مولانا سفیر اﷲ
حلال آڈٹ ''حلال سرٹیفیکیشن'' کے عملی مراحل میں '' حلال آڈٹ'' کی حیثیت بہت اہم ہے۔حلال آڈٹ کسے کہتے ہیں؟ اس کا طریق کار کیا ہوتاہے اور اس میں کن چیزوں کو دیکھا جاتا ہے ؟زیر نظر مضمون میں انہی امور سے متعلق کچھ گزارشات پیش خدمت ہیں۔ حلال آڈٹ میں کسی کمپنی کے مکمل سپلائی چین (Supply Chain) میں نظام حلال (Halaal System) کی تطبیق اور اس کے نتائج کے حوالے سے ایک منظم جانچ پڑتال کی جاتی ہے کہ حلال سے متعلقہ تمام اصول و ضوابط پر عمل ہورہا ہے یا نہیں ؟اور تیا ر کی جانے والی مصنوعات یقینی طور پر حلال ہیںیا نہیں؟
حلال آڈٹ دو مراحل میں انجام پاتا ہے:انٹرنل آڈٹ اور ایکسٹرنل آڈٹ۔جس کی وضاحت یہ ہے کہ جب کسی صانع (مینو فیکچرر) کو اپنی مصنوعات کی حلال سر ٹیفیکیشن کروانی ہوتی ہے تو وہ پہلے حلال اسٹینڈرڈ ز کی روشنی میں اپنی فیکٹری یا پلانٹ کی تیاری کے تمام مراحل کو جانچتا ہے۔ اگر کوئی مرحلہ یا کوئی چیز حلال معیارات کے خلاف پائی جاتی ہے تو اس کو درست کرتا ہے ۔ گویا اپنے طور پر داخلی آڈٹ (Internal Audit) انجام دیتا ہے ، اور جو شخص یہ ذمہ داری نبھاتا ہے اس کو انٹرنل آڈیٹر (Internal Auditor)کہتے ہیں ۔ اس کے بعد وہ حلال سر ٹیفیکیشن باڈی سے درخواست کرتا ہے کہ میں نے کمپنی کی طرف سے حلال اسٹینڈرڈز کے تقاضے پورے کر لیے ہیں، لہٰذا میری پروڈکٹ کے لیے حلال کا تصدیق نامہ جاری کیا جائے۔ حلال سر ٹیفکیشن باڈی کی طرف سے ایک آڈیٹر کی تشکیل ہوتی ہے جو اس پلانٹ کا آڈٹ کرتا ہے ۔ اس آڈٹ میںباریک بینی سے تمام مراحل کو جانچا جاتا ہے اور ہر اس مرحلے کی نشان دہی کی جاتی ہے جہاں حلال کے ساتھ حرام خلط ہونے کے مواقع ہوں۔
حلال آڈٹ کی قسمیں
''حلال آڈٹ '' کو ہم کمپنی کی نوعیت کی وجہ سے دو قسموں میں تقسیم کرسکتے ہیں:
1 جنرل حلال آڈٹ (General Halaal Audit)
2 مذبح خانوں کا آڈٹ (Audit of slaughter houses)
جنرل حلال آڈٹ مذابح کے علاوہ تقریباً تمام کمپنیوں کے لیے یکساں ہوتا ہے، البتہ مذابح کے آڈٹ میں کچھ اضافی اشیا بھی دیکھی جاتی ہیں۔زیر نظر تحریر میں جنرل حلال آڈٹ کا طریق کار بیان کیا جارہا ہے جبکہ مذبح خانوں کے آڈٹ پر آئندہ کسی تحریر میں ان شاء اللہ عرض کیا جائے گا۔
آڈٹ کا طریق کار بیان کرنے سے پہلے آڈٹ اور انسپیکشن میں فرق ذکرکرنا ضروری معلو م ہوتا ہے۔
آڈٹ اور انسپیکشن میں فرق: یو ں تو حلال سر ٹیفیکیشن کے میدان میں آڈٹ اور انسپیکشن کی اصطلاحات ایک دوسرے کی جگہ استعمال ہوتی رہتی ہیں، لیکن ان دونوں میں کچھ فرق بھی ہے جس کا خلاصہ درج ذیل چھ امور ہیں:
1 آڈٹ میں پچھلے ریکارڈ کو بھی دیکھا جاتا ہے جبکہ انسپیکشن میں جاری عمل کو جانچا جاتا ہے۔
2آڈٹ عام طور پر اعلانیہ جبکہ انسپیکشن غیر اعلانیہ ہوتا ہے۔
3 آڈٹ میں باقاعدہ منصوبہ بندی ہوتی ہے جبکہ انسپیکشن میں کوئی خاص منصوبہ بندی کی ضرورت نہیں ہوتی ہے ۔
4 آڈٹ میں انسپیکشن کا عنصر بھی موجود ہوتا ہے جبکہ انسپیکشن کے لیے آڈٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔
5 آڈٹ کی رپورٹ دستاویزی شکل میں منظم طور پر تیار کی جاتی ہے جبکہ انسپیکشن میں صرف چیک لسٹ بھی رپورٹ کے طور پر کافی ہوتی ہے۔
6 آڈٹ کے وقت میں وسعت ہوتی ہے جبکہ انسپیکشن کا وقت محدود ہوتا ہے ۔ جنرل حلال آڈٹ کے دوران عموماًدرج ذیل آٹھ چیزیں دیکھی جاتی ہیں :
1 حلال اشورینس سسٹم(HAS: Halaal Assurance System) کی تطبیق کا جائزہ: سب سے پہلے تو آڈیٹر دیکھتا ہے کہ مینو فیکچرنگ پلانٹ کے لیے دستاویزی طورپر حلال پالیسی اور حلال پروڈکٹ کی پیداوار کے تقاضے اور ضابطے تحریری شکل میں موجود ہیں؟ پھر اس بات کا جائزہ لیتا ہے کہ ان ضابطوں پر عمل بھی ہوتا ہے یا نہیں؟ اسٹاف کا جائزہ لیا جاتاہے کہ وہ حلال سے متعلق ان دستاویز سے واقف ہیں یا حلال کا نظام صرف کاغذی کارروائی کے لیے ہے؟ اور ان کو کس حد تک حلال کے حوالے سے تربیت دی گئی ہے ؟ داخلی جانچکاری (انٹرنل آڈٹ) کے نظام کو بھی پرکھا جاتا ہے کہ وہ کتنا منظم ہے ؟ اور اپنی ذمہ داری خوبی سے انجام دے رہا ہے یا نہیں؟
2 خام مال اور اجزائے ترکیبی کی جانچ پڑتال: خام مال کا جائزہ لیا جاتاہے کہ اس میں حرا م چیزیں تو شامل نہیں ہیں؟ اگر اجزائے ترکیبی کو انتظامی طور پر کوڈز دیے گئے ہیں تو کوڈز اور ان کے مصداقات کا موازنہ کیا جاتاہے۔ تمام اجزائے ترکیبی (Ingredients)کی فہرست ، ان کے فراہم کنندگان اور جن ممالک سے منگوائے گئے ہیں ، یہ سب تفصیلات جمع کی جاتی ہیں۔ اگر بیرون ملک سے درآمد کردہ کسی جزو ترکیبی کے ساتھ حلال سر ٹیفکیٹ آیا ہو تو اس کی فوٹو کاپی بھی حاصل کی جاتی ہے تاکہ اس کے استناد کے بارے میں تحقیق کی جا سکے۔ اس بات کا بھی مشاہدہ کیا جاتاہے کہ خام مال کتنی مقدار میں آیا ہے ؟ تاکہ اگر حلال پروڈکٹ زیادہ مقدار میں تیار ہو تی ہے تو اس بات کا پتا چلایا جا سکے کہ باقی خام مال کہیں حرام ماخذ سے تو نہیں ملایا جاتا؟ اس کے ساتھ ساتھ خام مال کی رسیدیں بھی دیکھی جاتی ہیں۔
3 پروڈکٹ کے فارمولے کی پڑتال:پروڈکٹ کے فارمولے سے بھی اندازہ لگایاجاتاہے کہ اس فارمولے میں جو اجزائے ترکیبی ہیں وہ خام مال کے طور پر دیکھے گئے اجزائے ترکیبی کے مماثل ہیں یا فارمولے کے مطابق کچھ حرام اشیا بھی استعمال ہوتی ہیں ۔ واضح رہے کہ شریعت سے متعلق اشیاء، شرعی علوم کا فاضل آڈیٹر جب کہ سائنس سے متعلقہ چیزیں فوڈ ٹیکنالوجی یا کیمسٹری کا خواندہ آڈیٹر دیکھتا ہے۔
4 گودام کا مشاہدہ:گودا م (Warehouse) میں اس بات کا مشاہدہ کیا جاتاہے کہ کہیں خام مال میں حرام اشیا ملنے کے امکانات تو نہیں ہیں؟ دستاویز میں درج خام مال کا گودام میں موجود خام مال کے ساتھ موازنہ کیا جاتاہے کہ کوئی غیر معروف موادتو نہیں پایا جارہا ہے جس سے سرٹیفیکیشن باڈی کو لاعلم رکھا گیا ہو۔ ڈبوں (Cartons) کو بھی دیکھاجاتاہے کہ ان میں کہیں حرام ماخذ سے حاصل کردہ مواد تو نہیں ہے ؟کیڑے مکوڑوں کی روک تھام کے انتظام کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے۔
5 تیاری کے مراحل کا جائزہ:تیاری کے مراحل (Production Observation) میں دیکھا جاتا ہے کہ مصنوعات میں کوئی نقصان دہ چیز تو شامل نہیں ہو رہی ہے؟خواہ وہ نقصان دہ چیز طبعی(Physical) ہویا کیمیائی (Chemical)۔بائیو کیمیکل (Biochemical) ہویا مائیکرو بائیولوجیکل (Microbiological)۔پلانٹ میں صفائی ستھرائی کا معیار دیکھا جاتا ہے۔یہ بھی دیکھا جاتاہے کہ عملہ تیاری کے دوران وقتاً فوقتاً ہاتھوں اور اوزاروں کی دھلائی کرتا ہے یا نہیں ؟عملے کا بھی جائزہ لیا جاتاہے کہ ان کے یونیفارم کی صفائی ستھرائی کس حد تک ہے؟ دستانے اور بالوں کو گرنے سے روکنے کے لیے جالی استعمال کرتے ہیں یا نہیں؟ کو ئی ایسی بیماری میں تو مبتلا نہیں ہے جس کی وجہ سے غذائی مصنوعات میں اس کا اثر آجائے؟ پروڈکشن کی جگہ پر سگریٹ نوشی وغیرہ تو نہیں کی جاتی ہے؟ اسی طرح عملے کا استعمال کردہ پرفیوم، ناخن پالش جیولری وغیرہ تو ایسی حالت میں نہیں ہیں کہ غذا میں شامل ہو جائے؟ حلال و حرام یا خوردنی و غیر خوردنی اشیاء کے اختلاط اور ملاپ کے مواقع کی نشاندہی بھی کی جاتی ہے۔
اگر کہیں حرام اشیا سے اختلاط کے مواقع ہوں تو ان کو نوٹ کیا جاتا ہے۔ حلال لائن پرکل پیداوار کی مقدار درج کی جا تی ہے کہ اگر حلال کے نام پر پیداوار سے زائد مصنوعات اسٹوریج میں پائی جائیں تو ان کا سراغ لگایا جاسکے کہ کہیں دیگر پلانٹ سے لا کرتو یہاں ملائی نہیں گئیں۔
6 صفائی ستھرائی کے اصول پر پابندی کا جائزہ :مکمل پلانٹ میں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا جاتاہے کہ صفائی ستھرائی کے کون سے عوامل اور کس طریقے سے استعمال کیے جاتے ہیں؟ اورفضلہ( waste )کو ٹھکانے لگانے کا نظام کیسا ہے؟
7 لیبارٹری سے کسی جزو ترکیبی کے تجزیے کا مطالبہ:اگر کسی جزو ترکیبی کے بارے میں اطمینان نہ ہو تو لیبارٹری سے اس کے ٹیسٹ کروانے کا مطالبہ کیا جاتاہے ۔
8 پیکنگ / لیبلنگ/ اسٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن کا جائزہ :اسٹور کے تمام اسٹاک کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ کہیں حرام مصنوعات تو حلال مصنوعات کے ساتھ نہیں رکھی جاتیں؟ پیکنگ کا مواد دیکھا جاتا ہے کہ حرام ماخذ سے تو نہیں بنتا ہے؟ حلال کے لیبل کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے۔ اسٹور کا درجہ حرارت دیکھا جاتا ہے کہ کہیں جراثیم کے نشوونما کے لیے سازگار تو نہیں ہے جسے فوڈ سائنس کی اصطلاح میں ''دا ٹمپریچر ڈینجر زون'' (TDZ: The Temperature Danger Zone) کہا جاتا ہے۔ آخر میں یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیاں صرف حلال مصنوعات کے لیے مختص ہیں یا ان میں حرام و حلا ل دونوں طرح کی مصنوعات لے جائی جاتی ہیں؟
www.urdu.maeeshat.in
No comments:
Post a Comment