Monday, 7 August 2017

چاند اور سورج گرہن؛ اللہ کی نشانیاں

ایس اے ساگر

جب سورج کی روشنی زمین تک پہنچتی ہے تو خلا میں زمین کے پیچھے اس کا سایہ بھی بنتا ہے چاند چونکہ زمین کے گرد گھومتا ہے لہذا بعض اوقات چاند گردش کرتے ہوئے زمین کے سائے میں داخل ہوجاتا ہے اس طرح سورج کی روشنی چاند پر نہ پہنچنے کی وجہ سے چاند تاریک ہوجاتا اس کو چاند گرہن کہتے ہیں۔ 7 اگست بروز پیر کو جزوی چاند گرہن ہوگا جو پاکستان میں بھی نظر آئے گا. جزوی چاند گرہن کی ابتداء عالمی معیاری وقت کے مطابق 15:50:01 بتائی گئی ہے. حدیث میں دعا اور تکبیر سے مراد دو رکعت نماز ہے. چاند گرہن کے وقت بغیر جماعت کے دو رکعت نماز پڑھنا مسنون ہے اور سورج گرہن کے وقت دو رکعت نماز جماعت کے ساتھ پڑھنا مسنون ہے۔ سعودی عرب میں رات 8:22 سے 10:18 تک، ہندوستان میں 10:52 سے 12:48 تک اور پاکستان میں 10:22 سے 12:18 تک چاند گرہن رہنے کی توقعات کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر انفرادی نماز پڑھیں،

Today (07/08/2017), the lunar eclipse will be visible in Saudi Arabia since 8:22 till 10:18 pm, in India 10:52 to 12:48 pm and in Pakistan from 10:22 to 12:18pm. On this occasion we should offer prayers individually, supplicate Allah and do Zikr of Allah. Please read my article and forward to others.

سورج ہو یا چاند گرہن، یہ اللہ تعالی کی دو اہم نشانیاں ہیں. پوری کائنات مل کر بھی سورج یا چاند کے گرہن کو نہیں روک سکتیں. دنیا کے مختلف ممالک میں 7/ اگست 2017 کو چاند گرہن اور 21/اگست 2017کو سورج گرہن دیکھا جائے گا۔ سورج یا چاند گرہن کیوں ہوتا ہے؟ اس کے مختلف اسباب ذکر کیے جاتے ہیں۔ سائنسی اعتبار سے کہا جاتا ہے کہ زمین کے گرد چاند گردش کرتا ہے اور چاند زمین کی طرح تاریک ہے ، وہ سورج سے روشنی حاصل کرتا ہے، جب وہ سورج کے گرد گردش کرتے ہوئے سورج اور زمین کے درمیان آجاتا ہے تو سورج کی روشنی زمین پر پہنچنے سے رک جاتی ہے جس سے سورج گرہن واقع ہوتا ہے۔ اور جب زمین درمیان میں آجاتی ہے اور وہ چاند پر روشنی نہیں پڑنے دیتی تو چاند گرہن واقع ہوتا ہے۔ زمانۂ جاہلیت میں سمجھا جاتا تھا کہ کسی شخص کی موت یا کسی بڑے حادثہ پر سورج یا چاند کو گرہن لگتا ہے۔ برصغیر میں لوگوں کا خیال ہے کہ اس موقع پر حاملہ عورتیں چھری وغیرہ کا استعمال نہ کریں کیونکہ سورج یا چاند کے گرہن ہونے کی وجہ سے ان کے پیٹ میں موجود بچے کا ہونٹ وغیرہ کٹ جاتا ہے، حالانکہ حقیقت سے اس کا کوئی بھی تعلق نہیں ہے، نہ شرعی اعتبار سے اور نہ ہی سائنس کے اعتبار سے، یہ صرف لوگوں کا وہم وگمان ہے اور جاہلانہ بات ہے۔ ہمارا یہ ایمان وعقیدہ ہے کہ شریعت اسلامیہ میں زندگی گزارنے کا مکمل طریقہ بیان کیا گیا ہے۔ اگر واقعی اس موقعہ پر حاملہ عورت کے لیے چھری وغیرہ کا استعمال کرنا نقصان دہ ہوتا تو پوری کائنات کے نبی حضرت محمد مصطفی ﷺ اللہ کے حکم سے اس کے متعلق احکام ضرور بیان فرماتے۔ ایک مرتبہ آپ ﷺ کی حیات مبارکہ میں جب سورج گرہن ہوا، اسی دن آپﷺ کے صاحبزادے حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ کی وفات ہوئی اور بعض لوگ یہ کہنے لگے تھے کہ گرہن ان کی موت کی وجہ سے ہوا ہے، تو آپ ﷺ نے اس کی تردید کرکے بیان کیا کہ سورج اور چاند اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں۔ کسی کی موت کی وجہ سے یہ گرہن نہیں ہوتے۔ نبی اکرم ﷺ نے اس موقع پر لمبی نماز پڑھی۔ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق آج تک پوری امت مسلمہ کا یہی معمول ہے کہ اس موقع پر نماز پڑھی جائے، اللہ کا ذکر کیا جائے اور دعاکی جائے۔

دنیا میں ایسا عظیم الشان نظام ہے کہ وقت پر سورج کا طلوع ہونا، غروب ہونا، چاند اور کروڑوں ستاروں کا خلا میں موجود ہونا، ہواؤں کا چلنا، سورج اور چاند سے روشنی کا ملنا، زمین کے اندر بے شمار خزانے اور زمین میں بڑے بڑے پہاڑوں کا موجود ہونا، بادلوں سے بارش کا ہونا، زمین میں پیداواری کی صلاحیت کا ہونا، پھلوں میں طرح طرح کے ذائقہ کا پیدا ہونا، پانی اور آگ کا موجود ہونا، اسی طرح چرندوں ، درندوں اور پرندوں کی بے شمار مخلوقات کا موجود ہونا سب اس بات کی واضح دلیل ہے کہ ان کو پیداکرنے والی کوئی نہ کوئی ذات ہے، ورنہ یہ سارا نظام کیسے اور کیوں قائم ہوگیا؟ آج ہم ایک چھوٹا سا کام بھی کرتے ہیں تو اس کا کوئی نہ کوئی مقصد ہوتا ہے، نیز اس کے لیے بہت کچھ کرنا ہوتا ہے اور پھر وہ ایک نہ ایک دن ختم بھی ہوجاتا ہے۔ بڑی بڑی حکومتوں کے چودھری ایک گززمین میں دفن کردئے گئے۔ مضبوط قلعے کھنڈرات میں تبدیل ہوگئے۔ اور حویلیاں ویران ہوگئیں۔ یقیناً وہ اللہ تعالیٰ کی ہی ذات ہے جو نہ صرف انس وجن کا خالق ہے بلکہ پوری کائنات کا پیدا کرنے والا ہے اور صرف وہ ہی اس پوری کائنات کے نظام کو چلانے والا ہے۔ ہم سب اس کے بندے ہیں۔ دنیا کی بے شمار چیزیں نہ سمجھنے کے باوجود ہم تسلیم کرلیتے ہیں، اسی طرح بات سمجھ میں آئے یا نہیں ہمارا یہ ایمان وعقیدہ ہے کہ اتنی بڑی کائنات خود بخود نہیں بن سکتی اور اتنا بڑا نظام خود بخود قائم نہیں رہ سکتا ۔ سورج وچاند کا کیسا عجیب وغریب نظام ہے کہ ہزاروں سال گزرنے کے باوجود ایک سیکنڈ کا بھی فرق نہیں آیا۔ جس طرح وقتی طور پر اللہ کے حکم سے سورج یا چاند کو گرہن لگتا ہے، ایک دن ایسا ضرور آئے گا کہ یہ سورج اللہ کے حکم سے مشرق کے بجائے مغرب سے طلوع ہوگا جیسا کہ آج کے سائنس دانوں نے بھی اس کے امکان کو تسلیم کرلیا ہے، حالانکہ شریعت اسلامیہ نے 1400 سال قبل ہی اس کو بتا دیا تھا۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ پوری دنیا ختم ہوجائے گی اور پھر دنیا کے وجود سے لے کر تمام انسانوں کو ان کے کئے ہوئے اعمال پر جزا یا سزا دی جائے گی۔ غرضیکہ سورج یا چاند کے گرہن لگنے میں کسی مخلوق کا نہ دخل ہے اور نہ ہی پوری کائنات مل کر سورج یا چاند کے گرہن کو روک سکتی ہیں۔ اس لیے سورج یا چاند کے گرہن کے وقت صرف اللہ تعالیٰ کی ہی پناہ مانگی جائے، اسی کے سامنے جھکا جائے اور اسی کے در پر جاکر پیشانی ٹیکی جائے کیونکہ وہی اس کائنات کا خالق بھی ہے اور مالک ورازق بھی۔ نبی اکرم ﷺ سورج گرہن لگنے پر مسجد میں داخل ہوکر نماز میں مصروف ہوئے تھے، اس لیے اگرایسے موقع پر باہر نکلنے سے بچا جائے اور براہ راست سورج کو نہ دیکھا جائے تو یہ عمل احتیاط پر مبنی ہوگا ،کیونکہ سائنسی اعتبار سے بھی اس نوعیت کی احتیاط مطلوب ہے، لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمارا تو ایمان ہے کہ جو تکلیف یا آسانی اللہ تعالیٰ کی جانب سے مقدر میں ہے وہ مل کر ہی رہے گی، اگرچہ تکلیف سے بچنے اور آسانی کے حصول کے لیے تدابیر واسباب ضرور اختیار کرنے چاہئیں۔ لہذا جب بھی سورج گرہن ہوجائے تو مسلمانوں کو چاہئے کہ خالق کائنات کی طرف متوجہ ہوں، دو رکعت نماز اذان واقامت کے بغیرباجماعت ادا کریں اور اللہ تعالیٰ سے خوب دعائیں مانگیں۔ بعض علماء کی رائے ہے کہ دو رکعت سے زیادہ بھی ادا کرسکتے ہیں۔ قراء ت آہستہ پڑھنی چاہئے، اگرچہ بعض علماء کی رائے میں بلند آواز کے ساتھ بھی پڑھ سکتے ہیں۔ چاند گرہن کے موقعہ پر انفرادی نماز پڑھنی چاہئے، اگرچہ بعض علماء کی رائے کے مطابق جماعت کے ساتھ بھی پڑھنے کی گنجائش ہے۔ اُن اوقات میں یہ نماز نہیں پڑھنی چاہئے جن اوقات میں نماز پڑھنا منع ہے، اگرچہ بعض علماء کی رائے ہے کہ اوقات مکروہہ میں بھی پڑھ سکتے ہیں۔ سورج گرہن (Solar Eclipse) کے موقع پر پڑھی جانے والی نماز کو صلاۃ الکسوف، جبکہ چاند گرہن (Lunar Eclipse) کے موقع پر پڑھی جانے والی نماز کو صلاۃ الخسوف کہتے ہیں۔ اس نمازمیں قراء ت، رکوع اور سجدہ وغیرہ کو اتنا لمبا کرنا چاہئے کہ نماز پڑھتے پڑھتے ہی گرہن ختم ہوجائے، کیونکہ نبی اکرم ﷺ سے اسی طرح ثابت ہے۔ جس طرح سے دورکعت نماز پڑھی جاتی ہے اُسی طریقہ سے یہ نماز پڑھی جائے گی، اگرچہ بعض علماء کا موقف ہے کہ ہر رکعت میں دو رکوع کئے جائیں۔ خلاصہ کلام یہ ہے کہ علماء احناف کی رائے ہے کہ اس موقع پر دو رکعات عام نماز کی طرح پڑھی جائے اور سورج گرہن کے موقع پر جماعت کے ساتھ لیکن آہستہ قراء ت سے ، جبکہ چاند گرہن کے موقع پر انفرادی نماز ادا کی جائے۔ ہاں اگر کسی جگہ مثلاً سعودی عرب میں جماعت کے ساتھ ادا ہورہی ہو تو اس میں شریک ہوسکتے ہیں۔ اِن دونوں نمازوں میں لمبے قیام ورکوع اور سجدے کیے جائیں۔ اللہ تعالیٰ کا ذکر بھی کیا جائے اور خوب دعائیں مانگی جائیں۔ حضرت ابو بکرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں سورج گرہن ہوا۔ آپ ﷺ اپنی چادر گھسیٹتے ہوئے (تیزی سے) مسجد پہنچے۔ صحابۂ کرام آپ کے پاس جمع ہوگئے۔ آپ ﷺ نے انھیں دو رکعت نماز پڑھائی اور گرہن بھی ختم ہوگیا۔ اس کے بعد آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: سورج اور چاند اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں۔ کسی کی موت کی وجہ سے یہ گرہن نہیں ہوتے(بلکہ زمین اور آسمان کی دوسری مخلوقات کی طرح ان پر بھی اللہ تعالیٰ کا حکم چلتا ہے اور ان کی روشنی وتاریکی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے) اس لئے جب سورج اور چاند گرہن ہو تو اس وقت تک نماز اور دعا میں مشغول رہو جب تک ان کا گرہن ختم نہ ہوجائے۔ چونکہ رسول اللہ ﷺ کے صاحبزادے حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ کی وفات (اسی دن) ہوئی تھی اور بعض لوگ یہ کہنے لگے تھے کہ گرہن ان کی موت کی وجہ سے ہوا ہے، اس لئے رسول اللہ ﷺ نے یہ بات ارشاد فرمائی۔ (بخاری ۔ باب الصلاۃ فی کسوف القمر) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں سورج گرہن ہوا ............... نماز سے فارغ ہوکر آپ ﷺنے فرمایا:
سورج اور چاند اللہ تعالیٰ کی دو نشانیاں ہیں۔ یہ دونوں کسی کے مرنے یا پیدا ہونے سے گرہن نہیں ہوتے۔ اے لوگو! جب تم کو یہ موقعہ پیش آئے تو اللہ کے ذکر میں مشغول ہوجاؤ، دعا مانگو، تکبیر وتہلیل کرو، نماز پڑھو اور صدقہ وخیرات ادا کرو۔ (مسلم ۔ باب صلاۃ الکسوف) حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا جب سورج یا چاند گرہن ہوجائے تو اسی کیفیت پر نماز پڑھو جس طرح تم نے یہ آخری نماز پڑھی ہے (نماز فجر کی طرح)۔ (نسائی ۔ باب صلاۃ الکسوف) حضرت قبیصہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ مدینہ منورہ میں تھے کہ سورج گرہن ہوگیا۔ آپ گھبراکر جلدی سے باہر نکلے اپنے کپڑے کو کھنچتے ہوئے اور دو رکعت خوب لمبی پڑھیں۔ نسائی ۔ باب صلاۃ الکسوف

نماز مشروع ہونے کی وجہ: 

چاند اور سورج کا گرہن نمونہ اور مذ۔ِکر۔ّ ہے آفت و مصیبت و اسبابِ شرکا۔ پس خدا تعالیٰ کی رحمت اور اس کی پر لطف حکمت تقاضا کرتی ہے کہ کسوف کے وقت لوگوں کو وہ طریقے سکھلائے جو کسوف کے نظیر بلاؤں کو دور کریں، بدیوں کو ہٹاویں۔ 
پس اللہ تعالیٰ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی زبان پر یہ تمام طریقے سکھلا دیے، کیوںکہ یہ خدا تعالیٰ کی سنت ہے کہ وہ دعا کے ساتھ بلا کو رد کرتا ہے اور دُعا اور بلا دونوں جب کبھی جمع ہوئیں تو دُعا ہی باذن اللہ بلا پر غالب آئی، جب کہ دُعا ایسے لبوں سے نکلتی ہے جو خدا تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے والی ہیں۔ ’’صحیح مسلم و بخاری‘‘ سے ثابت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ ’’شمس و قمر خدا تعالیٰ کی نشانیوں میں سے دو نشان ہیں اور کسی کے مرنے یا جینے کے لیے ان کو گرہن نہیں لگتا، بلکہ وہ خدا تعالیٰ کے دو نشان ہیں۔ خدا تعالیٰ ان دونوں کے ساتھ اپنے بندوں کو ڈراتا ہے۔ 
پس جب تم ان کو دیکھو تو جلدی سے نماز میں مشغول ہوجاؤ‘‘۔ اس حدیث میں اس بات کی طرف اشارہ فرمایا ہے کہ یہ دونوں نشان گناہ گاروں کے ڈرانے کے لیے ہیں تاکہ اپنے گناہ، بدکاریوں اور پلیدیوں کے وبال سے ڈریں اور اسی غرض سے رسول کریم ﷺ نے گرہن کے وقت حکم فرمایا ہے کہ بہت نیکیاں کرو اور نیک کاموں کی طرف جلدی کرو اور خالص نیت کے ساتھ نماز اور دُعا کرنا اور خدا تعالیٰ کی تعریف کرنااور ذکر و تضرع و قیام و رکوع و سجود و توبانابت و استغفار و خشوع و ابتہال اور جنابِ الٰہی میں تذلل کرنا اور تصدق و اعتاق مقرر فرمایا، تاکہ اس آنے والے عذاب سے ان اعمالِ صالح کا بجا لانا عامل کے لیے ۔ِسپر۔َ ہو۔ یہ ایسا وقت ہے کہ حوادث کے پیدا ہونے کا مذکر اور اس پر منبہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ اہلِ معرفت کے دلوں میں خود بخود ایسے اوقات میں گھبراہٹ پیدا ہوجاتی ہے، نیز ایسے اوقات میں زمین پر تجلیات کا نزول ہوتا ہے، اس لیے صاحبِ معرفت کو ان اوقات میں خدا تعالیٰ کے ساتھ قرب حاصل کرنا بہت مناسب ہے۔ 
چناںچہ نعمان بن بشیر کی حدیث میں کسوف کی بابت آں حضرت ﷺ سے آیا ہے:
فإذا تجلی اللّٰہ لشيء من خلقہ خشع لہ۔

جب خدا تعالیٰ اپنی مخلوقات میں سے کسی چیز پر تجلی فرماتا ہے تو وہ چیز اس کے سامنے جھک جاتی ہے۔
نیز کفار لوگ چاند اور سورج کو سجدہ کیا کرتے ہیں، لہٰذا مؤمن مسلمان کو لازم ہے کہ جب کوئی ایسی دلیل ظاہر ہو کہ جس سے ان چیزوں کا غیر مستحق عبادت ہونا ثابت ہو تو خدا تعالیٰ کے سامنے نیاز مندی سے التجا کرے اور خدا تعالیٰ کو سجدہ کرے، چناںچہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
{لَا تَسْجُدُوْا لِلشَّمْسِ وَلَا لِلْقَمَرِ وَاسْجُدُوْا لِلّٰہِ الَّذِیْ خَلَقَہُنَّ}1

آفتاب کو سجدہ نہ کرو اور نہ چاند کو بلکہ اس خدا کو سجدہ کرو جس نے ان کو پیدا کیا ہے۔
یہ سجدہ کرنا دین کے لیے شعار اور منکرین کے لیے ساکت کرنے والا جواب ہے۔
سوال: اگر کوئی کہے کہ خسوف و کسوف نجوم کی مقررہ منازل پر پہنچنے سے واقع ہوتا ہے اور اس کو انسانوں کے عذاب و ثواب سے کوئی تعلق نہیں ہے، تو
جواب: یہ ہے کہ جو سائل نے کہا ہے وہ علت ہے اور جو ہم نے کہا ہے وہ حکمت ہے، پس دونوں میں کوئی تعارض نہیں۔

وعلیکم السلام و رحمت اللہ و برکاتہ

*کیاسورج گرہن اور چاند گرہن کا اثر حمل پرہوتاہے؟:

مسئلہ نمبر (٣٨): کیافرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا سورج یاچاند گرہن کا اثر دوران حمل بچہ پرہوتاہے یانہیں ؟
الجواب باسم الملک الوہاب
بچوں کے معذوروغیرمعذور ہونے کا سورج گرہن کے ساتھ شرعاً کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی قدرت ہے کہ کسی کو تندرست پیدافرمائے یامعذور،لہذا اس کو مؤثر سمجھنا کہ گرہن کے وقت چلنے پھرنے سے بچہ معذور پیداہوگا، ایساعقیدہ رکھنا جائزنہیں ہے ۔
''قال فی البحر وماورد من خطبتہ علیہ السلام یوم مات ابنہ ابراہیم وکسفت الشمس فانما کان للرد علی من قال انہا کسفت لموتہ لا لانہا مشروعة لہ ولذا خطب علیہ السلام بعدالانجلاء ''…(ردالمحتار علی ہامش درمختار: ٦٢٢/١)
واللہ تعالی اعلم بالصواب
ارشاد المفتين

سورج اور چاند گرہن کے وقت حاملہ جانوروں کے گلے سے رسیاں نکالنا

سوال … چاند اور سورج گرہن کی کتاب و سنت کی نظر میں کیا حقیقت ہے؟ قرآن اور سنت کی روشنی میں بتائیں کہ یہ دُرست ہے یا کہ غلط کہ جب سورج یا چاند کو گرہن لگتا ہے تو حاملہ گائے، بھینس، بکری اور دیگر جانوروں کے گلے سے رسے یا سنگل کھول دینے چاہئیں یا یہ صرف توہمات ہی ہیں؟

جواب … چاند گرہن اور سورج گرہن کو حدیث میں قدرتِ خداوندی کے ایسے نشان فرمایا گیا ہے، جن کے ذریعہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو ڈرانا چاہتے ہیں، اور اس موقع پر نماز، صدقہ خیرات اور توبہ و اِستغفار کا حکم دیا گیا ہے۔ باقی سوال میں جس رسم کا تذکرہ ہے اس کی کوئی شرعی حیثیت نہیں۔

چاند گرہن میں حاملہ کا قینچی ،چھری اور چاقوکا استعمال

مسئلہ(۱۵):بعض مرد وعورتیں چاند گرہن میں حاملہ عورت کو قینچی، چھری اور چاقو وغیرہ کے استعمال سے منع کرتے ہیں، اور یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ ان چیزوں کے استعمال سے پیٹ میں موجود حمل میں کوئی نَقص پیدا ہوجاتا ہے، یہ محض توہم پرستی ہے، شریعتِ اسلامیہ کے ساتھ اس کا کوئی تعلق نہیں ہے، لہٰذا چاند گرہن کے دوران حاملہ عورت بھی بقدرِ ضرورت قینچی، چھری اور چاقو وغیرہ کا استعمال کرسکتی ہے، اس سے حمل پر کوئی اثر نہیں پڑتا، کیوں کہ مؤثرحقیقی اللہ تبارک وتعالیٰ کی ذات ہے، اس لیے اس طرح کے باطل عقائد اور توہمات سے بچنا چاہئے۔(۱)

الحجۃ علی ما قلنا :
(۱) ما في ’’ القرآن الکریم ‘‘ : {ما أصاب من مصیبۃ في الأرض ولا في أنفسکم إلا في کتٰب من قبل أن نبرأہا} ۔
(سورۃ الحدید : ۲۲)

ما في ’’ روح المعاني ‘‘ : والکلام علی العموم بجمیع الشرور ، أي مصیبۃ في الأرض کجدب وعاہۃ في الزرع والثمار ، والزلزلۃ وغیرہا ، ولا في أنفسکم کمرض وآفۃ کالجرح والکسر إلا في کتاب ، أي إلا مکتوبۃ مثبتۃ في اللوح المحفوظ ، وقیل في علم اللہ عزّ وجل ۔ (۱۵/۲۸۵)

وما في ’’ التفسیر الکبیر ‘‘ : ہذہ الآیۃ دالۃ علی أن جمیع الحوادث الأرضیۃ قبل دخولہا في الوجود مکتوبۃ في اللوح المحفوظ ۔ (۱۰/۴۶۷)

ما في ’’ مرقاۃ المفاتیح ‘‘ : من اعتقد شیئاً سوی ینفع أو یضرّ بالاستقلال ، فقد أشرک أي شرکاً جلیاً ۔ وقال القاضي : إنما سمّاہا شرکاً ، لأنہم کانوا یرون ما یتشاء مون بہ سبباً مؤثراً في حصول المکروہ ۔ (۸/۳۹۳ ، رقم الحدیث : ۴۵۸۴)

ما في ’’ القرآن الکریم ‘‘ : {قل لن یّصیبنا إلا ما کتب اللہ لنا ہو مولٰنا وعلی اللہ فلیتوکّل المؤمنون} ۔ (سورۃ التوبۃ : ۱۵)

واللہ اعلم بالصواب
محمد مصروف مظاہری

No comments:

Post a Comment