فرشتے کن کے لئے رحمت کی دعاء کرتے ہیں؟
وہ کون لوگ ہیں جن کے لئے فرشتے رحمت کی دعائیں کرتے ہیں؟
آپ بھی اپنا شمار ایسے لوگوں میں کروائیے اور فرشتوں سے رحمت کی دعائیں حاصل کیجئے:
٭ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم میں سے جب کوئی شخص نماز ادا کرتا ہے اور پھر اسی جگہ پر مقیم رہتا ہے جب تک وہ کوئی اور کلام نہ کرے اور نہ اپنی جگہ سے ہٹے تو فرشتے اس کے لئے دعاء کرتے رہتے ہیں. اے اللہ کریم !اس کو بخش دے ، اے اللہ !اس پر رحم فرما۔ (بخاری، مسلم)
٭ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا: بے شک اللہ تبارک وتعالیٰ ان لوگوں پر رحمت بھیجتا ہے اورفرشتے ان کے لیے دعا کرتے ہیں جو نمازکے لیے صفوں کو جوڑتے ہیں اور جو شخص صف میں موجود خالی جگہ کو بھر دیتا ہے اللہ تبارک وتعالیٰ اس کی عوض اس کا ایک درجہ بلند کردیتا ہے۔ (ابن ماجہ، مجمع الزوائد)
٭ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بندہ جب اپنی جائے نماز پر بیٹھ کر جماعت کھڑے ہونے کا انتظارکرتا ہے تو وہ نماز ہی میں ہے۔ فرشتے اس کے لیے دعا کرتے ہیں: اے اللہ اس کے گناہ معاف کردے، اے اللہ اس پر رحمتیں نازل فرما۔ فرشتوں کی ان دعائوں کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک کہ نماز ادا کرنے والا واپس نہ چلا جائے یا بے وضو نہ ہوجائے۔ (مسلم، ابودائود)
٭ حضر ت براء بن عازب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: بلاشبہ اللہ تعالیٰ پہلی صفوں میں نماز ادا کرنے والوں پر رحمت بھیجتا ہے اور فرشتے ان کے لیے دعا کرتے ہیں۔ (سنن نسائی، السنن الکبریٰ)
٭ حضرت ابوامامہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں، جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:ـ جو لوگوں کو خیر کی تعلیم دیتیں ہیں ان پر اللہ رحمتیں نازل فرماتا ہے اور اس کے فرشتے، مخلوقاتِ سماوی وارضی، یہاں تک کہ چیونٹی اپنے بل میں اور مچھلی سمندر میں اس کے لیے رحمت کی دعا کرتی ہے۔ (ترمذی، الترغیب والترہیب)
٭ حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو مسلمان دن کی کسی ساعت میں کسی مسلمان بھائی کی عیادت کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی طرف آسمان سے ستر ہزار فرشتے بھیجتے ہیں جو اس کے لیے شام تک دعائیں کرتے ہیں اور اگر رات کی کسی بھی ساعت میں عیادت کرتا ہے تو فرشتے صبح تک اس کیلئے دعا کرتے ہیں۔ (صحیح ابن حبان، الترغیب والترہیب، کنزالعمال) شعیب کہتے ہیں یہ حدیث امام مسلم کی شرائط کے مطابق صحیح ہے۔
٭ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں، جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنے والا جہاد فی سبیل اللہ کے ایسے شہسوار کی طرح ہے جسے گھوڑا اپنی پشت پر لے کر شدید ہوگیا ہو۔ ایسے نماز ی کے لیے اللہ تبارک وتعالیٰ کے فرشتے رحمت کی دعا کرتے ہیں، جب تک کہ وہ بے وضو نہ ہوجائے یا اپنی جگہ سے اُٹھ کر کھڑا نہ ہوجائے اور وہ رباط اکبر میں ہے۔ (مسند امام احمد بن حنبل، الترغیب والترہیب)
٭ حضرت براءبن عازب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: بے شک اللہ تبارک وتعالیٰ پہلی صف میں نماز پڑھنے والوں پر رحمت بھیجتا ہے اور ملائکہ اُن کے لیے دعا کرتے ہیں۔ (ابوداﺅد، مستدرک، امام حاکم، صحیح ابن حبان)
٭ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: بے شک اللہ تبارک وتعالیٰ اُن لوگوں پر اپنی رحمتیں نازل فرماتا ہے اور فرشتے ان کے لیے دعا کرتے ہیں جو نماز کی صف میں دائیں جانب کھڑے ہوتے ہیں۔ (ابوداﺅد، ابن ماجہ)
٭ سیدنا عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں، جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: بے شک اللہ تعالیٰ سحری کرنے والوں پر اپنی رحمتیں نازل فرماتا ہے اور اس کے فرشتے ان کے لیے رحمت کی دعا کرتے ہیں۔ (مسند امام احمدبن حنبل، طبرانی، صحیح ابن حبان)
٭ عامر بن ربیعہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو بندہ مجھ پر درودپڑھتا ہے، تو اس کے درود پڑھنے کے دورانیے میں ملائکہ اس کے لیے رحمت کی دعا کرتے ہیں اب بندے کی مرضی ہے کہ وہ مجھ پر درود پاک کم پڑھے یا زیادہ۔ (ابن ماجہ، الترغیب والترہیب)
٭ حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اپنے ان جسموں کو پاک کرو تاکہ اللہ تبارک وتعالیٰ بھی تمہیں پاک کرے کیونکہ جب بھی کوئی بندہ رات پاکیزگی میں گزارتا ہے اور وضو کی حالت میں سوتا ہے تو اس کے ساتھ ایک فرشتہ اس کے بالوں میں رات بسر کرتا ہے۔ جب بھی وہ بندہ رات کے کسی حصے میں اپنا پہلو بدلتا ہے تو وہ فرشتہ اس کے لیے یوں دعا مانگتا ہے: ”اے اللہ ! اپنے اس بندے کی مغفرت فرما کیونکہ یہ رات کو باوضو ہوکر سویا ہے “۔ (الترغیب والترہیب، مجمع الزوائد، الجامع الصغیر) (نقلہ: #ایس_اے_ساگر)
https://saagartimes.blogspot.com/2020/09/blog-post_87.html
No comments:
Post a Comment