Saturday 29 July 2023

بچھو کے زہر کا ایک لیٹر ’ایک کروڑ ڈالر‘ میں کیوں بکتا ہے؟

 بچھو کے زہر کا ایک لیٹر ’ایک کروڑ ڈالر‘ میں کیوں بکتا ہے؟

ہم یہ تو جانتے ہیں کہ سانپ کسی انسان کو کاٹے تو یہ جان لیوا ہو سکتا ہے لیکن بچھو بھی خطرناک ہوتے ہیں جو انسان کی جان لے سکتے ہیں۔لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ بچھو کے ڈنگ میں چھپا ہوا زہر جتنا جان لیوا ہو سکتا ہے اتنا ہی مہنگا بھی ہوتا ہے؟ ترکی کی ایک لیبارٹری میں روزانہ بچھو کے زہر کی دو گرام مقدار جمع کی جاتی ہے۔ اس عمل کے دوران لیبارٹری کا عملہ بچھو کو ایک ڈبے سے نکال کر اس وقت تک انتظار کرتا ہے جب تک بچھو زہر کا ایک قطرہ نہیں نکال دیتا۔ اس قطرے کو منجمد کرلیا جاتا ہے اور پھر محفوظ بنا کر اسے بیچا جاتا ہے۔میڈن اورانلر بچھو پالتے ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ان کے فارم پر 20 ہزار بچھو ہیں۔’ہم ان کو باقاعدہ کھانا ڈالتے ہیں، ان کا خیال رکھتے ہیں اور ان کی پرورش کرتے ہیں۔ ہم ان کا زہر نکال کر منجمد کر لیتے ہیں۔ پھر ہم اس کو یوروپ میں بیچ دیتے ہیں۔‘ بچھو کے ڈنگ میں صرف دو ملی گرام زہر ہوتا ہے۔ میڈن کا کہنا ہے کہ بچھو کے زہر کی ایک گرام مقدار تقریبا 300 سے 400 بچھو سے حاصل کی جاتی ہے لیکن اگر وہ اس زہر کو بیچتے ہیں تو اس کی قیمت کیا ہوتی ہے؟میڈن کے مطابق بچھو کے زہر کا ایک لیٹر تقریبا ایک کروڑ ڈالر کا بکتا ہے۔لاطینی امریکہ میں پائے جانے والے ایک مخصوص بچھو کے زہر سے ’مارگا ٹوکسن‘ نامی مواد حاصل کیا جاتا ہے جو خون کی رگوں میں نئے خلیے بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے اور اسے دل کی سرجری میں استعمال کیا جاتا ہے۔یہ بچھو پانچ سے آٹھ سینٹی میٹر تک کے ہوتے ہیں اور اگرچہ ان کا زہر جان لیوا نہیں ہوتا لیکن پھر بھی اگر یہ کسی کو کاٹ لیں تو اس شخص کو شدید درد، سوجن اور خارش ہوتی ہے۔



No comments:

Post a Comment