Monday, 21 September 2015

عقیقہ کیا ہے؟

س… اسلام میں عقیقے کی کیا اہمیت ہے؟ اور اگر کوئی شخص بغیر عقیقہ کئے مرگیا تو اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟
ج… عقیقہ سنت ہے، اگر گنجائش ہو تو ضرور کردینا چاہئے، نہ کرے تو گناہ نہیں، صرف عقیقے کے ثواب سے محرومی ہے۔
عقیقے کا عمل سنت ہے یا واجب
س… بچہ پیدا ہونے کے بعد جو عقیقہ کیا جاتا ہے اور بکرا صدقہ کیا جاتا ہے، یہ عمل سنت ہے یا واجب؟
ج… عقیقہ سنت ہے، لیکن اس کی میعاد ہے ساتویں دن یا چودھویں دن یا اکیسویں دن، اس کے بعد اس کی حیثیت نفل کی ہوگی۔
بالغ لڑکی لڑکے کا عقیقہ ضروری نہیں اور نہ بال منڈانا ضروری ہے
س… عقیقہ کس عمر تک ہوسکتا ہے؟ بالغ مرد و عورت خود اپنا عقیقہ اپنی رقم سے کرسکتے ہیں یا والدین ہی کرسکتے ہیں؟ بڑی لڑکیوں یا بالغ عورت کا عقیقے میں سر منڈانا چاہئے یا نہیں؟ اگر نہیں تو کتنے بال کاٹے جائیں اور کس طریقے پر؟
ج… عقیقہ سنت ہے، اس سے بچے کی اَلابلا دُور ہوتی ہے۔ سنت یہ ہے کہ ساتویں دن بچے کے سر کے بال اُتارے جائیں، ان کے ہم وزن چاندی صدقہ کردی جائے اور لڑکے کے لئے دو بکرے اور لڑکی کے لئے ایک بکرا کیا جائے۔ اسی دن بچے کا نام بھی رکھا جائے۔ اگر گنجائش نہ ہونے کی وجہ سے ساتویں دن عقیقہ نہ کرسکے تو بعد میں کردے، مگر ساتویں دن کے بعد بعض فقہاء کے قول کے مطابق اس کی وہ حیثیت نہیں رہ جاتی۔ بڑی عمر کے لڑکوں لڑکیوں کا عقیقہ کرنے کی ضرورت نہیں، نہ عقیقے کے لئے ان کے بال اُتارنے چاہئیں۔
عقیقے کے جانور کی رقم صدقہ کرنے سے عقیقے کی سنت ادا نہیں ہوگی
س… کیا بچی کے عقیقے کے لئے خریدی جانے والی بکری کی رقم اگر کسی ضرورت مند اور غریب رشتہ دار کو دے دی جائے تو عقیقے کی سنت پوری ہوجائے گی؟
ج… اس سے سنت ادا نہیں ہوگی، البتہ صدقہ اور صلہ رحمی کرنے کا ثواب مل جائے گا۔
بچوں کا عقیقہ ماں اپنی تنخواہ سے کرسکتی ہے
س… ماں اور باپ دونوں کماتے ہیں، باپ کی تنخواہ گھر کی ضروریات کے لئے کافی ہوتی ہے اور ماں کی تنخواہ پوری بچتی ہے، جو کہ سال بھر جمع ہوتی ہے، تو کیا ماں اپنے بچوں کا عقیقہ اپنی تنخواہ میں سے کرسکتی ہے؟ دُوسرے الفاظ میں یہ کہ کیا بچوں کا عقیقہ ماں کی کمائی میں سے ہوسکتا ہے؟ جبکہ والد زندہ ہیں اور کماتے ہیں اور گھر کا خرچہ بھی چلاتے ہیں۔ اُمید کرتی ہوں کہ دونوں سوالوں کے جواب کتب و سنت کی روشنی میں دے کر ممنون فرمائیں گے۔
ج… بچوں کا عقیقہ اور دُوسرے اخراجات باپ کے ذمہ ہیں، اگر ماں ادا کردے تو اس کی خوشی ہے، اور شرعاً عقیقہ بھی صحیح ہوگا۔
اپنے عقیقے سے پہلے بچی کا عقیقہ کرنا
س… میرا خود کا عقیقہ نہیں ہوا، تو کیا پہلے مجھے اپنا عقیقہ کرنے کے بعد بچی کا کرنا چاہئے؟
ج… آپ اپنی بچی کا عقیقہ کرسکتے ہیں، آپ کا عقیقہ اگر نہیں ہوا تو کوئی مضائقہ نہیں۔
قرض لے کر عقیقہ اور قربانی کرنا
س… میری مالی حالت اتنی نہیں ہے کہ میں اپنی تنخواہ میں سے اپنے بچوں کا عقیقہ یا قربانی کرسکوں، جبکہ دونوں فرض ہیں۔ کیا میں بینک سے قرضہ لے کر ان دونوں فرضوں کو پورا کرسکتا ہوں؟ یہ قرض میری تنخواہ سے برابر کٹتا رہے گا جب تک کہ قرضہ پورا نہ اُتر جائے۔
ج… صاحبِ استطاعت پر قربانی واجب ہے، اور عقیقہ سنت ہے۔ جس کے پاس گنجائش نہ ہو اس پر نہ قربانی واجب ہے، نہ عقیقہ۔ آپ سودی قرض لے کر قربانی یا عقیقہ کریں گے تو سخت گناہ گار ہوں گے۔
عقیقہ امیر کے ذمہ ہے یا غریب کے بھی؟
س… عقیقہ سنت ہے یا فرض؟ اور ہر غریب پر ہے یا امیروں پر ہی ہے؟ اور اگر غریب پر ضروری ہے تو پھر غریب طاقت نہیں رکھتا تو غریب کے لئے کیا حکم ہے؟
ج… عقیقہ سنت ہے، اگر ہمت ہو تو کردے، ورنہ کوئی گناہ نہیں۔
غریب کے بچے بغیر عقیقے کے مرگئے تو کیا کرے؟
س… اگر غریب کے بچے دو دو چار چار سال کے ہوکر فوت ہوگئے ہوں تو ان کا عقیقہ بھی ضروری ہے؟
ج… نہیں۔
دس کلو قیمہ منگواکر دعوتِ عقیقہ کرنا
س… کیا دس کلو قیمہ منگواکر رشتہ داروں کی دعوت عقیقے یا صدقے (کیونکہ ساتویں دن کے بعد ہے) کی نیت سے کردی جائے تو اس طرح عقیقہ ہوجاتا ہے یا نہیں؟
ج… نہیں۔
رشتہ دار کی خبرگیری پر خرچ کو عقیقے پر ترجیح دی جائے
س… میرے آٹھ بچے ہیں، جن میں سے تین بچوں کا عقیقہ کرچکا ہوں، بقیہ پانچ بچے (۳ لڑکے،۲ لڑکیاں) ہیں، مالی مجبوری کی وجہ سے ان کا عقیقہ نہیں کرسکا۔ ارادہ تھا کہ کسی سے کچھ رقم مل جائے تو اس کا عقیقہ کردوں۔ اسی فکر میں تھا کہ میرے ایک قریبی عزیز تپِ دق کے عارضے میں مبتلا ہوگئے، وہ بھی غریب تو پہلے ہی تھے، مگر بیماری کی وجہ سے آمدنی بالکل بند ہوگئی، اب ان کے تین بچے اور ایک بیوی اور ان کی بیماری کے جملہ مصارف میں برداشت کر رہا ہوں۔ اس صورتِ حال کے پیشِ نظر درج ذیل اُمور کی وضاحت چاہتا ہوں۔ ۱:-عقیقے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ ۲:-کیا عقیقے پر خرچ ہونے والی رقم کسی قریبی رشتہ دار پر خرچ کی جاسکتی ہے یا نہیں؟ ان دونوں ذمہ داریوں میں اوّلیت کس کو دی جائے، رشتہ دار کی خبرگیری اور اس پر خرچہ وغیرہ کی ذمہ داری کو یا عقیقے سے عہدہ برآ ہونے کی ذمہ داری کو؟ یہ تو مجھے معلوم ہے کہ قربانی کا ذبیحہ لازم ہے، اس کی رقم کسی کو نہیں دی جاسکتی ہے، کیا عقیقے کا بھی یہی حکم ہے؟ ۳:-کیا میرے لئے لازم ہے کہ میں کسی نہ کسی طرح پانچ بچوں کے عقیقے سے فارغ ہوجاوٴں؟
ج… ۱:- عقیقہ شرعاً مستحب ہے، ضروری یا واجب نہیں۔ ۲:-اس لئے عقیقے میں خرچ ہونے والی رقم اپنے رشتہ دار محتاج کو دے دیں، کیونکہ ایسی حالت میں اس کی اعانت کرنا ضروری ہے، لہٰذا اس کو اوّلیت دی جائے گی۔ ۳:-عقیقہ کرنا واجب یا لازم نہیں، البتہ استطاعت ہونے پر عقیقہ کردینا مستحب ہے، کارِ ثواب ہے، نہ کرنا گناہ نہیں ہے
عطاءالرحمٰن قاسمی نبیرہ حضرت نانکوی

No comments:

Post a Comment