Thursday, 12 July 2018

نماز جمعہ اور جمعہ کی فجر میں کونسی سورۃ پڑھنا مسنون ہے؟

نماز جمعہ اور جمعہ کی فجر میں کونسی سورۃ پڑھنا مسنون ہے؟
(سوال ۶۸) نماز جمعہ اور جمعہ کی فجر کی نماز میں کوئی خاص سورت یا آیات پڑھنا سنت ہے؟ اور جمعہ کے دن نماز فجر میں سورہ ٔ سجدہ پڑھنا سنت ہے؟ بحوالہ کتب جواب عنایت فرمائیں؟
(الجواب) آنحضرت صلی اللہ تعالٰی علیہ و سلم اکثر و بیشتر فجر کی سنت کی پہلی رکعت میں سورۂ کافروں اور دوسری رکعت میں سورۂ اخلاص تلاوت فرماتے تھے۔ وتر کی پہلی رکعت میں گاہے گاہے سورۂ اعلیٰ اور دوسری میں سورۂ کافروں اور تیسری میں سورۂ اخلاص تلاوت فرماتے تھے اور کبھی سورۂ اخلاص کے ساتھ معوذتین بھی پڑھنا ثابت ہے۔ اسی طرح جمعہ کی پہلی رکعت میں سورۂ جمعہ اور دوسری میں سورۂ منافقون اور گاہے پہلی رکعت میں سورۂ اعلیٰ اور دوسری میں سورۂ غاشیہ تلاوت فرماتے تھے اور جمعہ کے دن نماز فجر کی پہلی رکعت میں سورۂ سجدہ اور دوسری میں سورۂ دھر تلاوت فرماتے تھے۔ لہذا اسی طرح گاہے گاہے پڑھنا مسنون اور مستحب ہے۔ سنت مؤکدہ نہیں ہے۔ لہذا اس پر مداومت نہ کرے کہ عوام اس کو واجب اور سنت مؤکدہ سمجھ لیں۔ ’’درمختار‘‘ میں ہے۔
ویکرہ التعیین کالسجدۃ وھل اتی الفجر کل جمعۃ بل یندب قرأ تھما احیاناً۔
یعنی خاص سورتوں کو مقرر کرلینا جیسے یہ مقرر کرلینا کہ جمعہ کے روز صبح کی نماز میں سورۂ سجدہ اور سورۂ ھل اتی (سورۂ دھر) کو پڑھے یہ مکروہ ہے۔ مستحب یہ ہے کہ کبھی کبھی ان کو بھی پڑھ لیا کرے۔ ’’شامی‘‘ میں ہے
فیستحب ان یقراء ذلک احیاناً تبرکاً بالماثور۔
نمازوں میں آنحضرت صلی اللہ تعالٰی علیہ و سلم سے جو سورتیں پڑھنی ثابت ہیں۔ کبھی کبھی برکت اور ثواب کی نیت سے ان کا پڑھنا مستحب ہے۔ (ص۵۰۸ج۱ فصل فی القرأۃ)
فتاویٰ رحیمیہ

No comments:

Post a Comment