Sunday 30 October 2022

واٹس ایپ پر پیغامات پڑھنے کی رسیدوں کو غیرفعال کرنا؟

واٹس ایپ پر پیغامات پڑھنے کی رسیدوں کو غیرفعال کرنا؟
-------------------------------
--------------------------------
بہت سے لوگ اپنے واٹس ایپ پر میسیج سگنل گرین نہیں ہونے دیتے ہیں ، جس سے پتہ نہیں چلتا کہ انہوں نے میسیج پڑھا،دیکھا یا نہیں؟ واٹس ایپ بھی روز مرہ کی زندگی کی ضروریات میں داخل ہونے کی وجہ سے بہت سے مختلف امور اس سے انجام دیئے جارہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اس طرح اپنے واٹس ایپ کو رکھنا جس سے پتہ ہی نا چلے کہ پڑھا گیا یا نہیں، دھوکا تو نہیں ھے؟ شرعاً کیا حکم ہے؟
واضح فرما کر مشکور ہوں
سائل: محمد منصور ہاشمی قاسمی 
کھگڑیا
الجواب وباللہ التوفیق: 
واٹس ایپ کے ذریعے پیغامات کی ترسیل حد وحساب سے باہر ہورہی ہے۔ ایک ایک دن میں لوگ ایک دوسرے کو سینکڑوں پیغامات بھیج دیتے ہیں، بعض وہ بھی ہوتے ہیں جن سے کبھی کوئی شناسائی تک نہیں ہوتی ۔ ملنے والے پیغامات کی رسید وخواندگی،  پھر سب کے جوابات قلمبند کرنا ، ناممکن ومتعذر ہوجاتا ہے، ان پریشان کُن پیغامات کی کثرت وبہتات انسان کی واجبی مشغولیات کی انجام دہی کو بری طرح متاثر؛ بلکہ گاہے معطل کردیتی ہے۔
ان پیغامات کو فوری دیکھنا، ان میں غور کرنا پھر ری پلائی کرنا کوئی واجب شرعی نہیں؛ بلکہ امر مستحسن ہے۔ اگر ان میں انہماک واشتغال  کے باعث انسان کی شخصی ونجی، مصروفیات، ذمہ داریاں  اور اوقات راحت وآرام یا مخصوص نظامہاے عمل متاثر ہوجا تے ہوں تو واٹس ایپ پر وصول شدہ پیغامات پڑھنے کی تصدیق کرنے والے 'نیلے نشانات' کو غیرفعال کردینے کے دست یاب آپشن کو زیراستعمال لانا شرعاً درست ہے۔ واٹس ایپ پہ موصول پیغامات 'اشیاء مایحتاج' کے ذیل میں داخل نہیں ہیں جنہیں کتاب الہی میں 'ماعون' کہا گیا ہے اور جن سے اعراض وانکار پہ وعید وارد ہوئی ہے ۔ فراغ وفرصت کے لمحات میں اپنی سہولت و بشاشت کے ساتھ ہی ان چیزوں کے لئے وقت نکالا جاسکتا ہے. 
اگر وصول کنندہ کی جانب سے فوری خواندگی کی رسید دیدی جائے تو دیکھا گیا ہے کہ پھر'مُرسِلین' مغز چاٹنا شروع کردیتے ہیں، لہذا رفع حرج اور دفع مشقت جیسے مسلمہ شرعی ضابطے کے پیش نظر واٹس ایپ پیغامات پڑھنے کی رسیدوں کو غیر فعال کرنے کی شرعی گنجائش ہوگی ، یہ غش وخدع کے زمرے میں داخل نہیں ہوگا ۔ واللہ اعلم بالصواب 
https://saagartimes.blogspot.com/2022/10/blog-post_30.html



No comments:

Post a Comment