جسم میں درد اور تکلیف کی دعا
حضرت عثمان بن ابی العاص ثقفی رضی اللّٰهُ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللّٰه صلی اللہ علیہ وسلم سے درد کی شکایت کی جو انھیں اس وقت سے ہوتا ہے جب انھوں نے اسلام قبول کیا تھا تو رسول اللّٰه صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: "جسم میں جس جگہ درد ہوتا ہے تم وہاں اپنا ہاتھ رکھو اور تین بار
"بِسْمِ اللَّهِ" پڑھو اور سات بار یہ کہو: "أَعُوذُ بِاللَّهِ وَقُدْرَتِهِ مِنْ شَرِّ مَا أَجِدُ وَأُحَاذِرُ"
(میں اس چیز کے شر سے جو میں (اپنے جسم میں) پاتا ہوں اور جس کا مجھے ڈر ہے، اللّٰه تعالیٰ اور اس کی قدرت کی پناہ میں آتا ہوں)۔"
-حوالہ: صحیح مسلم #5737
- کتاب: سلامتی اور صحت کا بیان
- درجہ: صحیح
2. "غصہ دور کرنے کی دعا"
دو آدمیوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں جھگڑا کیا، ہم بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں بیٹھے ہوئے تھے۔ ایک شخص دوسرے کو غصہ کی حالت میں گالی دے رہا تھا اور اس کا چہرہ سرخ تھا، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں ایک ایسا کلمہ جانتا ہوں کہ اگر یہ شخص اسے کہہ لے تو اس کا غصہ دور ہو جائے۔ اگر یہ
"أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ"
کہہ لے۔ صحابہ کرام رضوان اللّٰه تعالیٰ اجمعین نے اس سے کہا کہ سنتے نہیں، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کیا فرما رہے ہیں؟ اس نے کہا کہ کیا میں دیوانہ ہوں؟
- حوالہ: صحیح بخاری #6115
- کتاب: اخلاق کے بیان میں
- درجہ: صحیح
3. "مصیبت میں دیکھنے کی دعا"
رسول اللّٰه صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جو شخص مصیبت میں گرفتار کسی شخص کو دیکھے اور کہے:
"الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي عَافَانِي مِمَّا ابْتَلَاكَ بِهِ، وَفَضَّلَنِي عَلَى كَثِيرٍ مِمَّنْ خَلَقَ تَفْضِيلًا"
(سب تعریف اللّٰه تعالیٰ کے لئے ہے کہ جس نے مجھے اس بلا و مصیبت سے بچایا جس سے تجھے دوچار کیا، اور مجھے فضیلت دی، اپنی بہت سی مخلوقات پر)،
تو وہ زندگی بھر ہر بلا و مصیبت سے محفوظ رہے گا خواہ وہ کیسی ہو۔"
- حوالہ: سنن ترمذی #3431
- کتاب: مسنون ادعیہ و اذکار
- درجہ: صحیح
4. "مجلس سے اٹھنے کی دعا"
حضرت ابوبرزہ اسلمٰی رضی اللّٰه تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللّٰه صلی اللہ علیہ وسلم اپنے آخری ایّام میں جب کسی مجلس سے اٹھتے تو یہ کلمات کہتے تھے:
"سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ أَسْتَغْفِرُكَ وَأَتُوبُ إِلَيْكَ۔" ایک آدمی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھ لیا کہ یا رسول اللّٰه! آپ یہ کلمات کہتے ہیں جو پہلے نہیں کہا کرتے تھے (اس کی کیا وجہ ہے؟) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "یہ اس چیز کے کفارے کے لئے ہے جو مجلس میں ہوجاتی ہے۔"
- حوالہ: سنن ابو داود #4859
- کتاب: آداب و اخلاق کا بیان
- درجہ: صحیح (منقول) ( #ایس_اے_ساگر )
No comments:
Post a Comment