نبی کریم صلی ﷲ علیہ وسلم کے پاس جبریل امین علیہ السلام تشریف لائے اور فرمایا
فإذا ھی أتتک فاقرأ علیھا السلام من ربھا ومنّی و بشرھا ببیت فی الجنۃ من قصب، لا صخب فیہ ولا نصب
(اے ﷲ کے رسول !) جب وہ (خدیجہ رضی اللہ عنہا ) آپ کے پاس آئیں تو انہیں میری اور ﷲ کی طرف سے سلام کہیں اور جنت میں موتیوں والے ایک محل کی خوش خبری دے دیں جس میں نہ شور ہو گا اور نہ کوئی تکلیف۔
(صحیح بخاری ۳۸۲۰وصحیح مسلم: ۲۴۳۲)
سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی ﷲ علیہ وسلم نے فرمایا
خیر نسائھا مریم و خیر نسائھا خدیجۃ
عورتوں میں سب سے بہتر مریم ؑ اور خدیجہ ؓ ہیں۔
صحیح بخاری ۳۸۱۵ و صحیح مسلم ۶۹؍۲۴۳۰
سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا سے مروی ایک حدیث کا خلاصہ یہ ہے کہ نبی صلی ﷲ علیہ وسلم سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا سے بہت زیادہ محبت کرتے تھے۔
دیکھئے صحیح بخاری : ۳۸۱۶ ، ۳۸۱۸ و صحیح مسلم : ۲۴۳۴ ، ۲۴۳۵
حضرت عبدﷲ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول ﷲ صلی ﷲ علیہ وسلم نے فرمایا
أفضل نساء أھل الجنۃ : خدیجۃ بنت خویلد وفاطمۃ بنت محمد و آسیۃ بنت مزاحم امرأۃ فرعون و مریم ابنۃ عمران
جنتی عورتوں میں سب سے افضل خدیجہ بنت خویلد، فاطمہ بنت محمد (صلی ﷲ علیہ وسلم ) ، فرعون کی بیوی آسیہ بنت مزاحم اور مریم بنت عمران ہیں۔
مسند احمد ۱؍۲۹۳ح۲۶۶۸وسندہ صحیح و صححہ ابن حبان، الاحسان:۶۹۷۱ ؍۷۰۱۰و الحاکم ۲؍۵۹۴، ۳؍۱۶۰ ، ۱۸۵ ووافقہ الذہبی
پہلی وحی کے بعد جب رسول ﷲ صلی ﷲ علیہ وسلم گھر تشریف لائے تو سیدہ خدیجہ ؓ نے آپ کی تصدیق کرتے ہوئے فرمایا:
وﷲ !ما یحزنک اللہ أبداً
ﷲ کی قسم! ﷲ آپ کو کبھی غمگین نہیں کرے گا۔
صحیح بخاری: ۲واللفظ و صحیح مسلم:۱۶۰
معلوم ہوا کہ نبی کریم صلی ﷲ علیہ وسلم پر سب سے پہلے ایمان لانے کا شرف سیدہ خدیجہ ؓ کو حاصل ہے۔
نبی کریم صلی ﷲ علیہ وسلم کی چاروں بیٹیاں ، فاطمہ ، رقیہ، زینب اور ام کلثوم ؓ خدیجہ ؓ سے پیدا ہوئی تھیں۔
آپ صلی ﷲ علیہ وسلم نے خدیجہ رضی اللہ عنہا کی موجودگی میں دوسری شادی نہیں کی۔
نبی صلی ﷲ علیہ وسلم کی ازواجِ مطہرات میں سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کا بہت بڑا مقام ہے۔
حافظ ابن حجر العسقلانی آپ کے بارے میں کہتے ہیں:
زوج النبی صلی ﷲ علیہ وسلم و أول من صدقت ببعثتہ مطلقاً
نبی صلی ﷲ علیہ وسلم کی زوجہ جنہوں نے مطلقاً آپ کی نبوت کی تصدیق سب سے پہلے کی۔
(الاصابۃ ص ۱۶۷۱)
صغار تابعین میں سے امام زہری رحمہ ﷲ علیہ فرماتے ہیں
أول امرأۃ تزوجھا رسول ﷲ صلی ﷲ علیہ وسلم خدیجۃ بنت خویلد بن أسد بن عبدالعزیٰ بن قُصی،
تزو جھا فی الجاھلیۃ و أنکحہ إیا ھا أبو ھا خویلد بن أسد فولدت لرسول ﷲ صلی ﷲ علیہ وسلم القاسم،
بہ کان یکنی و الطاھر و زینب و رقیۃ و أم کلثوم و فاطمۃ رضی ﷲ عنھم
پہلی عورت جس سے رسول ﷲ صلی ﷲ علیہ وسلم نے شادی کی خدیجہ بنت خویلد بن اسد بن عبد العزیٰ بن قصی ہیں۔
آپ نے یہ نکاح بعثتِ نبوت سے پہلے کیا تھا۔ یہ نکاح خدیجہ رضی اللہ عنہا کے والد خویلد بن اسد نے کروایاتھا۔
حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا سے آپ صلی ﷲ علیہ وسلم کے دو بیٹے : قاسم، طاہر اور چار بیٹیاں: زینب ، رقیہ ، ام کلثوم اور فاطمہ پیدا ہوئیں۔ رضی ﷲ عنہم قاسم کی وجہ سے آپ کی کنیت ابو القاسم تھی۔
کتاب المعرفۃ و التاریخ ۳؍۲۶۷ وسندہ حسن، دلائل النبوۃ للبیہقی ۲؍۶۹
No comments:
Post a Comment