Tuesday 24 November 2015

گدھوں کو سڑا گلا گوشت کیسے ہوجاتا ہے ہضم

ایس اے ساگر

کیا کبھی آپ نے غور کیا ہے کہ گلا سڑا گوشت کھانے کے باوجود گدھ بیمار کیوں نہیں پڑتا؟ یہ وہ مخلوق ہے جو جنوبی یوروپ سے ایشیا تک ہر جگہ پائی  جاتی ہے، عجیب بات تو یہ ہے کہ اپنی سخت جانی کیلئے معروف یہ پرندہ اپنی خصوصی اور عجیب جینیاتی نظام کی وجہ سے بیمار نہیں ہوتا۔ ایک تازہ تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ بڑے گدھ، جسے یوریشیئن سیاہ گدھ کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے، کے جینوم حیرت انگیز ہوتے ہیں ۔ دراصل گدھ کے جینوم میں جینیاتی طور پر وہ ایک قدرتی نظام کار فرما ہوتا ہے، جس کی وجہ سے ان کا معدہ انتہائی مضبوط اور ان کا مدافعتی نظام غیرمعمولی ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایسا گندہ اور سڑا ہوا گوشت کھاتے چلے جاتے ہیں اور انھیں کچھ نہیں ہوتا.

تیزاب کا ہے کمال :

منگل کے روز منظر عام پر آنے والی اس رپورٹ میں محققین نے انکشاف کیا ہے کہ گدھ کے معدے میں گیسٹرک ایسڈ کی زیادہ مقدار اسے مردار کے گوشت کو ہضم کرنے اور جراثیموں اور وائرس سے بیماریاں لاحق ہونے سے تحفظ فراہم کر کے اس کے جسمانی مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔ جنوبی کوریا کے السان قومی ادارہ برائے سائنس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ ماہر جینیات جونگ بھک نے بتایا ہے کہ یہ مشہور ہے کہ گدھ ہر قسم کے گوشت سے لاحق بیماریوں سے مبرا ہیں۔ یہ ایسا گلاسڑا گوشت بھی کھا سکتے ہیں، جو ایتھریکس جیسی بیماری کا باعث ہو سکتا ہے۔

مضبوط معدہ کا اہم رول  :

عجیب بات تو یہ ہے کہ سیاہ گدھ ریبیز، ہیضے اور دیگر شدید بیماریوں کا حامل جراثیموں والا گوشت کھاتے ہیں جو دیگر طرز کے گدھوں کیلئے سم قاتل ہو سکتا ہے۔ لیکن سیاہ گدھ دنیا کے سب سے مضبوط معدے کے حامل ہوتے ہیں۔ ان کے معدے میں شدید تیزابیت ہوتی ہے، جو ہڈیاں حتیٰ کے دھاتوں کو بھی پگھلا سکتی ہے۔

دس فٹ تک کی لمبائی :

سیاہ گدہ جن کا سائنسی نام ایگیپیئس مونیچَس ہے، میدانوں سے لے کر پہاڑوں تک مختلف علاقوں میں پائے جاتے ہیں اور اسپین سے جنوبی کوریا تک ہر جگہ ملتے ہیں۔ تاہم کچھ مقامات پر ان کی تعداد غیرمعمولی حد تک کم ہے۔ انہیں دنیا کے بڑے ترین مردارخور پرندوں میں سے ایک گردانا جاتا ہے اور ان کے پروں کی لمبائی دس فٹ تک ہوتی ہے۔ یہ سیاہی مائل کتھئی رنگت کے حامل گدھ سروں پر پر نہ ہونے کی وجہ سے انوکھی صورت کے حامل اور دیگر پرندوں سے ممتاز دکھائی دیتے ہیں جبکہ ان کی خوراک درمیانے اور بڑے حجم کے ممالیہ مردار جانور ہوتے ہیں۔

18 ملین سال کا ماضی :

محققین نے ان گدھوں کے جینوم کا موازنہ امریکہ  کے گنجے عقابوں کیساتھ کیا۔ محققین کے مطابق ان دونوں پرندوں کے درمیان تعلق ماضی میں سمجھے جانے والے تعلق سے زیادہ گہرہ ہے اور قریب 18 ملین برس قبل ان دونوں پرندوں کے آباؤاجداد ایک ہی تھے !

No comments:

Post a Comment