Wednesday 27 November 2019

طلباء کےاخراج پرعلامہ ابن باز ؒ کا دانشمندانہ فیصلہ

طلباء کےاخراج پرعلامہ ابن باز ؒ کا دانشمندانہ فیصلہ 

 ایک بار کی بات ہے کہ اس زمانے میں ایک طالب علم کی شرارت اور یونیورسیٹی کے قوانین کا لحاظ نہ رکھنے کے سبب وہاں کے تمام اساتذہ نے اس کو یونیورسیٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا، کیوں کہ سب اس کی حرکتوں سے تنگ آچکے تھے لیکن اس فیصلے پر آخری رائے علامہ ابن باز کی لینی باقی تھی، تمام اساتذہ اس مسئلہ کو لے کر ان کے پاس پہنچے اور سب نے مل کر کہا محترم! اس طالب علم کی وجہ سے یونیورسیٹی کا ماحول خراب ہورہا ہے کئی بار ہم لوگوں نے اپنے طور پر چاہا کہ وہ اپنی عادت سے باز آجائے، اپنے اندر تبدیلی پیدا کرلے، لیکن وہ اپنی عادت سے باز آنے کا نام نہیں لیتا ، دن بدن اس کی شرارتیں بڑھتی ہی جارہی ہیں ، اگر اس کو یونیورسیٹی سے نکال باہر نہ کیا گیا تو آنے والے وقت میں حالات اور بھی پیچیدہ ہو سکتے ہیں، اسی لئے آپ اس کے بارے میں ہم لوگوں کی رائے کو مان لیجئے، اور اس طالب علم کو باہر کا راستہ دکھادیجئے ، تاکہ یونیورسیٹی کے اندر امن وامان کی فضاء قائم ہو، علامہ ابن بازؒ نے اساتذہ کی بات سننے کے بعد فوراً ہنگامی میٹنگ طلب کی اور اس طالب علم کو بھی علامہ کی خدمت میں حاضر کیا گیا، وہ دل ہی دل یہ سوچ رہا تھا کہ شاید یہ اس کا آخری دن ہے کیونکہ معاملہ بہت آگے تک بڑھ گیا ہے، لیکن اس وقت اس کی حیرت کی انتہاء نہ رہی جب اس نے دیکھا کہ وقف کے مایہ ناز محقق، بے پناہ شہرت وعزت کے حامل علامہ ابن بازؒ کھڑے ہوئے اساتذہ سے مخاطب ہوکر اللہ کی حمدوثنا بیان کرنے کے بعد کہا، بھائیو! اسلام ایک سیدھا دین ہے ہم خیر امت ہیں، ہم ایک ایسی قوم ہیں جس کی پیدائش کا مقصد ہی دنیا کو غلط راستے سے ہٹاکر سیدھا راستہ دکھانا ہے، ہم اس دنیا میں دین سے دور لوگوں کو ہدایت کی طرف بلانے کے لئے بھیجئے گئے ہیں، جس طالب علم کے بارے میں آپ لوگ ہمارے پاس شکایت لے کر آئے ہیں وہ نہ تو میرا رشتہ دار ہے اور نہیں اس سے مجھے کوئی ناجائز ہمدردی ہے، بس میں اتنا جانتا ہوں کہ یہ قوم کا ایک فرد ہے، جس کا ضائع ہو جانا افسوس کی بات ہوگی ، یہ اپنی ماں باپ کو چھوڑ کر سات سمندر پار علم حاصل کرنے آیا ہے ممکن ہے شیطان کے بہکاوے میں مبتلا ہوکر اس نے ایسی حرکتیں کی ہوں گی، جو یونیورسیٹی کے نظام کے خلاف ہے، یا جس سے آپ لوگوں کی عزت پہ حرف آتا ہو لیکن ذرا مجھے بتائیے کہ ہم تمام لوگ جن کے سینوں میں اسلام کی سربلندی اور اللہ کے پیغام کو عام کرنے کے لئے ارمان مچل رہے ہیں کیا ہمارا ایمان اتنا کمزور ہوگیا ہے کہ سارے لوگ مل کر بھی ایک بچے کی اصلاح نہیں کرسکتے ہیں؟؟ کیا ہمارے اندر سے استقامت اور صبر کا جذبہ ختم ہوگیا ہے؟ علامہ ابن باز بولتے بولتے جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھوں میں آنسو تیرنے لگے، لبوں پہ تھرتھراہٹ پیدا ہوگئی، علامہ کی یہ کیفیت دیکھ کر وہاں پہ موجود تمام اساتذہ کے آنکھیں بھی بھر آئیں، وہ طالب علم بہت شرمندہ ہوا اور علامہ ؒ کی بات سن کر رونے لگا، چند منٹ تک پوری مجلس میں خاموشی چھائی رہی اس کے بعد سبھی اساتذہ کھڑے ہوئے اور سبھوں نے مل کر بیک زبان کہا کہ محترم! ہم لوگوں نے جذبات میں غلط فیصلہ کرلیا ہے، یہ طالب یونیورسیٹی میں ہی رہے گا ہم تمام لوگ آپ سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ انشاء اللہ اس کو پورے طور پر ایک نیک انسان بنادیں گے جہاں تک ممکن ہوگا اس کی اصلاح کی کوش کریں گے۔
اس و اقعہ کو گذرے ہوئے بیس سال کا طویل عرصہ بیت گیا اس بیچ کتنے طالب علم آئے گئے، یونیورسیٹی کی پچھلی تمام یادیں ماضی کا حصہ بن کر رہ گئیں، اس طالب علم کو فراغت حاصل کرکے نکلے ہوئے بھی زمانہ گذرگیا بیس سال کی لمبی مدت کے بعد علامہ ابن باز ؒ افریقہ تشریف لے گئے، وہاں کے مختلف تاریخی جگہوں کو دیکھا وعظ ونصیحت کا سلسلہ ہر جگہ جاری رہا اسی بیچ ان کا گذر ایک ایسی جگہ سے ہوا جہاں کا چپہ چپہ مسلمانوں کی شان وشوکت کا گواہ تھا، ہر طرف ٹوپی کرتا میں ملبوس لوگ سڑکوں پہ دکھائی دے رہے تھے، بلند وبالا مسجدوں سے آتی ہوئی اذان کی آوازیں اس پورے علاقے کو ایمان کی روشنی سے منور کئے ہوئی تھیں ، گھروں سے قرآن کی تلاوت کی صدائیں صاف سنائی دے رہی تھیں، علامہ ابن بازؒ کے ساتھ جو لوگ ان کی رہنمائی کررہے تھے، انہوں نے بتایا کہ محترم یہ پورا علاقہ کبھی کفر کا گہوارہ تھا، مختلف قسم کی بدعتیں یہاں رائج تھیں، ایک خدائے واحد کی پرستش چھوڑکر لوگ اپنی من مانی زندگی گذاررہے تھے لیکن سالوں قبل کی بات ہے کہ ایک عالم دین یہاں آئے انہوں نے کمر توڑ کوشش کی، لوگوں کو ایک اللہ کی عباد ت کی طرف بلایا ، سکون واطمینان کو ترس رہے یہاں کے باشندوں نے جب اسلام کا پیغام سنا تو ماضی کی تمام خرافات سے توبہ کرکے اسلام قبول کرتے گئے، اور آج الحمدللہ! یہ بستی ہی نہیں پورا علاقہ اسلام کی روشنی سے جگمگا رہا ہے، علامہؒ نے پوچھا کہ کیا وہ عالم دین ابھی حیات سے ہیں؟ پتہ چلا کہ کچھ دور کے فاصلے پر جہاں لوگوں کا ہجوم ہے دو دراز مقامات سے لوگ ڈھیرسارے مسائل لے کر آتے ہیں ، وہ ہر وقت ان کے مسائل کا تشفی بخش جواب دیتے ہیں، وہ وہیں پہ موجود ہوں گے ، علامہؒ نے اسلام کے اس داعی سے ملنے کی خواہش ظاہر کی چند لوگوں کے ساتھ ان کے پاس پہونچے قریب جاکر اس داعی سے علامہ کی نگاہیں ٹکرائیں تو وہاں پہ موجود تمام لوگوں نے جو منظر دیکھا اس سے سبھی لوگ حیران رہ گئے انہوں نے کیا دیکھا کہ جیسے ہی علامہؒ دعوت وتبلیغ کرنے والے اس عالم دین کے پاس پہونچے تو وہ علامہؒ کو دیکھتے ہی دوڑتے ہوئے آئے اور گلے سے لپٹ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے، علامہ کو کچھ سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ معاملہ کیا ہے؟ بالآخر اس عالم دین نے اپنے آنسو پوچھتے ہوئے اپنا تعارف پیش کیا اور کہا کہ محترم! ممکن ہے آپ کو یاد نہ ہو میں وہی طالب علم ہوں جو آج سے بیس سال پہلے آپ کی مہربانی کی بنا پر مدینہ یونیورسیٹی سے نکلتے نکلتے بچ گیا، اور میرا مستقبل تاریکی سے محفوظ رہا، آپ کی نصیحتوں کا ہی اثر ہے کہ اللہ نے مجھے اس لائق بنادیا کہ آج لوگ امنڈتے ہوئے سیلاب کی طرف میرے ہاتھوں اسلام قبول کررہے ہیں پورا علاقہ اللہ کی وحدانیت سے گونج رہا ہے یہ سن کر علامہ نے انہیں ڈھیر ساری دعاؤں سے نواز ا اور کہا بیٹا! زندگی کے آخری سانس تک اسی طرح اپنے مشن میں لگے رہنا کیوں کہ ’’ یہ دنیا کی زندگی تو بس دھوکے کا سامان ہے اصل زندگی تو آخرت کی زندگی ہے اور جو تم کررہے ہو یہ آخرت کی سب سے اچھی تیاری ہے.‘ 
دوستو! یہ واقعہ بتلاتا ہے کہ کسی بھی ادارے کے ذمہ دار کو علامہ ابن باز ؒ ہی کی طرح دریا دل ہونی چاہئے آج بہت سارے اداروں میں چھوٹی چھوٹی غلطیوں کے سبب بچوں کا داخلہ کاٹ کر ان کی زندگی کو تباہ کردیا جاتا ہے بلا شبہ اس طرح کا فیصلہ بہتر نہیں کہا جاسکتا ہے کیوں کہ ادارہ سے باہر کردینا بہرصورت ایک بڑا قدم ہے، دیکھا جاتا ہے کہ ایسے حالات میں ذہنی دباؤ کے شکار ہوکر جذبات میں بعض بچے یا تو پڑھائی چھوڑدیتے ہیں یا ایسی راہوں کا انتخاب کرلیتے ہیں، جو ایک بامقصد زندگی جینے والے انسان کا راستہ نہیں ہوتا اسی لئے اداروں کے ذمہ داران کو ایسے فیصلوں سے بچنا چاہئے انہیں یہ سوچنا چاہئے کہ بچیں کسی بھی قوم کے معمار ہوتے ہیں، ایک طالب علم اگر بہتر ہوجاتا ہے، نیک بن جاتا ہے اپنے اندر قابلیت پیدا کرلیتا ہے تو وہ جدھر بھی جائے گا علم کی روشنی جلاتا جائیگا اس سے ایک زمانے کو روشنی ملتی رہے گی اور اس کی کامیابی کا سہرا اسی ادارے کے ہی سر جائیگا جس کے علمی ماحول میں اسے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، اللہ ہمیں نیک سمجھ دیں۔ آمین

No comments:

Post a Comment