Friday 23 February 2018

ٹڈی کا کیا حکم ہے؟ کیا ٹڈی کھانا حلال ہے؟

سوال: ٹڈی کا کیا حکم ہے؟ کیا ٹڈی کھانا حلال ہے؟
جواب: ٹڈی دل۔ Locust Swarm
اللہ کا ایک عذاب ٹڈوں کی شکل میں۔
‎ہوتا یوں تھا کہ نہ جانے کہاں سے اچانک کروڑوں اربوں ٹڈیوں کے دل آجاتے تھے- ان کی کثرت تعداد سے آسمان سیاہ ہو جاتا اور پھر یہ ٹڈی دل ہر درخت سبزے اور فصلوں پر حملہ آور ہوتا اور اپنے پیچھے بربادیاں چھوڑ جاتے تھے کسی درخت کسی فصل اور کسی بھی سبزے کا نام و نشان نہیں رہتا حالانکہ خود اپنا رنگ بھی ’’سبز‘‘ ہی ہوتا تھا، پاکستان بنے ہوئے کچھ ہی عرصہ ہوا تھا کہ ’’ٹڈی دل‘‘ کا حملہ ہوگیا۔  ٹڈی دل کا حملہ جب ہوا تو اس مرتبہ سبز ٹڈی دل نے صرف سبزے کا خاتمہ نہیں کیا بلکہ ایک اور بالکل نئی اور عجیب حرکت کی لوگوں کا خیال تھا کہ ٹڈی دل چلا گیا لیکن جب کھیتوں میں دیکھا تو ساری ٹڈیاں زمین کے اندر اپنا پچھلا حصہ گھسائے مری پڑی تھیں نیچے کھودا جاتا تو انڈوں کا ایک گھچا ملتا، فوراً اعلانات ہوئے، لوگ نکل پڑے ہم اسکول کے بچوں کو بھی ’’کھرپیاں‘‘ دے کر انڈے نکالنے پر لگادیا گیا، بڑوں کی ہدایت کے مطابق ہم انڈے کھودتے اور جمع کرتے پھر انڈوں کو دھوپ میں پھیلا کر بیکار کیا جاتا تھا۔
ٹڈی دل عذاب الہی کی ہی ایک شکل ہے۔۔ پاکستان میں غالبا" آخری بار ٹدی دل کا حملہ سن 1976 یا 1977 میں ہوا تھا۔ افریقہ اور روس سے ملحقہ کچھ ممالک میں اب بھی ٹڈی دل کے حملے ہوتے رہتے ہیں۔ خدا ہی بہتر جانتا ہے کہ یہ کروڑوں اربوں کی تعداد میں بڑے سائز کی ٹڈیاں کہاں اور کیسے پروان چڑھتی ہیں اور اچانک کیسے فصلوں اور درختوں پر حملہ آور ہوتی ہیں کہ آسمان ان کی کثرت سے سیاہ ہو جاتا ہے۔ ان کے راستے میں آنے والی کوئ فصل اور درخت محفوظ نہیں رہتا۔ اور ایک قحط کی صورت پیدا ہو جاتی ہے۔
حشرات الارض میں ٹڈی دل بڑی منفرد حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ انتہائی منظم ہوتے ہیں۔ یہ کسی تربیت یافتہ فورس کی طرح حملہ آور ہوتے ہیں اور اپنے پیچھے تباہی و بربادی کی داستانیں چھوڑ جاتے ہیں۔ یہ متحد ہو کر لہلہاتے کھیتوں کا رُخ کرتے ہیں اور فصل تباہ کر کے آگے گزر جاتے ہیں۔ ٹڈی دل کی فوج جس کھیت پر حملہ آور ہونے کا ارادہ کرتی ہے، اس پر یہ منظم ہو کر ایک سرے سے داخل ہوتی ہے اور دوسرے سرے تک پہنچتے کھیت اُجاڑ دیتی ہے۔ یہ فورس اس وقت تک تباہی پھیلاتی رہتی ہے، جب تک اس کھیت میں تمام فصل تباہ و برباد نہ کردے۔ جب اسے مکمل یقین ہوجائے کہ اب اس کھیت میں اس کی دلچسپی کے لئے کچھ باقی نہیں بچا، تو پھر یہ اگلے کھیت کا رُخ کرتی ہے اور اسے بھی اپنا شکار بنا ڈالتی ہے۔ فصلوں کو نقصان پہنچانے والے حشرات میں یہ سب سے بے رحم اور خوفناک قسم ہے۔ کسان اس سے پناہ مانگتے ہیں.
نیا میں ٹڈی دل کے حملے سب سے زیادہ قازقستان میں ہوتے ہیں۔ قازقستان کی حکومت ان کی روک تھام کے لئے سالانہ تقریبا 1 کروڑ 18 لاکھ ڈالر خرچ کرتی ہے۔ ٹڈی کا گوشت حلال ہے اور اکثر لوگ ٹڈی دل کے حملے کے دوران ان کو جال وغیرہ لگا کر ہزاروں کی تعداد میں پکڑ بھی لیا کرتے تھے۔ اس کی صفائی کا بالکل وہی طریقہ ہے جس طرح جھینگے کی گردن توڑ کر اس کے سخت خول کو کھینچ کر اتار دیا جاتا ہے اور باقی بچ جانے والے نرم حصے کو بطور غذا استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹڈیوں کو بھی مرچ مصالحے میں بھون لیا جاتا ہے۔

‎ٹڈی جمع (ٹڈیاں) الجَرَادُ (عربی) واحد کیلئے جَرَادَةٌ استعمال ہوتا ہے جَرَادَةٌ کا اطلاق نر یا مادہ دونوں پر ہوتا ہے مشہور و معروف کیڑا  ہے. ٹڈیوں کی دو قسمیں ہیں:
1. بری، 
2. بحری 
یہاں بیان بری ٹڈی کا ہوگا حلیہ کے اعتبار سے ٹڈیاں مختلف قسم کی ہوتی ہیں بعض بڑی ہوتی ہیں اور بعض چھوٹی اور بعض سرخ رنگ کی ہوتی ہیں اور بعض زرد رنگ کی اور جبکہ بعض سفید رنگ کی بھی ہوتی ہیں، ٹڈی کی چھ ٹانگیں ہوتی ہیں دو سینے میں دو بیچ میں اور دو آخر میں.
‎مسلمة ابن عبدالملک ابن مروان "صاحب الراۓ" بہادر اور جری آدمی تھے ان کا لقب (جرارالصفراء) زرد رنگ کی ٹڈی تھا کئی مرتبہ مقام ارمینیہ اور آذر بائیجان کے گورنر بناۓ گۓ.۔
‎ٹڈی کے مختلف نام ہوتے ہیں مثلا جب یہ پیدا ہوتی ہے تو اس کا نام الذبی ہوتا ہے اور جب یہ کچھ بڑی ہوجاتی ہے اور پر نکل آتے ہیں تو اسے غوغا کہاجاتا ہے اور جب ٹڈی زرد رنگ کی ہو جاۓ اور مادہ ٹڈی کالے رنگ کی ہوجاۓ تو اس وقت اس پر جرادة کا اطلاق ہوتا ہے۔
‎اس جانور کے انڈے دینے کا طریقہ عجیب ہوتا ہے جب انڈے دینے کا ارادہ کرتی ہے تو ایسی سخت اور بنجر زمین کا انتخاب کر تی ہے جہاں کسی انسان کا گزر نہ ہواہو ، پھر اس زمین پر دم سے اپنے انڈے کے بقدر سوراخ کرتی ہے جس میں وہ انڈا دیتی ہے نیز وہیں رکھے رکھے زمین کی گرمی سے بچہ پیدا ہوجاتا ہے . ٹڈی ان پرندوں میں سے ہے جو لشکر کی طرح ایک ساتھ پرواز کرتی ہے اور اپنے سردار کے تابع اور مطیع ہوتی ہیں اگر ٹڈیوں کا سردار پرواز کرتا ہے تو یہ بھی اسی کے ساتھ پرواز کرتی ہیں اور اگر وہ کسی جگہ اترتا ہے تو یہ بھی اسی کے ساتھ اتر جاتی ہیں. علامہ دمیری رح فرماتے ہیں ٹڈی میں مختلف جانوروں کی دس چیزیں پائی جاتی ہیں گھوڑے کا چہرا، ہاتھی کی آنکھ، بیل کی گردن، بارہ سنگا کا سینگ، شیر کا سینہ، بچھو کا پیٹ، گدھ کے پر، اونٹ کی ران، شتر مرغ کی ٹانگ اور سانپ کی دم ہوتی ہے۔ امام دمیری رح فرماتے ہیں ٹڈی کا لعاب نباتات کے لئے زہر قاتل ہے اگر کسی نباتات پر پڑجاتا ہے تو اسے ہلاک کرکے چھوڑتا رہے یہی وجہ ہے کہ جس کھیت میں پہنچ جاتی ہے اس کو برباد کرتی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی ہلاکت کی دعا مانگی ہے. اور یہ بھی ارشاد فرمایا تم ٹڈیوں کو ہلاک مت کیا کرو کیونکہ یہ تو حق تعالی کا لشکر (فوج) ہے _ (طبرانی و بہیقی). علامہ دمیری فرماتے عدم قتل کا حکم اس وقت صحیح ہے جب تک کھیتی وغیرہ کو کوئی نقصان نہ پہنچاۓ.
‎قیامت کی حالت کو حق تعالی نے جرادٌ سے تشبیہ دی ہے فرماتے ہیں ( يخرجون منالاجداث كا نهم جرادمنتشر) جس روز لوگ قبروں سے اٹھاۓ جائیں گے تو وہ ایسے معلوم ہوںگے جیسے ٹڈیوں کا لشکر جرار جو چاروں طرف پھیلا ہوا ہے.
‎حضرت ابن عبد اللہ فرماتے ہیں حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعلی عنہ کے دور خلافت میں ایک سال ٹڈیاں مفقود ہوگئیں جس کا فاروق اعظم کو بہت غم ہوا آپ نے ٹڈیوں کی تلاش کیلئے چاروں طرف آدمی دوڑادیے کسی کو شام کی طرف بھیجا کسی کو عراق کی طرف اور کسی کو یمن کی طرف، جو یمن کی جانب ٹڈی تلاش کرنے گیا تھا اس نے تلاش کرکے عمر فاروق کی خدمت میں پیش کی جس کو دیکھ کر آپ کا غم ہلکا ہوا اور فرمایا حق تعالی نے ایک ہزار مخلوق کو پیدا کیا ہے جس میں چھ سو دریا میں رہتی ہیں اور چار سو خشکی میں اور جب حق تعالی مخلوق کو فنا کرنے کا ارادہ کریگا تو سب سے پہلے ٹڈیاں فنا کی جائیں گی اس کے بعد دیگر مخلوق. ابن عدی نے محمد بن عیسی کے ترجمہ میں اور ترمذی نے نوادرات میں یہ بات ذکر کی ہے کہ تمام مخلوق میں ٹڈی کو سب سے پہلے ہلاک کیا جائیگا کیونکہ یہ ٹڈی اس مٹی سی پیدا کی گئی ہے جو حضرت آدم علی نبینا علیہ الصلوة والسلام کے پیدا کرنے کے بعد بچ گئی تھی.
‎ابن میسرہ کہتے ہیں کہ یحیی بن ذکریا علیہ السلام اکثر ٹڈی کا گوشت اور پھلوں کا گودا استعمال فرمایا کرتے تھے. ۔ حضرت عبداللہ بن ابو اوفی فرماتے ہیں کہ ہم نے آپ
صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ غزوات میں شرکت کی جس میں ہم ٹڈی کا گوشت استعمال کرتے تھے ٹڈی کا گوشت کھانا مباح ہے اس پر تمام علماۓ کرام کا اجماع ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہمارے لئے دو میتہ (مچھلی اور ٹڈی ) اور دو خون (جگر اور تلی) حلال کردیے گیے]
سُءِلَ النَّبِیُّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ عَنِ الْجَرَادِ فَقَالَ أَکْثَرُ جُنُوْدِ اللّٰہِ لَا آکُلُہُ وَلَا أُحَرِّمُہُ.۱؂ [مَا لَمْ یُحَرَّمْ فَہُوَ لَنَا حَلَالٌ].۲؂
‎نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ٹڈی کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا: یہ اللہ کے لشکروں میں سے سب سے بڑا ہے ، نہ میں اسے کھاتا ہوں اور نہ حرام کرتا ہوں۔ جب تک یہ حرام نہ کیا جائے، ہمارے لیے حلال ہے۔۱؂
‎متن کے حواشی
‎۱۔ اس حدیث کا یہ متن سنن ابی داؤد، رقم ۳۸۱۳ سے لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہی متن سنن ابی داؤد، رقم ۳۸۱۴؛ سنن البیہقی، رقم ۱۸۷۷۳۔ ۱۸۷۷۴؛ سنن ابن ماجہ، رقم ۳۲۱۹ میں بھی آیا ہے۔
اب ٹڈی دل کے حملے نہ ہونے کے برابر رہ گئے اور لگتا یہی ہے کہ یہ رفتہ رفتہ دنیا سے نابود ہورہی ہیں۔ اللہ سے یہی دعا ہے کہ وہ ہمیں اس عذاب سےمحفوظ رکھے۔
Sanaullah Khan Ahsan
#grbutt
https://ur.m.wikipedia.org/wiki/ٹڈی

حیات الحیوان اوردو جلد ٢ صفحہ ٤٠ تا ٤٧
.............
https://plus.google.com/+ghulamrasoolbutt/posts/EDDUc2vVE3d
...................
https://ur.wikipedia.org/wiki/%D9%B9%DA%88%DB%8C
............

No comments:

Post a Comment