مصنوعی ذہانت سے استفادہ —شرعی حدود و اصول
---------------------------------
---------------------------------
آج ڈیجیٹل ترقیات کے عروج وانقلاب کا زمانہ ہے،حصول علم وآگہی،کبھی اسفار، کتب بینی، شب بیداری اور مسلسل وانتھک قربانیوں کا رہینِ منت تھا؛ جبکہ ابھی ہر جگہ وہر وقت ارزاں وفراواں ایپس ومصنوعی ذہانتوں والے برقی آلات پہ بہ یک جنبش انگشت دست یاب ہے، لکھنے پڑھنے اور بحث وتتبع کے اسالیب یکسر بدل گئے ہیں، احاديث کی بحث وتلاش میں معجم مفہرس اور فیض القدیر وغیرہ پہ گھنٹوں ورق گردانی کی جگہ موبائلوں میں موجود ایپس نے لے لی ہیں۔ سہولتیں تو یقیناً آگئی ہیں ؛ لیکن اس کے ساتھ ہی اہل ونااہل، عالم وجاہل کا امتیاز مٹتا جارہا ہے جوکہ علامت قیامت ہے:
إِذَا وُسِّدَ الأَمْرُ إِلَى غَيْرِ أَهْلِهِ فَانْتَظِرِ السَّاعَةَ (صحیح بخاری 59)۔
معمولی اردو خواں بھی اے آئی کو ایک اشارہ دے کر اپنے آپ کو فنکار،متخصص اور حدیث وفقہ کے میدانوں کا شہسوار ثابت کرنے میں لگا ہوا ہے، ایسے میں اے آئی سے استفادے کی شرعی حدود واصول جاننا ازبس ضروری ہے۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی ) ایک ڈیجیٹل بے جان مشین ہے ، سورۃ البقرة ( آیت 29) اور سورۃ الأنعام( آیت 145) سے معلوم ہوتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، بشمول مصنوعی ذہانت، کے استعمال میں اصل حکم اباحت کا ہے، جب تک اس کا ضرر، نفع پر غالب نہ آجائے، اس کا شرعی حکم اس کے مقصد اور مصرف کے تابع ہے؛ چنانچہ جائز مقصد کے لئے اس کا استعمال جائز اور ناجائز مقصد کے لئے ناجائز ہوگا، کیوں کہ وسائل کا حکم ان کے مقاصد کے تابع ہوتا ہے:
وللوسائل أحكام المقاصد من الندب والإيجاب والتحريم والكراهة والإباحة(الفوائد في اختصارالمقاصد، ص: 43، ط. دارالفكر)
مصنوعی ذہانت والے آلات کے استعمال سے اگر تحصیل علم میں معاونت مقصود ہو تو اس کا استعمال اسی طرح جائز ہے جیسے لغات ، شروح حدیث وغیرہ سے استفادہ وغیرہ جائز ہےاور اہل علم کے یہاں ہمیشہ سے رائج رہا ہے، لیکن اگر اس کے استعمال میں جھوٹ، دھوکہ دہی ، خیانت ، مشینی تحقیق کو ذاتی فکر وتحقیق ثابت کرنا مقصود ہو تو فساد مقصد اور غش وتلبیس اور دجل وفریب کے باعث بنص شرعی اس کا استعمال ناجائز ہوگا۔ جب کوئی شخص اپنے نام سے کوئی تحریر شائع کرتا ہے تو وہ دراصل قاری سے یہ کہہ رہا ہوتا ہے کہ یہ میری محنت ہے، میری سوچ ہے، میرا استدلال ہے، کسی دوسرے کی محنت کو اپنی بنا کر دکھانا، خواہ وہ دوسرا انسان ہو یا مشین، شریعت کی نظر میں تدلیس اور غش ہے اور حرام ہے:
يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ [التوبة: 119].
وعن أبي هريرة رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: (مَنْ غَشَّنَا فَلَيْسَ مِنَّا۔۔۔صحیح مسلم 101)
نیز نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کو جھوٹ کے دو کپڑے پہننے والا قرار دیا ہے جو اس چیز کے ہونے کا دعویٰ کرے جو اسے ملی ہی نہیں (المُتَشَبِّعُ بِمَا لَمْ يُعْطَ كَلَابِسِ ثَوْبَيْ زُورٍ- صحیح بخاری 5219)
سب سے اہم ترین بات جو اس مشین کے ساتھ خاص ہے، وہ یہ ہے کہ یہ حوالوں میں بہت خطا کرتی ہے، آیات و احادیث اور اقوال وفتاوی کی نسبت میں بے انتہا غلطی کرتی ہے، فوری سے بھی پیشتر آپ کے سوال کے مطابق احادیث بھی گڑھ لیتی ہے اور فقہی جزئیات بھی، وہ بھی معروف کتابوں کے جعلی حوالوں کے ساتھ ! اب آنکھیں موند کر اس مشین کی تابعداری کرنے والا "بے بصیرت بندہ" بغیر تحقیق اگر اسے آگے بڑھادے تو آپ سمجھئے کہ کتنے بڑے گناہ کا مرتکب ہوا ؟ اور پھر اس سے اسلامی معاشرے میں کتنا بڑا اضطراب پیدا ہوگا ؟ ارشاد نبوی ہے کہ آدمی کے جھوٹا ہونے کے لئے یہی کافی ہے کہ وہ ہر سنی ہوئی بات بیان کردے:
كَفَى بِالْمَرْءِ كَذِبًا، أَنْ يُحَدِّثَ بِكُلِّ مَا سَمِعَ— صحیح مسلم 5
اگر کوئی شخص سارا مضمون ہی کسی بھی اے آئی مشین سے لکھوا لے اور اس میں اس کا حصہ صرف حکم دینے کا ہو، تو اسے اپنے نام سے شائع کرنا کسی طور درست نہیں؛ یہ صریح علمی سرقہ ہے، ناجائز ہے اور باعث عذاب نار ہے۔ اس نے نہ محنت کی، نہ تحقیق کی، نہ غور و فکر کیا، پھر بھی قاری کو یہ تاثر دیا کہ یہ اس کی ذاتی تحریر ہے، ایسی تحریر پر ملنے والی شہرت، منصب یا اجرت بھی مشکوک ہو جائے گی۔ ہاں اگر اس پر صاف لکھ دیا جائے کہ یہ مشین سے تیار کردہ ہے تو بات اور ہے، مگر اسے اپنی تحریر کہنا جائز نہیں:
من ادَّعَى ما ليْسَ له فليس منَّا ولْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ من النَّارِ-صحیح مسلم 61
اگر اشارات یا عنوانات تو لکھنے والے کے اپنے ہوں ؛ مگر اسلوب، الفاظ، تعبیرات اور تحقیقات سب مشین کی ہوں، یعنی نوے فیصد کام اسی کا ہو؛ صرف عنوان دے دینا تحریر نہیں کہلاتا، اصل تحریر وتالیف تو مواد، ترتیب اور استدلال کا نام ہے، جب وہ سب غیر کا ہو تو اسے اپنی طرف منسوب کرنا جھوٹی نسبت ہی کہلائے گا؛ ہاں اگر اس پر بہ معاونت اے آئی لکھ دیا جائے اور حوالوں کی خود تصدیق کر لی جائے تو کچھ گنجائش نکل سکتی ہے، لیکن پھر بھی اسے تحریرکے بجائے ترتیب کہنا زیادہ دیانت کے قریب ہے۔ اگر مواد اور تعبیرات لکھنے والے کی اپنی ہوں اور اس نے مشین سے صرف املا و زبان کی درستگی کرائی ہو، اور معنی و استدلال اس کا اپنا برقرار رہا ہو، تو یہ جائز ہے، یہ ویسا ہی ہے جیسے کوئی مصحِّح سے اپنی تحریر کی اصلاح وتصحیح کرا لے؛ لیکن اگر مشین نے اپنی طرف سے نیا استدلال اور نئی تعبیرات شامل کر دی ہوں اور لکھنے والے نے بغیر پڑھے اور سمجھے ان کو چسپاں کر دیا ہو تو یہ بھی تدلیس وفراڈ بن جائے گا، مشین کی تصحیح وتہذیب کو خود پڑھا جائے، سمجھا جائے، غلط کو کاٹا جائے اور صحیح کو قبول کیا جائے، اور حوالوں کی خود تصدیق کی جائے، بغیر پڑھے چسپاں کرنا علمی امانت کے خلاف ہے۔ جہاں تک اپنے اردو مضمون کو کسی اے آئی مشین سے عربی یا انگریزی یا دیگر زبانوں میں ترجمہ کرانے کا تعلق ہے، تو یہ بشرط تصدیق جائز ہے، کیونکہ اصل فکر و تحقیق لکھنے والے کی اپنی ہے، ترجمہ تو صرف زبان کا ظاہری ڈھانچہ ہے، جیسے کسی مترجم سے ترجمہ کرایا جائے۔ مگر اس میں بھی دو باتوں کا لحاظ ضروری ہے۔ ایک یہ کہ ترجمے کی مکمل مراجعت کی جائے، کیونکہ مشین بسا اوقات شرعی اصطلاحات اور آیات و احادیث کا مفہوم بگاڑ دیتی ہے، اس لئے شائع کرنے سے پہلے خود یا کسی اہل زبان سے پورا ترجمہ چیک کرنا چاہئے۔ دوسرے یہ کہ دیانت کا تقاضا ہے کہ حاشیے میں یہ لکھ دیا جائے کہ ترجمہ مشین کی معاونت سے اور مراجعت شدہ ہے، تاکہ قاری کو دھوکہ نہ ہو۔ اس کے ساتھ ہی یاد رکھنے کی قابل یہ بات بھی ہے کہ انسانی ذہن بہت قیمتی عطاء خداوندی ہے، اسے کام میں لانے، سوچنے، غور وفکر کرنے، اخذ واستنباط کی مزاولت سے اس میں مزید قوت وبالیدگی اور آفاقیت پیدا ہوتی ہے، جب آدمی ہر بات کے لئے مشین کی طرف دیکھنے لگے تو اس کا ذہن آہستہ آہستہ کام کرنا چھوڑ دیتا ہے، وہ محقق نہیں رہتا، صرف ناقل وجامع بن جاتا ہے، تفکیری صلاحیت ختم ہوجاتی ہے اور پھر رفتہ رفتہ وہ صلاحیت جو انسان کو انسان بناتی ہے، یعنی غور و فکر، وہی مہمل ہو جاتی ہے، اور جس قوم کا ذہن معطل ہو جائے، اس کا علم بھی معطل ہو جاتا ہے، اور جس کا علم معطل ہو جائے، اس کا مستقبل بھی تاریک ہوجاتا ہے۔ بغور دیکھیں تو ذہنِ انسانی کی "تعطیل وتجمید" ہی اس اے آئی فتنے کی سب سے خاموش اور سب سے گہری چوٹ ہے۔ اگر کہیں اے آئی کی واقعی ضرورت پڑے تو آپ "قدر ضرورت" بطور معاون اس سے استفادہ کریں، لیکن مشین کو اپنا آقا نہیں، خادم بناکر کریں ، باگ اپنے ہاتھ میں رکھیں ، اس سے پورا مضمون لکھوا کر اپنے نام سے منسوب کرنا ناجائز ہے، بطور مصحح ومعاون استفادے کی گنجائش ہے ؛ بشرطیکہ اصل فکر لکھنے والے کی ہو، حوالوں کی خود تصدیق کی جائے، اور اس کی تحریر کو خود پڑھ کر سمجھ کر اپنایا جائے، اسی میں ہماری علمی روایت کی بقاء ہے اور صدق وامانت کا تحفظ بھی۔
واللہ اعلم بالصواب
ای میل: Email: muftishakeelahmad@gmail.com
مركز البحوث الإسلامية العالمي ( #ایس_اے_ساگر )
https://saagartimes.blogspot.com/2026/11/blog-post_755.html


