ختنہ کا وقت اور حکم
سوال:- قرآن مجید میں کسی جگہ لکھا ہے کہ مسلمان ختنہ کروادیں ختنہ کروانے کے متعلق کون سی حدیث ہے۔ کیا ختنہ کروانا سنت ہے یا فرض یا واجب یا سنت مؤکدہ یا مستحب۔ لڑکے کی ختنہ کتنی عمر تک کروانا چاہئے؟ اگر دس سال تک ختنہ نہ ہو اس کی نماز درست ہے یا نہیں؟ جس شخص کا ختنہ نہ ہوا ہو کیا وہ مسلمان نہیں جس بالغ شخص کا ختنہ نہ ہوا ہو اس کے ہاتھ کا کھانا، پانی مکروہ ہے یا حرام ہے؟ اور کیا وہ امامت نہیں کرواسکتا؟
الجواب حامداًومصلیا:
ختنہ سنت ہے اور شعائر میں سے ہے بلوغ سے پہلے پہلے جب بچہ میں تحمل کی طاقت ہو ختنہ کروادیا جائے۔ حضرت امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ سے اس کے وقت کے متعلق کوئی روایت منقول نہیں۔ بعض فقہاء نے سات سال بعض نے نوسال کا وقت تجویز کیا ہے۔ کذافی مجمع الانہر وطحطاوی بغیر ختنہ کے اکثر طہارت ناقص رہتی ہے اس لئے ایسے شخص کو امام نہیں بنانا چاہے اس کے ہاتھ کا کھانا۔ پانی حرام نہیں البتہ وہ ترک ختنہ کی وجہ سے گنہگار ہے۔
فقط واللہ سبحانہٗ تعالیٰ اعلم
=====================
*بالغ کا ختنہ*
سوال:- زید نابالغ ہی تھا کہ اس کا باپ مرگیا۔ بوجہ سرپرست نہ ہونے کے ختنہ نہ ہوسکا۔ اب زید کی عمر۲۵؍سال کی ہے، چمڑا سخت ہوگیا ہے، مگر زید کہتا ہے کہ اب میں مثل مختون کے ہوں۔ ایسی صورت میں ختنہ کرانا ضروری ہے یا نہیں؟
الجواب حامداًومصلیا:
ختنہ سنتِ مؤکدہ ہے اور شعائر اسلام میں سے ہے۔ بلاعذر شدید بالغ سے بھی ساقط نہیں ہوتا۔ البتہ چونکہ زید مثل مختون کے ہے نیز چمڑا بھی سخت ہوگیا ہے۔ اسلئے بضرورت اس سے امامت میں کوئی فرق نہیں آئے گا، فقہاء نے اس کو باب کراہت امامت میں شمارنہیں کیا ہے۔
فقط واللہ تعالیٰ اعلم
حررہٗ العبد محمودغفرلہٗ
دارالعلوم دیوبند
=======================
ختنہ کے لئے ڈاکٹر کا مسلم ہونا شرط نہیں:
سوال:- یہاں پر ختنہ سرکاری ہسپتال میں کی جاتی ہے ختنہ کرنے والے اکثر ہندو ڈاکٹر ہوتے ہیں تو ان کے ختنہ کرنے سے سنت ادا ہوگی یا نہیں؟
الجواب حامداًومصلیا:
اس کام کے لئے ڈاکٹر کا مسلمان ہونا ضروری نہیں غیرمسلم ختنہ کردے تب بھی درست ہے جیسے اور کوئی آپریشن یا علاج کردے یا غیر مسلم کسی محرم کا سرمونڈ دے تو وہ حلال ہو جائے گا۔
فقط واللہ تعالیٰ اعلم
حررہٗ العبد محمود غفرلہٗ دارالعلوم دیوبند
=======================
*ختنہ کے وقت لوگوں کو جمع کرنا اور دعوت کرنا.
سوال:- کیا ختنہ میں لوگوں کو شریک کرنااور دعوت کرنا درست ہے، اگر ختنہ اور عقیقہ ایک ساتھ کرے اور دعوت دے کر گوشت کھلائے تو کوئی حرج تو نہیں ہوگا؟
الجواب حامداًومصلیا:
ختنہ کے وقت لوگوں کو جمع کرنا تو غلط ہے، لیکن ختنہ سے فراغت کے بعد اگر بطور شکریہ ادائے سنت دعوت کردے، خواہ عقیقہ کے ساتھ یا بغیر عقیقہ کے درست ہے، ضروری تصور کرنا غلط ہے۔
فقط واللہ اعلم
حررہٗ العبد محمودغفرلہٗ
======================
*ختنہ کے موقع پر اناج لوٹا بھرکردیا جائے وہ کس کا حق ہے؟*
سوال:- ختنہ کے وقت کچھ اناج لوٹے میں بھر کر مسجد میں لاتے ہیں وہ کس کا حق ہے؟ اور بھی اس قسم کی چیزیں آتی ہیں ان کو کیا کرنا چاہئے۔ شرعی حکم سے مطلع فرمائیں۔
الجواب حامداًومصلیا:
ختنہ وغیرہ کے وقت اگر رسم کے طور پر لازم سمجھ کر مسجد میں کچھ دیا جائے تو نہ لیا جائے اگر خوشی کے طور پر امام یا مؤذن کو کچھ دیا جائے تو مضائقہ نہیں، جس کو دیا جائے اسی کا حق ہے۔ اگر مسجد کے لئے کوئی چیز دی جائے تو وہ مسجد کا ہی حق ہے۔
فقط واللہ تعالیٰ اعلم
حررہٗ العبد محمود غفرلہٗ
دارالعلوم دیوبند ۲۶؍۵؍۹۰ھ
محمد مصروف مظاہری
No comments:
Post a Comment