Saturday 19 May 2018

زندہ نماز

زندہ نماز

عام طور پر لوگ یہ شکایت کرتے ہیں کہ نمازوں میں یکسوئی اور توجہ نہیں پیدا ہوپاتی۔ عین نماز کے وقت ساری دنیا کے خیالات آنے لگتے ہیں۔ جس کے نتیجے میں نمازیں بے روح مشق بن کر رہ جاتی ہیں اور اطمینان قلب حاصل نہیں ہوپاتا۔

یہ شکایت بالکل درست ہے۔ مگر اس کو دور کرنا زیادہ مشکل نہیں ہے۔ نماز میں بے توجہی کچھ وجوہات کی بنا پر پیدا ہوتی ہے۔ ان وجوہات کو دور کرلیا جائے تو مکمل طور پر نہ سہی لیکن مجموعی طور پر نمازوں میں کافی بہتری لائی جاسکتی ہے۔
نماز میں توجہ کے ضمن میں بنیادی بات یہ سمجھنے کی ہے کہ توجہ کا تعلق شعور سے ہے۔ مثلاً آپ اگر ٹی وی پر خبریں دیکھ رہے ہیں تو آپ کا ذہن نیوز اینکر کی بات سننے اور سمجھنے میں مصروف رہے گا۔ بات کو سننے اور سمجھنے کا یہ عمل آپ کے شعور کو مسلسل ٹی وی کی طرف متوجہ رکھتا ہے۔ اب فرض کیجئے کہ یہ خبریں انگریزی میں آرہی ہوں اور آپ کو انگریزی نہیں آتی تو سوچئے کیا ہوگا؟ آپ کتنی ہی شعوری کوشش کرلیں، آپ خبروں کی طرف متوجہ نہیں ہوسکتے۔ اس لئے کہ جب آپ کا شعور خبریں نہیں سمجھ سکے گا تو وہ کچھ ہی دیر میں کسی اور سمت متوجہ ہوجائے گا۔
چنانچہ یہاں سے یہ بات واضح ہوئی کہ اگر کوئی بات سمجھ میں نہیں آتی تو ہمارا شعور اس کی طرف متوجہ نہیں رہتا۔ نماز میں بے توجہی کی پہلی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ہم نماز کے دوران میں جو کچھ اذکار پڑھتے ہیں وہ ہمارے لئے کچھ رٹے رٹائے الفاظ ہوتے ہیں۔ ہمیں ان الفاظ اور اذکار کا مطلب معلوم نہیں ہوتا۔جب مطلب ہی نہیں معلوم تو ہمارا شعور دوسری سمت متوجہ ہونے لگتا ہے۔ ہم لاکھ کوشش کریں، بار بار اس کو نماز کی طرف لائیں ؛ذہن کچھ دیر میں پھر کسی اور سمت نکل جائے گا۔ یہ ذہن کا فطری کام ہے۔ ہم کسی مصنوعی کوشش سے اس کو نہیں روک سکتے۔ چنانچہ نماز میں توجہ کے لئے پہلی ضروری چیز یہ ہے کہ نماز ترجمے کے ساتھ یاد کی جائے۔ نماز کے متعین اذکار بہت کم ہیں۔ کوشش کی جائے تو تھوڑے دنوں میں سب کا لفظی اور بامحاورہ ترجمہ یاد کیا جاسکتا ہے۔ اس کا اہتمام کرنا چاہئے۔
اس کے بعد ایک دوسرا مسئلہ سامنے آتا ہے۔ وہ یہ کہ بہت سے لوگ جن کو نماز ترجمے سے یاد ہوتی ہے، ان کی توجہ بھی نماز میں باقی نہیں رہتی۔ یہ شکایت بھی درست ہے۔ مگر ایک دفعہ پھر اس کی وجہ ذہن کے کام کرنے کا طریقہ ہے۔ اس طریقے کو ایک دوسری مثال سے سمجھئے۔
جو لوگ نئی نئی گاڑی چلانا سیکھتے ہیں وہ دوران ڈرائیونگ ہر کام سوچ سمجھ کر کرتے ہیں۔ مگر جن لوگوں کو گاڑی چلانے کی عادت ہوجائے وہ گاڑی اسٹارٹ کرنے سے لے کر بریک اور گیئر لگانے تک ہر کام لاشعوری طور پر خود بخود کرتے ہیں ۔ذہن کی یہ خصوصیت ہے کہ جن کاموں کی عادت ہوجائے وہ یہ کام خود نہیں کرتا بلکہ ہمارے اعصابی نظام کے اس حصے کے حوالے کردیتا ہے جسے ریفلیکسز (Reflexes) سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے پائلٹ جہاز کو اڑانے کے بعد اسے آٹو موڈ کے حوالے کردیتے ہیں۔
چنانچہ انسانی ذہن معمول کے طور پر کئے جانے والے کاموں کو اعصاب کے آٹو موڈ کے حوالے کرکے خود فارغ ہوجاتا ہے۔ چنانچہ عام تجربہ ہے کہ ہم ڈرائیونگ کے دوران ہر چیز آٹو میٹک طریقے پر بلا سوچے کرتے ہیں اور اس دوران میں ہمارا ذہن دوسری چیزیں سوچتا رہتا ہے۔
ٹھیک یہی نماز میں بھی ہوتا ہے۔ نماز متعین اعمال جیسے تکبیرتحریمہ، قیام، رکوع، سجود، قعدہ اور سلام جیسے اعمال پر مشتمل ہے۔ ہم ان اعمال کو معمولاً ادا کرنے کے عادی ہوتے ہیں۔ چنانچہ جیسے ہی ہم تکبیر تحریمہ کے لئے ہاتھ اٹھاتے ہیں، ہمارا ذہن سارے معاملات ریفلیکسز کے حوالے کرکے آٹو موڈ آن کردیتا ہے اور خود دوسری چیزیں سوچنے میں مشغول ہوجاتا ہے۔ ہم لاکھ نماز میں توجہ قائم کرنے کی کوشش کرلیں، ذہن اپنی ساخت کے تحت تھوڑی دیر میں پھر معاملات آٹو موڈ کے حوالے کرکے دوسری طرف متوجہ ہوجاتا ہے۔
نماز چونکہ اجتماعی عبادت ہے اس لئے اس کا طریقہ ایک رکھنا ضروری ہے۔ چنانچہ نماز کے اعمال متعین ہیں۔ مگر اللہ تعالیٰ نے انسانوں کے اس مسئلے کو سمجھتے ہوئے ہمیں یہ آزادی دی ہے کہ کچھ مختصر اور متعین اذکار کے سوا خدا کی حمد،ثنا، تسبیح، تمجید، تعریف، تقدیس، دعا، درود وسلام کے ضمن میں جو چاہیں پڑھ سکتے ہیں۔ نماز کے متعین اذکار بہت مختصر ہیں جیسے سورہ فاتحہ، اللہ اکبر، سمع اللہ لمن حمدہ اور سلام وغیرہ۔ اس کے علاوہ نماز میں کوئی چیز متعین نہیں ہے۔ چنانچہ قرأت کرتے ہوئے یہ آزادی ہے کہ جہاں سے چاہیں اور جتنا چاہیں قرآن پڑھیں۔ اس کے لئے ہمیں یہ اہتمام کرنا چاہئے کہ زیادہ سے زیادہ قرآن یاد کریں تاکہ مختلف نمازوں اور رکعتوں میں قرآن کا الگ الگ حصہ پڑھا جاسکے۔
اسی طرح رکوع؟ سجود، قعدہ وغیرہ میں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مختلف مواقعوں پر مختلف اذکار پڑھا کرتے تھے۔ ان کا اہتمام کرنا چاہئے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی مادری زبان عربی ہی میں اللہ کے حضور ذکر ومناجات فرماتے تھے۔ یہی اسوہ حسنہ ہمارے لئے ہے۔ آپ عربی کے مسنون اذکار میں جس طرح چاہیں خدا کو یاد کریں اور اس کے حضور اپنے معاملات پیش کریں۔
اس ذکر اور دعا سے آپ کی نماز خدا سے ایک زندہ مکالمہ بن جائے گی۔ یہ زندہ نماز ایسی نعمت ہے جس کا کوئی تصور رٹے رٹائے الفاظ پڑھنے والا شخص نہیں کرسکتا۔ اسی سے نماز میں توجہ، خشوع، محبت اور شوق پیدا ہوتا ہے۔ یہی وہ چیز ہے جس کی آج ہر نمازی کو ضرورت ہے۔
تحرير: ابو يحيى

No comments:

Post a Comment