Friday 21 August 2015

اصطلاحات حج و عمرہ

حج کے مسائل میں بعض عربی الفاظ استعمال ہوتے ہیں بندہ انکی وضاحت آپ حضرات کے معلومات کی خاطر کرتا ہے.........
1:: استلام.........
حجراسود کو بوسہ دینا اور ہاتھ سے چھونا یا حجر اسود اور رکنِ یمانی صرف ہاتھ لگانا...... 
2::اضطباع .........
اِحرام کی چادر کو داہنی بغل کے نیچے سے نکال کر بائیں کندھے پر ڈالنا..
3:: آفاقی ........
وہ شخص ہے جو میقات کی حدود سے باھر رہتا ہو جیسےہندوستانی،پاکستانی،مصری،
شامی،عراقی،اور ایرانی وغیرہ
4:: اٙیّام تشریق .......
ذوالحجہ کی گیارہویں ، بارہویں ور تیرہویں تاریخیں `` ایام تشریق ´´ کہلاتی ہیں کیونکہ ان میں بھی ( نویں اور دسویں ذوالحجہ کی طرح ) ہر نماز فرض کے بعد تکبیر تشریق پڑھی جاتی ہےیعنی ......
اللہ اکبر ،اللہ اکبر لاالہ الا اللہ واللہ اکبر وللہ الحمد ......
5:: ایام نحر ......
دس ذی الحجہ سے بارہویں تک
6: افراد ..... صرف حج کا احرام باندھنا اور صرف حج کے افعال کرنا
7:: تسبیح  ......
سبحان اللہ کہنا
8::  تمتع .....
حج کے مہینوں میں پہلے عمرہ کرنا پھر اسی سال حج کا احرام باندھ کر حج کرنا..
9:: تلبیہ ......
لبیک اللہم لبیک ، لبیک لاشریک لک، لبیک ان الحمد والنعمة لک والملک لاشریک لک ....
10:: تہلیل .....
لا الہ الا اللہ پڑھنا
11:: جمرات.......
منٰی میں مقام ہیں جن پر قدِ آدم کے برابر ستون بنے ہوئے ہیں یہاں پر کنکریاں ماری جاتی ہیں ان میں سے جو مسجد خیف کے قریب مشرق کی طرف ہے اسکو جمرة الاولی کہتے ہیں اور اس کے بعد مکہ مکرمہ کی طرف بیچ والے کو جمرة الوسطی اور اسکے بعد والے کو جمرة العقبہ اور جمرة الکبری اور جمرة الاخری کہتے ہیں ..
12:: رمل .....
طواف کے پہلے تین پھروں میں اُکڑ کر شانہ ہلاتے ہوئے قریب قریب قدم رکھ کر ذرا تیزی سے چلنا .
13:: رمی ......
کنکریاں پھینکنا .
14:: زم زم ......
مسجد حرام میں بیت اللہ کے قریب ایک چشمہ ہے جو اب کنویں کی شکل میں ہے جس کو اللہ تعالی نے اپنی قدرت سے اپنے نبی حضرت اسماعیل علیہ السلام اور انکے والدکیلئے جاری کیاتھا.
15:: سعی ......
صفا مروہ کے درمیان مخصوص طریق سے سات چکر لگانا ..
16:: شوط .......
ایک چکر بیت اللہ کے چاروں طرف لگانا..
17:: صفا ....
بیت اللہ کے قریب جنوبی طرف ایک چھوٹی سی پہاڑی ہے جس سے سعی شروع کی جاتی ہے .
18:: طواف........
بیت اللہ کے چاروں طرف سات چکر مخصوص طریق سے لگانا.
19::عمرہ......
حل یا میقات سے احرام باندھ کر
بیت اللہ کا طواف اور صفا مروہ کی سعی کرنا
20:: عرفات یا عرفہ ........
مکہ مکرمہ سے تقریبا 9 میل مشرق کی طرف ایک میدان ہے جہاں پر حاجی لوگ نویں ذی الحجہ کو ٹھہرتے ہیں.....
21:: قِران ......
حج اور عمرہ دونوں کا احرام،ایک ساتھ باندھ کر پہلے عمرہ کرنا پھر حج کرنا
22:: قارِن ......
حجِ قِران کرنے والا.
23:: قرن .......
مکہ،مکرمہ سے تقریبا 42 میل پر ایک پہاڑی ہے جو کہ نجد،یمن،اور نجد حجاز اور نجدتہامہ سے آنے والوں کی میقات ہے...
24::قصر .........
بالوں کو کتروانا ( تمام سر کے بال
ایک پورے کے برابر کتروانا )
25:: محرِم ...... ..
احرام،باندھنے والا
26:: مفرِد......حج کرنے والا جس نے میقات سے اکیلے حج کا احرام باندھا ہو.
27:: میقات .........
وہ مقام جہاں سے مکہ مکرمہ جانے والے کیلئے احرام باندھنا واجب ہے 28:: جحفہ....... رابغ کے قریب مکہ مکرمہ سے تین منزل پر ایک مقام ہے جوکہ شام سے آنے والوں کیلئے میقات ہے
29::جنّت المعْلی ........ 
مکہ مکرمہ کا قبرستان
30:: جبلِ رحمت .......
عرفات میں ایک پہاڑی
31:: حجرِ اسود ........
سیاہ پتھر یہ جنت کا پتھر ہے جنت سے آنے کے وقت دودھ کی مانند سفید تھا لیکن بنی آدم کے گناھوں نے اسکو سیاہ کردیا یہ بیت اللہ کے مشرقی جنوبی گوشے میں قدِ آدم کے قریب اونچائی پر بیت اللہ کے دیوار میں گڑا ہوا ہے اسکے چاروں طرف چاندی کا حلقہ چڑھا ہوا ہے 
32:: حرم .......
مکہ مکرمہ کے چاروں طرف کچھ دور تک زمین حرم کہلاتی ہے اس کے حدود پر نشانات ہوئے ہیں اسمیں شکار کھیلنا،
درخت کاٹنا،گھاس جانوروں کو چرانا حرام ہے
33:: حِلّ ........
حرم کے چاروں طرف میقات تک جو زمین ہے اسکو حل کہتے ہیں کیونکہ اسمیں وہ چیزیں حلال ہیں جو حرم میں حرام کے اندر حرام تھیں 
34:: حلق ........
سر کے بال منڈانا
35:: حطیم ـ........ـ
بیت اللہ کی شمالی جانب بیت اللہ کے متصل قدِ آدم کے برابر دیوار سے کچھ حصّہ زمین کا گھرا ہوا ہے اسکو حطیم اور حظیرہ بھی کہتے ہیں جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم،کو
نبوت ملنے سے ذرا پہلے جب خانہ کعبہ کو قریش نے تعمیر کرناچاہا تو سب نے اتفاق کیاکہ حلال کمائی کا مال اسمیں صرف کیاجائے لیکن سرمایا کم تھا اس وجہ سے شمال کی جانب اصل قدیم بیت اللہ میں سے تقریبا چھ گز شرعی جگہ چھوڑدی اس چھٹی ہوئی جگہ حطیم کہتے ہیں اصل حطیم چھ گز شرعی کے قریب ہے اب کچھ احاطہ زائد بناہواہے.
36:: دم.....
احرام کی حالت میں بعضے ممنوع افعال کرنے سے بکری وغیرہ ذبح کرنی واجب ہوتی ہے اسکو دٙمْ کہتے ہیں ؛
37:: ذوالحلیفہ.........
یہ ایک جگہ کا نام ہے مدینہ منورہ سے تقریبا چھ میل پر واقع ہے مدینہ منورہ کی طرف سے آنے والوں کیلئے میقات ہے اسکو آج کل بیر علی کہتے ہیں .
38:: ذاتِ عرق........
یہ ایک مقام کا نام ہے جو آج کل ویران ہوگیا ہے مکہ،مکرمہ سے تقریبا تین روز کی مصافت پر ہے عراق سے مکہ آنے والوں کا میقات ہے
39:: رُکنِ یمنی.........
بیت اللہ کے جنوب مغربی گوشے کو کہتے ہیں چونکہ یہ یمن کی جانب ہے
40:: مطاف........
طواف کرنے کی جگہ جو بیت اللہ کی چاروں طرف ہیں اور اسمیں سنگِ مرمر لگا ہوا ہے
41:: مقام ابراھیمؑ .............
جنتی پتھر ہے حضرت ابراھیم علیہ السلام نے اس پتھر پر کھڑے ہوکر بیت اللہ کو بنایا تھا مطاف کے مشرقی کنارے پر منبر اور زم زم کے درمیان ایک جالی دار قُبے میں رکھا ہوا ہے .
42:: ملتزم .........
حجر اسود اور بیت اللہ کے دروازے کے درمیان کی دیوار جس پر لپٹ کر دعا مانگنا مسنون ہے
43:: مسجد خیف ........
منٰی کی بڑی مسجد کا نام ہے جو منٰی کی شمالی جانب میں پہاڑی سے متصل ہے.
44:: مسجد نمرہ........
عرفات کے کنارے پر ایک مسجد ہے
45:: مدعٰی  .........
دعامانگنے کی جگہ مراد اس سے مسجد حرام اور مکہ مکرمہ کے درمیان ایک جگہ ہے جہاں دعا مانگنی مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کے وقت مستحب ہے
46:: مزدلفہ .........
منٰی اور عرفات کے درمیان ایک میدان ہے جو منٰی سے تین میل مشرق کی طرف ہے
47:: محسّر ............
مزدلفہ سے ملا ہوا ایک میدان ہے جہاں سے گزرتےہوئے دوڑ کر نکلتے ہیں اس جگہ اصحاب فیل پر(جنہوں نے بیت اللہ پرچڑھائی کی تھی )عذاب نازل ہواتھا
48:: مروہ.........
بیت اللہ کے شرقی شمالی گوشے کے قریب ایک چھوٹی سی پہاڑی ہے جس پر سعی ختم ہوتی ہے ....
49:: میلیْن احضرٙیْن .........
صفا اور مروہ کے درمیان مسجد حرام کی دیوار میں دو سبز میل لگے ہوئے ہیں جن کے درمیان سعی کرنے والے دوڑ کر چلتے ہیں. 
50::  موقف.........
ٹھہرنے کی جگہ ،حج کے افعال میں اس سے مراد میدانِ عرفات یا مزدلفہ میں ٹھہرنے کی جگہ ہوتی ہے.
51:: میقاتی......
میقات کا رہنے والا...
52:: وقوف.......
وقوف کے معنی ٹھہرنا اور احکام حج میں اس سے مراد میدان عرفات یا مزدلفہ میں خاص وقت میں ٹھہرنا.
53:: ہدی.......
جو جانور حاجی حرم میں قربانی کرنے کو ساتھ لے جاتا ہے.
54:: یومِ عرفہ ........
نویں ذی الحجہ، جس روز حج ہوتا ہے اور حاجی لوگ عرفات میں وقوف کرتے ہیں.
55:: یلملم.......
مکہ مکرمہ سے جنوب کی طرف دو منزل پر ایک پہاڑ ہے اسکو آج کل سعدیہ بھی کہتے ہیں
یہ یمن ،ہندوستان اور پاکستان سے آنے والوں کی میقات ہے.....

مرتب:::::: ابو محمد عالم زیب حقانی
خادم العلوم النبویہ بجامعہ محمدیہ
      از آپ کے مسائل اور ان کا حل

No comments:

Post a Comment