جمعہ اور رمضان کی مبارک باد دینا
-------------------------------------------------------------------------
ماہِ رمضان کی آمد مبارک ہو!
سیدنا ابوہريرة رضی اللہ عنہ
فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے صحابہ کو رمضان کی آمد کی خوشخبری دیا کرتے اور فرماتے:
🌘 "قد جاء كم شهر رمضان، شهر مبارك، كتب الله عليكم صيامه،
"بیشک ماہِ رمضان تمہارے دروازوں پہ دستک دے رہا ہے، یہ مبارک مہینہ ہے جس کے روزے اللہ نے تم پر فرض کئے ہیں.
🌘 فيه تفتح أبواب الجنة، وتغلق فيه أبواب الجحيم، وتغلق فيه الشياطين،
اس مہینے میں جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں، اور شیاطین کو قید کردیا جاتا ہے،
🌘 فيه ليلةٌ خيرٌ من ألف شهر، من حُرِمَ خيرها فقد حُرِم!"
اس مہینے میں ایک رات ہے جس (میں کی گئی عبادت) ایک ہزار سال (کی عبادت) سے بہتر ہے، جو اس رات کی خیر و برکات سے محروم رہا تو وہ اصل محروم ہے!"
📜 |[مسند أحمد: ٨٩٧٩، صححه الألباني رحمه الله (صحيح الترغيب: ٤٩٠/١) ]|
✍🏼 حافظ ابن رجب رحمه الله فرماتے ہیں:
"یہ حدیث دلیل ہے کہ لوگ ایک دوسرے کو رمضان کی مبارکباد دے سکتے ہیں. اور ایک مومن جنت کے دروازے کھلنے پر کیوں خوش نہ ہو؟! ایک گناہ گار جہنم کے دروازے بند ہونے پر کیوں خوشی نہ منائے؟! ایک عقل مند شخص شیاطین کے جکڑے جانے پر کیسے نہ خوش ہو؟!"
📜 |[ لطائف المعارف: ١٥٨/١ ]|
✍🏼 شيخ ابن عثیمین رحمه الله فرماتے ہیں:
"سلف کے بارے میں آتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کو رمضان کی آمد کی مبارکباد دیا کرتے تھے اور اس میں کوئی حرج نہیں. اس لیے "رمضان مبارک!"یا "اللہ اس مہینے کو آپ کے لئے بابرکت بنائے" یا اس قسم کے الفاظ کہنے میں کوئی حرج نہیں. اور مبارک باد وصول کرنے والا جوابا اس جیسے الفاظ ہی کہے، جیسا کہ "آپ کو بھی مبارک ہو!" یا "آپ کے لیے بھی یہ مہینہ بابرکت ہو" یا کوئی بھی کلمہ جو مبارکباد دینے والے کو اچھا لگے."
📜 |[اللقاء الشهري: ٧٠]|
نیا چاند دیکھنے کی دعا:
اَللّٰهُمَّ اَهِلَّهُ عَلَيْنَا بِالْيُمْنِ وَالْاِيْمَانِ وَالسَّلَامَةِ وَالْاِسْلَامِ رَبِّيْ وَرَبُّکَ ﷲُ._ سنن ترمذی.
’’اے اللہ! اس چاند کو ہم پر امن وایمان، خیریت اور سلامتی والا کردے. (اے چاند!) میرا اور تیرا رب اللہ ہے۔‘‘
------------------------------------------------------
سوال: ہر جمعہ کو جمعہ مبارک کے ایس ایم ایس یا واٹس ایپ لوگوں کو کرنا کیسا عمل ہے؟
نیز رمضان میں پہلی سحری، پہلی افطاری، پہلا روزہ، دوسرا روزہ اسی طرح ہر روزہ کی مبارک کے ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پیغامات کرنا کیا جائز اور اچھا عمل ہے؟ وضاحت فرمادیں۔
الجواب وباللہ التوفیق:
جمعہ کی مبارک باد کا مطلب جمعہ کے بابرکت ہو نے کی دعا دینا ہے، اور برکت والے دن برکت کی دعا دینے میں بذاتِ خود حرج نہیں ہے، البتہ اس طرح مبارک باد دینے کا التزام واہتمام کرنا ٹھیک نہیں ہے، اور نہ ہی شرعی طور پر ان کاموں کا حکم دیا گیا ہے، ان چیزوں میں وقت صرف کرنے کی بجائے جو اعمال اس دن ثابت ہیں ان کا اہتمام کرنا چاہیے۔
رمضان یا دوسرے اسلامی مہینوں کے آغاز میں ایک دوسرے کو مبارک باد دینا یا ہرروزہ وافطاری کی مبارکباد دینا اور مخصوص قسم کے من گھڑت فضائل سنانا شرعاً اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے، ان چیزوں میں اپنا قیمتی وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی یہ کارِثواب ہیں۔ البتہ ہر مہینہ کا چاند دیکھ کر اپنے لیے خیر وبرکت کی مسنون دعا کرنا ثابت ہے۔ اس کا اہتمام کرنا چاہیے۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر: 143909200184- دارالافتاء: جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن
https://saagartimes.blogspot.com/2020/04/blog-post_84.html
No comments:
Post a Comment