Saturday 7 September 2019

ننھا اور معصوم مجاھد

ننھا اور معصوم مجاھد
حضرت ابو قدامہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ میں حرم مدنی میں بیٹھا تھا کہ ایک شخص آیا اور کہنے لگا: "ابو قدامہ! تم نے اللہ کی راہ میں اک عمر گزاری ہے. جہاد وقتال کے اس سفر کا سب سے حیرت انگیز واقعہ سناؤ! "
میں نے سنانا شروع کیا کہ:
"میں اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ صلیبیوں سے لڑنے کیلئے محاذ کی طرف روانہ ہوا، راستے میں رقہ شہر سے گزرے تو وہاں کی مساجد میں وعظ ونصیحت کی اور لوگوں کو اللہ کی راہ میں جہاد اور انفاق پر ابھارا۔ جب رات نے ڈیرے ڈال لٸے تو میں نے رات گزارنے کیلئے کرائے پر ایک جگہ لی۔ رات کا کچھ حصہ ہی گزرا ہوگا کہ دروازہ کھٹکھایا گیا، میں نے دروازہ کھولا تو ایک خاتون کو چادر میں لپٹا ہوا پایا۔ میں نے پوچھا: "کیا چاہتی ہو؟"
سوال کرتی ہے کہ: "کیا تم ابو قدامہ ہو؟"
میں نے جواب دیا: "ہاں!"
دوبارہ گویا ہوئی کہ: "تم نےمحاذ کیلئے مال جمع کیا ہے؟"
میں نے کہا: "ہاں!"
اس نے ایک رقعہ اور بالوں سے بنی ہوئی مضبوط رسی دی اور روتی ہوئی لوٹ گئی۔ میں نے رقعے کو پڑھا تو لکھا ہوا تھا: "تم نے ہمیں جہاد کی طرف بلایا۔ مگر میں عورت ہوں، جہاد کی قدرت نہیں رکھتی، ہاں مگر اپنی بہترین شے تمہارے سپرد کرتی ہوں، یہ میری چٹیا کے بالوں سے بنی رسی ہے۔ اسے گھوڑے کی لگام بنالو. کیا خبر کہ اللہ تعالی میرے بالوں کو اپنی راہ میں تیرے گھوڑے کی رسی بنے دیکھے تو مجھے بخش دے۔"
میں اس خاتون کی حرص اور مغفرت و جنت کے شوق پر حیران رہ گیا۔ جب صبح ہوئی تو میں اور میرے ساتھی رقہ سے نکلے۔ کچھ ہی آگے گئے ہوں گے کہ پیچھے سے ایک گھڑ سوار نے آواز لگائی: "اے ابو قدامہ! رک جائیں اللہ آپ پر رحم کرے."
میں نے ساتھیوں سے کہا کہ: "تم چلو! میں ذرا اس کا پتا لگاکر آتا ہوں."
میں اس گھڑ سوار کے پاس آیا، تو وہ گویا ہوا: "اللہ کا شکر ہے کہ، آپ مجھے مل گئے اور میں نامراد نہیں لوٹا."
میں نے حیرت سے اسے دیکھا، تو وہ کہنے لگا: "میں آپ کے ساتھ لڑائی کے لئے نکلنا چاہتا ہوں."
میں نے جواب دیا کہ: "اچھا! مگر اپنا نقاب تو ہٹاؤ تاکہ میں تجھے دیکھ سکوں۔ اگر لڑنے کے قابل ہوئے تو چلے چلنا، اور چھوٹے ہوئے تو تمہیں واپس بھیجنا پڑے گا."
اس نے نقاب ہٹایا تو گویا چہرہ نہیں چاند تھا، سترہ برس کے لگ بھگ معلوم ہوتا تھا۔ میں نے پوچھا: "بیٹا تمہارا باپ کدھر ہے؟"
وہ بولا: "صلیبیوں کے ہاتھوں شہید ہوچکا، میں اس کا بدلہ لوں گا."
میں نے دوبارہ پوچھا: "اور ماں تیری زندہ ہے؟"
اس نے جواباً کہا: "ہاں!"
میں نے اس سے کہا: "تو بیٹا! اس کے پاس جاؤ اور اس سے اچھا معاملہ کرو کیونکہ جنت اس کے قدموں کے نیچے ہے۔"
کہنے لگا: "کیا آپ میری ماں سے واقف نہیں ہیں؟"
میں نے جواب دیا: "نہیں تو!"
وہ گویا ہوا: "جس نے آپ کو امانت سپرد کی؟"
میں نے پوچھا: "کیسی امانت اور کون سی امانت؟"
وہ بولا: "ارےوہی رسی والی!"
میں نے پھر پوچھا: "کون سی؟"
وہ بولا: "بڑی جلدی بھول گئے ہو چچا! کیا کل آپ کے پاس کوئی عورت رقعہ اور رسی لیکر نہیں آئی تھی؟"
میں نے جواب دیا: " ہاں ہاں."
وہ بولا: "وہ میری ماں ہے۔ اسی نے حکم دیا ہے کہ جہاد پر نکلوں. اور قسم بھی دی ہے کہ واپس مت آنا اور اس نے مجھ سے کہا. اے بیٹے! جب کفار سے ملو تو پیٹھ مت پھیرنا۔ اپنی جان اللہ کے سپرد کرو اور اسی سے رفیقِ اعلیٰ کی ہمسائیگی طلب کرو۔ جاؤ اپنے باپ اور مامؤوں کے ساتھ جنت میں رہو۔ بیٹا! اللہ نے تجھے شہادت دی تو میری شفاعت بھی کرنا. پھر اس نے مجھے سینے سے لگایا اور آسمان کی طرف دیکھ کر کہا۔ الہی! یہ میرا بیٹا ہے میری دل کی ٹھنڈک میرے جگر کا ٹکڑا، تجھے سونپتی ہوں پس اسے اس کے باپ اور مامؤوں سے ملادے ."
پھر وہ لڑکا کہنے لگا: "آپ کو خدا کا واسطہ ہے مجھے اپنے ساتھ جانے سے مت روکئے! میں ان شآءاللہ شہید بن شہید ہوں۔ میں اللہ کی کتاب کا حافظ ہوں اور گھڑسواری و تیر اندازی جانتا ہوں۔ کم عمر سمجھ کر کمتر مت سمجھئے۔"
میں نے جب اس کے جذبات دیکھے تو اسے ساتھ لے لیا۔ خدا کی قسم وہ سواری میں سب سے تیز رفتار تھا، اور پڑاؤ کے وقت سب سے چاق و چوبند! ہر وقت ذکرِ الہی اس کی زبان پر جاری رہتا. سفر کے دوران ہم ایک جگہ اترے۔ ہمارا روزہ تھا، لڑکے نے اصرار کیا کہ: "میں افطاری بناؤں گا."
وہ افطاری بنانے چل پڑا۔ کافی دیر ہوگئی مگر آیا نہیں، میرے ساتھی نے کہا: 
"ابو قدامہ! ذرا جاکر دیکھو تو سہی تمہارے دوست کا کیا معاملہ ہے۔ میں گیا تو دیکھا کہ لڑکے نے لکڑیاں جلاکر دیگچا چڑھا رکھا ہے، مگر تھکان اور نیند کے مارے پتھر پر سر رکھے سوچکا ہے۔ میں نے اسے اٹھانا مناسب نہیں سمجھا، مگر خالی ہاتھ لوٹنا بھی درست نہیں تھا۔ سو میں کھانا تیار کرنے لگا اور لڑکے کو دیکھتا رہا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ لڑکا مسکرارہا ہے، پھر اس کی مسکراہٹ شدید تر ہوگئی، حتی کہ کھل کر ہنسنے لگا، پھر یکدم اٹھ بیٹھا۔ جب مجھے دیکھا تو گھبرا گیا اور کہنے لگا:
"اوہو! آپ کو دیر کردی. مجھے کھانا بنانے دیجٸے میں جہادی سفر میں آپ کا خادم ہوں."
میں نے کہا: "اللہ کی قسم تجھے کچھ نہیں بنانے دوں گا حتی کہ تو مجھے بتائے کہ کس چیز نے تجھے ہنسایا؟"
کہنے لگا کہ: "یہ تو بس ایک خواب تھا، چھوڑئے ."
میں نے اللہ کی قسم دی کہ: "تو مجھے لازمی بتا ."
کہنے لگا: "چچا جان! میں نے خواب میں دیکھا کہ میں جنت میں ہوں! اس کا حسن و جمال ایسا ہے جیسے اللہ کی کتاب بتلاتی ہے، میں حیرت کے مارے چلتا جارہا تھا کہ میں نے ایک جگمگاتا محل دیکھا۔ ایک اینٹ سونے کی اور ایک چاندی کی تھی۔ چھت موتیوں یاقوت اور جواہر سے بنی اور دروازے سونے کے تھے، اور لڑکیاں دروازوں کے پردے اٹھارہی تھیں۔ ان کے چہرے چاند تھے، میں ان کے حسن و جمال پر حیران تھا کہ ایک لڑکی میری طرف اشارہ کرتے ہوئے اپنی سہیلی سے کہنے لگی کہ: "یہ مرضیہ کا خاوند ہے اور وہ اس کی بیوی مرضیہ ہے."
میں نے لڑکی سے کہا کہ: "تم ہو مرضیہ؟"
کہنے لگی: "میں اس کی ایک ادنی سی خادمہ ہوں۔ مرضیہ محل میں ہے، جاؤ اندر۔"
میں داخل ہوا، تو محل کے اوپر والی منزل میں سرخ سونے سے بنا کمرہ دیکھا، جس پر سبز زبرجد کا کام تھا، اس کے ستون چمکتی چاندی کے تھے۔ اس میں ایک لڑکی تھی، جس کا چہرہ سورج کی مانند چمک رہا تھا۔ اگر اللہ میری بصارت قائم نہ رکھتا تو وہ گل ہوجاتی اور میرے حواس معطل ہوجاتے۔ لڑکی نے مجھے دیکھا تو کہنے لگی: 
"اللہ کے دوست اور حبیب کو خوش آمدید! میں آپ کیلئے، اور آپ میرے لئے ہیں۔"
میں اس سے قریب ہونے لگا تو وہ بولی: "اے میرے سرتاج اور میرے پیارے! ابھی نہیں۔ ہم سے کل ظہر کا وعدہ کیا گیا ہے۔" 
اس بات پر میں مسکرایا اور خوش ہوا۔ میں نے اس لڑکے سے کہا: "اچھا خواب ہے! ان شآءاللہ."
پھر ہم نے روزہ کھولا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ محاذ کی طرف روانہ ہوگئے۔
اگلے دن جب دشمن سامنے آگیا اور جہاد کی صفیں بنالی گئیں، تو میں اس لڑکے کو ڈھونڈنے لگا اور اسے اگلی صفوں میں پایا۔ میں اس کے پاس گیا اور کہا:
"بیٹا کیا تجھے امور جہاد کا تجربہ ہے؟"
کہنے لگا کہ: "نہیں یہ میراپہلا معرکہ ہے."
میں نے کہا: "بیٹا! جیسا تم سمجھتے ہو ویسے نہیں ہے، یہ لڑائی کا معاملہ ہے. اس میں خون بہتا ہے۔ پس تم پیچھے آجاؤ، اللہ نے فتح دی تو تم بھی فاتحین میں سے ہونگے اور اگر معاملہ برعکس ہوا تو کم از کم سب سے پہلے نہیں مارے جاؤگے."
وہ بولا: "یہ آپ کہہ رہے ہیں؟"
میں نے جواب دیا: "ہاں بیٹا میں ہی کہہ رہا ہوں۔"
جواب میں اس نے استفسار کیا کہ: "کیا آپ پسند کرتے ہیں میں اہل جہنم میں سے ہوجاؤں؟
میں نے جواب دیا: "معاذاللہ! بیٹے ایسا قطعا نہیں ہے، ہم جہنم سے بچنے کیلئے تو جہاد کرنے نکلے ہیں."
تو وہ بولا کہ: "پھر اللہ کا یہ فرمان سنئے: 
وَمَن يُوَلِّهِمْ يَوْمَئِذٍ دُبُرَهُ إِلَّا مُتَحَرِّفًا لِّقِتَالٍ أَوْ مُتَحَيِّزًا إِلَىٰ فِئَةٍ فَقَدْ بَاءَ بِغَضَبٍ مِّنَ اللَّهِ وَمَأْوَاهُ جَهَنَّمُ ۖ
تو چچا جان! کیا میں سب سے پہلے پیٹھ پھیر کر اہل جہنم میں سے ہوجاؤں؟"
میں اس کی حرص اور آیات پر اس کی گرفت سے بہت حیران ہوا۔ میں نے اس سے کہا کہ: "بیٹے یہ آیت کا محل نہیں ہے."
لیکن وہ لوٹنے سے انکاری رہا۔ میں اس کا ہاتھ پکڑکر زبرستی لے جانا چاہا مگر وہ ڈٹ گیا، اسی اثناء میں لڑائی شروع ہوگئی اور وہ میرے سے چھوٹ گیا۔ شہسوار ٹکرا گئے، نیزے بلند ہونے لگے، تلواریں چمکنے لگیں، کھوپڑیاں کٹنے لگیں، ہاتھ پاؤں اڑتے رہے۔ گھمسان کا وہ رن پڑا کہ ہر بندہ اپنی لڑائی لڑنے لگا، دوست کو دوست کی خبر نا رہی۔ ظہر کا وقت داخل ہوا تو اللہ نے صلیبیوں کو شکست دی. فتح کے بعد میں نے اپنے ساتھیوں کو جمع کیا، ظہر ادا کی اور ہم میں سے ہر کوئی اپنے پیاروں کی تلاش میں نکل کھڑا ہوا، مگر اس لڑکے کا کوئی عزیز نہ تھا، اس کا پوچھنے والا کوئی نہ تھا۔ میں ہی اس کی تلاش میں نکلا تو ایک آواز آئی:
"اے لوگو! میرے چچا ابو قدامہ کو بلاؤ میرے چچا ابو قدامہ کو بلاؤ."
میں آواز کا پیچھا کرتے ہوئے گیا تو لڑکے کو زخمی حالت میں پایا، نیزہ اس کے جسم سے پار ہوچکا تھا، گھوڑے اس کے جسد کو روند چکے تھے، ہڈیاں ٹوٹی ہوئی، گوشت باہر نکلا ہوا اور اعضاء الگ الگ۔ جیسے کوئی یتیم بچہ صحرائی طوفان کی نذر ہوگیا ہو!
میں اس کے قریب گیا۔ ہاتھوں سے اس کو سیدھا کیا اور چیخا کہ: "یہ رہا تیرا چچا ابو قدامہ بولو بیٹا؟"
وہ لڑکا کہنے لگا: "اللہ کا شکر ہے، جس نے مجھے وصیت سنانے کیلیے زندہ رکھا۔ پس غور سے سنیے."
میں اس کی حالت پر رو پڑا. مجھے اس کی خوبیاں اور اس کا حسن و جمال یاد آیا،
اس کی ماں کی یاد آئی کہ جس نے اپنے خاوند اور بھائیوں کا غم کاٹا اور اب اس جگر گوشے کا کاٹے گی! میں اپنے کپڑے سے اس کے چہرے کا خون صاف کرنے لگا، کہنے لگا: "چچا! اپنے کپڑے کیوں گندے کرتے ہو؟ میرے کپڑے سے پونچھو."
میرے پاس کوئی جواب نہ تھا! پھر وہ کہنے لگا: "میں نے آپ سے وعدہ لیا تھا کہ میری شہادت کے بعد رقہ پہنچائیں گے اور میری ماں کو خوشخبری دیں گے کہ اللہ نے اس کا بھیجا ہوا تحفہ قبول کرلیا ہے، اور اس کا بیٹا اللہ کی راہ میں آگے بڑھتا ہوا مارا گیا نہ کہ پیٹھ پھیرتے ہوئے! اگر اللہ نے میری شہادت قبول کی تو میں اپنی ماں کا سلام اپنے باپ اور اپنے مامؤوں کو پہنچاؤں گا."
پھر کہنے لگا: "چچا جان! مجھے ڈر ہے کہ میری ماں کو یقین نہ آئے۔ آپ میرا خون آلود کپڑا ساتھ لیتے جانا تاکہ اسے یقین آجائے، اور اس سے کہنا کہ اب جنت میں ملیں گے. اور اے چچا جان! جب آپ میرے گھر جائیں تو میری نو سال کی بہن ہے. میرے گھر آنے پر وہ خوش ہوا کرتی تھی اور نکلنے پر غمگین. اس نے اپنے باپ کا غم دیکھا اور اب میرا دیکھے گی۔ اس نے نکلتے وقت مجھے کہا تھا. بھیا دیر مت کرنا! پس آپ اسے دلاسہ دیجیے گا، اور اس سے کہنا کہ میں آپ کا بھائی ہوں."
پھر اس کی سانسیں اکھڑنے لگیں. اور کہہ رہا تھا: "چچا جان! کعبہ کے رب کی قسم خواب سچا ہوا، مرضیہ میرے سرہانے کھڑی ہے اور میں اس کی مہک محسوس کررہا ہوں."
پھر اس نے حرکت کی اور اس کی رگ پہ پڑی، اور اس نے جان اللہ کے سپرد کردی۔ میں نے اس کا کپڑے کا ایک حصہ رکھ لیا۔ جب اسے دفنا چکا تو میرا سب سے بڑا کام اس کی وصیت پر عملدرآمد تھا، سو میں رقہ لوٹ گیا۔ مجھے اس کی ماں کا نام اور مکان کا کچھ اتہ پتہ نہ تھا۔ گھومتے پھرتے میں ایک گھر کے سامنے پہنچا، جس کے دروازے پر ایک بچی کھڑی تھی، جو ہر گزرنے والے سے پوچھتی: "چچا جان کہاں سے آرہے ہیں؟"
اگر وہ کہتا جہاد سے تو اپنے بھائی کا پوچھتی. مگر کسی کو اس کے بھاٸی کا علم نہیں تھا، حتی کہ وہ رو پڑی. کہنے لگی: "کیا ہوگیا ہے کہ سارے لوگ آرہے ہیں مگر بھیا نہیں آرہا!"
میں نے اس کا حال دیکھا، تو اس کے پاس گیا۔ مجھ سے بھی اس نے وہی پوچھا،
میں نے کہا: "بیٹی آپ کی والدہ کہاں ہیں؟"
وہ اندر سے والدہ کو بلا لائی۔ اس کی والدہ آئی تو مجھے پہچان گئی اور بولی: "ابو قدامہ! تعزیت کرنے آئے ہو یا خوشخبری دینے؟"
میں نے پوچھا: "کیا مطلب؟"
وہ بولی: "اگر تم مجھے بتاؤ گے کہ میرا بیٹا آگے بڑھتے ہوئے مارا گیا تو خوشخبری ہے کہ اللہ نے تحفہ قبول کیا جسے میں نے سترہ سال سے تیار کر رکھا تھا. اور اگر بتاؤگے کہ وہ صحیح سالم مال غنیمت لے کر لوٹ آیا ہے تو تعزیت ہے کہ میرا تحفہ قبول نہ ہوسکا."
میں نے جواب دیا کہ: "اللہ کی قسم خوشخبری لے کر آیا ہوں."
میرے سامان کی طرف دیکھتے ہوئے کہنے لگی: "میرا نہیں خیال کہ سچ کہتے ہو."
مگر سامان کھولا تو پکار اٹھی: "یہ وہی کپڑا ہے جو میں نے خود اپنے لخت جگر کو پہنایا تھا." 
اور اللہ اکبر پکار اٹھی. اس کی خوشی دیدنی تھی، مگر نو سال کی بچی رو پڑی اور نڈھال ہوکر گر پڑی۔ اس کی ماں اسے اٹھا کر لے گئی اور پانی کے چھینٹے مارنے لگی۔ میں اس کے سرہانے بیٹھ کر قرآن پڑھنے لگا، مگر وہ اپنے بابا اور بھیا کا نام لے لے کر روتی رہی حتی کہ وہ ننھی اور معصوم بچی اپنے بھاٸی کا غم برداشت نہ کرسکی اور اسکی بھی روح پرواز کرگٸی. ابو قدامہ رحمہ اللہ نے فرمایا کہ یہ ھے میرے جہادی اسفار کا سب سے حیرت انگیز واقعہ،،
(بحوالہ: صفة الصفوة لابن الجوزی, مشارع الأشواق لابن النحاس, سوق العروس للدمشقي)


No comments:

Post a Comment