Saturday 19 October 2019

جو عورت پردہ نہ کرے اس کی نماز قبول نہیں ہوتی روایت کی تحقیق؟

جو عورت پردہ نہ کرے اس کی نماز قبول نہیں ہوتی روایت کی تحقیق؟
السلام علیکم
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
''اللہ تعالیٰ اس عورت کی نماز قبول نہیں فرماتے جو بلوغت تک پہنچ جائے اور پردہ نہ کرے:
سنن ابی داؤد - حدیث -641
کیا یہ روایت صحیح ہے؟
الجواب وباللہ التوفیق:
وعليكم السلام ورحمة اللہ وبركاتہ
يہ ترجمہ غلط ہے۔
اصل حديث: لَا يَقْبَلُ اللَّهُ صَلَاةَ حَائِضٍ إِلَّا بِخِمَارٍ
ترجمہ: اللہ تعالى بالغہ لڑكى كى نماز سر كى اوڑھنى كے بغير قبول نہيں فرماتے ۔
يعنى بالغہ لڑکی ننگے سر نماز نہ پڑھے۔
----------------------------------------------------------------
کیا پردے کے بغیر عورت کی نماز قبول نہیں؟
سوال: کیا ایسی کوئی حدیث ہے: جو عورت بالغ ہونے کے بعد پردہ نہ کرے تو اللہ اس کی نماز قبول نہیں فرماتا؟ اگر ہے تو اس کا حوالہ بتادیں۔
الجواب وباللہ التوفیق:
ان الفاظ میں تو کوئی حدیث علم میں نہیں، البتہ سنن ترمذی وسنن ابوداود ،سنن ابن ماجہ اور مسند احمد وغیرہ میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت ہے کہ :نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : "لاتقبل صلاۃ الحائض إلا بخمار". یعنی "بالغہ عورت کی نماز سرڈھانپے بغیر قبول  نہیں ہوتی"۔ (سنن ترمذی، حدیث نمبر: 377 اور سنن ابوداود، حدیث نمبر:641، سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر: 654 و655)
اس حدیث میں نماز کے دوران سر ڈھانپنے کا حکم ہے۔ چنانچہ اگر عورت دوران نماز سرنہ ڈھانپے تو اس کی نماز نہیں ہوتی۔ حدیث کے جو الفاظ ذکر کیے گئے شاید انہی الفاظ کو یوں بیان کردیا جاتا ہے، (جیسے سائل نے ذکر کیا ہے) جو حدیث کے مفہوم میں نہیں آتا۔ 
فقط واللہ اعلم

No comments:

Post a Comment