Thursday 23 June 2016

کیا کریں جب بجلی کڑکے؟

ایس اے ساگر

برصغیر ہند، پاک کے باشندے بھلے ہی بجلی کی آنکھ مچولی سے پریشان رہتے ہوں اور مسلسل فراہمی کیلئے مطالبہ کرتے ہوں لیکن جب آسمان میں بجلی چمکتی ہے تو دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں. دراصل آسمانی بجلی ان دنوں غضب ڈھارہی ہے. حضرت عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ جب بادل گرج سنتے تو تمام باتیں چھوڑ کر یہ کلمات کہتے۔

سُبْحَانَ الَّذِي يُسَبِّحُ الرَّعْدُ بِحَمْدِهِ وَالْمَلاَئِكَةُ مِنْ خِيفَتِهِ
صحیح، موطا للامام مالک:3641
یعنی کہ پاک ہے وہ ذات جس کی تعریف کے ساتھ یہ گرج تسبیح کرتی ہے اور فرشتے اس کے خوف سے تسبیح کرتے ہیں۔

علامات پہچانیں :

حالیہ گرم موسم کے باعث طوفان بادو و باراں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گرج چمک اور آسمانی بجلی بہت خوفناک ہوتے ہیں لیکن ان سے بچنے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟ گرج چمک کم مدتی اور خطرناک ہوتے ہیں۔ اگر آپ بادلوں کی گونج سن سکتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ طوفان قریب ہی ہے اور آسمانی بجلی آپ پر گرنے کے خدشات ہیں۔ آسمانی بجلی طوفان سے 10 میل دور تک گر سکتی ہے۔
اگر بجلی کی چمک دیکھنے اور بادلوں کی گرج کی آواز میں 30 سیکنڈ سے کم کا وقفہ ہے تو یہ خطرے کی علامت ہے۔

خطرناک مقامات :

اگر طوفان کی پیشین گوئی کی گئی ہے تو کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں اور خاص طور پر گولف یا مچھلی کے شکار کے لیے نہ جائیں۔ اگر طوفان آ رہا ہے تو کسی عمارت میں چلے جائیں یا گاڑی میں بیٹھ جائیں اور شیشے چڑھا لیں۔
طوفان کی صورت میں لکڑی کے بنے کمرے، اکیلا کھڑا درخت اور بغیر چھت کی گاڑیاں آپ کو محفوظ نہیں رکھ سکتے۔

کیا نہیں کرنا چاہئے ؟

کشتی میں سوار افراد اور تیراک فوری طور پر کنارے پر پہنچیں کیونکہ پانی کے ذریعے بجلی گزر سکتی ہے۔ اسی طرح لوہے کی پائپوں اور فون لائنوں کے ذریعے بھی بجلی گزر سکتی ہے۔ اس لیے صرف ایمرجنسی کالز کے لئے فون استعمال کریں۔ بہتر یہ ہو گا کہ نہانے اور برتن دھونے سے پرہیز کریں کیونکہ اگر مکان پر آسمانی بجلی گرتی ہے تو بجلی کا جھٹکا لوہے کی پائپوں کے ذریعے بجلی گزر سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات یہ بھی مشورہ دیتا ہے کہ بجلی سے چلنے والے آلات کو بند کر دیں۔ اگر بجلی چلی جائے تو موم بتی لگانے کی بجائے ٹارچ کا استعمال کریں۔

نیچے رہیں :

طوفان کے دوران اگر آپ مکان سے باہر ہیں تو درخت، باڑ اور کھمبوں سے دور ایسی جگہ ڈھونڈیں جو تھوڑی نچلی ہو۔ اگر آپ کو جھنجھناہٹ محسوس ہو اور آپ کے بال کھڑے ہو جائیں تو اس کا مطلب ہے کہ آسمانی بجلی گرنے لگی ہے۔ ایسی صورت میں اپنا سر گھٹنوں کے درمیان رکھیں۔

چھتری اور موبائل سے گریز :

طوفان کے دوران چھتری اور موبائل فون استعمال نہ کریں۔ برٹش میڈیکل جرنل نے گذشتہ ماہ بتایا کہ طوفان کے دوران کس طرح 15 سالہ لڑکی موبائل فون استعمال کر رہی تھی اور بجلی گرنے کے باعث ان کو دل کا دورہ پڑا، کان کا پردہ پھٹ گیا اور وہ ایک سال تک وہیل چیئر پر رہیں۔

جب گر جائے بجلی :

اگر کسی پر آسمانی بجلی گرے تو فوری طور ایمبولینس کو فون کریں کیونکہ اس شخص کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہو گی۔ اس شخص کو آپ ہاتھ لگا سکتے ہیں۔ اس شخص کی نبض چیک کریں اور دیکھیں کہ سانس آ رہا ہے کہ نہیں۔ اگر سانس آ رہا ہے تو دیکھیں کہ وہ زخمی تو نہیں۔ جس شخص پر آسمانی بجلی گری ہو اس کے جسم پر دو جگہ جلنے کے نشان ہوں گے۔ ایک وہاں جہاں بجلی گری اور دوسرے وہاں جہاں سے بجلی جسم سے باہر نکلی اور یہ عام طور پر قدم ہوتے ہیں۔

مثبت پہلو :

بی بی سی موسمی سینٹر کا کہنا ہے کہ طوفان کے کم از کم 30 منٹ تک باہر نکلنے سے گریز کریں۔ اور ہاں یہ بات درست نہیں ہے کہ آسمانی بجلی ایک جگہ دو بار نہیں گرتی. بعض صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین بادل گرجنے کی آواز سن کر یہ کہتے تھے :

سُبْحَانَ الَّذِي يُسَبِّحُ الرَّعْدُ بِحَمدِه وَالْمَلائِكَةُ مِنْ خِيْفَتِه
پاک ہے وہ ذات جس کے خوف سے گرج اس کی تسبیح و حمد کرتی ہے اور فرشتے بھی ۔ ​یہ دعا دراصل سورۃ الرعد کی اس آیت کریمہ سے ماخوذ ہے :

وَيُسَبِّحُ الرَّ‌عْدُ بِحَمْدِهِ وَالْمَلَائِكَةُ مِنْ خِيفَتِهِ وَيُرْ‌سِلُ الصَّوَاعِقَ فَيُصِيبُ بِهَا مَن يَشَاءُ وَهُمْ يُجَادِلُونَ فِي اللَّـهِ وَهُوَ شَدِيدُ الْمِحَالِ
اس (اللہ )کے خوف سے گرج اس کی تسبیح وتعریف کرتی ہے اور فرشتے بھی۔ وہی ہے جو آسمان سے بجلیاں گراتا ہے اور جس پر چاہتا ہے اس پر ڈالتا ہے ۔ یہ (کفار) اللہ کے بارے میں لڑ جھگڑ رہے ہیں، بحث و مباحثہ کر رہے ہیں اور(نہیں جانتے کہ) اللہ سخت قوت و گرفت والا ہے ۔ سورۃ الرعد : آیت نمبر ۱۳۔

اس آیت مبارکہ کے آخر میں اللہ سبحانہ و تعالی کو شدید المحال کہا گیا ہے ۔ بہت قوت ، بہت تدبیر اور گرفت والا ۔ یہ آیت اپنے اندر بہت ہیبت و عظمت رکھتی ہے۔ کوئی مترجم اس کی ہیبت کو ترجمہ نہیں کرسکتا۔ سبحان اللہ دنیا کی سب زبانیں عاجز ہیں عربی زبان کے معانی کو منتقل کرنے سے ۔

BBC Urdu | آسمانی بجلی سے کیسے محفوظ رہیں - http://www.bbc.com/urdu/science/2016/06/160622_lightning_safety_rh?ocid=wsurdu.chat-apps.in-app-msg.whatsapp.trial.link1_.auin

No comments:

Post a Comment