Monday 8 July 2019

لمحاتِ زندگی کو قیمتی بنانے کا مجرب نسخہ

لمحاتِ زندگی کو قیمتی بنانے کا مجرب نسخہ


ایک اور بات تجربہ کی بتاتا ہوں، وہ یہ کہ فجر کی نماز پڑھنے کے بعد اللہ تعالیٰ سے دعا کیا کرو کہ:
یا اللہ! یہ دن طلوع ہورہا ہے، اور اب کارزارِ زندگی میں داخل ہونے والا ہوں، اے اللہ ! اپنے فضل وکرم سے اس دن کے لمحات کو صحیح مصرف پر خرچ کرنے کی توفیق عطا فرما، کہ کہیں وقت ضائع نہ ہوجائے، کسی نہ کسی خیر کے کام میں صرف ہوجائے، حدیث شریف میں آتا ہے کہ جب سورج طلوع ہوتا تو حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا پڑھا کرتے تھے کہ:

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ اَقَالَنَا یَوْمَنَا ہٰذَا وَلَمْ یُہْلِکْنَا بِذُنُوْبِنَا۔ 
یعنی اس اللہ کا شکر ہے جس نے یہ دن ہمیں دوبارہ عطا فرما دیا، اور ہمارے گناہوں کی وجہ سے ہمیں ہلاک نہیں کیا ۔ ہر روز سورج نکلتے وقت یہ کلمات حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم پڑھا کرتے تھے۔ مطلب یہ ہے کہ ہم تو اس کے مستحق تھے کہ یہ دن ہمیں نہ ملتا، اور اس دن سے پہلے ہی ہم اپنے گناہوں کی وجہ سے ہلاک کردئے جاتے لیکن اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے ہمیں ہلاک نہیں کیا اور یہ دن دوبارہ عطا فرمایا ۔
لہٰذا پہلے یہ احساس دل میں لائیں کہ یہ دن جو ہمیں ملا ہے، یہ ایک نعمت ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل وکرم سے ہمیں عطا فرمادی ہے ،اس دعا کے ذریعہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم یہ فرمارہے ہیں کہ ہر دن کی قدراس طرح کرو جیسے ہم سب رات کے وقت ہلاک ہونے والے تھے، مگر اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے زندگی دیدی ، اب یہ جو نئی زندگی ملی ہے، وہ کسی صحیح مصرف میں استعمال ہوجائے ۔ 
🌹... صبح کی مسنون دعائوں کا معمول بنالیں 
حدیث شریف میں وہ دعائیں منقول ہیں جو حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم روزانہ صبح کو فجر کے بعد پڑھا کرتے تھے ، ہم سب بھی نماز فجر کے بعد اس کے پڑھنے کا معمول بنالیں، وہ دعائیں یہ ہیں : 

1⃣... اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ خَیْرَ ہٰذَا الْیَوْمِ وَخَیْرَ مَابَعْدَہٗ وَاَعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّہٰذَا الْیَوْمِ (ترمذی)
اے اللہ ! میں آپ سے آج کے دن کی خیر طلب کرتا ہوں ، اور اس کے بعد کی خیر طلب کرتا ہوں ، اور اس دن کے شر سے آپ کی پناہ مانگتا ہوں ۔ 

اور یہ دعا پڑھتے تھے: 
2⃣... اَللّٰہُمَّ اِنِّی اَسْئَلُکَ خَیْرَ ہٰذَا الْیَوْمِ وَفَتْحَہٗ وَنَصْرَہٗ وَنُوْرَہٗ وَبَرَکَتَہٗ وَعَافِیَتَہٗ وَہُدٰاہٗ (ابوداؤد)
اے اللہ ! میں آپ سے آج کے دن کی خیر طلب کرتا ہوں ، اور اس دن کی کامیابی ، نصرت نور، برکت، عافیت اور ہدایت طلب کرتا ہوں ۔ 

اور یہ پڑھا کرتے تھے۔ 
3⃣... اَللّٰہُمَّ اجْعَلْ اَوَّلَ ہٰذَا النَّہَارِ صَلَاحًا ، وَاَوْسَطَہٗ فَلَاحًا، وَآخِرَہٗ نَجَاحًا
اے اللہ ! آج کے دن کے ابتدائی حصہ کو میرے لئے صلاح بنادیجئے، اور اس کے درمیانی حصہ کو فلاح، اور آخری حصہ کو کامیابی بنادیجئے ۔ 

یہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی پیاری دعائیں ہیں، ان کو یاد کرلیں، اور روزانہ صبح کے وقت ان کو پڑھا کریں، اور اللہ تعالیٰ سے توفیق مانگیں کہ: اے اللہ! اس دن کے ایک ایک لمحے کو اپنی رضا کے مطابق صرف کرنے کی توفیق عطا فرما۔ بہرحال! پہلے نظم الاوقات بناؤ، اور پھر اس بات کا عزم کرو کہ میں اس کی پابندی کروں گا، پھر اللہ تعالیٰ سے دعا کرو، اور توفیق مانگو، اس کے بعد کار زارِ زندگی میں داخل ہوجاؤ۔ 
🌹... رات کو سوتے وقت دن کا جائزہ
پھر رات کو سوتے وقت اپنا دن بھر کا جائزہ لے لو کہ آج صبح میں نے جو ارادہ کیا تھا، اس پر کس حد تک قائم رہا، اور کہاں کہاں بھٹک گیا، جہاں بھٹک گئے تھے، اس کی طرف سے اللہ تعالیٰ سے توبہ و استغفار کرکے دوبارہ اپنے عزم کو تازہ کرلو، اور جس حد تک قائم رہے، اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرو، ساری عمر یہی کام کرتے رہو تو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ بیڑہ پار کردیں گے۔ 
✔...کتاب: اصلاحی خطبات، جلد16، صفحہ 67
✔...مجموعۂ بیانات: حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب



No comments:

Post a Comment