Wednesday 27 June 2018

داخلہ اور ماہواری فیس لینا

داخلہ اور ماہواری فیس لینا
سوال:۔ مدارس میں فے داخلہ اور فیس ماہواری طلبہ سے لینا جائز ہے یا نہیں؟ الجواب
جائز ہے، کیو نکہ یہ اجرت نہیں بلکہ چندہ ہے اور چندہ میں شرط جائز ہے کیونکہ اس سے جبر لازم نہیں آتا جس کو شرط منظور نہ ہوگی۔ اس کو عدم داخلہ اختیار ہوگا۔
ودلیہ انہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال لمن أضبافہ:’’وعائشۃؓ؟‘‘ قال لا، قال: فلا إذن، حتی قال فی الثالثۃ: وعائشۃ، قال فنعم۔ واللّٰہ اعلم بالصواب
۱۰ ربیع الثانی ۱۳۵۷؁ھ
(امدادالاحکام: ج؍۳، ص؍۶۲۳)

......
 داخلہ فیس کا حکم
سوال: نئے آنے والے طالب علم سے شروع سال میں داخلہ کے وقت داخلہ فیس لی جاتی ہے کیا یہ داخلہ فیس لینا شرعاً جائز ہے؟
الجواب: حامداً و مصلیاً و مسلماً…
اولاً یہ جاننا ضروری ہے کہ داخلہ فیس کس مقصد سے لی جاتی ہے؟ اسکے بعد کوئی صحیح جواب بتایا جاسکتا ہے اگر داخلہ فارم اور داخلہ کی کارروائی میں ہونے والے خرچ کے لئے لی جاتی ہے یا اجارہ کی کوئی صورت ہے تو لینا جائز ہے۔ (امداد الفتاویٰ)
فقط و اللہ تعالی اعلم
فتاوی دینیہ
.....
داخلہ و ما ہا نہ فیس کا حکم
سوال:۔ کیا فرما تے ہیں علما ء کرا م کہ آج کل بعض دینی مدارس میں بھی سالانہ یا ماہانہ فیس لی جاتی ہے۔ کیا یہ شرعاًجا ئز ہے جبکہ فیس کی رقم سے طلباء کی بود وباش اور مدرسہ کے مدرسین اور دیگر ملازمین کی تنخواہوں کا انتظا م کیا جاتا ہے۔ 
الجواب
یہ کوئی جبری معاملہ نہیں بلکہ داخلہ لینے والے کو اختیار ہوتا ہے کہ وہ اس شرط کو منظو ر کرکے داخلہ لے یا شرط نامنظور کرکے داخلہ نہ لے۔ اور نہ یہ اجرت ہے بلکہ اس کی حیثیت چندہ کی ہے اور چندہ میں شرط لگانا جائز ہے ۔
کما فی امداد الاحکام:۳؍۲۰۲
الجواب:۔جا ئز ہے کیونکہ یہ اجرت نہیں اور چندہ ہے اور چندہ میں شرط جا ئز ہے کیو نکہ اس سے جبر لازم نہیں آتا، جس کو منظور نہ ہوگی اس کو عدم داخلہ کا اختیار ہوگا۔
......
(۱) داخلہ فیس کا حکم
(۲) ماہوار فیس لی جاسکتی ہے

(سوال) ایک اسلامی مدرسہ کی مالی حالت نہایت خراب ہے، یہاں کے مسلمان اس قدر بے حس ہیں کہ باوجود خدمات کے اعتراف کے مالی امداد کی طرف راغب نہیں ہوتے اس مدرسہ میں نہ گورنمنٹ سے کوئی مالی امداد لی جاتی ہے نہ کسی بورڈ وغیرہ سے اندریں صورت
(۱) اگر بچوں کے داخلہ کے وقت کوئی رقم داخلہ فیس کے طور پر لی جائے تو جائز ہے یانہیں؟
(۲) درجہ قرآن یا حفظ و ناظرہ ارد و یا فارسی یا عربی ان میں سے کسی درجہ کے لڑکوں پر ماہواری فیس شرعاً مقرر کرنا درست ہے یا نہیں؟

المستفتی مہتمم مدرسہ دینیہ اسلامیہ، غازی پور (یو پی) ۱۰ جمادی الاول ۱۳۵۵؁ھ م ۳۰ جولائی ۱۹۳۶؁ء
(جواب ۱۹) (۱) داخلہ کی فیس تو کوئی معقول نہیں (۱)
(۲) ماہوار فیس لی جاسکتی ہے-
کفایت المفتی
حاشیہ
(۱) معقول اس اعتبار سے نہیں کہ یہ طے نہیں ہوسکا کہ داخلہ فیس کس چیز کی اجرت ہے، خصوصاً جب داخلہ فیس کے ساتھ ماہوار فیس بھی لی جائے، غایۃ ما فی الباب یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ داخلہ سے متعلق امور نمٹانے کی اجرت ہے ۔۔۔
(فتاویٰ حقانیہ: ج؍۶، ص؍ ۲۸۱)
......
مدرسہ میں داخلہ فارم پر ہر بچے سے 50 روپے لئے جاتے ہیں
ایڈمیشن فیس الگ سے لی جاتی ہے
یہ جائز ہے یا نہیں؟

الجواب و باللہ التوفیق:
صورت مسئولہ میں لیا جاسکتا ہے کوئی حرج نہیں ہے کیونکہ فارم کی طباعت میں اخراجات ہوتا ہے اور اسی بہانے مدرسہ کا کچھ تعاون ہو جاتا ہے لہذا ناجائز نہیں ہے و اللہ اعلم بالصواب
ابو حنیفہ
محمد توحید سالم قاسمی
ریاض
سعودی عرب
......

No comments:

Post a Comment