Tuesday, 15 October 2019

حضرت علی رضی اللہ عنہ کی بیبیوں اور اولاد کی تعداد کتنی ہے؟ How many Wives and children have Hzt Ali Razi Allah Anhu

حضرت علی رضی اللہ عنہ کی بیبیوں اور اولاد کی تعداد کتنی ہے؟
الجواب وباللہ التوفیق:
حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم نے مختلف اوقات میں نو شادیاں کیں اور ان کے علاوہ آپ کی کئی باندیاں بھی تھیں۔ آپ کا پہلا نکاح جگر گوشہ رسول حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے ہوا، اور ان سے تین صاحبزادے حسن، امام حسین اور محسن رضی اللہ عنہم پیدا ہوئے۔ حضرت محسن رضی اللہ کا بچپن میں ہی وصال ہوگیا۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی دو صاحبزادیاں زینب کبریٰ اور ام کلثوم کبریٰ رضی اللہ عنہا پیدا ہوئیں۔ جب تک حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا بقید حیات رہیں آپ کرم اللہ وجہہ الکریم نے کسی اور سے نکاح نہ کیا۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے انتقال کے بعد مختلف اوقات میں آپ کے درج ذیل نکاح ہوئے:
ام البنین بنت حرام عامریہ رضی اللہ عنہا: ان سے چار فرزند حضرت عباس، حضرت جعفر، حضرت عبداللہ اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہم پیدا ہوئے۔
لیلیٰ بنت مسعود تیمیہ رضی اللہ عنہا: ان سے دو بیٹے عبیداللہ اور ابوبکر رضی اللہ عنہما پیدا ہوئے۔
اسما بنت عمیس خثیمہ رضی اللہ عنہا: ان سے یحییٰ اور محمد اصغر رضی اللہ عنہما پیدا ہوئے۔
ام حبیبہ بنت زمعہ رضی اللہ عنہا:،ان سے حضرت عمر اور سیدہ رقیہ رضی اللہ عنہما پیدا ہوئے۔
امامہ بنت ابوالعاص رضی اللہ عنہا: ان سے محمد اوسط رضی اللہ عنہ پیدا ہوئے۔
خولہ بنت جعفر حنفیہ رضی اللہ عنہا: ان سے محمد اکبر رضی اللہ عنہ پیدا ہوئے، جو محمد حنفیہ کے نام سے معروف ہیں۔
ام سعید بنت عروہ رضی اللہ عنہا: ان سے ام الحسین اور رملہ کبریٰ رضی اللہ عنہما پیدا ہوئیں۔
محیاۃ بنت امراءالقیس: ان کے بطن سے ایک بیٹی پیدا ہوئی جو بچپن ہی میں فوت ہو گئیں۔
متعدد باندیوں سے پیدا ہونے والی آپ کی اولاد کے نام درج ذیل ہیں:
حضرت ام ہانی، حضرت میمونہ، حضرت زینب صغریٰ، حضرت رملہ صغریٰ، ام کلثوم صغریٰ، حضرت فاطمہ، امامہ، حضرت خدیجہ، حضرت ام الکبریٰ، حضرت ام سلمہ، حضرت ام جعفر، حضرت ام جمانہ رضی اللہ عنہم اجمعین۔
ابن کثير، البدايه و النهايه، 7: 332، بيروت، مکتبه المعارف
ابن قتيبه، المعارف، 1: 210، القاهره، دارالمعارف
ابن کثير، الکامل في التاريخ، 3: 262، بيروت، دارالکتب
واللہ اعلم

No comments:

Post a Comment