Monday, 5 February 2018

جمعہ فرض ہونے کی حکمت ومصلحت

جمعہ فرض ہونے کی حکمت ومصلحت
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اسلام کے تمام ہی احکام میں وحدت واجتماعیت کار فرما ہے۔
اسلام نے انسان  کی نیت، قول ،عمل، اخلاق ابدان اور اعضاء وجوارح ہر چیز میں وحدت واجتماعیت پیدا کرنے کی تعلیم دی ہے۔
اسی مقصد کے لئے اس نے متعدد اجتماعات منعقد کئے ہیں۔
1۔۔۔سب سے چھوٹا اجتماع:
یہ محلہ والوں کا اجتماع ہے جو پانچ وقت فرض نماز کی ادائی کے لئے مسجد میں حاضری کی شکل میں منعقد ہوتا ہے۔ اس  چھوٹے اجتماع کی اہمیت بتانے کے لئے جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کی تاکید اور جماعت چھوڑنے پہ وعید وارد ہوئی ہے۔
2۔۔درمیانی ومتوسط اجتماع:
ہفتہ میں ایک دن جو نہ زیادہ دور ہو کہ سب کو جمع ہونا مشکل ہو اور نہ زیادہ قریب ہو کہ بار بار جمع ہونا دشوار ہوجائے۔ ہفتہ میں ایک دن شہر کے سارے لوگ نہا دھوکے ایک جامع مسجد میں جمع ہوں۔ تاکہ مسلمان ایک دوسرے کے حالات، ضروریات تقاضے و چیلنجس سے آگاہ ہوسکیں۔
3۔۔ سب سے بڑا عالمی اجتماع:
جو حج کی شکل میں ساری دنیا کے مسلمانوں کو جمع کیا جاتا ہے۔ تاکہ مسلمانوں کی اجتماعیت  اور شان و شوکت ظاہر ہو اور ساری دنیا کے مسلمان ایک  دوسرے کے احوال وکوائف سے باخبر ہوسکیں۔
جمعہ کا دن تمام دنوں سے افضل ہے۔ اسی دن آدم کی پیدائش ہوئی۔ اسی دن ان کی توبہ قبول ہوئی۔ اسی دن قیامت آئے گی۔ اسی دن ایک قبولیت کی گھڑی ہے جس میں جو دعا مانگی جائے وہ قبول ہوتی ہے۔ سات دن میں یہ دن لوٹ آتا ہے۔ جس میں جمع ہونا مسلمانوں کے لئے مشکل بھی نہیں ہے۔ اس لئے جمعہ کے اس اجتماع کو ہجرت کے پہلے سال عورت بچے غلام اور مسافر کے علاوہ لوگوں پر فرض کردیا گیا۔ اس کے وجوب کی مخصوص شرطیں ہیں۔
جمعہ کی نماز فرض عین ہے اس کا منکر کافر ہے۔ شریعت کے چاروں دلائل سے اس کی فرضیت ثابت ہے۔ پنجوقتہ نماز سے بھی زیادہ اہم جمعہ کی نماز ہے۔
واللہ اعلم بالصواب ۔
شکیل منصور القاسمی

No comments:

Post a Comment