کرتا تھا۔ سابق میں مشکوٰةُ المصابیح کے حوالہ سے شرح السنہ کی یہ روایت آچکی ہے کہ بلال بن سعد کہتے ہیں کہ میں نے صحابہٴ کرام کو دیکھا ہے کہ وہ نشانوں کے درمیان دوڑتے تھے اور بعض بعض سے دل لگی کرتے تھے، ہنستے تھے، ہاں! جب رات آتی، تو عبادت میں مشغول ہوجاتے تھے۔ (مشکوٰة ۴۰۷)
          پیدل دوڑ میں مثالی شہرت رکھنے والے صحابی حضرت سلمہ بن الاکوع کہتے ہیں: کہ ہم ایک سفر میں چلے جارہے تھے، ہمارے ساتھ ایک انصاری نوجوان بھی تھا، جو پیدل دوڑ میں کبھی کسی سے مات نہ کھاتا تھا، وہ راستہ میں کہنے لگا، ہے کوئی؟ جو مدینہ تک مجھ سے دوڑ میں مقابلہ کرے، ہے کوئی دوڑ لگانے والا؟ سب نے اس سے کہا: تم نہ کسی شریف کی عزت کرتے ہو اور نہ کسی شریف آدمی سے ڈرتے ہو۔ وہ پلٹ کر کہنے لگا ہاں! رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ مجھے کسی کی پرواہ نہیں۔ میں نے یہ معاملہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں رکھتے ہوئے عرض کیا: میرے ماں باپ آپ پر قربان یا رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم! مجھے اجازت دیجیے کہ میں ان سے دوڑلگاؤں۔ آپنے فرمایا ٹھیک ہے، اگر تم چاہو؛ چنانچہ میں نے ان سے مدینہ تک دوڑلگائی اور جیت گیا۔ (صحیح مسلم)
          حضرت عبداللہ بن عمر کا بیان ہے کہ حضرت عمر فاروق اور زبیربن العوام میں دوڑ کا مقابلہ ہوا۔ حضرت زبیر آگے نکل گئے، تو فرمایا: رب کعبہ کی قسم میں جیت گیا۔ پھر کچھ عرصہ بعد دوبارہ دوڑ کا مقابلہ ہوا، تو حضرت فاروق آگے نکل گئے، توانھوں نے وہی جملہ دہرایا: ربِ کعبہ کی قسم میں جیت گیا۔ (کنزالعمال ۱۵/۲۲۴)
          ۴- بیوی کے ساتھ بے تکلّفانہ کھیل: مرد کا اپنی بیوی کے ساتھ مختلف بے تکلفی کا کھیل بھی اسلام کی نظر میں مستحسن ہے۔ حضرت عائشہ صدیقہ سے روایت ہے کہ میں ایک سفر میں رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھی۔ میں نے آپ سے دوڑ لگائی اور آگے نکل گئی۔ کچھ عرصہ بعد پھر ایک سفر میں میں نے رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم سے دوڑلگائی اب میرے جسم پر گوشت چڑھ گیا تھا تو آپ مجھ سے آگے نکل گئے اور آپ نے فرمایا یہ اس کے بدلہ میں ہے (سنن ابی داؤد)
          مذکورہ حدیث نبوی سے بیوی کے ساتھ تفریح کرنے اور دوڑ لگانے دونوں کی افادیت سمجھ میں آتی ہے؛ لیکن واضح رہے کہ حضور  صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ دونوں واقعہ اس وقت کا ہے؛ جب کہ قافلہ آپ کے حکم سے آگے جاچکا تھا اور وہاں آں حضور اور حضرت عائشہ کے علاوہ کوئی نہ تھا، وہ تنہا تھے۔ کسی اور کی موجودگی میں ایسا نہیں کیا جاسکتا؛ کیوں کہ یہ حیا کے خلاف ہے۔
          ۵- نیزہ بازی: نیزہ زنی اور بھالا چلانا ایک مستحسن کھیل ہے۔ حضرت عائشہ صدیقہ فرماتی ہیں کہ خدا کی قسم میں نے نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا آپ میرے حجرے کے دروازہ پر کھڑے ہوگئے۔ جب کہ کچھ حبشی نیزوں کے ساتھ مسجد کے باہر صحن میں نیزوں سے کھیل رہے تھے۔ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم مجھے اپنی چادر سے چھپارہے تھے اور میں آپ کے کان اور کندھوں کے درمیان حبشیوں کو کھیلتے دیکھ رہی تھی۔ (صحیح بخاری مع الفتح)
          ۶- تیراکی: تیرنے کی مشق ایک بہترین اور مکمل جسمانی ورزش ہے، جس میں جسم کے تمام اعضا وجوارح کی بھرپور ورزش ہوتی ہے، یہاں تک کہ سانس کی بھی ورزش ہوتی ہے۔ سیلاب آنے کی صورت میں ایک ماہر تیراک انسانیت کی بہترین خدمت کرسکتا ہے۔ نشیبی علاقوں میں عام طور پر قریب میں ندی نالے تالاب وغیرہ ہوتے ہیں اور ان میں ڈوبنے کے واقعات بھی عام طور پر پیش آتے رہتے ہیں۔ ایسے حادثاتی مواقع پر ماہر تیراک لوگوں کی جان بچانے کی کامیاب کوشش کرسکتا ہے۔ اس سے جہادی تربیت کا فائدہ بھی حاصل ہوتا ہے؛ کیوں کہ کسی بھی جنگ میں ندی نالے، تالاب اور دریا کو عبور کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ یہ ایک طبعی امر ہے۔ آج کل کی جنگوں میں سمندر کی ناکہ بندی کو دفاعی نقطئہ نظر سے بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ لہٰذا تیراکی جہاں تفریحِ طبع اور جسمانی ورزش کا عمدہ ذریعہ ہے، وہیں بہت سے دیگر سماجی ودماعی فوائد کا حامل بھی ہے۔ اسی لیے رسول کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: مومن کا بہترین کھیل تیراکی ہے اور عورت کا بہترین کھیل سوت کاتنا۔ (کنزالعمال۱۵/۲۱۱) اسی لیے صحابہٴ کرام نہ صرف یہ کہ تیراکی کے ماہر تھے؛ بلکہ بسا اوقات تیراکی کا مقابلہ بھی کرتے تھے۔ حضرت عبداللہ بن عباس فرماتے ہیں کہ ہم حالتِ احرام میں تھے کہ مجھ سے حضرت عمر کہنے لگے آؤ! میں تمہارے ساتھ غوطہ لگانے کا مقابلہ کروں، دیکھیں ہم میں سے کس کی سانس لمبی ہے (عوارف المعارف للسہروردی)
          ۷،۸- کُشتی اورکبڈی: اس کھیل میں ورزش کا بھرپور سامان ہے۔ اگر ستر کی رعایت اور انہماک کے بغیر کھیلا جائے، تو جائز ہوگا؛ بلکہ نیک مقصد کے لیے مستحسن قرار دیاجائے گا۔ عرب کا ایک مشہور پہلوان رُکانہ نے رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم سے کشتی ٹھیرائی، تو آپ نے اس کو کشتی میں بچھاڑ دیا۔ (ابوداؤد فی المراسیل) مذکورہ تمام کھیل چوں کہ احادیث وآثار سے ثابت ہیں؛ اس لیے ان کے جواز؛ بلکہ استحباب میں کوئی کلام نہیں ہوسکتا، اورکبڈی کا حکم بھی کشتی کی طرح ہے۔
ناپسندیدہ کھیل:
          ان کے علاوہ جو کھیل کود رائج ہیں: ان کی شرعی حیثیت کے بارے میں یہ تفصیل ہے کہ جن کھیلوں کی احادیث و آثار میں صریح ممانعت کی گئی ہے، وہ سب ناجائز ہیں: جیسے نرد، شطرنج، کبوتربازی، اور جانوروں کو لڑانا۔
          ۱- نرد: رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے نرد یعنی چوسر کھیلنے سے سختی سے منع فرمایا: آپ  صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس نے نرد شیر کا کھیل کھیلا، تو گویا اس نے اپنے ہاتھ خنزیر کے گوشت اور خوں سے رنگ لیے (مسلم، مشکوٰة ۳۸۶) ایک دوسری روایت میں آپ  صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کہ جس نے نرد یعنی چوسر کھیلا اس نے اللہ اور رسول  صلی اللہ علیہ وسلم کی نافرمانی کی (ابوداؤد)
          ۲- شطرنج: صحابہٴ کرام نے شطرنج کھیلنے سے صراحتاً منع فرمایا اور ظاہر ہے کہ صحابہٴ کرام نے شطرنج کی ممانعت رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہوگی۔ (مرقاة المصابیح ۳۸۷) حضرت علی فرماتے ہیں کہ: شطرنج عجمیوں کا جوا ہے (بیہقی، مشکوٰة ۳۸۷) حضرت ابوموسیٰ اشعری فرماتے ہیں کہ: شطرنج گناہ گاروں کا کھیل ہے۔ انہی سے ایک شخص نے شطرنج کھیلنے کے بارے میں دریافت کیا؛ تو انھوں نے فرمایا: یہ باطل (بیکار کھیل) ہے اور اللہ تعالیٰ باطل کو پسند نہیں فرماتے (بیہقی، مشکوٰة ۸۷) انہی آثار و روایات کی وجہ سے حضرت امام ابوحنیفہ، امام مالک اور امام احمد ابن حنبل اس کے کھیلنے کو ناجائز کہتے ہیں۔ امام شافعی کی طرف اگرچہ جواز کی نسبت ہے؛ لیکن صحیح یہ ہے کہ ان کے نزدیک بھی مکروہ ہے۔ علامہ نووی نے شرح مسلم میں صراحت فرمائی: أمَّا الشِطْرَنْجُ فَمَکْرُوہٌ عِنْدَنَا لاَ حَرَامٌ․ اور یہ کراہت بھی مشروط ہے چند شرائط کے ساتھ کہ نماز اور جوابِ سلام سے غافل نہ کرے اور بہت نہ کھیلے۔ (التفسیر الأحمدی بحوالہٴ امداد الفتاویٰ۴/۲۴۱)
          ۳- کبوتربازی: احادیث کی روشنی میں یہ بھی ممنوع ہے۔ حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو کبوتر کے پیچھے دوڑتے ہوئے دیکھا؛ تو فرمایا: شَیْطَانٌ یَتَّبِعُ شَیْطَانَةً کہ ایک شیطان دوسرے شیطان کے پیچھے دوڑا جارہا ہے۔ (ابوداؤد)
          کنزالعمال کی ایک روایت میں ہے کہ جب دنیا میں سازوسامان کی فراوانی ہوئی اور لوگوں پر موٹاپا چڑھنے لگا، تو مدینہ طیبہ میں پہلی برائی یہ ظاہر ہوئی کہ لوگوں نے کبوتر بازی اور غلیل بازی شروع کردی۔ حضرت عثمان غنی کا زمانہ تھا؛ انھوں نے بنو لیث سے تعلق رکھنے والے ایک صاحب کو مدینہ منورہ میں محض اس کام کے لیے مقرر کیا کہ وہ کبوتر کے پرکاٹ دیں اور غلیلیں توڑ دیں۔
          علامہ نووی فرماتے ہیں کہ کبوتر پالنا انڈا یابچوں کے حصول کے لیے درست ہے؛ لیکن کبوتر بازی کرنا اگر جوے کے ساتھ ہو تو مکروہ ورنہ ناجائز ہے۔ (حاشیہ مشکوٰة)
          ۴- مرغ بازی، بٹیر بازی: رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر طرح سے جانوروں کو آپس میں لڑانے کی ممانعت فرمائی ہے، چاہے مرغیوں کو لڑایا جائے یا بٹیر کو یا مینڈھے کو جس کے لڑانے کا معاشرے میں عام رواج ہے، یا کسی اور جانور کو لڑایا جائے۔ نَہٰی رسولُ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم عَنِ التَّحْرِیْشِ بَیْنَ الْبَہَائِمِ (ترمذی، ابوداؤد) حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی اپنے رسالہ ”جانوروں کے حقوق“ میں اس حدیث کی تشریح کرتے ہوئے لکھتے ہیں: ”مرغ بازی، بٹیر بازی،اور مینڈھے لڑانا اسی طرح کسی جانور کو لڑانا، سب اس میں داخل ہے اور سب حرام ہے کہ خواہ مخواہ ان کو تکلیف دینا ہے اور اسی کے حکم میں ہے، گاڑی بانوں کا بیلوں کو بھگانا کہ وہ بھی ہانپ جاتے ہیں اور بعض اوقات سواریوں کی چوٹ لگ جاتی ہے اور بجز تفاخر اور مقابلہ کے اس میں کوئی مصلحت نہیں اور گھوڑ دوڑ وغیرہ جب کہ اس میں جوانہ ہو، اس سے مستثنیٰ ہے کہ ان کی مشاقی میں مصلحت ہے۔“ (ارشاد الہائم فی حقوق البہائم ۱۹)
موجودہ زمانے کے چند کھیل:
          ۱- پتنگ بازی: جو حکم کبوتر کے پیچھے دوڑنے کا ہے، وہی حکم پتنگ کے پیچھے دوڑنے کا ہے؛ یعنی ناجائز۔ حدیث میں ایسے شخص کو شیطان قرار دیاگیا ہے۔ (ابوداؤد) اس میں بھی اور ناجائز کھیلوں کی طرح متعدد مفاسد ومضرتیں پائی جاتی ہیں اور بعض علاقوں میں خاص مواقع پر ”بسنت منانے“ کے عنوان سے وہ ہلڑبازی ہوتی ہے کہ خدا کی پناہ! اس کے علاوہ قوم کا لاکھوں کروڑوں روپے محض پتنگ بازی کے نذر ہوجاتے ہیں۔ بعض اوقات چھتوں سے گرکر جان کا ضیاع بھی ہوتا ہے، کٹے ہوئے پتنگ کو زبردستی لوٹ لیا جاتا ہے، بے پردگی الگ ہوتی ہے، ان امورِ قبیحہ کی وجہ سے پتنگ بازی بھی شرعی نقطئہ نظر سے ممنوع ہے۔
          ۲- تاش بازی: یہ کھیل بھی شرعی نقطئہ نظر سے ممنوع ہے؛ اس لیے کہ تاش عام طور پر باتصویر ہوا کرتے ہیں۔ تاش کھیلنا عام طور پر فاسق وفاجر لوگوں کا معمول ہے۔ بالعموم جوا اور قمار کی شمولیت ہوتی ہے۔ اس کھیل میں تفریح کی جگہ پرالٹا ذہنی تکان ہوتی ہے۔ اگر جوے کے بغیر بھی کھیلاجائے، تو شطرنج کے حکم میں ہوکر مکروہ تحریمی کہلائے گا۔ بعض احادیث میں شطرنج کی ممانعت آئی ہے۔ جو مصلحت شطرنج کو منع کرنے میں ہے، وہی بات تاش کھیلنے میں پائی جاتی ہے۔ جہاں تک معاملہ تعلیمی تاش کا ہے؛ تو یہ کھیل اگر جوے اور انہماکِ زائد سے پاک ہو، تو نہ صرف یہ کہ جائز ہے؛ بلکہ مبتدیوں کے لیے یک گونہ مفید بھی ہے۔ (امداد الفتاوی)
          ۳- باکسنگ، فائٹنگ: موجودہ زمانہ میں باکسنگ مُکّا بازی، فری اسٹائل فائٹنگ کے جو مقابلے منعقد ہوتے ہیں، وہ شریعتِ اسلامی میں بالکل حرام ہیں، اسے جائز ورزش کا نام نہیں دیا جاسکتا، ایسے باکسنگ مقابلوں کو ٹی․وی پر براہِ راست نشر کرنا بھی جائز نہیں؛ کیوں کہ اس میں فریق مقابل کو شدید جسمانی اذیت پہنچانے کو جائز تصور کیاجاتا ہے؛ جس سے ہوسکتا ہے کہ مدِمقابل اندھے پن، سخت نقصان، دماغی چوٹ یا گہرے ٹوٹ پھوٹ؛ بلکہ موت سے بھی دوچار ہوجائے۔اس میں مارنے والے پراس نقصان کی کوئی ذمہ داری عاید نہیں ہوتی ہے، جیتنے والے کے حامیوں کو اس کی جیت پر خوشی اور مقابل کی اذیت پر مسرت ہوتی ہے، جو اسلام میں ہرحال میں حرام اور ناقابل قبول ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: وَلاَ تُلْقُوْا بِأیْدِیْکُمْ الیٰ التَّہْلُکَةِ یعنی اور تم اپنے آپ کو اپنے ہاتھوں ہلاکت میں مت ڈالو۔
          ۴- بیلوں کے ساتھ کشتی: اسی طرح بیلوں کے ساتھ کشتی جس میں تربیت یافتہ مسلح افراد اپنی مہارت سے بیل کو موت کے گھاٹ اتاردیتے ہیں، یہ بھی حرام ہے؛ کیوں کہ اس میں جانور کو ایذا پہنچاکر اور جسم میں نیزے بھونک کر قتل کیاجاتا ہے اور بعض اوقات بیل بھی مدِمقابل انسان کو ختم کردیتا ہے یہ عمل کسی بھی حال میں درست نہیں؛ اس لیے کہ روایت میں ایک بلی کو بھوکا مارنے پر جہنم میں ڈالنے کا مضمون آیا ہے۔
          ۵- کیرم بورڈ: یہ کھیل بھی اگر نہماک اور جوے کے بغیر کھیلا جائے تواس کی گنجائش ہے۔
          ۶- لوڈو: اگر اس میں ذی روح کی تصویر نہ ہو اور مذکورہ خرابیوں سے پاک ہو تو اس کی بھی گنجائش ہے۔
          ۷- ویڈیوگیم: اس کھیل کی مختلف شکلیں رائج ہیں: (۱) جس میں جاندار کی تصویریں نہ ہوں؛ بلکہ بے جان اشیاء مثلاً: ہیلی کاپٹر، جہاز، موٹر سائیکل، بس، ٹیکسی وغیرہ چلانے یا انھیں شکار کرنے کا کھیل ہو۔ یا جاندر کی تصویریں ہوں؛ مگر وہ اس قدر غیرواضح ہوں کہ انھیں تصویر نہ کہا جاسکے؛ بلکہ وہ محض ایک خاکہ کی شکل ہوں؛ تو ان دونوں شکلوں میں وقتی تفریح طبع کے لیے یا ذہن کی تیزی اورحاضر دماغی کے لیے۔ اس کھیل کی شرط کے ساتھ گنجائش ہے کہ مذکورہ ممانعتوں سے پاک ہو (۲) وہ بڑے ویڈیوگیم، جن میں جانداروں کی تصویریں واضح ہوں۔ یہ کھیل تصویر کی حرمت کی وجہ سے ناجائز ہوں گے۔ ہاکی، فٹ بال، والی بال، ٹینس، بیڈمنٹن، کرکٹ: اوپر ذکر کیے گئے کھیلوں کے علاوہ جو بھی کھیل ہے اگر وہ کسی معصیت، حرام یا ناجائز کام پرمشتمل ہوں، وہ بھی اس مقصد حرام کی وجہ سے ناجائز ہوں گے۔ مثلاً کسی کھیل میں سترکھولا جائے، یا اس کھیل میں جوابازی ہو، یا اس میں مرد وعورت کا مخلوط اجتماع ہو، یا اس میں موسیقی کا اہتمام ہو، یا کفار کی خاص مشابہت ہو، یا اس کی وجہ سے فرائض وواجبات میں غفلت ہورہی ہو۔
          اسی طرح وہ کھیل جو بلامقصد محض وقت گزاری کے لیے کھیلے جاتے ہیں، وہ بھی ناجائز ہوں گے۔ اس لیے کہ قرآن کریم میں تو مومنوں کی صفت یہ بیان کی گئی ہے کہ وہ بیکار باتوں سے اعراض کرتے ہیں(مومن ۱۳)۔ اس طرح کے کھیلوں کا اصولی طور پر حکم جاننے کے لیے حضرت مفتی محمد شفیع صاحب کا یہ فتویٰ چشم کشا ہے: (الف) وہ کھیل جس سے دینی یا دنیوی معتد بہا فائدہ مقصود نہ ہو وہ ناجائز ہے اور وہی حدیث کا مصداق ہے۔
          (ب) جس کھیل سے کوئی دینی یا دنیوی فائدہ معتد بہا مقصود ہو، وہ جائز ہے۔ بشرطیکہ اس میں کوئی امر خلافِ شرع ملا ہوا نہ ہو اور من جملہ امور خلاف شرع تشبّہ بالکفار (کفار کی نقالی) بھی ہے۔
          لہٰذا معلوم ہوا کہ گیند کا کھیل خواہ کرکٹ وغیرہ ہوں، یا دوسرے دیسی کھیل، فی نفسہ جائز ہیں؛ کیوں کہ ان سے تفریح طبع اور ورزش وتقویت ہوتی ہے، جو دنیوی اہم فائدہ بھی ہے اور دینی فوائد کے لیے سبب بھی؛ لیکن شرط یہی ہے کہ یہ کھیل اس طرح پر ہوں کہ ان میں کوئی امر خلاف شرع اور تشبہّ بالکفار نہ ہو، نہ ہی لباس کے طرزمیں انگریزیت ہو اور نہ گھٹنے کھلے ہوں، نہ اپنے نہ دوسروں کے اور نہ اس طرح اشتغال ہو کہ ضروریاتِ اسلام نماز وغیرہ میں خلل آئے، اگر کوئی شخص ان شرائط کے ساتھ کرکٹ، ٹینس وغیرہ کھیل سکتا ہے، تو اس کے لیے جائز ہے ورنہ نہیں، آج کل چوں کہ عموماً یہ شرائط موجودہ کھیل میں نہیں ہیں؛ اس لیے ناجائز کہاجاتا ہے (امداد المفتیین جدید ۱۰۰۱،۱۰۰۲) معلوم ہوا کہ موجودہ دور میں مروّج کھیل مثلاً: ہاکی، فٹ بال، والی بال، ٹینس، بیڈ منٹن، کشتی، کرکٹ کی بعض شکلیں وغیرہ، جس میں بھرپور ورزش کا امکان ہوتا ہے، فی نفسہ ان کاکھیل درست ہے؛ لیکن چوں کہ عام طور پر ان کھیلوں میں اور ان کے لیے منعقد ہونے والے مقابلوں میں مندرجہ ذیل خرابیاں درآئی ہیں: 
(۱) انہماک زیادہ ہونا 
(۲) لوگ فرائض وواجبات سے غافل ہوجاتے ہیں 
(۳) اسراف وتبذیر کی نوبت آتی ہے 
(۴) وقت کا بے پناہ ضیاع ہوتا ہے 
(۵) اکثر کھیلوں میں سترپوشی کا اہتمام نہیں کیا جاتا ہے۔ 
(۶) اکثر جگہوں پر مرد وعورت کا اختلاط ہوتا ہے 
(۷) محرمات: مثلاً بدنظری، گانا، ڈانس، ہلڑبازی کا ارتکاب ہوتا ہے 
(۸) بعض کھیل کے ماہرین کو قومی ہیرو اور آئیڈیل کا درجہ دے کر نونہالوں کے مستقبل سے کھلواڑ کیاجاتا ہے۔ 
(۹) سٹے بازی، جوے بازی، میچ فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ کا سیلاب بلاخیز آیا ہوا ہے؛ لہٰذا مذکورہ خرابیوں کی وجہ سے ان کھیلوں کے عدمِ جواز کا حکم لگایا جاتا ہے۔
          جیت ہار میں پیسے کی شرط: کھیل کی جیت ہار میں اگر پیسے کی شرط ہو، تو اس کی چار صورتیں ہوسکتی ہیں۔ ایک صورت ناجائز ہے، باقی تین صورتیں جائز ہیں: 
(۱) دو یا چند افراد کے مابین مقابلہ ہو اور ہر شخص پر یہ بات لازم قرار دی گئی ہو کہ وہ ہارنے کی صورت میں جیتنے والے کو متعین رقم دے گا اور اگر وہ جیت جائے تو دوسرے لوگ اسے رقم دیں گے۔ یہ صورت جوا ہونے کی وجہ سے حرام ہے۔
(۲) دو آدمیوں میں جیت ہار پر دوطرفہ شرط ہو؛ لیکن تیسرے آدمی کو بغیر کسی شرط کے شریک کرلیاگیا ہو کہ اگر وہ ہارجائے، تو اسے کچھ دینا نہ پڑے گا اور اگر وہ جیتے، تو باقی دونوں اسے حسب معاہدہ انعام دیں گے اور تیسرا شخص بھی اس پوزیشن میں ہوکہ اس کے جیتنے کی توقع کی جاسکتی ہو؛ یہ صورت بھی جائز ہے۔ 
(۴) دوشخص مقابلہ میں شریک ہوں اور جیتنے والے کو انعام کوئی کمپنی، حکومت، ادارہ یا کوئی اور شخص دے۔ یہ صورت بھی جائزہے۔ (بدائع الصنائع، کتاب السباق ۶/۶۰۶ ، رد المحتار)
          کھیل دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدنے کا حکم: کھیل دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم اور میدان میں داخل ہونے کے لیے ناظرین کو داخلہ کارڈ، یا ٹکٹ کی خریداری کرنی پڑتی ہے۔ اس کا شرعی حکم کھیل کی نوعیت سے وابستہ ہے۔ جائز کھیلوں کے لیے ٹکٹ کی خریداری اور انھیں دیکھنے کی گنجائش ہے اور ناجائز ومکروہ کھیل کے لیے نہ ٹکٹ خریدنے کی گنجائش ہے، نہ دیکھنے کی۔ کیوں کہ یہ آیت کریمہ ”یشتری لہو الحدیث“ کے وعید میں شامل ہے۔
سیر وسیاحت:
          نئے مقامات کی دریافت، فرحت انگیز اور خوش کن مناظر، بلندوبالا عمارت، آثار قدیمہ اور تہذیبوں کے مدفن کھنڈرات کے مشاہدہ اور مقدّس مقامات ومذہبی اماکن کی زیارت کا داعیہ فطری ہے۔ اس سے انسان کے تجربات میں اضافہ ہوتا ہے، بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ اسی جذبہ کے تحت سیر وسیاحت کا ہر زمانہ میں رواج رہا ہے، بہت سے علما ومحققین اور دانشوروں نے سیروسیاحت اور بادیہ پیمائی اور ہفت خوانِ عالم کی اسیری وصحرانوردی سے حاصل تجربات کو دوسروں تک بھی پہنچانے کا بیڑا اٹھایا۔ اس طرح ایک مستقل فن ”سفرناموں“اور ”رحلات“ کی شکل میں سامنے آیا۔ دنیا ان سفرناموں اور رحلات کے ذریعہ ان تاریخی اسرار ورموز، تہذیب وتمدن اقوام وملل رسم ورواج، مختلف ممالک کے باشندوں کی زندگی کے حالات اور تجربات وغیرہ سے روشناس ہوئی کہ اگریہ سفرنامے نہ ہوتے، تو کبھی ان کا پتہ بھی نہ چلتا، نہ اس کا سراغ ملتا۔ ابن بطوطہ مغربی ابن حوقل، حکیم ناصر خسرو مسلمانوں میں شہرہ آفاق سیاح گذرے ہیں۔ خود ہندوستان کی تاریخ اور قدیم تمدن کے بیان میں مشہور چینی سیاح ہیان جیونگ کو دستاویزی حیثیت حاصل ہے۔
          (الف) شرعی نقطئہ نظر سے سیروسیاحت جائز مقاصد اور جائز طریقہ پر درست ہے؛ بلکہ قرآن کریم کی متعدد آیات میں ”سِیْرُوْا فِیْ الْأرْضِ“ کا حکم دیاگیا ہے۔ سورئہ نمل میں ارشاد ہے: قُلْ سِیْرُوا فِی الأرْضِ فَانْظُرُوا کَیْفَ کَانَ عَاقِبَةُ الْمُجْرِمِیْن(۴۹) کہ اے نبی کہہ دیجیے کہ روئے زمین پر سیر کرو اور دیکھو کہ جرم کرنے والوں کا انجام کیا ہوا۔ سورئہ روم میں ارشاد ہے: قُلْ سِیْرُوْا فِی الْأرْضِ فَانْظُرُوا کَیْفَ کَانَ عَاقِبَةُ الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلُ، کَانَ أکْثَرُہُمْ مُشْرِکِیْنَ(۴۲) اے نبی کہہ دیجیے! کہ تم روئے زمین پر گھومتے پھرو اور دیکھو کہ ان لوگوں کا انجام کیا ہوا جو پہلے ہوا کرتے تھے، ان میں سے اکثر مشرک تھے۔
          مذکورہ آیات اوراس مفہوم کی دوسری آیتوں میں غور وفکر کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ ”سیرفی الارض“ یا سیاحت نہ صرف یہ کہ جائز ہے؛ بلکہ مطلوب ہے؛ لیکن یہ سیر بامقصد ہونا چاہیے، ”نیک لوگوں“ کے علاقوں اور ان کے آثار کو دیکھ کر اسبابِ انعام کی رغبت پیدا ہو،نیکی اور بھلائی کا شوق پیدا ہو۔ اور ”نافرمانوں“ کے مقامات اور ان کے آثار کو دیکھ اسابِ غضب سے بچنے کا داعیہ پیدا ہو، قلب میں رقت پیدا ہو، رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم جب ایک غزوے کے موقع پر قوم عاد کے علاقہ سے گذررہے تھے، تو آپ نے سواریوں کو تیز ہکانے کا حکم فرمایا اور چہرے پھیر لیے۔ اور استغفار کی کثرت کا حکم دیا، مطلق سیر کی کوئی ممانعت نہیں۔ اس کا جواز یا عدم جواز مقصد سفر سے وابستہ ہے۔ اگرمقاصد درست ہوں؛ تو سفر بھی درست ہوگا، اگر مقاصد غلط ہوں تو سفر بھی غلط ہوگا۔ حدیث نبوی: لاَ تُشَدُّ الرِّحَالُ الاَّ الیٰ ثَلاَثَةِ مَسَاجِدَ (بخاری مع الفتح ۱۱۸۹) کی تحقیق میں بھی علماء نے یہی موقف اختیار کیا ہے۔ علامہ بدرالدینی عینی نے عمدة القاری (۳/۶۳) میں اپنے شیخ زین الدین عراقی سے نقل کیا ہے کہ اس حدیث میں مساجد کے حکم کو بیان کرنا مقصود ہے۔ جہاں تک مساجد کے علاوہ دوسرے مقامات کے قصد کا تعلق ہے، جیسے طلبِ علم کے لیے سفر کرنا، رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے سفر کرنا، تفریح یا مبارک آثار اور مقابر کی زیارت کے لیے سفر کرنا اور اس طرح کے دوسرے اسفار اس ممانعت میں داخل نہیں ہیں۔ (معارف السنن۳/۳۳۶)
          (ب) جن علاقوں میں جان مال عزت وآبرو کو خطرہ لاحق ہو، ان علاقوں کا نہ تو خود سفر کرنا درست ہے۔ نہ اہل وعیال کو لے جانا درست ہے۔ ارشاد باری ہے: وَلاَ تُلْقُوْا بِأیْدِیْکُمْ الیٰ التَّہْلُکَةِ (بقرہ۱۹۵) اور تم اپنے آپ کو ہلاکت اور تباہی میں مت ڈالو۔ بخاری کی ایک روایت میں رات کے اوقات میں تنہا سفر کرنے سے منع فرمایاگیا ہے؛ کیوں کہ اس میں خطرہ ہے۔
          (ج) جن مقامات پر مختلف ممالک کے سیاحوں کا ہجوم ہوتا ہے۔ وہاں بعض غیرشرعی باتیں بھی دیکھنے میں آتی ہیں۔ ایسے مقامات پر نظر کی حفاظت کرتے ہوئے، جانے کی گنجائش ہے؛ لیکن چوں کہ ماحول کا اثر مسلم ہے۔ لہٰذا ایسے مقامات پر نہ جانا بہتر ہے،ایسے مقامات پر آداب کی رعایت کے ساتھ جس طرح جانے کی گنجائش ہے، فی نفسہ وہاں کے لیے سواری کرایہ پر لینے اور وہاں کاروباری نقطئہ نظر سے دکان لگانے کی بھی گنجائش ہے؛ البتہ یہ ضروری ہے کہ حکومتوں اور تنظیموں کی طرف سے بے حیائی کے روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
          (د) ٹورکمپنیاں قائم کرنے کا جواز یا عدم جواز مقاصد سے وابستہ ہے۔ جائز مقاصد کے لیے ٹورکمپنیاں قائم کرنا اور اسے چلانا درست ہے۔
          ۴- تعلیم وتذکیر کے لیے فلموں کا استعمال: فلم درحقیقت عکس بندی کا نام ہے۔ یہ عکس بندی جاندارچیزوں کی بھی ہوتی ہے اور بے جان چیزوں کی بھی۔ کسی بھی جاندار کی تصویر کھینچنا اور کھینچوانا کسی حال میں بھی درست نہیں ہے۔ خواہ ہاتھ کے ذریعہ ہو، یا قلم سے یا کیمرہ کے ذریعہ ہو یا پریس پر چھاپ کر۔ یا سانچہ او رمشین میں ڈھال کر۔ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: اَشَدُّ النَّاسِ عَذَاباً یَومَ القِیَامَةِ الْمُصَوِّرُوْن (بخاری حدیث ۵۹۵۴/باب التصاویر) قیامت کے دن سب سے زیادہ سخت عذاب تصویر بنانے والوں کو ہوگا۔ اس کے علاوہ اور بھی متعدد صحیح احادیث ہیں؛ جن میں تصویر سازی کی مذمت کی گئی ہے۔ ویڈویو اور کیمرہ کی تصویر بھی درحقیقت تصویر ہی ہے۔ اس سلسلہ میں عرب کے بعض غیرمحتاط علماء کے ضعیف اقوال کو وجہ جواز نہیں بنایا جاسکتا؛ لہٰذا جان دار چیزوں کی فلم بندی کسی حال میں درست نہیں ہے، ضرورت کے مواقع مستثنیٰ ہیں۔ تعلیمی مقاصد وتذکیری مقاصد ضرورت میں شامل نہیں۔
          (۵) کارٹون دو طرح کے ہوتے ہیں: محض خاکہ جس میں چہرہ سروغیرہ نہیں ہوتا ہے۔ دوسرا کارٹون،جو اخباروں اور ٹیلویژن میں مروّج ہے۔ جس میں سر بھی ہوتا ہے، چہرہ بھی ہوتا ہے اگرچہ وہ مسخ شدہ ہوتا ہے۔ پہلے قسم کا کارٹون؛ بلکہ خاکے بنانا درست ہے۔
          دوسرے قسم کے کارٹون جو موجودہ زمانے میں مروّج ہیں؛ وہ بھی تصویر کے حکم میں داخل ہیں، اگرچہ وہ تصویر بگڑی ہوئی ہوتی ہے؛ لہٰذا اس طرح ذی روح کا کارٹون بنانا درست نہیں؛ بلکہ تصویر سازی کے گناہ پر بھلی صورتوں کو بگاڑکر مذاق بنانے کا گناہ مستزاد ہوگا۔
          (۶) کارٹون بنانا چوں کہ گناہ کا کام ہے؛ اس لیے اس کو ذریعہٴ آمدنی بنانا اور اس مقصد کے لیے ملازمت کرنا گناہ کے کاموں پر تعاون ہونے کی وجہ سے ممنوع ہوگا۔ ارشاد باری ہے: تَعَاوَنُوا عَلیٰ البِرِّ وَالتَّقْویٰ وَلاَ تَعَاوَنُوا عَلیٰ الاثْمِ وَالْعُدْوَانِ․ یعنی نیکی کے کاموں پر تعاون کرو۔ گناہ اور ظلم کے کاموں پر تعاون مت کرو۔ بعض فقہاء نے نابالغ بچوں کے لیے باتصویر کھلونوں سے کھیلنے کو درست قرار دیا ہے۔ نابالغ بچے اگر کارٹون کے پروگرام دیکھیں؛ تو اس کی گنجائش معلوم ہوتی ہے؛ لیکن شرط یہ ہے کہ بچوں کا وقت ضائع نہ ہو اور ان کے دلوں سے تصویر کی کراہت نہ نکلے۔ (تصویر کے شرعی احکام: از: مفتی محمد شفیع)
          اسٹیج ڈرامہ: بہتر مقاصد کے لیے اگراسٹیج ڈرامہ کیا جاتا ہے؛ تو اس شرط کے ساتھ اس کی اجازت ہے کہ: اس میں (۱) دھوکہ نہ ہو 
(۲) موسیقی کا استعمال نہ ہو 
(۳) کسی مومن کی کردارکشی نہ کی گئی ہو 
(۴) شکلیں بگاڑی نہ جائیں 
(۵) انہماک زائد نہ ہو 
(۶) مردوزن کا اختلاط نہ ہو؛ لیکن موجودہ زمانے میں جو ”اسٹیج شو“ کے نام سے ڈرامے مروّج ہیں، وہ مفاسد سے پُرہوتے ہیں۔ اس لیے ممنوع ہیں۔
          مدارس میں منعقد ہونے والے مکالمے، محادثے بالعموم اصلاحی تذکیری ہوتے ہیں اور مذکورہ مفاسد سے پاک ہوتے ہیں؛ اس لیے ان کی گنجائش ہے۔ تمام تفریحات اور کھیل کود میں اصل یہ ہے کہ انسان کسی حال میں اپنے مقصدِ حیات اور فکرِ آخرت سے غافل نہ ہو۔
واللّٰہ اعلم بالصواب
از: مفتی محمد خالد حسین نیموی قاسمی

ماہنامہ دارالعلوم ‏، شمارہ 10-11 ‏، جلد: 96 ‏، ذی الحجہ 1433 ہجری‏، محرم 1434 ہجری مطابق اکتوبر - نومبر 2012ء

http://www.darululoom-deoband.com/urdu/magazine/new/tmp/06-Tafrih%20aur%20Khel%20Kud_MDU_10-11_Oct%20&%20Nov_12.htm

No comments:

Post a Comment