Saturday 21 April 2018

آپ کے مسائل اور اُن کا حل؛ ۳ شعبان المعظّم ۱۴۳۹ھ

1:…شوہر پر بیوی کی طرف سے زکاۃ کی ادائیگی

سوال:- میری بیوی کے پاس جو سونا ہے، اس پر ایک لاکھ زکاۃ بنتی ہے، تو کیا یہ زکوٰۃ مجھے دینی ہے یا وہ خود اپنے زیور پر زکوٰۃ ادا کرے گی؟ (شایان،کراچی)
جواب:- سونا بیوی کا ہے تو زکاۃ بھی وہی ادا کرے گی، مگرچونکہ زکاۃ مالی عبادت ہے، اس لیے بیوی کی اجازت سے آپ بھی ادا کرسکتے ہیں۔ (کذا فی فتاویٰ قاضی خاں علی الفتاویٰ الہندیۃ / فصل فی اداء الزکاۃ ۱؍۲۶۲۔ہدایۃ ۱؍۱۸۵)

2:…تجدیدِ نکاح کا طریقہ:
سوال:- میں نے آپ کا جواب پڑھ لیا کہ شوہر جب اپنی بیوی کو ”تم فارغ ہو“ کہتا ہے تو دوبارہ ساتھ رہنے کے لیے میاں بیوی کو تجدیدِ نکاح کرنا پڑتا ہے، براہ کرم تجدیدِ نکاح کا طریقہ ذکر فرمادیں۔
جواب:- تجدیدِنکاح کا طریقہ یہ ہے کہ کم از کم دو گواہوں کی موجودگی میں نئے مہر کے ساتھ نکاح کا ایجاب وقبول کرلیں۔ (بدائع الصنائع (3/187، فصل فی حکم الطلاق البائن، ط؛ سعید)

3:…دوسرے کی طرف سے ادائیگی؛ قرض یا احسان؟
سوال:- جب میں کالج میں پڑھتی تھی، نوٹس فوٹو اسٹیٹ کرانے کے لیے پیسے لیے جاتے تھے۔ ایک بار میرے پاس دو روپے کم تھے تو ایک لڑکی نے میرے دو روپے دیے، ساتھ ساتھ ہنسی میں کہنے لگی کہ میں یہ دو روپے کبھی معاف نہیں کروں گی، میں نے بھی اس بات کو سنجیدہ نہیں لیا اور دو روپے واپس نہیں کئے، کئی سال گزرچکے ہیں۔ اب خیال آیا تو مجھے اس لڑکی کا کچھ پتہ نہیں ہے، اگر یہ ادھار کے زمرے میں آتا ہے تومیں نے سنا ہے کہ ادھار لے کر واپس نہ کرنے والے کی بخشش نہیں، اب مجھے یہ خوف ہے کہ کہیں آخرت میں اس بات پر میری پکڑ ہو۔ پریشان ہوں، اس مسئلے کا کیا حل ہے؟
جواب:- دوستانہ بے تکلفی سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ رقم قرض نہیں تھی، مگر جو زبانی صراحت اس نے کی، اس کی بناء پر یہ رقم قرض ہے۔ اب اگر اس کا علم نہ ہوتو اس کی طرف سے اتنے پیسے صدقہ کردیں۔ (شامی (4/283، کتاب اللقطۃ، ط، سعید)

4:… ناپاکی اور موت کے بعد غسل کا مسئلہ
سوال:- عورت یا مرد جنبی حالت میں مر جائیں تو انہیں اس صورت میں غسل دیا جائے گا یا نہیں؟
جواب:- ایک ہی مرتبہ غسل دیا جائے گا جو موت کے بعد دیا جاتا ہے۔ غسلِ جنابت تو موت کی وجہ سے ساقط ہوجاتا ہے۔ (المحیط البرھانی (۵۵/۳) الدر المختار (۱۹۷/۲)

5:… زندہ شخص کی طرف سے عمرہ یا اسے ایصالِ ثواب کرنا
سوال :- زندہ انسان کا عمرہ ادا کیا جاسکتا ہے، مثلاً میری والدہ حیات ہیں، اگر میں ان کا عمرہ کرنا چاہوں تو کیا کرسکتی ہوں؟
جواب:- عمرہ بھی کسی زندہ شخص کی طرف سے کیا جاسکتا ہے، البتہ کسی دوسرے کی طرف سے عمرہ کرتے وقت احرام اس کی نیت سے باندھا جائے اور تلبیہ بھی اس کی طرف سے پڑھا جائے۔ اگر اپنے لیے عمرہ کیا جائے تو اس کا ثواب بھی جس طرح مرحومین کو بخش سکتے ہیں، اس طرح زندوں کو بھی بخش سکتے ہیں۔ (البحرالرائق ج؛2/ص؛243/ مطلب فی القراءۃ للمیت واھداء ثوابھا لہ، ط سعید)

6:…جائے ملازمت پر قصر اور نفل نماز کے مسائل
سوال:- میں جہاں ملازمت کرتا ہوں، وہاں میں 13 دن کام کرتا ہوں اور7 دن کے لیے گھر جاتا ہوں، سوال یہ ہے کہ
(1): ملازمت میں میری نماز قصر بنتی ہے یا مکمل؟
(2): قصر بنتی ہے تو قصر نماز میں سنت اور نفل بھی پڑھے جائیں گے؟
(3): اگر اس صورت میں نماز قصر بنتی ہے اور پوری پڑھ لی تو گناہ ہوگا؟
جواب:-
(1): اگر آپ کی جائے ملازمت آپ کے گھر سے سوا ستتر کلومیڑ یا اس سے زیادہ فاصلہ پر ہے اور آپ وہاں ایک مرتبہ بھی پندرہ دن یا اس سے زیادہ دن اقامت کی نیت سے نہیں ٹھہرے ہیں تو آپ جائے ملازمت پر قصر نماز پڑھیں گے۔
(2): مسافر جلدی میں ہو یا چلتا سفر ہو یا ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی ہو تو سنتیں چھوڑنا جائز ہے اورنفل نماز چھوڑنے کی گنجائش اور زیادہ ہے، تاہم مسافر کو فجر کی سنتیں پڑھنے کا اہتمام کرنا چاہئے، کیوں کہ اس کی تاکید اور فضیلت بہت زیادہ ہے۔ حالتِ سفر میں اطمینان وسکون کی حالت ہو تو سنن مؤکدہ پڑھنا اچھا ہے۔نبی اکرم صلی اللہ تعالٰی علیہ و سلم سے سفر میں سنتیں پڑھنا ثابت ہے۔
(3): مسافر پر قصر نماز پڑھنا واجب ہے، پوری نماز پڑھنا درست نہیں ہے۔ اگر پوری نماز پڑھ لی تو ایک نماز میں کئی قسم کی کراہتیں جمع ہوجاتی ہیں، جس کی وجہ سے گناہ گار ہوگا، تاہم اگر دوسری رکعت پر قعدہ کرلیا ہے تو فرض ادا ہوجائے گا۔
اگر دوسری رکعت پر قعدہ نہ کرے تو فرض ادا نہیں ہوگا اور اعادہ واجب ہوگا۔ (1/ 139، کتاب الصلوٰۃ،الباب الخامس عشر فی صلاۃ المسافر، ط: رشیدیہ)الھندیۃ (۱۳۹/۱) الدرالمختار (۱۳۱/۲) (البحر الرائق ۲؍۱۳۰ کوئٹہ) (مراقی الفلاح / باب صلاۃ المسافر ۴۲۵ قدی
....
«۳ / شعبان المعظّم / ۱۴۳۹ھ بمطابق
۲۰ / اپریل / ۲۰۱۸ء»

آپ کے مسائل اور اُن کا حل
از: حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر صاحب مدظلہ (رئیس و شیخ الحدیث جامعہ علومِ اسلامیہ علامہ بَنُوری ٹاؤن، صدر وفاق المدارس العرَبیہ، امیرِ مرکزیہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت)

No comments:

Post a Comment