Saturday, 10 February 2018

داڑھی سے متعلق وضاحت

سوال نمبر
(۱) ڈاڑھی ایک مشت ہو اسکی کیا دلیل ہے؟
(۲) ایک مشت کی قید کہاں سے لگائی گئی؟
(۳) کیا ایک مشت سے کم ڈاڑھی جو دور سے نظر آے کہ یہ ڈاڑھی ہے وہ ڈاڑھی نہیں مانی جایگی؟
(۴) کیا ڈاڑھی منڈا اور آدھی مشت ڈاڑھی والا دونوں گناہ میں برابر ہیں یا ڈاڑھی منڈا زیادہ گناہگار ہے مع دلیل؟
(۵) کیا کسی حدیث میں ڈاڑھی کٹانے یا منڈانے کی کوئی وعید آئی ہے؟
(۶) بہت سے لوگ پوری ڈاڑھی کے ساتھ ساتھ ہونٹ کے نیچے بھی رکھتے ہے،
(۷) اور ہونٹ کے دونوں کنارے میں مونڈ دیتے ہیں، کیا یہ درست ہے؟ اور ٹھوڑی کے نیچے کہاں سے مونڈنا درست ہے؟
(۸) گال کتنا مونڈ سکتے ہیں؟
(۹) کیا ایک مشت ڈاڑھی ائمہ اربعہ کے نزدیک واجب ہے یا صرف حنفیہ کے نزدیک واجب ہے؟
ہر سوال کا مفصّل جواب دیجیگا۔
عام طور پر ۱ سوال کے تحت کئی سوال ہوتے ہیں تو آپ کچھ کا جواب دیتے ہیں کچھ کا نہیں دیتے ہیں، اس طرف ذرا دھیان دیجئے ۔ دوسری بات ۱۵، ۲۰ دن سے مہینہ اور ڈیڑھ مہینہ ہو جاتا ہے جواب نہیں آتا۔ اور کچھ سوال کے جواب ہی نہیں دیتے چاہے کئی دفعہ پوچھ لو۔

Published on: Aug 12, 2012
جواب # 39952
بسم الله الرحمن الرحيم
فتوی: 776-761/N=9/1433
(۱) تا (۳) داڑھی کے متعلق حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے جو احادیث مروی ہیں اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی کے متعلق صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے جو تفصیلات منقول ہیں، نیز داڑھی بڑھانے اور کاٹنے کے متعلق صحابہٴ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا جو عمل روایات میں آیا ہے، ان سب کی روشنی میں چاروں ائمہ (امام ابوحنیفہ، امام شافعی، امام مالک اور امام احمد بن حنبل رحمہم اللہ) بلکہ پوری امت نے یہ بات متعین کی ہے کہ داڑھی کی شرعی اور وجوبی مقدار ایک مشت ہے، جو داڑھی ایک مشت سے کم کردی جائے وہ ہرگز شرعی داڑھی نہیں ہے۔ اگرچہ وہ دور سے داڑھی نظر آئے۔
(۴) داڑھی منڈانے والا اور ایک مشت سے کم پر کتروانے والا دونوں ناجائز وحرام کے مرتکب اور فاسق ہونے میں برابر ہیں، البتہ داڑھی منڈانا اشد ہے ایک مشت سے کم پر کتروانے سے کیونکہ منڈانے میں عورتوں کے ساتھ مشابہت اور پورے طور پر تغییر لخلق اللہ پائی جاتی ہے۔
(۵) داڑھی منڈانے یا ایک مشت سے کم پر کتروانے میں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کی مخالفت اور شیطان کی پیروی پائی جاتی ہے، اس لیے قرآن وحدیث میں ان دونوں پر جتنی وعیدیں آئی ہیں وہ سب داڑھی منڈانے اور ایک مشت سے کم پر کتروانے پر منطبق ہوں گی، وعید کی چند آیات ملاحظہ ہوں: ”وَلَآَمُرَنَّہُمْ فَلَیُغَیِّرُنَّ خَلْقَ اللّٰہِ وَمَنْ یَتَّخِذِ الشَّیْطَانَ وَلِیًّا مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ فَقَدْ خَسِرَ خُسْرَانًا مُبِیْنًا“ (سورہٴ نسا: آیت: ۱۱۹)، ”وَمَنْ یُشَاقِقِ اللّٰہَ وَرَسُوْلَہُ فَاِنَّ اللّٰہَ شَدِیْدُ الْعِقَابِ“ (سورہٴ انفال، آیت: ۱۳)
”فَلْیَحْذَرِ الَّذِیْنَ یُخَالِفُوْنَ عَنْ اَمْرِہِ اَنْ تُصِیْبَہُمْ فِتْنَةٌ اَوْ یُصِیْبَہُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ“ (سورہٴ نور، آیت: ۶۳)، ”وَمَا اٰتَاکُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْہُ وَمَا نَہَاکُمْ عَنْہُ فَانْتَہُوا وَاتَّقُوْا اللّٰہَ اِنَّ اللّٰہَ شَدِیْدُ الْعِقَابِ“ (سورہٴ حشر، آیت: ۷) وغیرہ۔

(۶) ہونٹ کے نیچے بیچ میں جو بال ہوتے ہیں (جنھیں عربی میں عَنْفَقَةٌ اوراردو میں بچہ داڑھی کہتے ہیں) وہ داڑھی ہی کا جزو ہیں، داڑھی کی طرح ان کا مونڈنا یا ایک مشت سے کم پر کتروانا ناجائز وحرام ہے.
قال في المنہل العذب المورود (۱:۱۸۷): وأما شعر العنفقة فیحرم إزالتہ کحرمة إزالة شعر اللحیة اھ اور بچہ داڑھی کے دائیں بائیں جو بال ہوتے ہیں شامی (۹/۵۸۳) اور احیاء العلوم وغیرہ میں ان کے مونڈنے کو بدعت لکھا ہے لیکن صحیح یہ ہے کہ انھیں مونڈنے کی گنجائش ہے، حضرت تھانوی رحمہ اللہ الطرائف والظرائف میں فرماتے ہیں: گرفتن موئے فنیکین بروزن ملیکین کہ عبارت است از طرفین عنفقہ باک ندارد، محدث دہلوی رحمہ اللہ در شرح صراط مستقیم می آرد: حلق طرفین عنفقہ لا باس بہ است (داڑھی اور انبیاء کی سنتیں: ص۵۵)۔
(۷) ٹھوڑھی کی ہڈی کے بعد سے مونڈ سکتے ہیں کیونکہ ٹھوڑی کی ہڈی کا آخر ہی ڈاڑھی کی حد ہے۔
(۸) جبڑے کی ہڈی پر اگنے والے بال کے علاوہ رخسار پر جتنے بال ہوں وہ سب مونڈ سکتے ہیں جائز ہے اگرچہ بہتر یہ ہے کہ رخسار کے بال نہ مونڈے جائیں۔
(۹) صرف حنفیہ کے نزدیک نہیں بلکہ چاروں ائمہ کے نزدیک ایک مشت داڑھی واجب ہے اور کسی امام سے اس کے خلاف مروی نہیں۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
http://www.darulifta-deoband.com/home/ur/Clothing--Lifestyle/39952

No comments:

Post a Comment