Sunday, 1 September 2019

ہر مرض سے شفا

ہر مرض سے شفا
سوال: مجھے برص (جلد میں سفید داغ) کی بیماری ہے بہت دنوں سے۔
براہ کرم اس کے لیے کوئی قرآنی دعا یا وظیفہ بتادیں۔ جزاکم اللہ خیرا
الجواب وباللہ التوفیق:
حدیث شریف میں ایک دعا آتی ہے آپ اسے روزانہ سات دفعہ پڑھ کر اپنے دونوں ہاتھ پر دم کرکے پورے جسم پر ہاتھ پھیر لیں وہ دعا یہ ہے: أَسْأَلُ اللہَ الْعَظِیمَ، رَبَّ الْعَرْشِ الْعَظِیمِ، أَنْ یَشْفِیَ اور 'یا سلام' روزانہ کثرت سے پڑھتے رہیں یہ دونوں دعائیں بہت مجرب ہیں، خوب اخلاص کے ساتھ پڑھتے رہیں، اللہ تعالی آپ کو شفاء کامل عطا فرمائے۔ آمین
---------------------------------------------------------
سوال: اچھی صحت کے لیے دعاؤں پر مشتمل کچھ قرآنی آیات اور احادیث بیان کر دیجیے؟
الجواب وباللہ التوفیق:
صحت و بیماری کے حوالے سے بعض قرآنی اور ماثور دعائیں درج ذیل ہیں۔ تاہم دعا کے متعلق یہ اصولی بات سمجھ لیں کہ بندہ جب خدا کو قدر مطلق سمجھ کر، پورے اعتماد اور بھروسے کے ساتھ دعا مانگتا ہے چاہے وہ کسی بھی زبان میں رب کو پکارے، تو اللہ تعالیٰ اس کی پکار ضرور سنتا ہے۔ دعا کا نتیجہ چاہے ہماری مرضی کے مطابق نکلے یا نہیں وہ ہمارے حق میں ضرور نکلتا ہے۔ دنیا اور آخرت کی کوئی نہ کوئی بہتری ہمیں لازماً ملتی ہے اور کسی نہ کسی برائی سے ہم بچالیے جاتے ہیں۔ اصل چیز اللہ کو اپنا رب سمجھ کر، معبودِ برحق جان کر، واحد کارساز سمجھ کر اور پوری تڑ پ کے ساتھ پکارنا ہے۔ اس کا نتیجہ لازمی نکلتا ہے۔ بہرحال صحت و بیماری سے متعلق قرآن میں آنے والی (پہلی دو) اور (باقی) احادیث میں بیان کردہ بعض دعائیں حسب ذیل ہیں:
رَبِّ إِنِّيْ مَسَّنِيَ الضُّرُّ وَأَنتَ أَرْحَمُ الرَّاحِمِيْنَ
اے میرے رب، میں سخت تکلیف میں مبتلا ہوں اور تو سب سے بڑ ھ کر رحم کرنے والا ہے۔
رَبِّ إِنِّيْ مَسَّنِيَ الشَّيْطَانُ بِنُصْبٍ وَعَذَاب
اے میرے رب، شیطان نے مجھے سخت دکھ اور آزار میں مبتلا کر رکھا ہے ۔
اَللّٰهُمَّ عَافِنِيْ فِيْ بَدَنِيْ، اَللّٰهُمَّ عَافِنِيْ فِيْ سَمْعِيْ، اَللّٰهُمَّ عَافِنِيْ فِيْ بَصَرِيْ، لَآ اِلٰهَ اِلَّآ اَنْتَ
اے اللہ! تومجھے جسمانی صحت وعافیت عطا فرما، اے اللہ!تومیری قوتِ سماعت میں عافیت وسلامتی عطافرما، اے اللہ! تو میری قوتِ بینائی میں عافیت وسلامتی عطا فرماتیرے سواکوئی معبودنہیں ہے۔
اَذْهِبِ الْبَاسَ رَبَّ النَّاسِ، اِشْفِ وَ اَنْتَ الشَّافِيْ، لَا شِفَاءَ اِلَّا شِفَاءُکَ، شِفَاءً لَا يُغَادِرُ سَقَماً
دورکر دے تکلیف کواے لوگوں کے پروردگار، شفادے دے کہ توہی شفادینے والا ہے، تیری شفا کے علاوہ کوئی شفا نہیں۔ ایسی شفا دے جو بیماری کا ہر اثر دورکر دے۔
اَعُوْذُ بِاللّٰهِ وَقُدْرَتِهٖ مِنْ شَرِّمَآ اَجِدُ وَاُحَاذِرُ
میں اللہ اوراس کی قدرت کی پناہ لیتا ہوں، اس تکلیف کے شرسے جومجھے ہورہی ہے اورجس سے میں ڈر رہا ہوں۔
اللَّهُمَّ مَتِّعْنَا بِاَسْمَاعِنَا وَ اَبْصَارِنَا وَقُوَّاتِنَا اَبَدًا مَا اَبْقَيْتَنَا
اے اللہ، ہمیں ہماری سماعت، بینائی اور قوتوں سے تاحیات فائدہ پہنچا۔
---------------------------------------------
سوال: ان دعاوَں کا ترجمہ بتائیں:
(۱) اللھُمَّ أَنْتَ رَبِّی وَأَنَا عَبْدُکَ، ظَلَمْتُ نَفْسِی، وَاعْتَرَفْتُ بِذَنْبِی، وَلَا یَغْفِرُ الذُّنُوبَ إِلَّا أَنْتَ، أَیْ رَبِّ فَاغْفِرْ لِی ذنبی .
(۲) اللَّھُمَّ رَبَّ النَّاسِ، مُذْھِبَ البَاسِ، اشْفِ أَنْتَ الشَّافِی، لاَ شَافِیَ إِلَّا أَنْتَ، شِفَاءً لاَ یُغَادِرُ سَقَمًا .
(۳) رَبَّنَا آتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَفِی الآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ․
(۴) یا قاضیَ الحاجات ویَا کافیَ المہمات یا دافعَ البلیّاتِ یا حلّ المشکلات یا رافعَ الدرجات، یَا شافیَ الأمراض یا مجیب الدعوات یا أرحم الراحمین..
(۵) أَسْأَلُ اللَّہَ الْعَظِیمَ رَبَّ الْعَرْشِ الْعَظِیمِ أَنْ یَشْفِیَنی․
الجواب وباللہ التوفیق:
مذکور فی السوال دعاوٴں کا ترجمہ ملاحظہ فرمائیں:
(۱) اے اللہ! تو میرا رب ہے، اور میں تیرا بندہ ہو، میں نے اپنے اوپر ظلم کیا، مجھے اپنی غلطی کا اعتراف ہے، گناہوں کو تو ہی بخشتا ہے، اے میرے رب! تو میرے گناہ بخش دے۔
(۲) اے اللہ، لوگوں کا پالن ہار، پریشانی کو دور کرنے والا، تو شفا دے، تو ہی شفا دینے والا ہے، تیرے سوا کوئی شفا دینے والا نہیں ہے، ایسی شفا جو کسی بیماری کو نہ چھوڑے۔
(۳) اے ہمارے رب! تو دنیا میں ہمیں بہتری عنایت کر اور آخرت میں بھی۔
(۴) اے ضروریات کو پوری کرنے والا، اے مشکلات میں کافی ہونے والا، اے مصیبتوں کو دفع کرنے والا، اے پریشانیوں کو حل کرنے والا، اے درجات کو بلند کرنے والا، اے بیماریوں کو شفا دینے والا، اے دعائیں قبول کرنے والا، اے سب سے زیادہ رحم کرنے والا۔
(۵) اللہ جو عظیم عرش کے مالک ہیں، ان میں آخری لفظ ”أن یشفینی“ کی بجائے ”أن یشفِیَکَ“ ہے، ایسی صورت میں اس کا ترجمہ یہ ہوگا: اللہ تعالی جو عرش عظیم کے مالک ہیں، ان سے میں آپ کی شفا کی درخواست کرتا ہوں۔ 
حدیث کا پورا مضمون یہ ہے کہ جو شخص بیمار پرسی کے لیے جائے اور ”مریض“ کے پاس یہ دعا سات مرتبہ پڑھے، تو اللہ تعالی اس بیماری سے مریض کو شفا عنایت کرے گا۔ (ابوداوٴد، ۳۱۰۶)
-------------------------------------------------------

No comments:

Post a Comment