Friday, 13 April 2018

جب حکام وقت برے ہوں تو ہم کیا کریں؟

جب حـکام وقت
بـرے ہــوں تــو ہــم کـیا کــریں؟

ہم اور آپ جس عہد میں زندگی گزار رہے ہیں،اس میں بدترین حکومت کی تمام نشانیاں موجود ہیں لیکن ہم مسلمان ہیں اور بحیثیت مسلمان ہمارا یہ اعتقاد ہے کہ کائنات کا ذرہ ذرہ مشیت الہی کا تابع ہے، ارباب اقتدار کے اعمال و افکار، بادشاہوں کی بادشاہت اور صاحبان تخت و تاج کے دل خالق کائنات کی دو انگلیوں کے درمیان ہیں، اور ہمارے اعمال ہی حاکمان وقت کا روپ اختیار کرتے ہیں ـ جب حکام وقت برے، ظلم و تعدی پر کمر بستہ، اور ہم ہر طرح سے مصائب میں گرفتار ہوں تو ہمیں کیا کرنا چاہیے، آئیے قرآن وحدیث سے رہ نمائی حاصل کرتے ہیں ۔
   قرآن کریم کے الفاظ میں
"ظهــر الفساد في البــر والبحـر بما كسبت أيــدي الـناس"
یعنی خشکی وتری کا بگاڑ ہماری بد اعمالیوں کے نتیجے میں رونما ہوتا ہے؛ لیکن یہ تو
"إن رحمتي سبقت غضبي" [بخاري٦٤٢٢] (میری رحمت میرے غضب پر غالب ہے) کی کرشمہ سازی ہے کہ
"ويعفــو عــن كثــير"
كا شب و روز ظہور ہوتا رہتا ہے، ورنہ ہم سب ہلاکت کے قابل ہیں ـ
   غزوۂ احد میں بعض اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے غیر شعوری چوک ہوئی تو ستر شیدائیان رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کو جام شہادت نوش کرنا پڑا، اور آج ہم لوگ تو رات دن اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ تعالٰی علیہ و سلم کے حکموں کی قصدا خلاف ورزیاں کرتے ہیں، اگر ہماری تمرد وسرکشی اور نافرمانی و حکم عدولی پر
"أخذ عزيز مقتدر"
کا مظاہرہ ہونے لگے تو روزانہ کتنے مسلمانوں کی جانیں جائیں گی یہ غور کرنا کوئی مشکل نہیں ـ
   زبان رسالت صلی اللہ علیہ وسلم  سے نکلے ہوئے الفاظ ہیں کہ
«إن الله تعالي يقول: أنا الله لا إله إلا أنا، مالك الملوك وملك الملوك، قلوب الملوك في يدي، وإن العباد إذا أطاعوني حولت قلوب ملوكهم عليهم بالرأفة والرحمة. وإن العباد إذا عصوني حولت قلوبهم عليهم بالسخطة والنقمة فساموهم سوء العذاب، فلا تشغلوا أنفسكم بالدعاء على الملوك؛  ولكن اشتغلوا بالذكر والتضرع إليّ، أكفّكم ملوككم». {مشكاة، ص:٣٢٣}
  "میں ہی اللہ ہوں، میرے سوا کوئی اور پرستش کے قابل نہیں، میں بادشاہوں کا مالک اور شہنشاہ ہوں، بادشاہوں کے دل میرے قبضے میں ہیں، جب بندے میری اطاعت وفرماں برداری کرتے ہیں تو میں (ظالم) بادشاہوں کے دلوں میں بھی ان کے لیے رحمت وشفقت پیدا کردیتا ہوں، لیکن جب بندے میری حکم عدولی اور نافرمانی کرتے ہیں تو میں (عادل) بادشاہوں کے دلوں میں بھی ان کے خلاف ناراضی اور انتقام پیدا کردیتا ہوں، پھر وہ انھیں بدترین عذاب سے دوچار کرتے ہیں، لہذا ایسے وقت میں تم لوگ شاہان وقت کے خلاف بد دعا میں لگنے کی بجائےاپنے آپ کو ذکر واذکار اور گریہ وزاری کا پابند بناؤ، میں شاہان وقت کے شر سے تمھاری حفاظت کرلوں گا۔
   حالات یقینا ہمت شکن اور ناگفتہ بہ ہیں،ہر جگہ فراعنۂ وقت کی جانب سے خون مسلم کی ارزانی ہے؛ لیکن  ان احوال سے نکلنے اور بچنے کی قرآن وسنت نے جو راہیں بتائی ہیں ان سے یا تو ہم ناواقف ہیں یا ان پر عمل پیراہونے کے لیے ہم تیار نہیں ـ
   آخر کتنی نگاہیں ہیں جنھوں نے پاکیزگی کے سرمے پہنے اور خدا کے سامنے بدنگاہی کی معصیت پر اشک بار ہوئیں؟ کتنی پیشانیاں خدا کے سامنے سر بسجود ہوئیں؟کتنے قدم راہ خدا میں آگے بڑھے؟ اور کتنے دل دلوں کے پھیرنے والے کے آگے روئے اور گڑگڑائے کہ خدایا! ہم اپنی بد اعمالیوں سے تیرے حضور تائب ہوتے ہیں، تو ہمیں معاف فرماکر نیک اور صالح حکم راں عطا فرما!
حدیث نے ہمیں جس چیز سے روکا ہے ہم لوگ شام وسحر اسی میں مشغول رہتے ہیں ـ ہماری صبح کا آغاز حاکمان وقت کو برا بھلا کہنے سے ہوتا ہے،دن ان کی تنقیص وتعییب میں گزرتا ہے، تو راتیں ان پر سب وشتم کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کٹتی ہیں ـ
    امام دارالہجرت مالک بن انس کے اس ارشاد گرامی کو یاد رکھئے
"لــن يصلح آخـر هــذه الأمــة إلا بـما صلــح بـه أولـها".     
    
   نئی تدبـیر سے اصلاح امت ہـو نہیں سکتی
   پرانی راہ سے ہٹ کر ہدایت ہو نہیں سکتی

ســـراج اکــــرم ہاشـــمی        
        (معاون مدیر مدرسہ الہدایہ کنشاسا جمہوری جمہوریہ کونگو افریقہ)
  

No comments:

Post a Comment