Friday, 12 December 2025

علامہ محمد انور شاہ کشمیری رحمہ اللہ کے متنوع علمی جہات اور حجۃ الاسلام اکیڈمی کی لائق تحسین خدمت

 علامہ محمد انور شاہ کشمیری رحمہ اللہ کے متنوع علمی جہات اور حجۃ الاسلام اکیڈمی کی لائق تحسین خدمت

-------------------------------
-------------------------------

امام العصر علامہ سید محمد انور شاہ کشمیری رحمہ اللہ کا نام آسمانِ علم و فضل پر اس درخشندہ کہکشاں کی مانند ہے جس کے ستارے ہر سمت روشنی بانٹتے ہیں، ان کی علمی عظمت کتب و دفاتر کے اوراق تک ہی محدود نہ تھی؛ ان کی متنوّع الجہات شخصیت علوم و معارف کا ایسا زندہ و تابندہ انسائیکلوپیڈیا تھی جس کے سینے میں حدیثِ نبوی کے اسرار بھی محفوظ تھے، تفسیر کے لطائف بھی، فقہ کے دقائق بھی اور کلام و منطق کے نکتہ آفرین مباحث بھی، غیر معمولی قوتِ حافظہ، حدّتِ ذہن، فقاہتِ نظر، حدیث فہمی میں اصابت رائے، اسرارِ شریعت پر گہری نگاہ اور علومِ متعدّدہ پر قابلِ رشک دسترس ، نے حضرت العلامہ کو معاصرین ہی نہیں؛ متقدمین کے قافلے میں بھی نمایاں اور ممتاز بنا دیا تھا۔

آپ کی علمی گہرائی کا یہ عالم تھا کہ مسائلِ فقہیہ میں آپ کی رائے معیار سمجھی جاتی، مباحثِ حدیثیہ میں آپ کی توضیحات حجت مانی جاتیں، اور معارفِ قرآنیہ میں آپ کے  اشاراتِ محضہ بھی تشریح و تأویل کے نئے دروازے کھول دیتے تھے، ایسی ہمہ گیر اور آفاقی شخصیت، اور ان کی حیات و خدمات کے مختلف گوشوں کو اُجاگر کرنا تحقیق  کے ساتھ علمی امانت کی ادائیگی اور تراثِ ملت کو زندہ رکھنے کی سعی محمود بھی ہے۔

اسی پس منظر میں حجۃ الاسلام اکیڈمی دارالعلوم وقف دیوبند کا امام العصر علامہ کشمیریؒ کے علوم و خدمات پر سیمینار منعقد کرنا ’’کار‘‘ نہیں؛ ایک عظیم ’’کارنامہ‘‘ اور خدمتِ تراث کا درخشندہ مینار ہے۔ اکیڈمی نے جس حسن ترتیب، نفاست فکر، وقار علمی اور تحقیق جدید کے دلکش معیار کے ساتھ اس علمی وفکری ذخیرے کو پیش کرنے کا  انتظام؛ بلکہ اہتمام کیا ہے ، وہ اس کے بلند پایہ علمی شعور، پاکیزہ مقصد اور اپنے اکابر کے ساتھ قلبی و روحانی نسبت کی روشن علامت ہے۔

اکیڈمی نے حضرت العلامہ کی شخصیت کے تقریباً ہر پہلو: حدیث و فقہ، تفسیر و کلام، اصول و تاریخ، شعرو ادب، منطق و علمِ کلام، سوانحی نقوش، درسگاہی خدمات اور دیگر جملہ علمی اثرات، کو تحقیقی دائرے میں سمو کر نئی نسل کے سامنے نہایت واضح، مربوط اور دقیق انداز میں پیش کرنے کا جو اہتمام کیا ہے، وہ دراصل ماضی کی علمی عظمت سے تجدیدِ رابطہ، روحانی نسبتوں کی تجدیدِ وفا، اور فکرِ دیوبند کی اصل روح سے ازسرِنو آشنائی کی کامیاب کوشش ہے۔

یہ اقدام، فضلاء جدید کے لئے فکری سمت، فنی پختگی اور تحقیقی روش کا سنگِ میل بھی مہیا کرتا ہے، بالخصوص نو فاضلین ترجیحی بنیادوں پر اس سیمینار کی علمی فضاؤں سے بھرپور استفادہ کریں، اس میں پیش کردہ مباحث و مضامین کو غور و تدبر سے پڑھیں، اور علامہ کشمیریؒ کی فکری عظمت و تحقیقی منهج سے اپنی علمی زندگی کو وابستہ کریں!

اللہ تعالیٰ حجۃ الاسلام اکیڈمی کی اس سعی مشکور کو دوام بخشے، اس کے چراغِ علم و تحقیق کو تازگی اور تابندگی عطا فرمائے، اور ہمیں علامہ کشمیریؒ کی علمی و روحانی میراث سے ہمیشہ وابستہ رکھے۔ آمین۔

ای میل: Email: muftishakeelahmad@gmail.com
https://saagartimes.blogspot.com/2025/12/blog-post_18.html



No comments:

Post a Comment