Monday 17 August 2020

دعوت و تبلیغ کی اہمیت و ضرورت

دعوت و تبلیغ کی اہمیت و ضرورت

مولانا سید ابوالحسن علی ندوی رحمة اللہ علیہ 

بانی تبلیغ جماعت مولانا محمد الیاس صاحب رحمة اللہ علیہ کو اس بات کا پوری شدت سے احساس ہوا کہ اس وقت سب سے مقدم اور ضروری کام تبلیغ اور مسلمانوں میں مسلمان ہونے کا احساس پیدا کرنا ہے اور یہ کہ دین سیکھے بغیر نہیں آتا اور دنیاوی ہنروں سے زیادہ اس کے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ یہ احساس اور طلب اگر پیدا ہوگئی تو باقی مراحل و منازل خود بخود طے ہوجائیں گے، اس وقت کے مسلمانوں کا عمومی مرض بے حسی اور بے طلبی ہے، لوگوں نے غلط فہمی سے سمجھ لیا ہے کہ ایمان تو موجود ہی ہے، اس لئے ایمان کے بعد جن چیزوں کا درجہ ہے، ان میں مشغول ہوگئے، حالانکہ سرے سے ایمان پیدا کرنے ہی کی ضرورت باقی ہے۔

قرون اولیٰ کے مقابلہ میں تعلیم وتبلیغ، ارشاد واصلاح میں ایک عظیم تغیّر یہ ہوا کہ ان کا دائرہ طالبین کے لئے محدود ہوکر رہ گیا، اہل طلب کے لئے تعلیم و اصلاح اور ہدایت و ارشاد کا پورا نظام اور اہتمام تھا، لیکن جن کو اپنے مرض کا احساس ہی سرے سے نہیں اور جو طلب سے خالی ہیں، ان کی طرف سے توجہ بالکل ہٹ گئی، حالانکہ ان میں طلب کی تبلیغ کی ضرورت تھی، انبیاء علیہم السلام کی بعثت کے وقت سارا عالم مستغنی اور سود و زیاں سے بے پروا ہوتا ہے۔ یہ حضرات انہیں میں طلب علم پیدا کرتے ہیں اور کام کے آدمی حاصل کرلیتے ہیں، بے طلبوں اور بے حسّوں میں طلب و احساس پیدا کرنا ہی اصل تبلیغ ہے۔ اس احساس و طلب دین اور اسلام کے اصول و مبادی کی تلقین کا ذریعہ کیا ہے؟ اسلام کا کلمہ طیبہ ہی اللہ تعالیٰ کی رسی کا وہ سرا ہے، جو ہر مسلمان کے ہاتھ میں ہے، اسی سرے کو پکڑکر آپ اسے پورے دین کی طرف کھینچ سکتے ہیں، وہ کشمکش نہیں کر سکتا، مسلمان جب تک اس کلمہ کا اقرار کرتا ہے، اس کو دین کی طرف لے آنے کا موقع باقی ہے۔ اس موقع کے (خدانخواستہ) نکل جانے سے پہلے اس سے فائدہ اٹھالینا چاہیے۔ اب مسلمانوں کی اس وسیع اور منتشر آبادی میں دین کا احساس و طلب پیدا کرنے کا ذریعہ یہی ہے کہ ان سے اس کلمہ ہی کے ذریعے تقریب پیدا کی جائے اور اسی کے ذریعہ خطاب کیا جائے، کلمہ یاد نہ ہو تو کلمہ یاد کروایا جائے، غلط ہو تو اس کی تصیح کی جائے، کلمہ کے معنی و مفہوم بتائے جائیں اور سمجھایا جائے کہ خدا کی بندگی و غلامی اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تابعداری کا اقرار ان سے کیا مطالبہ کرتا ہے، اس طرح ان کو اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام کی پابندی پر لایا جائے، جن میں سے سب سے عمومی، سب سے مقدّم اور سب سے اہم نماز ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے یہ قابلیت رکھی ہے کہ وہ سارے دین کی استعداد و قوت پیدا کردیتی ہے، جس بندگی کا کلمہ میں اقرار تھا، اس کا یہ پہلا اور سب سے کھلا ثبوت ہے، پھر اس شخص کی مزید ترقی اور استحکام کے لئے اس کو اللہ تعالیٰ سے تعلق پیدا کرنے اور اس تعلق کو بڑھانے کی طرف متوجہ کیا جائے اور اللہ تعالیٰ کو زیادہ یاد کرنے کی ترغیب دی جائے، نیز یہ بات اس کے ذہن نشین کی جائے کہ مسلمانوں کی طرح زندگی گزارنے کے لئے اللہ تعالیٰ کی مرضی و منشاء اور اس کے احکام و فرائض معلوم کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا کا کوئی ہنر اور کوئی فن بے سیکھے اور کچھ وقت صرف کئے بغیر نہیں آتا ، دین بھی بے طلب کے نہیں آتا اور اس کو آیا ہوا سجھنا غلطی ہے، اس کے لئے اپنے مشاغل سے وقت نکالنا ضروری ہے۔ یہ کام اتنا بڑا اور اتنا پھیلا ہوا ہے کہ اس کے لئے چند افراد اور دچند جماعتیں کافی نہیں، اس کے لئے عام مسلمانوں کی مسلمانو ں میں کوشش کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس لئے کہ بقول بانی تبلیغ مولانا محمد الیاس صاحب رحمة اللہ علیہ اگر کروڑوں کے واسطے لاکھوں نہیں اٹھیں گے تو کس طرح کام ہوگا، نہ جاننے والے جتنے کروڑ ہیں، جاننے والے اتنے لاکھ نہیں‘‘۔ مولانا کے نزدیک اس کام کے لئے عالمِ اسلام میں ایک عمومی اور دائمی حرکت و جنبش کی ضرورت ہے اور یہ حرکت اور جنبش مسلمانوں کی زندگی میں اصل اور مستقل ہے۔ سکون و وقوف اور دنیا کا اشتغال عارضی ہے، دین کے لئے اس حرکت و جنبش پر مسلمانوں کی جماعت کی بنیاد رکھی گئی اور یہی ان کے ظہور کی غرض و غایت ہے۔ ورنہ دنیا کے سکون و دنیاوی انہماک، کاروبار کی مصروفیت اور شہری زندگی کے کسی ضروری شعبہ میں کوئی ایسی کمی نہ تھی، جس کی تکمیل کے لئے ایک نئی امت کی ضرورت ہو۔

مسلمانوں نے جب سے اس جماعتی زندگی اور اصلی کام کو چھوڑ دیا یا ثانوی درجہ دے دیا، اس وقت سے ان کا انحطاط شروع ہوگیا اور جب سے ان کی زندگی میں سکون و استقرار اور پرسکون و مصروف شہری زندگی کی کیفیات و خصوصیات پیدا ہوگئیں، ان کا وہ روحانی زوال اور اندرونی ضعف شروع ہوگیا، جس کا عنوان خلافت راشدہ کا خاتمہ ہے۔ مولانا محمد الیاس صاحب رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں اور تاریخ ان کی لفظ بلفظ تائید کرتی ہے اور ان کے ہر دعوے پر شہادتیں پیش کرتی ہے:

’’ہم نے جماعتیں بناکر دین کی باتوں کے لئے نکلنا چھوڑ دیا، حالانکہ یہی بنیادی اصل تھی۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم خود پھرا کرتے تھے اور جس نے ہاتھ میں ہاتھ دیا، وہ بھی مجنونانہ پھرا کرتا تھا۔ مکہ کے زمانہ میں مسلمین کی مقدار افراد کے درجہ میں تھی تو ہر فرد مسلم ہونے کے بعد بطور فردیت و شخصیت کے منفرد اً دوسروں پر حق پیش کرنے کے لئے کوشش کرتا رہا ۔۔۔۔

نظام کار: اس کام کے لئے جب مسلمانوں کی جماعتیں نقل و حرکت میں آجائیں تو ان کے کام کا نظام کیا ہوگا اور ترتیب کیا ہوگی؟ کس چیز کی اور کتنی چیزوں کی دعوت دی جائے گی؟ اس کا جواب مولانا الیاس صاحب رحمة اللہ علیہ ہی کے الفاظ میں سنئے:

’’اصل تبلیغ صرف دو امر کی ہے، باقی اس کی صورت گری اور تشکیل ہے، ان دو چیزوں میں ایک مادی ہے اور ایک روحانی۔ مادی سے مراد جوارح سے تعلق رکھنے والی۔ سو وہ تو یہ ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی باتوں کو پھیلانے کے لئے ملک بہ ملک اور اقلیم بہ اقلیم جماعتیں بناکر پھرنے کی سنت کو زندہ کرکے فروغ دینا اور پائیدار کرنا ہے۔ روحانی سے مراد ۔۔۔ حق تعالیٰ کے حکم پر جان دینے کا رواج ڈالنا، جس کو اس آیت میں ارشاد فرمایا:

ترجمہ: ’’قسم ہے آپ کے رب کی یہ لوگ ایمان دار نہ ہوں گے، جب تک یہ بات نہ ہو کہ ان کے آپس میں جو جھگڑا واقع ہو اس میں آپ سے یہ لوگ تصفیہ کروادیں، پھر آپ کے تصفیہ سے اپنے دلوں میں تنگی نہ پاویں اور پورا پورا تسلیم کرلیں-‘‘ (النسائ) اور میں نے جن و انس کو اسی واسطے پیدا کیا ہے کہ میری عبادت کریں۔

اسی کی حیثیت سے کوشش کرنا، اس وقت بدقسمتی سے ہم کلمہ تک سے نا آشنا ہو رہے ہیں، اس لئے سب سے پہلے اسی کلمہ طیبہ کی تبلیغ ہے، جو کہ خدا کی خدائی کا اقرار نامہ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ کے حکم پر جان دینے کے علاوہ درحقیت ہمارا کوئی بھی مشغلہ نہیں ہوگا۔

کلمہ کے لفظوں کی تصیح کرنے کے بعد نماز کے اندر کی چیزوں کی تصیح کرنے اور نمازوں کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز جیسی نماز بنانے کی کوشش میں لگے رہنا۔

تین وقتوں کو (صبح و شام اور کچھ حصہ شب کا) اپنی حیثیت کے مناسب تحصیل علم و ذکر میں مشغول رکھنا۔

ان چیزوں کو پھیلانے کے لئے اصل فریضہ محمدی سمجھ کر وقت نکالنا، یعنی ملک بہ ملک رواج دینا۔

اس پھرنے میں خلق کی مشق کرنے کی نیت رکھنا، اپنے فرائص (خواہ خالق سے متعلق ہوں یا مخلوق کے ساتھ) کی ادائیگی کی سرگرمی، کیونکہ ہر شخص سے اپنے ہی متعلق سوال ہوگا۔

تصیح نیت، یعنی عمل کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے جو وعدے وعید فرمائے ہیں، ان کے موافق اس امر کی تعمیل کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور موت کے بعد والی زندگی کی درستی کی کوشش کرنا۔

https://saagartimes.blogspot.com/2020/08/blog-post_81.html


No comments:

Post a Comment