Friday 29 July 2016

روزمرہ کی غذاوں سے علاج

​ایس اے ساگر
ایک زمانہ تھا جب گھر میں رکھی ہوئی روزمرہ کی چیزوں سے بیشمار عوارض کا علاج کرلیا جاتا تھا. اس کے پس پشت  طب یونانی ہے جسے طب ِمشرقی اور طبِ اسلامی بھی کہا جاتاہے. اس کے تحت جڑی بوٹیوں سے علاج کی افادیت زمانہ قدیم سے مسلمہ ہے۔ برصغیر ہند،پاک میں بھلے ہی لوگوں کا رجحان ایلوپیتھک ڈاکٹروں کی جانب بڑھ رہا پو لیکن ترقی پذیر اور ترقی یافتہ دونوں قسم کے ممالک  انہی قدرتی اشیا سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ایلوپیتھک طریقہ علاج کے تحت جدید اینٹی بایوٹک ادویات کی افادیت سے کسی طور انکار نہیں کیا جاسکتا۔ لیکن ان کے استعمال سے بعض اوقات انسانی جسم پر سخت مضراثرات پڑتے ہیں جن سے تکلیف میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوجاتاہے یا کوئی اور بیماری دبوچ لیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دور حاضر میں دنیا بھر کے لو گ دوبارہ جڑی بوٹیوں کے فطری اور بے ضرر علاج کی طرف متوجہ ہور ہے ہیں کیونکہ طبِ یونانی ( اسلامی ) یا ہر بل سسٹم آف میڈیسن میں ادویات کا استعمال موسم، عمر اور مزاج کو مد نظر رکھ کر کروایا جاتا ہے جس کی وجہ سے دیسی ادویات کے کسی قسم کے سائیڈ ایفیکٹس نہیں ہوتے۔حتی کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن WHO کی رپورٹ شاہد ہے کہ جدید میڈیکل سائنس کی بے پناہ ترقی کے باوجود دنیا کی 86 فیصد آبادی ہربل ادویات استعمال کر رہی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی کے مطابق ہند، پاک کی 76فیصد آبادی مختلف امراض کے سلسلے میں طب یونانی کی ہربل میڈیسنز کا استعمال کرتی ہے۔ 2009 دنیا بھر میں ہربل میڈیسنز کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہوا جب سال کے شروع میں ہی عالمی ادارہ صحت نے تسلیم کیا کہ جڑی بوٹیاں موثر ذریعہ علاج ہیں. عالمی ادارہ صحت نے مزید کہا کہ روایتی ادویات دورِ حاضر کی بیماریوں کا موثر علاج ہیں، لہذا انہیں صحت کی ابتدائی دیکھ بھال میں شامل کیا جانا چاہئے۔
چین بن گیا مثال :
روایتی ادویات کے فروغ سے متعلق ڈبلیو ایچ کی بیجنگ میں ہونے والی اولین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ مارگریٹ چان نے کہا کہ چین جہاں جڑی بوٹیوں کو مغربی ادویات کے ساتھ علاج کیلئے تجویز کیا جاتا ہے ایک اچھا اور قابلِ تقلید نمونہ ہے۔ چین میں تقریبا دو ہزار سال سے علاج کے لئے روایتی ادویات استعمال کی جارہی ہیں۔ انہیں نزلے زکام سے لے کر سرطان تک' ہر مرض کے علاج کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ جڑی بوٹیوں، خوراک اور ورزش کے امتزاج سے علاج کا اندازاب مغرب میں بھی مقبول ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر کی بیماریوں کے علاج کے لئے مغربی ادویات کے ساتھ ساتھ قدیم طریقہ علاج کو بھی استعمال کیا جانا چاہئے۔ روایتی اور مغربی علاج کے دونوں نظاموں کو آپس میں متصادم نہیں ہونا چاہئے۔ صحت کی ابتدائی دیکھ بھال کے تناظر میں ان دونوں کو ملاجلا کر اس طرح ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے کہ ہر طریقہ علاج کے بہترین پہلو کو استعمال کیا جائے اور دونوں کے کمزور پہلوؤں پر قابو پایا جائے۔ مارگریٹ چان کے بقول عالمی ادارہ صحت کے خیال میں روایتی ادویات کے مغربی ادویات کی نسبت مضر اثرات کم ہوتے ہیں اور وہ عام بیماریوں مثلا اسہال، ملیریا وغیرہ کے لیے سستا اور موثر علاج ہیں۔ روایتی ادویات جدید دور کے رہن سہن کے انداز سے جنم لینے والی بیماریوں مثلا ذیابیطس ، دل کے امراض اور ذہنی بیماریوں کو دور کرنے میں بھی مدد دے سکتی ہیں لیکن اس کا کیا کیجئے کہ جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ دواؤں کی مارکیٹ اربوں ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور ان میں سے بہت سی ادویات کو یہ جانے بغیر فروخت کیا جارہا ہے کہ ان میں کون کون سے اجزا شامل ہیں اور اس کے کیا اثرات ہوسکتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے کیا تسلیم :
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ روایتی ادویات کو صحت کی دیکھ بھال کے جدید نظام میں ضم کرنے سے سائنسی تحقیق کی حوصلہ افزائی ہوگی اور اس بات کو یقینی بنایا جاسکے گا کہ انہیں نظرانداز نہ کیا جائے اور انہیں محفوظ اور موثر طور پر استعمال کیا جائے۔ اس ضمن میں ڈاکٹر محمود جاہ نے فطری علاج کے 100نسخے پیش  کئے ہیں. یعنی روزمرہ میسر  سبزیوں، پھلوں، اناج کے استعمال سے مختلف بیماریوں، ان کی علامات اور پیچیدگیوں پر قابو پانا۔ ذیل میں ایسی ہی چند سبزیوں اور پھلوں وغیرہ کے استعمال پر مشتمل ۱۰۰آزمودہ نسخے پیش کئے جا رہے ہیں۔ تجربہ اور مشاہدہ ہے کہ بعض مرتبہ جہاں ایلوپیتھک دوائیاں کچھ نہ کر سکیں، قدرتی طریقہ علاج نے جادوئی اثر دکھایا۔ سیکڑوں مریضوں نے ان نسخوں پر عمل کر کے فائدہ اٹھایا ہے ۔ ان آزمودہ نسخوں کے لئے طب کی مشہور کتابوں سے استفادہ کیا اور بڑی بوڑھیوں اوربزرگوں سے مشورہ لیا گیا۔ تاہم ان  نسخوں کو استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ بیماری کی مکمل تشخیص اور علاج کے لئے ماہر اور تجربہ کار اطبا سے مشورہ ناگزیر عمل ہے :
۱۔ گھیکوار کا گودا صبح شام منہ پر لگانے سے چہرے کے داغ دھبے آہستہ آہستہ دور ہو جاتے ہیں۔
۲۔ پیشاب کی جلن دور کرنے کے لئے پانی زیادہ استعمال کیجیے۔
۳۔ زیادہ پیاس لگے، تو ککڑیاں کھائیے۔ پیاس کسی صورت نہ بجھے، تو دودھ کی کچی لسی بنا کر دو تین گلاس پئیں، پیاس ختم ہو جائے گی۔
۴۔ پائوں کے تلوے جلتے ہوں، تو صبح شام گھیکوار کے گودے سے تلوئوں کی مالش کریں۔
۵۔ دل کی تیزدھڑکن اور پیٹ میں گیس بننے سے روکنے کی خاطر سونف اور خشک دھنیا ایک ایک چھٹانک صاف کر کے پیس لیں۔ اس آمیزے میں ڈیڑھ چھٹانک شکر ملائیں۔ صبح شام ایک ایک چمچ لیں۔
۶۔ نظر بہتر بنانے کے لئے سات بادام پیس کر آدھا آدھا چمچ سونف و مصری کے ساتھ روزانہ لیں۔
۷۔ گرمیوں میں آنکھ کی سرخی اور جلن دور کرنے کے لیے پانچ یا سات آملے مٹی کے پیالے میں رات کو بھگو دیں۔ صبح پانی چھان کر اس سے آنکھوں پر چھینٹے ماریں۔
۸۔ بچوں میں پیٹ کے کیڑوں سے نجات کے لئے کمیلہ کا ۳؍گرام سفوف صبح شام دیں۔
۹۔ پائوں کی ایڑیاں پھٹنے اور جلن سے بچانے کے لئے ایک تولہ کچا سہاگا، ایک تولہ پھٹکری، ایک تولہ گندھک لے کر پیس لیں۔ اس میں پٹرولیم جیلی ملا کر رات کو سوتے وقت ایڑیوں پر لگائیں۔ چند دنوں میں افاقہ ہو جائے گا۔
۱۰۔ موٹاپا کم کرنے کے لئے پسی کلونجی آدھا چمچ ایک پانی میں ابال کر صبح نہار منہ اور شام کو لیں۔ ایک گلاس پانی میں کلونجی تیل کے چار پانچ قطرے اور ایک لیموں کا رس ڈال کر صبح شام متواتر ایک ماہ استعمال کرنے سے موٹاپا کم جا سکتا ہے۔
۱۱۔ زکام کے خاتمے کے لیے تھوڑی سی چینی دہکتے ہوئے کوئلوں پر ڈال کر اس کا دھواں سونگھیں۔
۱۲۔ ہرے دھنیے کا پانی نکال کر سونگھنے سے چھینکوں کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
۱۳۔ نکسیر کا خون بند کرنے کے لیے بھی ہرے دھنیے کا پانی نکال کر سونگھیں۔
۱۴۔ ناک کی بدبو دور کرنے کے لیے چٹکی بھر پھٹکری تھوڑے سے پانی میں حل کر کے ناک میں ڈالیں۔
۱۵۔ چھوٹے بچوں میں پیشاب کی جلن دور کرنے کے لیے پانی میں پیاز کچل کر ۶۰گرام چینی ملا لیں۔ صبح شام دو سے تین چمچ یہ آمیزہ پلائیں۔
۱۶۔ بدہضمی اور الٹیاں روکنے کے لیے ۳۰گرام پیاز، پودینہ کے چند پتے اور سات عدد کالی مرچ اچھی طرح ملا کرکھائیے۔
۱۷۔ صبح شام سلاد کے طور پر پیاز کا استعمال بدہضمی روکتا اور جسمانی طاقت بڑھاتا ہے۔
۱۸۔ بھوک بڑھانے کی خاطر پھلوں کے سرکے میں پیاز اور ادرک کاٹ کر ملائیے۔ پھر پودینے کے پتے، لہسن کے دوچار ٹکڑے اور تھوڑی سی کشمش ملا کر کھانے میں بطور سلاد استعمال کریں۔
۱۹۔ سر کے زخم اور خارش دور کرنے کے لیے نیم کی نمولیاں پیس، پانی میں ملا، گاڑھا لیپ بنا کر رات کو بالوں میں اچھی طرح لگائیں۔
۲۰۔ سردیوں میں ہاتھ پائوں کی انگلیوں میں سوجن دور کرنے کے لیے گھیا (لوکی) کدوکش کر اسے ہاتھ پائوں پر اچھی طرح ملیں۔ ایک گھنٹے بعد ہاتھ پائوں دھولیں اور پھر پٹرولیم جیلی لگائیں۔
۲۱۔ کھانسی روکنے کے لیے صبح، دوپہر شام ملٹھی منہ میں رکھ کر چوسیں۔
۲۲۔ آنکھوں کی جلن دور کرنے کے لیے ٹھنڈے پانی کے چھینٹے ماریں اور برف سے ٹکور کریں۔
۲۳۔ زخم کی سوجن دور کرنے کے لیے پیاز جلا اس میں ہلدی ملا کر لیپ بنائیے۔ اسے پھر زخم پر لگائیں۔
۲۴۔ دائمی قبض دور کرنے کے لئے صبح شام زیتون کا تیل معتدل مقدار میں استعمال کریں۔
۲۵۔ پیٹ کے جملہ امراض روکنے کے لئے اسپغول کا چھلکا بلاناغہ استعمال کریں۔
۲۶۔ ہچکی روکنے کے لئے دیسی گھی میں سوجی کا حلوہ بنا کر کھائیے۔ یا منہ میں برف کی ڈلی رکھیں یا آہستہ آہستہ گنڈیریاں چوسیں۔
۲۷۔ بچوں کو بخار زیادہ ہو جائے، تو فوراً نہلا دیں یا ٹھنڈے پانی کی پٹیاں کریں۔
۲۸۔ دست اور قے روکنے کے لیے سونف اور پودینہ کا قہوہ بنا کر پیجیے۔
۲۹۔ پائوں نرم و ملائم کرنے کے لیے سونے سے دس منٹ پہلے پائوں تازہ پانی میں بھگوئیے۔ اس پانی میں چند قطرے روغن زیتون اور تھوڑا سا نمک ملا لیں۔ خشک کر کے پٹرولیم جیلی یا سرسوں کا تیل لگائیں۔سردیوں میں نیم گرم پانی استعال کریں۔
۳۰۔ کولیسٹرول کم کرنے کے لئے ایک ایک چمچ آملہ اور مصری ملا کر روزانہ صبح نہار منہ ایک گلاس پانی کے ساتھ لیں۔
۳۱۔ زہریلا کیڑا کاٹ لینے کی صورت میں لہسن کا تیل اور شہد ملا کر زخم والی جگہ پر لگائیں۔
۳۲۔ بچوں میں پیٹ کے کیڑے ختم کرنے کے لئے کلونجی پانی میں ابال اس کا پانی رات کو سونے سے پہلے پلائیں۔
۳۳۔ جوڑوں کا درد روکنے کے لیے نیم کے پتوں کے تیل کی مالش کریں۔
۳۴۔ کھانسی دور کرنے کے لئے ایک ایک چمچ شہد اور ادرک کا رس ملا کر روزانہ صبح، دوپہر، شام تین سے پانچ روز تک لیں۔
۳۵۔ لہسن جلا سرکے اور شہد میں ملا کر لگانے سے پھوڑے پھنسیاں اور نشان دور ہو جاتے ہیں۔
۳۶۔ ذیابیطس قابو کرنے کے لیے بغیر چھنے آٹے میں تازہ یا پسی میتھی ملا کر روٹی بنائیے اور روزانہ ناشتے میں کھائیں۔ دو سے تین ہفتوں میں شوگر کنٹرول ہو جائے گی۔
۳۷۔ دانت کا درد دور کرنے کے لئے لونگ استعمال کیجئے۔ روزانہ صبح 2 عدد لونگ اور ذراسی دارچینی ایک کپ پانی میں ابال کر پی لینے سے دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس جانے کی نوبت بھی نہیں آتی.
۳۸۔ بلڈپریشر قابو میں لانے کے لئے آڑو، پھلیاں، لوبیا، مٹر، ناشپاتی اور کیلا زیادہ استعمال کریں۔
۳۹۔ کولیسٹرول کی سطح کم کرنے کے لئے جئی کا آٹا اور گاجر زیادہ کھائیے۔
۴۰۔ سونف کا زیادہ استعمال آنکھوں کی بینائی تیز کرتا ہے۔
۴۱۔شکر اور سونف ہم وزن لے کر اسے کوٹ لیں۔ سر کے چکر دور کرنے کے لیے صبح شام ایک چمچ پانی کے گلاس میں لے لیں۔
۴۲۔ صبح نہار منہ روزانہ دو سے تین گلاس پانی پئیں، نظام انہضام درست ہو جائے گا۔
۴۳۔ دانتوں کی چمک برقرار رکھنے کے لیے صبح و شام نیم کی مسواک استعمال کریں۔
۴۴۔ برص کے داغ دور کرنے کے لیے خالص شہد ایک چمچ، عرق پیاز ایک چمچ اور نمک آدھا چمچ ملا کر داغوں پر لگائیں۔
۴۵۔ دوران حمل گرمی، قے اور سر درد دور کرنے کے لئے آلو بخارہ زیادہ استعمال کریں۔ آلو بخارہ کا شربت بنانے کے لیے پانچ چھے آلو بخارے رات کو پانی کے گلاس میں بھگو دیں۔ صبح تھوڑی سی چینی اور نمک ملا کر آلو بخارے مسل دیں۔ برف ڈال کر استعمال کیجیے۔
۴۶۔ موٹاپا دور کرنے کے لئے اپنی خوراک سے ہر قسم کی چکنائی، مشروبات اور مٹھائیوں کا استعمال بالکل ترک کر دیں۔
۴۷۔ تازہ پھل اور سبزیاں زیادہ سے زیادہ کھائیے۔
۴۸۔ دل کی بیماریوں سے بچنے کے لیے صبح و شام سیر کیجیے اور مرغن غذائوں سے پرہیز کریں۔
۴۹۔ چھینکوں کی بھرمار سے بچنے کے لیے ایک چمچ میتھی دانہ ایک کپ پانی میں ابال لیں۔ ٹھنڈا کر اور چھان کے سونے سے پہلے دو تین ہفتے تک پئیں۔
۵۰۔ ڈکار دور کرنے کے لیے کھانے کے بعد ادرک کے باریک ٹکڑوں پر نمک چھڑک کر آہستہ آہستہ چبا کر کھائیں۔ اس کے علاوہ سالن میں ادرک اور لہسن کا استعمال زیادہ کریں۔
۵۱۔ خون کی کمی دور کرنے کے لیے انار کا رس زیادہ پئیں۔ چقندر کا استعمال بطور سلاد کریں اور سیب بھی خوب کھائیں۔
۵۲۔ ایہاتھ یا پائوں میں پسینا زیادہ آتا ہو، تو پانی میں لیموں کا رس یا سرکہ ملا کر دن میں تین بار اور سونے سے پہلے دھوئیں، افاقہ ہو گا۔
۵۳۔ پیٹ میں ہر وقت گیس رہتی ہو، تو میتھی کے بیج کھائیں۔ گردے اور مثانے کی پتھری نکالنے کے لیے روزانہ نہار منہ پانچ عدد انجیر کھائیں یا پتھر چٹ پودے کے پتے چبائیں۔
۵۴۔ آنکھوں کے گرد حلقے دور کرنے کے لیے صبح سویرے اپنے دائیں ہاتھ کی انگلی بائیں ہاتھ کی ہتھیلی پر رگڑیںاور گرم گرم انگلی آنکھوں کے گرد حلقے پر پھیرئیے۔
۵۵۔ جسم کی چربی پگھلانے کے لئے نہار منہ پانی میں شہد اور چند قطرے لیموں ڈال کر روزانہ لیں۔
۵۶۔ مسوڑھوں سے خون بہتا ہو، تو جامن کے دو تین پتے دھو کر چبائیے اور آمیزے کو مسوڑھوں پر ملیں۔
۵۷۔ بچوں میں ناک کی نکسیر روکنے کے لیے انھیں ککڑی اور کھیرا کھلائیے۔
۵۸۔ ناخن مضبوط کرنے کے لئے روزانہ چند ہفتے تک ہلکے گرم زیتون کے تیل میں تھوڑی دیر ناخنوں کو ڈبو کر رکھیں۔
۵۹۔ بدہضمی اور بھاری پن سے بچنے کے لئے کھانے کے بعد تھوڑا سا گڑ بطور ’’سویٹ ڈش‘‘ لیں۔
۶۰۔دانتوں میں خون آنے سے روکنے کے لئے ایک لیموں کا رس، ایک پیالی نیم گرم پانی اور آدھا چمچ نمک ملا کر صبح و شام غرارے کریں۔
۶۱۔پھنسیوں پر فالسے کے پتے باریک پیس کر لگانے سے وہ ختم ہو جاتی ہیں۔
۶۲۔ قے روکنے کے لئے چھوٹی الائچی یا املی استعمال کریں۔
۶۳۔ چھوٹے بچے نمکول کا پانی نہ پئیں، تو دو چمچ شہد، آدھا چمچ نمک، ایک چمچ چینی اور تین چار قطرے لیموں ڈال کر دو گلاس پانی میں حل کر گھریلو نمکول بنا لیں۔اسہال اور قے کی صورت میں بچوں کو دیجیے۔
۶۴۔ ہاتھ جلنے کی صورت میں متاثرہ جگہ گاجر پیس کر اس کا لیپ لگائیں۔
۶۵۔ بھاپ سے ہاتھ جل جائے، تو متاثرہ جگہ آلو کے ٹکڑے کاٹ کر ملیں۔
۶۶۔ آملہ کا مرباّ کھانے سے بار بار نکسیر آنا بند ہو جاتی ہے۔
۶۷۔ پیٹ میں شدید درد ہو، تو بڑی الائچی، دارچینی، سونف، پودینہ کا قہوہ بنا کر پئیں۔
۶۸۔ آواز بیٹھ جائے تو نیم گرم پانی میں ہلکا نمک ملا کر غرارے کریں یا ملٹھی چبائیں۔ ادرک کے رس میں شہد ملا کر چاٹنے سے بھی گلا ٹھیک ہو جاتا ہے۔
۶۹۔ انجیر کھانے سے منہ کی بدبو دور ہوتی ہے۔
۷۰۔ ٹیکے کی جگہ سوجنے کی صورت میں برف سے ٹکور کریں۔
۷۱۔ آنکھوں کو طراوت دینے کے لیے کچی گاجروں کا استعمال زیادہ کریں۔
۷۲۔ ہرے دھنیے کا عرق چھالوں پر لگانے سے وہ دور جاتے ہیں۔
۷۳۔ دانتوں میں درد دور کرنے کے لئے لونگ پیس لیموں کے رس میں ملا کر درد والی جگہ پر لگائیں۔
۷۴۔ خراب اور کٹے پھٹے ہونٹ ٹھیک کرنے کے لیے گلاب کا پھول آدھا پیس، اس میں ذرا سا مکھن لگا کر ایک ہفتہ تک ہونٹوںپر لیپ کریں۔
۷۵۔ زخموں میں پیپ آنے سے روکنے کے لیے دو تا تین جاپانی پھل روزانہ کھائیں۔
۷۶۔ جسمانی کمزوری دور کرنے اور وزن میں اضافے کی خاطر روزانہ دودھ کا ملک شیک لیں۔ رات کو گیارہ بادام اور ایک چمچ کشمش آدھی پیالی پانی میں بھگو لیجئے۔ صبح بادام اور کشمش کے دانے کھا کر بچا ہوا پانی پی لیں۔
۷۷۔ لیکوریا اور ٹانگوں میں مستقل درد ختم کرنے کے لئے تین ہفتے تک روزانہ صبح کے وقت سات بادام کھائیے۔
۷۸۔ آپریشن وغیرہ کے زخم اور نشان دور کرنے کے لئے گھیکوار کے گودے میں تھوڑا سا زیتون کا تیل ڈال گرم کر کے روزانہ لگائیں۔
۷۹۔ ہاتھوں میں کھجلی اور خارش روکنے کے لئے گھیا (لوکی) کچل کر صبح شام اس کا رس ہاتھوں پر اچھی طرح ملیں۔
۸۰۔ دل کی گھبراہٹ دور کرنے اور ہائی بلڈپریشر روکنے کے لئے ایک پیالی خالص شہد، پھلوں کا سرکہ ایک پیالی اور دیسی لہسن (آٹھ دانے) تینوں اچھی طرح پیس کر آمیزہ فریج میں رکھ دیں۔ ایک ہفتے بعد صبح و شام ایک چمچ لیں۔
۸۱۔ سر کی خشکی دور کرنے کی خاطر چقندر کے پتے ابال کر روزانہ اس پانی سے سر دھوئیں۔
۸۲۔ موسم گرما میں پیشاب کی جلن اور رکاوٹ دور کرنے کے لئے ’گرما‘ استعمال کریں۔
۸۳۔ جلنے کی صورت میں متاثرہ جگہ پر فوری طور پر کسٹر آئل لگائیں۔
۸۴۔خارش دور کرنے کے لئے ناریل کے تیل میں کافور ملا کر متاثرہ جگہ پر لگائیں۔
۸۵۔ شہد کی مکھی یا بھڑ کے کاٹنے کی صورت میں نمک سرکہ میں ملا متاثرہ جگہ پر لگا کر ڈنگ نکال دیں۔ درد اور سوجن کم ہو جائے گی۔
۸۶۔آدھے سر کا درد دور کرنے کے لیے لیموں کے چھلکے پیس، اس میں تیل زیتون کا ملا، سر پر لیپ کریں۔
۸۷۔ نیند نہ آتی ہو، تو سونے سے پہلے پائوں کے تلوئوں پر خالص سرسوں کے تیل کی مالش کریں اور دو چمچ شہد کھا لیں۔
۸۸۔ سخت ہاتھوں کو نرم و ملائم رکھنے کے لیے رات کو سونے سے پہلے لیموں کا عرق، گلیسرین میں ملا کر ہاتھوں میں ملیں۔
۸۹۔ منہ کی بدبو دور کرنے کے لئے دن میں دو تین بار سونف چبائیے کر کھائیے۔
۹۰۔ آواز بیٹھ جائے تو ایک گلاس پانی میں دو چمچ سونف ڈال کر ہلکی آنچ میں پکائیں۔ جب ایک ابال آ جائے، تو پانی ٹھنڈا کر کے پی لیجیے۔ چینی اور دار چینی بھی ڈال لیں۔ اس قہوے کو دن میں دو تین بار استعمال کریں۔
۹۱۔ جسم میں کسی جگہ کانٹا چبھ جائے، تو تھوڑا سا گڑ لے اس میں پیاز کاٹ کر ملائیں اور متاثرہ جگہ باندھ دیں، کانٹا خودبخود نکل آئے گا۔
۹۲۔ پائوں کے چھالے دور کرنے کے لئے رات سوتے وقت آبلے پر انڈے کی سفیدی لگا لیں۔
۹۳۔ لو لگنے کی صورت میں پیازکا رس، لیموں اور تھوڑا سا نمک ڈال کر پیجیے۔
۹۴۔ چھوٹے بچوں میں کھانسی ختم کرنے کے لیے تھوڑی سی کالی مرچ، الائچی پیس کر شہد کے آدھے چمچ میں ملا کر صبح و شام دیں۔
۹۵۔ چہرے کی جھریاں دور کرنے کے لئے سو گرام عرق گلاب، ۱۵گرام روغن بادام اور پندرہ گرام پھٹکری لے کر چار انڈوں کی سفیدی ملا ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب آمیزہ یک جان ہو جائے، تو اتار لیں۔ سوتے وقت اس سے چہرے کی مالش کریں۔
۹۶۔کیل مہاسے دور کرنے کے لئے انڈے کی سفیدی پھینٹ کر چہرے پر پندرہ بیس منٹ تک لگائیں۔ بعد میں صابن سے منہ دھو کر صاف کر لیں۔
۹۷۔زکام سے بچنے کے لئے قہوے میں ادرک اور دار چینی ملا کر استعمال کریں۔
۹۸۔دانتوں کے کیڑے ختم کرنے کے لئے، چنبیلی کے پتے پانی میں اُبال لیں۔ اس میں تھوڑا سا نمک ملا کر غرغرے کریں۔
۹۹۔صبح چاق چوبند اور تروتازہ رہنے کے لئے ایک پیالی گرم دودھ میں ایک چمچ شہد ڈال سونے سے پہلے روزانہ لیں۔
۱۰۰۔ بار بار پیشاب آنے سے روکنے کے لئے سونے سے پہلے اخروٹ کھائیں۔ چھوٹے بچوں کا سوتے میں پیشاب نکل جاتا ہو، تو انھیں سونے سے قبل تل کے لڈو یا باجرے کی کھچڑی کھلائیے۔
مختصر یہ کہ پھل و سبزیاں اپنے اپنے موسم میں بیماریوں کا بہترین علاج ہیں۔ ان کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ رات کو بھر پیٹ کھانا کھانے کی بجائے اگر ذرا بھوکے رہنے سے بھی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے جبکہ رات گئے شادی، بیاہ وغیرہ کے کھانے بھی بیماری بڑھنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ اس لئے کیوں نہ بے دریغ کھانے سے پرہیز کیا جائے!

No comments:

Post a Comment