Wednesday, 10 December 2025

محترم استاد سیف اللہ صاحب اللہ کو پیارے ہوگئے

محترم استاد سیف اللہ صاحب اللہ کو پیارے ہوگئے!
بروز بدھ، 19 جمادی الثانی 1447، مطابق 10 دسمبر 2025، شہرِ بھٹکل کی فضاؤں میں ایک نہایت دلخراش خبر گونج اٹھی کہ ہمارے ہر دلعزیز، مخلص مربی اور شفیق استاد ماسٹر سیف اللہ صاحب اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے۔ إنا لله وإنا إليه راجعون۔ ان کی وفات نے اہلِ شہر، جامعہ اسلامیہ کے اساتذہ و طلبہ اور ان کے ہزاروں شاگردوں کو غم و اندوہ میں ڈبو دیا۔
دنیا میں انسان کو اپنے والدین کے بعد اگر کسی سے حقیقی محبت، قدر اور تعلق ہوتا ہے تو وہ اس کے مخلص استاد اور مربی سے ہوتا ہے۔ استاد ہی وہ ہستی ہے جو طالب علم کے ذہن کو روشن کرتی ہے، اس کی صلاحیتوں کو جِلا بخشتی ہے اور اسے زندگی کے نشیب و فراز کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہے۔ مخلص استاد نہ شہرت کا خواہاں ہوتا ہے نہ تعریف کا محتاج۔ اس کا مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ اس کا شاگرد زیورِ علم سے آراستہ ہو، اپنی مافی الضمیر کو سلیقے سے ادا کرنے کا ملکہ پیدا کرے اور حق و خیر کے راستے پر گامزن ہو۔ ایسے استاد کی صحبت نعمت، اس کی دعا سرمایہ اور اس کی رہنمائی زندگی بھر کا روشنی کا چراغ ہوتی ہے۔
مرحوم ماسٹر سیف اللہ صاحب انہی اوصاف کے حامل ایک بے مثال استاد تھے۔ ان میں ایک مخلص معلم اور سچے مربی کی تمام صفات کامل درجے میں موجود تھیں۔ وہ نہایت باوقار، نرم دل، شفیق اور اخلاص ودیانت سے معمور شخصیت کے حامل تھے۔ آپ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں انگریزی، کنڑا اور معاشیات کے استاد رہے اور اپنی تدریسی زندگی کے ہر مرحلے میں سنجیدگی، محنت، ایثار اور اعلیٰ اخلاق کا شاندار نمونہ پیش کرتے رہے۔ آپ کی خاموش تربیت، نفیس عادتیں اور علمی وقار طلبہ و اساتذہ سب کے دلوں پر نقش تھا۔
آپ کا تعلق شہرِ ہبلی سے تھا۔ گوا میں سرکاری ملازمت پر فائز تھے، لیکن سابق ناظمِ جامعہ محترم محیی الدین منیری رحمہ اللہ تعالیٰ کی دعوت پر بھٹکل تشریف لائے۔ بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت اور ان کے روشن مستقبل کی خاطر آپ نے بھٹکل کو مستقل مسکن بنایا۔ یہ فیصلہ آپ کی مثالی دوراندیشی، والدانہ فکر اور تربیتی شعور کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 
آپ کے شاگردوں کی تعداد ہزاروں میں ہے، جن میں بڑی تعداد میں علماء ، خطباء اور اس وقت شہر کے کئی ایک ذمے دران اور مختلف علمی، دینی اور  ثقافتی اداروں کے بانیان شامل ہیں۔ درحقیقت آپ صرف ایک استاد نہیں تھے، بلکہ کئی نسلوں کے مربی، رہنما اور محسن تھے۔ آپ کی تربیت، شفقت، خلوص اور علم کا فیض آج بھی بے شمار دلوں میں زندہ ہے اور ان شاء اللہ ہمیشہ تابندہ رہے گا۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مکمل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، ان کی قبر کو نور، راحت اور سکینت کا گہوارہ بنا دے۔ اللہ  تعالی ان کی خدماتِ علمی و تربیتی کو ان کے لئے صدقۂ جاریہ بنا ئے  اور اہلِ خانہ و متعلقین کو صبرِجمیل عطا فرمائے۔  آمین یا رب العالمین۔ (شریک غم: سید ہاشم نظام ندوی، ایڈیٹر انچیف فکروخبر بھٹکل) ( #ایس_اے_ساگر )





ہندپاک کی بریانیاں

ہندپاک کی بریانیاں

(فقہ اور ادبی چاشنی کیساتھ ایک شگفتہ تحریر)
بابُ ما جاء فی مذاہبِ بریانیہ
(ہند، پاک کی بریانیوں کا ثقافتی و فقہی تجزیہ)
از: جامع الفتاوی و البریانیات
مقدمہ: بریانی صرف ایک کھانا نہیں، بلکہ ایک تہذیب ہے۔
یہ چاول اور گوشت کا وہ مقدس نکاح ہے، جس میں مصالحہ جات قاضی کا کردار ادا کرتے ہیں، یخنی خطبۂ نکاح ہے، اور دم پر رکھنا عقدِ دائمی کی علامت!
لیکن صد حیف! اس مقدس رشتہ میں آلو داخل کرکے کلکتہ والوں نے ایسا ظلم کیا ہے، جسے فقہائے بریانیہ کی زبان میں "نکاحِ فسخ شدہ بالمکر" کہا جائے گا۔
باب اول: فقہائے بریانیہ کے مختلف مکاتبِ فکر
1. دہلوی فقہائے بریانیہ
دہلی کی بریانی کو شائستگی، تہذیب اور امتیازی لطافت کا درجہ حاصل ہے۔
حضرت کریم ہوٹل (نزد جامع مسجد) کے ہاں بریانی وہ نازک طعام ہے جو نہ شور میں غرق ہوتی ہے، نہ مصالحے میں ڈوبی ہوتی ہے، بلکہ ہر دانہ توازن کا مظہر ہوتا ہے۔
یہاں بریانی گویا ایک غزل ہے،
چاول: قافیے
گوشت: ردیف
خوشبو: بحرِ رمل
فقہائے دہلی فرماتے ہیں:
"اذا حضرت البریانی فی دہلی، فہٰذا مجلسِ ادب لا مائدۃِ طعام!"
2. لکھنؤی فقہائے بریانیہ (مکتبِ نَوَابی)
بریانی یہاں ریشمی تہذیب کی علامت ہے۔
چاہے حقیقی دونگا بریانی ہو یا ٹونٹی دار یخنی، لکھنؤ میں بریانی پیٹ بھرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ فنِ خورد و نوش کا ایک کلاسیکی باب ہے۔
ہر چاول: حرفِ تہذیب
ہر بوٹی: ایک قرینہ
ہر خوشبو: مصرعِ موقوف
یہ وہ ذائقہ ہے جو واجد علی شاہ کے شاہی باورچی خانوں سے چل کر آج بھی پرانے لکھنؤ کی گلیوں میں زندہ ہے۔
اودھ کی مشہور بریانی اور باورچی:
ادریس بریانی ( پاٹہ نالہ چوک) جس کا ہر نوالہ گویا "نوابی سلام" ہے۔
مبین بریانی (اکبری گیٹ)  جہاں یخنی بھی گویا غالب کی غزل ہے۔
للا بریانی (چونپٹیوں مارکیٹ)  جس کی دم دار تہیں لکھنؤ کی تہذیبی تہیں ہیں۔
ابصار بھائی: جن کا ہاتھ یخنی میں ڈوبا ہو، تو گویا فتوٰی میں عطر ہو۔۔۔۔
پوسو بھائی: جو بریانی کو خطِ نسخ میں لکھتے ہیں: واضح، خوش خط، لازوال!
لکھنؤ کے فقہاء کا اجماعی فتویٰ:
 "ہٰذہ بریانی علٰی میزانِ شرعی!"
3. حیدرآبادی مکتبِ بریانیہ
یہاں بریانی مسلکِ تند و تیز پر قائم ہے۔
اتنا مرچ، اتنا زور، اور اتنی خوشبو کہ:
پہلا لقمہ: استغفار
دوسرا لقمہ: توبہ
تیسرا لقمہ: "سبحان اللہ! یہی جنت ہے!"
چاہے شاہ غوث ہوٹل ہو، بسم اللہ ہوٹل یا پارک حیات 
یہ سب شعلہ بیان ذاکرین کی تقریریں محسوس ہوتی ہیں۔
احنافِ حیدرآباد کا قول:
 "بلا مرچ بریانی کالصلاۃ بلا تکبیر!"
4. کلکتوی مکتب (جس پر نکیر واجب ہے)
یہاں فقہی انحراف کی انتہا ہو چکی ہے۔
آلو کو بریانی میں داخل کرکے جو فتنہ و بدعت برپا کی گئی، وہ فقہائے ذائقہ کے نزدیک ایسا ہے جیسے نماز میں پتنگ اڑانا۔
مشہور بدعاتی نام:
ارسلان بریانی
زمزم بریانی
زہرا بریانی
حاجی صاحب بریانی
یہ محض بدعت نہیں بلکہ:
 "مکروہِ تحریمی مع الفسادِ الذوقی!"
آلو، جس کا اصل مقام ترکاری، شوربے یا بگھارے بیگن میں ہے، اسے بریانی میں داخل کرنا:
 "تحریفِ ترکیبِ الٰہی"
فقہائے دہلی و لکھنؤ کا اجماعی فتویٰ:
 "من جعل البطاطا فی البریانی، فلیس من اہلِ الذوق، و کان علیہ کفارۃُ صحنٍ کامل!"
5. کراچی فقہائے بریانیہ
کراچی کی بریانی اجتہادِ جری کا شاہکار ہے۔
یہاں کی اقسام مثلاً:
نورانی بریانی
نانبائی بریانی
فرحت بریانی
جعل بریانی
سب ایسی ہیں کہ مصالحہ جگر کو جھنجھوڑتا ہے، اور گوشت ایسا نرم کہ فقہائے مالکیہ بھی عش عش کر اٹھیں۔
کراچی کی بریانی اگر بغیر کباب ہو، تو یہ:
"قصر فی الفتوٰی" ہے!
باب دوم: تہذیبی تسلسل
شہر بریانی کی تعبیر
دہلی بریانی ایک شعر ہے
لکھنؤ بریانی ایک ادب ہے
حیدرآباد بریانی ایک خطابت ہے
کراچی بریانی ایک مزاحمت ہے
کلکتہ بریانی کا جنازہ ہے (آلو کی صورت میں)
باب سوم: ردِ بدعتِ آلو
لکھنؤی ادب فرماتا ہے:
جس بریانی میں نزاکت نہ ہو،
جس میں یخنی کا ذوق نہ ہو،
جہاں گوشت و چاول ہم آہنگ نہ ہوں
وہ طعام نہیں، فقط تغافل ہے!
جہاں دہلی بریانی کو غزل کہتی ہے، وہیں لکھنؤ کہتا ہے:
بریانی ایک رباعیِ ذائقہ ہے
1. پہلا مصرع: خوشبو
2. دوسرا مصرع: یخنی
3. تیسرا مصرع: گوشت
4. چوتھا مصرع: چاول کی تہ
یہ رباعی جب دم پر آئے، تو دل بھی دم بخود ہو جائے!
بریانی کو ویسے کھایا جائے، جیسے غالب کا دیوان پڑھا جاتا ہے۔۔۔۔۔
آہستہ، انہماک سے، چاول چبائے نہیں جاتے، محسوس کیے جاتے ہیں۔
اقوالِ فقہائے ذوق
ابنِ دہلی:
من زاد فی البریانی مالا یلزم، فذوقہ ناقص و فہمہ فاسد!"
امامِ کریم ہوٹل:
آلو بریانی نہیں، فتنے کی ابتدا ہے!"
احنافِ حیدرآباد:
بریانی میں آلو ڈالنا ایسا ہے جیسے خطبۂ جمعہ میں لطیفہ سنانا!"
خاتمہ
بریانی ذائقے کی عبادت ہے۔
اسے آلو، کشمش، یا بد ذوق ہاتھوں کی تحریف سے محفوظ رکھنا فقہاءِ بریانیہ پر فرضِ کفایہ ہے۔
 فمن أراد أن یدخل الآلو فی البریانی، فلیخرج من دارِ ذوق، و لیدخل دارِ شبہات!
اللہم احفظ لنا بریانیاتنا، کما حفظت القرآن من تحریف الرافضۃ... آمین! (منقول) ( #ایس_اے_ساگر )
https://saagartimes.blogspot.com/2025/12/blog-post_10.html



Tuesday, 9 December 2025

چاندی کی تسبیح کا استعمال

چاندی کی تسبیح کا استعمال
-------------------------------
-------------------------------
سوال: چاندی کی تسبیح کا استعمال کیسا ہے؟
مفتی شاہجہاں قاسمی
الجواب وباللہ التوفیق: 
مَردوں کے لئے چاندی کی مخصوص مقدار (4.374 gm) صرف انگوٹھی میں استعمال کی گنجائش ہے۔
(خواتین کے لئے تختم اور زیورات میں کوئی خاص مقدار متعین نہیں)
عورتوں کے لئے انگوٹھی وزیورات اور مرد کے لئے صرف انگوٹھی کے علاوہ، سونے چاندی کا عام استعمال ناجائز ہے۔ چاندی کی تسبیح کا استعمال اوپر ذکر کردہ مستثنی حالتوں کے علاوہ ہے؛ اس لئے اس کی گنجائش نہیں ہے ۔ درج ذیل احادیث اور فقہی نصوص سے عام استعمال کی ممانعت مستنبط ہوتی ہے جس میں چاندی کی تسبیح کا استعمال بھی شامل ہوگا:
۱: عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ، قَالَتْ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "مَنْ شَرِبَ فِي إِنَاءٍ مِنْ ذَهَبٍ أَوْ فِضَّةٍ، فَإِنَّمَا يُجَرْجِرُ فِي بَطْنِهِ نَارًا مِنْ جَهَنَّمَ" (صحیح مسلم 2065)
۲: وَلَا تَشْرَبُوا فِي آنِيَةِ الذَّهَبِ وَالْفِضَّةِ، وَلَا تَأْكُلُوا فِي صِحَافِهَا (صحیح مسلم 2067)
۳: "ولايجوز استعمال آنية الذهب والفضة، ويستوي فيه الرجال والنساء. (الاختيار لتعليل المختار: 4/ 159)
۴: وَيُكْرَهُ أَنْ يُكْتَبَ بِالْقَلَمِ الْمُتَّخَذِ مِنْ الذَّهَبِ أَوْ الْفِضَّةِ أَوْ مِنْ دَوَاةٍ كَذَلِكَ، وَيَسْتَوِي فِيهِ الذِّكْرُ وَالْأُنْثَى، كَذَا فِي السِّرَاجِيَّةِ.(الفتاوى الهندية: 5 / 334)
واللہ اعلم بالصواب 
ای میل: Email: muftishakeelahmad@gmail.com
https://saagartimes.blogspot.com/2025/12/blog-post_09.html





Monday, 8 December 2025

روحانی اور جسمانی ہاضمہ: حیاتِ طیبہ کا فلسفہ

روحانی اور جسمانی ہاضمہ: حیاتِ طیبہ کا فلسفہ
انسان کی مکمل صحت کا انحصار صرف جسمانی اعضاء کی درست کارکردگی پر نہیں، بلکہ اس کا گہرا تعلق روحانی ہاضمہ (Spiritual Digestion) سے ہوتا ہے۔ یہ دونوں ہاضمے، یعنی جسمانی اور روحانی، دراصل زندگی میں توازن (Balance) اور اطمینان (Peace) قائم کرنے کے لئے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جسمانی ہاضمہ غذا سے توانائی کشید کرتا ہے، جبکہ روحانی ہاضمہ زندگی کے تلخ و شیریں تجربات کو صبر، حکمت اور سکون میں ڈھالتا ہے۔
🍎 اول: جسمانی ہاضمہ – صحت کا سنگِ بنیاد
جسمانی صحت کا آغاز معدے سے ہوتا ہے۔ اگر غذا صحیح طریقے سے ہضم نہ ہو تو یہ کئی خرابیوں کو جنم دیتی ہے:
 * غذا کا نہ ہضم ہونا \Rightarrow بیماریوں کا آغاز: خراب ہاضمہ نہ صرف جسمانی کمزوری، تھکاوٹ اور پیٹ کے امراض پیدا کرتا ہے، بلکہ یہ دماغی چڑچڑاپن اور سستی کا بھی سبب بنتا ہے۔
 * حل: متوازن خوراک، بروقت غذا، اور جسمانی سرگرمیوں کے ذریعے جسمانی ہاضمے کو بہتر بنانا، کیونکہ ایک صحت مند جسم ہی ایک پرسکون روح کا ٹھکانہ بن سکتا ہے۔
💖 دوم: روحانی ہاضمہ – کردار کی تعمیر
روحانی ہاضمہ سے مراد یہ ہے کہ ہم زندگی میں پیش آنے والے سماجی، جذباتی اور نفسیاتی محرکات کو کس طرح قبول کرتے، تحلیل کرتے اور ردِ عمل دیتے ہیں۔ اگر ہم ان چیزوں کو 'ہضم' نہیں کرتے تو یہ ہمارے اندر زہر بن کر کردار اور تعلقات کو تباہ کردیتے ہیں۔
| روحانی عمل (ان پٹ) | اگر ہضم نہ ہو | نتیجہ (منفی آؤٹ پٹ) |
|---|---|---|
| تعریف / ستائش | انسان اسے حق سمجھے | تکبر اور غرور کا آغاز (عاجزی ختم) |
| لوگوں کی بات / سُن گُن | کینہ یا بوجھ بن جائے | چغلی اور غیبت کا فروغ (سکون تباہ) |
| تنقید / اعتراض | ذاتی حملہ محسوس ہو | ناراضگی اور تلخی کا پھیلاؤ (اصلاح رُک گئی) |
| دکھ / صدمہ | تکلیف دل میں جگہ بنالے | نااُمیدی اور مایوسی کا غلبہ (جدوجہد کا خاتمہ) |
| آزمائش / مشکل | نعمتوں کو بھول جائے | ناشکری اور شکوہ کی عادت (اطمینان کا فقدان) |
کلیدی وضاحت:
 * تعریف کا ہاضمہ (عاجزی): کامیابی پر ملنے والی تعریف کو اللہ کا فضل سمجھ کر فوراً ہضم کرلینا چاہئے۔ اسے دل میں جگہ دینے سے تکبر پیدا ہوتا ہے جو سب سے بڑی روحانی بیماری ہے۔
 * بات کا ہاضمہ (سکوت): اگر ہم کسی کی منفی بات یا چغلی کو اپنے اندر جگہ دیں، اور پھر اسے دوسروں تک پہنچائیں، تو یہ چغلی کی صورت میں نکلتی ہے۔ روحانی ہاضمہ سکھلاتا ہے کہ منفی باتوں کو سُنو اور بھول جاؤ۔
 * تنقید کا ہاضمہ (قبولیت): تنقید یا اختلاف کو اگر ہم ناراضی سے وصول کرتے ہیں تو ہم سیکھنے کا موقع گنوا دیتے ہیں۔ روحانی ہاضمہ ہمیں سکھلاتا ہے کہ تنقید سے اصلاح کے پہلو نکالیں، نہ کہ ذاتی رنجش بنائیں۔
 * دکھ کا ہاضمہ (صبر): دنیا کی حقیقت یہ ہے کہ یہاں دکھ اور پریشانیاں آتی ہیں۔ اگر ہم ان دکھوں کو مستقل اپنے دل میں رکھیں تو یہ نااُمیدی بن جاتی ہے۔ ہاضمہ یہ ہے کہ صبر اور توکل کے ساتھ آگے بڑھیں۔
 * آزمائش کا ہاضمہ (شکر): مشکل حالات یا آزمائش کے باوجود اگر ہم چھوٹی بڑی نعمتوں کا اعتراف نہ کریں تو یہ ناشکری کو جنم دیتا ہے۔ روحانی طور پر مضبوط شخص آزمائش کو بھی رب کی طرف سے تربیت سمجھ کر شکر ادا کرتا ہے۔
💡 نتیجہ: مکمل ہاضمہ، کامل انسان
جسمانی اور روحانی ہاضمے کی درستی دراصل حکمت اور توازن کا نام ہے۔ جس طرح فاسد غذا کو جسم سے باہر نکالنا ضروری ہے، اسی طرح منفی جذبات، تکبر، ناراضگی اور مایوسی کو اپنے قلب اور ضمیر سے باہر نکالنا لازم ہے۔
ان دونوں ہاضموں کی درستی سے ہی ایک انسان صحت مند، شکرگزار، با کردار اور مطمئن زندگی گزار سکتا ہے۔ یہی زندگی کا سب سے بڑا سبق ہے کہ ہم ہر چیز کو صحیح طریقے سے 'ہضم' کرنا سیکھیں۔ (ترتیب و پیشکش: محمد ادریس پھلتی) ( #ایس_اے_ساگر )
https://saagartimes.blogspot.com/2025/12/blog-post_08.html

مفتی اعظم مفتی کفایت اللہ اور مولانا احمد سعید دہلوی رحمہم اللہ کہاں آرام فرما ہیں

مفتی اعظم مفتی کفایت اللہ اور مولانا احمد سعید دہلوی رحمہم اللہ کہاں آرام فرما ہیں
بہت سے حضرات کے علم میں یہ اب تک نہیں ہے کہ جمعیة علماء ہند کے پہلے صدرمحترم مفتی اعظم مفتی کفایت اللہ اور جنرل سکریٹری مولانا احمد سعید دہلوی رحمہم اللہ کہاں آرام فرما ہیں۔
جمعیة علماء ہند صد سالہ تقریبات کے سلسلے کی ایک کڑی حالیہ مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ دہلوی  رح کی نسبت دہلی میں منعقدہ سیمینار بھی شامل ہے۔
نئی دہلی مہرولی 8 دسمبر 2025، حالیہ منعقدہ مفتی اعظم سیمینار کے مدنظر مولانا محمد جاوید صدیقی قاسمی دہلی و مولانا ہارون رشید قاسمی مہتمم جامعة الطیبات للبنات مہرولی دہلی و مولانا حسین احمد قاسمی مہتمم مدرسہ دارالعلوم رحمانی شاستری پارک دہلی و ایف اے صدیقی جرنلسٹ نے مہرولی نئی دہلی خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمہ اللہ کے مزار سے بالکل متصل جمعیة علماء ہند کے پہلے صدر محترم مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ رحمہ اللہ و سحبان الہند حضرت مولانا احمد سعید دہلوی سابق ناظم اعلی جمعیة علماء ہند واقع مزار کی ضمناً زیارت کی. 
حضرت قطب الدین بختیار کاکی نوراللہ مرقدہ کا مسند مرکز علم وعرفاں خانقاہی نظام تربیت و خلوت گاہ عبادت گاہ  یہیں مہرولی نئی دہلی میں ہی شعاعیں باطن و ضیاء ملکوتی سے لبریز ہوکر فیض عام بنی رہی ہیں. 
 آخری مغل شہنشاہ بہادر شاہ ظفر نے لال قلعہ سے الگ ہٹ کر حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمہ اللہ کے لب دامن مزار سے صرف چند قدم کے فاصلے پر ہی لال قلعہ میں تعمیر شدہ موتی مسجد کے نقشے کے مطابق اسی انداز میں اسی نام کے ساتھ موتی مسجد تعمیر کروائی آہ ۔۔۔ غیر آباد ہے۔۔ 
اور لب مسجد ہی ایک چھوٹی سی چار دیواری میں اپنے اہل خانہ کے لئے چند قبروں کے لئے جگہ محفوظ کرلیں آہکی اہلیہ یہیں آرام کر رہی ہیں اور ٹھیک بغل میں ہی اپنی قبر کی جگہ بھی محفوظ کرلی جو آج تک خالی ہے گھاس جمی ہوئی ہے 
آہ ۔۔ افسوس بہادر شاہ ظفر کے ارمان و آرزو اور حسرت کی تکمیل نہ ہو پائی چونکہ انگریزوں نے آپکو برما جلاوطن کر دیا تھا وہیں آپکا انتقال ہوا آپکی قبر برما کی راجدھانی رنگون میں واقع ہے: 
کتنا ہے بد نصیب ظفر دفن کے لئے 
دو گز زمیں بھی مل نہ سکی کوئے یار میں 
بہر حال جمعیة علماء ہند کے صدر اول مفتی اعظم مفتی کفایت اللہ رحمہ اللہ و جنرل سکریٹری سحبان الہند حضرت مولانا احمد سعید دہلوی رحمہ اللہ درگاہ کے عقب میں ظفر محل کے گیٹ کے پاس ہی مدفون ہیں۔ 
رحمھم اللہ رحمة واسعہ اب یہ سبھی حضرات روز محشر کو  اٹھیں گے لیکن وہاں ہم اپنی اور دوسروں کی کسی بھی طرح کی خدمات و صفات و کارگزاری بالکل بھی بیاں نہ کرسکیں گے۔ 
جیسے ریگستانی نشیب و فراز اونچی نیچی ریگستانی چٹانوں و حد نظر لامتناہی ریت کے سلسلوں کے بیچ جاری سفر میں پانی ختم ہوچکا ہے۔ سخت دھوپ تپادینے و جھلسا دینے والی لو تپش گرمی سخت گرم ہوا ہونٹ کی چپک و تراوٹ بھی ختم ہوگئی دور دور تک پانی کا کوئی نام و نشاں نہیں۔ 
لیکن ہاں رات میں برستی شبنم جیسی کچھ نمی کے آثار ہوا میں نظر آئے ایسا لگا کہ اس پر کیف ہوا میں چھپی اس نمی سے بوند بوند ہی سہی سب کو نچوڑ لوں کاش پیاسے کی پیاس ہی بجھ جائے تڑپتی جان کو کچھ تراوٹ مل جائے ٹھیک اسی ایک بوند کی طرح بلکہ اس سے کہیں زیادہ روز محشر ایک ایک نیکی کو چھیننے جھپٹنے اور نچوڑ لینے کی جی جان سے سب کی انتھک  کوشش اور نظر ہوگی
یاد رہے کوئی پیر اپنے مرید کو اور خادم مرید اپنے پیر کو ایک چھوٹی سے ہلکی سے کمزور سی انجانے والی نیکی کی ہوا تک لگنے نہیں دے گا۔ آہ ۔۔۔ کیسی گھڑی ہوگی یہی حال پورے کنبے کا ہوگا، سب اہنی چنتا اپنی فکر میں ہوں گے۔ کسی خوش نصیب کو نامہ اعمال سیدھے ہاتھ میں ملتے ہی سب سے پہلے اپنے کنبے، اپنے گھروالوں کو دکھائے گا۔ یا اللہ، رب ذو الجلال، یا غفور یامنان، سب کو معاف فرمادے! آمین یا رب العالمین (منقول) ( #ایس_اے_ساگر )
https://saagartimes.blogspot.com/2025/12/blog-post.html


Sunday, 30 November 2025

فراخ دلی اور سخاوت کا ایک دلچسپ واقعہ

فراخ دلی اور سخاوت کا ایک دلچسپ واقعہ 
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے دور میں ایک شخص ملک شام سے سفر کرتا ہوا آیا۔ اور آپ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کرنے لگا کہ آپ امیر بھی ہیں. (یعنی مالدار بھی ہیں) اور امیر بھی یعنی (مسلمانوں کے سربراہ بھی) ہیں۔
 عرض کرنے لگا حضور میرے اوپر قرضہ چڑھ گیا ہے میری مدد کریں ۔تو آپ اس کو اپنے گھر لے گئے. شخص کہتا ہے کہ باہر سے دروازہ بہت خوبصورت تھا لیکن گھر پر ایک چارپائی بھی نہ تھی کھجور کی چھال کی چٹائیاں بچھی ہوئی تھیں اور وہ بھی پھٹی ہوئی فرماتے ہیں سیدنا صدیق اکبر (رضی اللہ تعالی عنہ) نے مجھے چٹائی پر بٹھالیا اور مجھے کہنے لگے یار ایک عجیب بات نہ بتاؤں. میں نے کہا: بتایئے تو عرض کرنے لگے تین دن سے میں نے ایک اناج کا دانہ بھی نہیں کھایا کھجور پر گزارا کرلیتا ہوں، آجکل میرے حالات کچھ ٹھیک نہیں ہیں توشخص کہنے لگا: حضور میں اب پھر کیا کروں؟ میں تو بہت دور سے امید لگاکر آیا تھا۔
 تو فرمانے لگے: تُو عثمان غنیؓ کے پاس جا۔
شخص کہنے لگا مجھے تو بہت سارے پیسے چاہیں۔ تو آپ نے فرمایا تیری سوچ وہاں ختم ہوتی ہے جہاں سے عثمان غنیؓ کی سخاوت شروع ہوتی ہے۔ تُو جا ان کے پاس۔
 شخص کہنے لگا: آپ کا نام لوں کے مجھے امیرالمومنین نے بھیجا ہے تو فرمایا: اس کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔ صرف اتنا بتانا کہ میں مقروض ہوں اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا نوکر ہوں۔ وہ شخض کہنے لگا کے وہ دلیل، حوالہ مانگیں گے فرمایا عثمانؓ سخاوت کرتے وقت دلیل یا حوالے نہیں مانگتے عثمانؓ اللہ کی راہ میں دیتے ہوئے تفتیش نہیں کرتا، اور سخاوت کرتے وقت ٹٹولنا عثمانؓ کی عادت نہیں۔
وہ شخص کہتا ہے کہ میں چلا گیا پوچھتا پوچھتا دروازے پر دستک دی. حضرت عثمان غنیؓ کے اندر سے بولنے کی آواز آرہی تھی: "اپنے بچوں کو ڈانٹ رہے تھے کہ یار تم لوگ دودھ کے اندر شہد ملا کر پیتے ہو۔ خرچا تھوڑا کم کرو اتنا خرچا بڑھا دیا ہے دودھ میٹھا شہد بھی مٹھا ایک چیز استعمال کرلو تم کوئی بیمار تھوڑی ہو."
شخص کہتا ہے میں نے کہا ابوبکرؓ تو بڑی باتیں بتارہے تھے یہاں تو دودھ اور شہد پر لڑائی ہو رہی ہے اور مجھے تو کئی ہزار دینار چاہیے کیا یہ دے دے گا۔ شخص کہتا ہے کہ میں ابھی یہ سوچ ہی رہا تھا کہ اندر سے دروازہ کھلنے کی آواز آئی۔
 وہ باہر آئے اور میں نے کہا: السلام علیکم!
انہوں نے سلام کا جواب دیا اور وہ سمجھ گئے کہ میں مسلمان ہوں اور مخاطب ہوکر کہنے لگے معاف کرنا بچوں کو ذرا ایک بات سمجھنی تھی آنے میں ذرا دیر ہوگئی۔ ان کا پہلا جملہ ان کے بڑے پن کا مظاہرہ کررہا تھا. پھر دروازہ کھولا اور مجھے انہوں نے گھر بٹھایا اور میرے لئے جو پہلی چیز پیش کی گئی وہ دودھ میں شہد ڈال کر دیا گیا اور پھر کھجور کا حلوہ پیش کیا۔
شخص کہتا ہے کہ میرے دل میں خیال آیا عجیب شخص ہے گھروالوں کے ساتھ جھگڑا کررہے تھے ایک چیز استعمال کیا کرو میرے لیے تین تین چیزیں آگئی ہے لیکن ابھی میرا تصور جما نہیں تھا میں نے دل میں خیال کیا اتنا تگڑا نہیں جتنا ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالی عنہ نے بتایا ہے۔ وہ شخص کہتا ہے کہ کھلانے پلانے کے بعد پوچھنے لگے کیسے آئے ہو۔
 میں نے کہا کہ: "میں مسلمان ہو اور ملک شام کے گاؤں کارہنے والا ہوں اور کچھ کاروباری مشکلات آئی تو مقروض ہوگیا ہوں اور میرے اوپر قرضہ ہےاور مجھے کچھ پیسوں کی حاجت ہے."
کہنے لگا تو میں نے کچھ پیسے کہا تو انہوں نے ایک آواز دی تو ایک غلام اونٹ پر سامان لدا ہوا لیکر حاضر ہوا۔شخص کہتا ہے کہ مجھے تین ہزار اشرفیاں چاہیے تھی۔ ابھی میں نے بتایا نہیں تھا. کیا حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ کہنے لگے کہ" اس اونٹ پر تیرے لیے تیرے گھروالوں کے لئے میں نے کپڑے اور کھانے پینے کا سامان اور 6000 اشرفیاں رکھوا دی ہیں اورتو پیدل آیا تھا. اب اونٹ لے کرجانا."
شخص کہنے لگا میں نے فورا کہا: حضور یہ اونٹ انہیں واپس کرنے کون آئے گا۔ حضرت عثمان فرمانے لگے واپس کرنے کے لیے دیا ہی نہیں یہ تحفہ ہے تو لے جا۔
شخص کہتا ہے کہ میں کہاں سے چلا ڈھونڈتا ہوا اور پھر مدینے میں آیا اور جب مدینے میں آیا تو اللہ نے مجھے جھولی بھر کے عطا فرمایا کہتا ہے میری آنکھوں میں آنسو آگئے اور میں نے کہا: حضور آپ نے تو مجھے میری ضرورت سے کہیں بڑھ کر نواز دیا ہے معاف کیجئے گا. میں سوچ رہا تھا دودھ شہد پر تو گھر میں لڑائی ہورہی ہے۔۔۔ تو حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اللہ نے جو پیسے عثمان کو دیے ہیں وہ اس لئے نہیں دیئے کہ عثمان کی اولادیں عیش مستی کرتی پھیرے میرے مالک نے مجھے نوازا ہے تاکہ میں محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے نوکروں کی نوکری کروں۔ شخص کہتا ہے میں دروازے تک گیا تو میں نے کہا شکریہ!
(الطبقات الکبریٰ لابن سعد) (جلد ۳، صفحہ ۸۷-۸۸) (دارالكتب العلمية ایڈیشن) (باب: من فضائل عثمان بن عفان رضي الله عنه) ( #ایس_اے_ساگر )
https://saagartimes.blogspot.com/2025/11/blog-post_30.html


Thursday, 27 November 2025

حرارت غریزی کیا ہوتی ہے

حرارتِ غریزی کیا ہوتی ہے؟
حرارتِ غریزی کے متعلق اگر حکماء متقدمین اور متاخرین میں اختلافات ہیں لیکن وہ سب اس امر پر متفق ہیں کہ حرارتِ غریزی ایک ایسی حرارت ہے جو قیامِ نطفہ کے وقت مرد اور عورت کے مادہ تولید کے ملنے کے ساتھ پیدا ہوتی ہے اور اسی پر زندگی قائم ہے اور جب وہ ختم ہوجاتی ہے تو موت واقع ہوجاتی ہے، اس لئے اس کو حرارتِ اصلیہ بھی کہتے ہیں۔ ان کے خیال کے مطابق حرارت غریزی بڑھائی نہیں جاسکتی۔
اس کے برعکس فرنگی سائنس اس امر کو تسلیم کرتی ہے کہ حرارتِ غریزی کوئی حرارتِ اصلیہ نہیں ہے بلکہ جسمِ انسان میں پیداشدہ حرارت کا نام ہے، اس کو جس قدر بھی چاہے انسان بڑھاسکتا ہے۔ ان دونوں مقدمات میں جو مغالطہ ہے وہ اس طرح سمجھا جاسکتا ہے کہ روح کو شعلہ تسلیم کرلیا جائے اور حرارتِ غریزی کو جلنے والا مادہ (بتی) تو حقیقت سامنے آجاتی ہے کہ شعلہ پھر روشن نہیں کیا جاسکتا، اگرچہ حرارتِ غریزی کو زیادہ سے زیادہ جس قدر بھی بڑھایا جائے، اس سے دو مقدمات واضح ہوجاتے ہیں کہ انسان حرارتِ غریزی کے ساتھ زندہ ہے اور حرارتِ غریزی بڑھائی بھی جاسکتی ہے اور اگر شعلہ کو روشن رکھا جائے تو اس طرح انسان ایک لمبی عمرتک زندہ رہ سکتا ہے۔ دلیل کے طور پر ہم چند شواہد بھی پیش کرسکتے ہیں۔ مثلاً پیدائش کے بعد تندرست بچہ کا مرجانا یا تندرست نوجوان کا دم گھٹ جانا یا ڈوب جانا، بلند مقام سے گرکر مرجانا اور بہت خون خارج ہوجانے کے بعد موت کا واقع ہوجانا۔ ان سب حقائق سے صاف ظاہر ہے کہ حرارتِ غریزی تو جسم میں قائم تھی مگر روح کا شعلہ بجھ گیا ہے اور اسی پر زندگی کا دارومدار ہے۔ کچھ اسی طرح کا علم قرآنِ حکیم سے روح کے متعلق حاصل ہوتا ہے۔ حضرت رسولِ کریم ﷺ سے روح کے متعلق سوال کیا جاتا ہے۔

یسلونک من روح
روح کے متعلق وہ لوگ آپ سے پوچھتے ہیں۔
قل الروح من امر ربی۔ (بنی اسرائیل)
کہہ دو کہ روح میرے رب کا امر ہے۔

رب کو ہم نے شعلہ اور نور سے تشبیہ دی ہے اور امر وہ عمل ہے جو رب کی طرف سے صادر ہوتا ہے۔ اس سےصاف ظاہر ہے کہ روح ایک شعلہ ، نور اور روشنی ہے جو ضرورت کے وقت رب العالمین کے حکم سے اپنا امر پورا کرتی ہے۔ حکماء نے جسمِ انسان میں ایک طبی روح تسلیم کی ہے جس کو مذہبی روح سے ایک الگ ہستی قرار دیا ہے۔ اس روحِ طبی کے متعلق اس طرح کہا گیا ہے کہ
الروح
اس سے صاف ظاہرہے کہ طبی روح ایک لطیف گیس ہے جو جلتی ہے اور شعلہ قبول کرتی ہے۔ فرنگی سائنس نے اس کو آکسیجن سے تشبیہ دی ہے۔ اس کو حرارتِ غریزی کہہ لیاجائےیاحرارتِ غریزی کے ممدومعاون کرنے والا مادہ۔اس توضیح سے ہم زندگی کے بہت قریب پہنچ جاتے ہیں یعنی ہم حرارتِ غریزی (جلنے والی بتی) پیداکرسکتے ہیں۔ البتہ اس میں شعلہ کی ضرورت باقی رہ جاتی ہے اگرہم موجودہ دورکےان سائنسدانوں کے تجربات کی طرف غورکریں کہ انہوں نے بعض چھوٹے چھوٹے جانوروں کوماردینے کےکئی گھنٹوں بعد زندہ کیاہے یا ایسے انسانوں کو دوبارہ زندگی بخشی ہے جوڈوب کر مرگئے تھے یا بجلی کے شاک سے مرگئے تھے یاآکسیجن کے ٹینٹ میں مرنے والوں کو زندہ رکھ کران کو موت سے باہر گھسیٹ لیا تو تسلیم کرناپڑے گا کہ آئندہ بہت جلد انسان اس امرپر قابوپالے گا کہ وہ روح کا شعلہ پھر روشن کردے۔ تجربہ صرف یہ کرنا ہے کہ حرارتِ غریزی کو کس گیس سے روشن کیا جاسکتا ہے۔ اس میں مذہب کے خلاف کوئی بات پیدانہیں ہوتی وہ بھی امرِ ربی ہی ہوگا بلکہ یوں خیال کرنا چاہیے کہ خداوندِ حکیم نے ہمیں خود زندگی کے طریق سے آگاہ کردیاہے۔

رطوبتِ غریزی
حرارتِ غریزی کی طرح حکماء متقدمین و متاخرین رطوبتِ غریزی کوبھی رطوبتِ اصلیہ کہتے ہیں جو بوقتِ نطفہ قائم ہوتی ہے اور مدت تک قائم رہتی ہے۔ اس میں کمی بیشی نہیں کی جاسکتی اس لئے جوانی واپس نہیں آسکتی اور موت کا علاج ممکن نہیں ہے۔جس کے لئے دلیل یہ دی جاتی ہےکہ انسان کے اعضائے اصلیہ جو رطوبتِ غریزی یا رطوبتِ اصلیہ سے تیارہوتے ہیں اگران میں نقصان واقع ہوجائے تو وہ دوبارہ نہیں بن سکتے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس میں بھی حرارتِ غریزی کی طرح وہی مغالطہ ہےکیونکہ جب حرارتِ غریزی کی پیدائش ممکن ہے جوایک آفاقی شے ہے۔ جیساکہ ہم پہلے ثابت کرچکے ہیں۔ تو رطوبتِ غریزی کی پیدائش کیوں ممکن نہیں جوخالص ارضی شے ہے۔ جہاں تک اعضاء اصلیہ کا تعلق ہے وہ صرف ایک بوند سے تمام جسم ِ انسانی کو کیسے تکمیل کرسکتے ہیں۔ جب مادہ تولیدمرداورعورت کا مل کرنطفہ قرار پاتا ہے تو وہ تین حصوں میں تقسیم ہوجاتاہے۔(1)۔ بنیادی اعضاء ۔ (2)۔ حیاتی اعضاء۔ (3)۔ خون۔بنیادی اعضاء میں ہڈی و رباط اور اوتار بنتے ہیں۔ اس کی اصل الحاقی مادہ (Connective Tissues) سے ہوتی ہے۔ حیاتی اعضاء سےاعصاب جن کا مرکزدماغ، عضلات جن کا مرکز دل اور غدد جن کا مرکز جگرہے۔ دل ودماغ جگریہی تینوں اعضاء رئیسہ ہیں جو عضلاتی ، اعصابی اورایپی تھل سے تیار ہوتے ہیں۔جن کی بافتیں (ٹشوز) بنے کے بعد اعضاء تیار ہوتے ہیں۔ خون جو مرکب عناصر اور حامل روح طبی اور حرارت ہے جس سے ہمیشہ بنیادی اور حیاتی اعضاء کوغذاملتی رہتی ہے۔جس طرح ہڈی کے ٹوٹ جانے کےبعد اس کے خلیے پھر بڑھ کر آپس میں جڑ جاتے ہیں بالکل اسی طرح گوشت اور غدد کے خلیے بھی بڑھ کر آپس میں جڑ جاتےہیں کمی صرف یہ رہ جاتی ہے کہ ان کے درمیان ایک گرہ سی پڑ جاتی ہےجس سے ان میں فرق پڑجاتا ہے اس وجہ سے ان میں بجلی کی روپورے طورپرگزر نہیں سکتی۔دوسرے طبیعت جو تمام جسم کی پرورش کی ذمہ دار ہے کسی خاص عضو کی طرف انتہائی طورپر متوجہ نہیں ہوسکتی اس لئے اعضاء کی دوبارہ نشووارتقاء ذرا مشکل ہوجاتی ہے ورنہ اعضاء اصلیہ بھی دوبارہ بن جاتے ہیں جس کی مثال دانت ہیں یعنی اگرجسم میں ان کا مادہ کافی مقدار میں ہے تووہ پھر بھی نکل آتے ہیں۔ ناخن اور بال ہمیشہ بڑھتے رہتے ہیں لیکن جب ان کامادہ خراب ہوجاتا ہے تو ان میں خرابی واقع ہوجاتی ہے۔ مجھے ایک لڑکی کو دیکھنے کا اتفاق ہوا جس کے پاؤں میں الحاقی مادہ کی کثرت سے پاؤں کے تلوؤں میں انگلی انگلی موٹے کانٹے پیداہوجاتے تھے اس بیچاری کا چلنا پھرنا انتہائی مشکل ہوجاتاتھا، جب وہ کٹوا دئیے جاتے تو دوبارہ نکل آتے تھے ۔ ان حقائقق سے ثابت ہے کہ رطوبتِ غریزی ہمیشہ تیارر ہوتی رہتی ہےاور جسم ِانسان میں خرچ ہوتی رہتی ہے۔ یہ رطوبتِ غریزی وہی رطوبتِ اصلیہ نہیں ہے جو نطفہ کے ساتھ قائم ہوئی تھی اور موت تک قائم رہتی ہے۔ البتہ یہ تسلیم کرنا پڑے گاکہ رطوبتِ غریزی یا رطوبتِ اصلیہ اس رطوبت کانام ہے جو چوتھے ہضم کے بعد جسم انسان میں جذب ہوجاتی ہے اور اعضاء بننے یا حرارتِ غریزی کی غذا بننے کے لئے تیار ہوجاتی ہےاور اعضاء بننے یا حرارتِ غریزی کی غذابننے کے لئے تیار ہوجاتی ہے اور کم و بیش یہ ہمیشہ تیار ہوتی رہتی ہے۔اسی رطوبت پر زندگی و جوانی اور صحت و خوبصورتی کا دارومدار ہے۔ جب اس میں کمی بیشی و خرابی اور فساد واقع ہوجاتا ہے تو مرض وبڑھاپا اور بدصورتی کے اثرات ہوجاتے ہیں ۔ بس اس کی صحیح پیدائش اور حفاظت ہی زندگی ہے۔

رطوبتِ غریزی کی پیدائش
رطوبتِ غریزی جس کو ہم ثابت کرچکے ہیں کہ یہی رطوبتِ اصلیہ ہے جو نطفہ حمل کے وقت مادہ تولید میں منتقل ہوجاتی ہے۔ یہی اس پر زبردست دلیل بھی ہے کیونکہ مادہ تولید ہمیشہ رطوبتِ غریزی سے پیدا ہوتا رہتاہے جس کو خصیے اور دیگر عناصرتیار کرتے رہتے ہیں۔ رطوبتِ غریزی چوتھے ہضم کے بعد پیداہوتی ہے جیسا کہ اوپرذکر کیاگیاہے۔ پہلاہضم اس وقت شروع ہوتا ہے جب غذامعدہ میں جاتی ہے اور وہ رطوبتِ معدی کے ملنے سےآش جو کی صورت میں محلول ہوجاتی ہے اس کو کیلوس اور فرنگی طب میں کیموس کہتے ہیں۔ اس کا لطیف حصہ جوزیادہ تر نشاستہ پرمشتمل ہوتا ہے مجریٰ صدر کے ذریعے دل میں چلاجاتا ہے اس کا ثقیل حصہ اثنا عشری آنت کے راستےامعاء میں اترجاتا ہے جہاں دوسرا ہضم شروع ہوتا ہے۔ اس ہضم میں امعائی رطوبات کے علاوہ جگر سے صفراء اور لبلبہ کی رطوبات شامل ہوتی ہیں۔ اس ہضم کا لطیف حصہ عروقِ ماساریقا کے راستےجگر میں جذب ہوجاتا ہے جہاں پر تیسرا ہضم شروع ہوتا ہے۔ جگر میں کیموس حرارت سے پکتا ہے اور باقی اخلاط کے ساتھ خون کی سرخ رنگت اختیارکرلیتا ہے پھراوردہ کے ذریعے دل میں پہنچ کرشش کے ذریعے سے صاف ہوکر شریانوں کے ذریعے عروقِ شعریہ کےراستے غدد کی وساطت جسم پر شبنم کی طرح ترشح پاتا ہے جس کو رطوبتِ طلیہ(Lymph) کہتے ہیں۔یہ چوتھا ہضم ہے جہاں یہ جذب ہوکرکیسوں(Cell) میں چلی جاتی ہے اور یہی رطوبتِ غریزی یا رطوبتِ اصلیہ ہے۔ ہم نے ہضم غذاکی اس حالت کوکہا ہے جب غذاکسی حصہ جسم میں تحلیل ہوکر اپنی شکل بدل دے اور قابلِ جذب بن جائے۔ بعض حکماء اور اطباء نے ہضم اس صورت کا لکھاہے جب غذاایک حصۂ جسم سے دوسرے حصۂ جسم میں جذب ہوجائے۔ یہ مغالطہ ان کو اس لئے پیداہواہے کہ انہوں نے ہضم میں چارقوتوں کو تسلیم کیاہے()قوتِ جاذبہ(2)قوتِ ماسکہ(3)قوتِ ہاضمہ(4)قوتِ دافعہ۔ یعنی ان کے بغیر ہضم نہیں ہوگی وہ مکمل ہضم نہیں کہلا سکتی۔ بہرحال دونوں صورتوں میں کوئی خاص فرق پیدانہیں ہوتا۔ بہرصورت رطوبتِ غریزی یا رطوبتِ اصلیہ اس طرح تیار ہوتی ہے۔

مقامِ رطوبتِ غریزی
رطوبت غریزی کا مقام وہ کیسے(Cells) ہیں جن سے جسمِ انسان تیارہوتا ہےجیساکہ ہم اوپر تشریح کرچکے ہیں۔ یہ چار قسم کے ہوتے ہیں۔
(1)عصبی کیسے (Neural Cells)۔ 
(2) عضلاتی کیسے (Muscular Cells)۔ 
(3) غدی کیسے (Epithelial Cells)۔ 
(4) الحاقی کیسے (Connective Cells) جن کے آپس میں ملنے سے بافتیں اور ساختیں (Tissues) تیار ہوتے ہیں۔ 
اور انہی چار اقسام کی بافتوں اور ساختوں سے مکمل انسانی جسم تیار ہوتا ہے جیساکہ ہم پہلے بیان کرچکے ہیں۔ جاننا چاہئے کہ اگر چاروں ہضم درست رہیں گے تو رطوبتِ غریزی صحیح تیار پر ہوگی۔ جس سےصحت و جوانی اور خوبصورتی قائم رہے گی اور اگر یہ رطوبتِ غریزی صحیح طور پر تیار نہ ہوئی یعنی اس میں کمی بیشی و خرابی اور فساد واقع ہوا تو مرض اسی مقام پر ہوگا۔ یعنی اگر پہلے ہضم میں خرابی ہوئی تو امراض نظامِ غذائیہ میں پیدا ہوں گے جن کا تعلق عضلات سے ہے جن کا مرکز دل ہے۔ اس نظام کا فضلہ براز ہے۔ اگر خرابی دوسرے ہضم میں پیدا ہوگی تو امراضِ نظامِ بولیہ میں پیدا ہوں گے۔ جن کا تعلق غدد کے ساتھ ہے، جن کا مرکز جگر ہے اس نظام کا فضلہ بول ہے۔ اگر خرابی تیسرے ہضم میں پیدا ہوگی تو امراضِ دمویہ پیداہوں گے جن کا تعلق اعصاب سے ہے جن کا مرکز دماغ ہے اس کا فضلہ پسینہ ہے۔ اگر خرابی چوتھے ہضم میں ہوگی تو امراض ہوائیہ پیداہوں گے جن کا تعلق روح طبعی کے ساتھ ہے۔ اس کا محرک نفس ہے۔ اس کا فضلہ دخان (Carbonic Acids Gas) ہے انہی فضلات سے ایک طرف جسمِ انسان کی صفائی ہوتی ہے اور دوسری طرف یہی فضلات جن راستوں سے گزرتے ہیں وہاں پر تحریک اور تقویت کا باعث ہوتے ہیں۔ مثلاً دخان (کاربانک ایسڈ گیس—————–قلب وشش جنسی اعضاء اور ذہن میں تحریک اور تیزی پیدا کرتی ہے۔ ان نظاموں کی تفصیل میری کتاب "مبادیاتِ طب" ملاحظہ فرمائیں۔
طبی روح، حرارتِ غریزی اور رطوبتِ غریزی کی حیاتِ خلیہ سے مطابقت:
زندگی کو سمجھ لینے کے بعد اس امرپر غورکریں کہ حرارتِ غریزی زندگی کے لئے ایک مرکزِ حیات (نیوکلیس) ہے۔ مادہ حیات رطوبتِ غریزی کے قائم مقام ہے اور روح ِطبی تسنیم کے فعل انجام دیتی ہے، یعنی حرارتِ غریزی اگر زندگی و قوت اور تولید و پرورش قائم رکھتی ہے تو رطوبتِ غریزی اور روحِ طبی اس کو نہ صرف تغذیہ بہم پہنچاتے ہیں بلکہ نئی حرارت ِ غریزی بھی پیدا کرتی رہتی ہیں اس حرارت ِ غری ی کی مثال چراغ سے دی گئی ہے اور رطوبتِ غریزی کی مثال تیل سے دی گئی ہے اور روحِ طبی کی مثال وہ مادہ جو بھک کرکے چلتا ہے جس کو شعلہ (روح) جلادیتی ہے۔ شعلہ روحِ طبی سے ایک جدا شے ہے ہم اس کو شعلہ مذہبی روح کا نام دیتے ہیں یعنی (امرِ ربی) اس طرح زندگی قائم ہے۔
حرارتِ غریزی کی پیدائش:
حرارتِ غریزی کی پیدائش جیسا کہ ہم لکھ چکے ہیں کہ وہ غذاکاچوتھاہضم ہے اور ہماری غذا کیساتھ ساتھ پیدا ہوتی رہتی ہے۔ یہاں پراس امر کو ذہن نشین کرلیں کہ حرارتِ غریزی ہمیشہ رطوبتِ غریزی سے پیدا ہوتی رہتی ہے۔ جس کی تین صورتیں ہیں:
(1) گرم اغذیہ جو کھائی جاتی ہیں ان کی حرارت خون میں محفوظ ہوکررطوبتِ غریزی میں پہنچتی رہتی ہے۔
(2) جسم کے اعضاء خصوصاً عضلات جن کا مرکز قلب ہے وہ اپنے مشینی اثر سے حرارت پیدا کرتے رہتے ہیں اور یہ بھی خون میں محفوظ ہوکر رطوبتِ غریزی میں پہنچ جاتی ہے۔
(3) گردشِ خون کیساتھ ساتھ جب ذراتِ خون حرکت کرتے ہیں تو ان کی رگڑ اور تیز رفتاری سے خون میں حرارت اور بجلی پیداہوتی رہتی ہے جو اعصاب کے ذریعے (جن کی مثال بجلی کی تاروں کی طرح ہے) رطوبتِ غریزی میں جمع ہوتی رہتی ہے۔ اسی طرح اندرونی دیگر کیمیائی اعمال سے بھی حرارت کی پیدائش عمل میں آتی رہتی ہے ان تمام صورتوں سے جو حرارت پیداہوتی ہے وہ جب رطوبت غریزی میں جمع ہوتی رہتی ہے تو وہاں کے کیمیائی اعمال سے مل کر حرارتِ غریزی میں منتقل ہوجاتی ہے۔ جیسے موٹر اور ریل گاڑی کی بیٹری میں بجلی محفوظ ہوتی رہتی ہے اور ضرورت کے وقت اس سے انرجی (طاقت) کا کام لیا جاتا ہے۔ یعنی بتیاں جلائی جاتی ہیں، پنکھے چلائے جاتے ہیں۔ انجن کو رواں (Start) کیا جاتا ہے۔ انسانی زندگی کی مشین بھی اسی سے رواں رہتی ہے۔
رطوبتِ غریزی و حرارتِ غریزی اور شعلہ:
بالکلانرجی و فورس اور پاور کی طرح جو پانی و ہوا اور آگ کے مظاہرہیں رطوبتِ غریزی و حرارتِ غریزی اور شعلہ جسم میں پیداہوتے ہیں جو زندگی کو قائم رکھتے ہیں یعنی رطوبتِ غریزی ہی سے حرارتِ غریزی پیدا ہوتی رہتی ہے جو شعلہ سے چلتی ہے۔ جہاں پر ان کی پیدائش اور افعال میں خرابی واقع ہوتی ہے، امراض پیدا ہوجاتے ہیں، جہاں فساد پیدا ہوتا ہے، بڑھاپا نمودار ہوجاتا ہے اور جب ان میں روک پیدا ہوجاتی ہے تو موت واقع ہوجاتی ہے۔
رطوبتِ غریزی کا اعتدال:
سوال پیدا ہوتا ہے کہ رطوبتِ غریزی کو کس طرح اعتدال پر قائم رکھا جاسکتا ہے؟ اس کا آسان جواب تو یہ ہے کہ نزلہ زکام سے جسم کو محفوظ رکھا جائے۔ دوسرا جواب یہ ہے کہ اعضائے رئیسہ دل، دماغ اور جگر افعال کو سمجھ کر ان کو اعتدال پر رکھا جائے، تیسرا جواب یہ ہے کہ اپنی زندگی میں اعتدال قائم رکھا جائے جس سے ایک طرف اعضائے رئیسہ اعتدال پر قائم رہیں گے اور دوسری طرف نزلہ زکام سے جسم محفوظ رہے گا۔ (از: حکیم وڈاکٹر دوست محمد صابر ملتانی صاحب) ( #ایس_اے_ساگر )