Tuesday 13 June 2017

شفا کے لئے بارش کے پانی پر پڑھنے کا عمل

سوال :ایک روایت کی صحت معلوم کرنی ہے کہ : حضرت جبریل علیہ السلام نے حضرت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ عمل بتایا کہ:
بارش کے پانی پر جو شخص ستر ۷۰ بار سورہ فاتحہ، سورہ اخلاص، اور معوذتین پڑھ کر، اس پانی کو سات دن تک صبح شام پئے، تو اس کو ہر بیماری سے شفا حاصل ہوگی۔

جواب : یہ عمل اس ترکیب کے ساتھ عموما روافض کی کتابوں میں نیسان (سریانی شمسی تقویم میں چوتھے) مہینے کے اعمال ووظائف میں ملتاہے ۔
رافضی عالم مجلسی کی کتاب (بحار الأنوار) میں یہ عمل حسین بن حسن بن خلف کاشونی کی کتاب (زاد العابدین) کے حوالے سے منقول ہے، اور سند اس طرح سے مذکور ہے :

قال الکاشونی : أخبرنا الوالد أبو الفتح ، حدثنا أبوبکر محمد بن عبدالله الخشابی البلخی ، حدثنا أبو نصر محمد بن أحمد بن محمد الباب حریزی ، أخبرنا أبو نصرعبدالله بن عباس المذکر البلخی ، حدثنا أحمد بن أحید ، حدثنا عیسی بن هارون ، عن محمد بن جعفر بن عبد الله بن عمر ، حدثنا نافع ، عن ابن عمر ....فذكره

سند مذکورعلی فرض ثبوتہ کے بعض رواۃ اواخر سند میں معروف ہیں ، باقی مجاہیل یا ضعفاء ہیں، خصوصا اوائل سند میں مذکورہ رواۃ تو روافض ہیں، مزیدیہ ہے کہ اس روایت سے اہل سنت کی کتابیں خالی ہیں، اس لئے اس پر اعتماد نہیں کرسکتے، اسی طرح روایت میں جو دعاءِ مذکور کےعجیب وغریب فضائل بتائے گئے ہیں، اس سے روایت کا موضوع ومن گھڑت  ہونا واضح ہے ۔
تاہم یہ بات تو معلوم ہے کہ بارش کا پانی برکت والا ہوتا ہے ، کما قال تعالی :
(ونزلنا من السماء ماء مبارکا )،
اسی طرح مذکورہ بالا سورتوں کی فضیلتیں بھی علاج ومعالجہ کے سلسلہ میں وارد ہیں ، اس لئے اگر کوئی اس عمل کو بطورعلاج کرنا چاہے تو کوئی حرج نہیں ہے، البتہ اس کی نسبت حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف کرنا صحیح نہیں ہے۔

No comments:

Post a Comment