Sunday, 3 June 2018

مہتمم اور سفرا حضرات سے ایک عاجزانہ درخواست

مہتمم اور سفرا حضرات سے ایک عاجزانہ درخواست

مساجد میں چندے کا اعلان عام طور پر اس طرح کیا جاتا ہے؛ مدرسے میں اتنے یتیم اور غریب بچے پڑھتے ہیں اور مدرسہ ہی انکی جملہ ضروریات کا کفیل ہوتا ہے.... جو آپ لوگوں کے چندوں سے پورا کیا جاتا ہے.... لہذا زکوۃ، فطرہ، صدقہ اور امداد سے اللہ کے لئے مدرسے کا تعاون فرماکر ثواب دارین حاصل کریں..
کیا غربت کے حوالے سے اعلان کرنا مفید ہے؟ ہم اپنے مدرسوں کا اعلان شان بے نیازی کے ساتھ یوں کیوں نہیں کرتے کہ یہ مدارس دنیا میں دین و علم کے بقا و اشاعت اور مسلمانوں کی دینی و شرعی ضرورتوں کے مراکز اور سب سے بڑھ کر ملت اسلامیہ کی شان و بان و آن ہے.... تو مدارس کی بقا گویا اسلام کا بقا اور تحفظ ہے..اس لئے مدارس کے تحفظ و بقا میں حصہ لینا اہل اسلام کی اجتماعی ذمہ داری ہے.... اس بے نیازی کے ساتھ کہ جس کو اسلام کی اشاعت و بقا میں حصہ لینا ہو وہ تعاون کرے...

لیکن ہمارا طرز عمل لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ مدارس میں غریب اور یتیم بچے رہتے ہیں جو ہماری زکوۃ اور صدقات پر پلتے ہیں ... پھر اس سے یہ ذہنیت پروان چڑھتی ہے کہ مدارس مالداروں کے بچوں کے لئے نہیں .... اور مدرسے میں اپنے بچے کو بھیجنا ایک امیر کبیر اپنی توہین سمجھتا ہے... اس لئے خدارا، ہم اپنی روش کو بدلیں اور استغناء کے ساتھ اعلان کریں کہ مدرسہ محتاج نہیں بلکہ عطایا کرنے والے لوگ ضرورت مند ہیں اللہ کو راضی کرنے کے.... اس لئے جس کو اللہ کی رضا اور اسلام کی حفاظت مطلوب ہو وہ چندہ دے... اس طرح دین کی بھی شان ہے اور مدارس کی اہمیت بھی لوگوں کے اندر ہوتی اور مزے کی بات یہ ہے کہ چندہ بھی زیادہ ہوتا ہے... بہت سے سفراء جو بڑی شان بے نیازی کے ساتھ اعلان و اطلاع کرتے ہیں ان کا چندہ ان سفرا سے زیادہ ہوتا ہے جو چاپلوسی کے انداز میں اعلان کرتے ہیں...
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: مولانا ابو احمد قاسمی پلڑوی
ایڈیٹنگ: ایس اے ساگر

No comments:

Post a Comment