Wednesday, 2 March 2016

کیسے کیا جائے ایصالِ ثواب؟

شہید الاسلام مولانا محمد یوسف لدھیانوی رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک ایصالِ ثواب کیلئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے شروع کیا جائے.

س… میں ذکر کرنے سے پہلے ایک بار سورہٴ فاتحہ، تین بار قل ہو اللہ شریف، اوّل آخر دُرود شریف پڑھ کر اس طرح دُعا کرتا ہوں: “یا اللہ، اس کا ثواب میرے مخدوم و مکرم حضرت ․․․․․ دامت برکاتہم سے لے کر میرے حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تک میرے سلسلے کے تمام مشائخ کرام تک پہنچادے اور ان کے فیوض و برکات سے ہمیں بھی حصہ نصیب فرمادے۔

ج… حضرتِ شیخ نوّر اللہ مرقدہ کے سلسلے کے مطابق گیارہ بار دُرود شریف اور تیرہ بار قل ہو اللہ شریف پڑھ کر (اور اس کے ساتھ اگر سورہٴ فاتحہ بھی پڑھ لی جائے تو بہت اچھا ہے) ایصالِ ثواب کیا جائے اور ابتدا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اسمِ مبارک سے کی جائے، باقی ٹھیک ہے۔

حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے نوافل سے ایصالِ ثواب کرنا

س… میں حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ایصالِ ثواب کے لئے روزانہ سورہٴ یٰسین کی تلاوت کرتا تھا، اب کچھ عرصے سے یہ عمل دو رکعت نفل کے ذریعے ادا کرتا ہوں، کیا اس طرح کرنے میں ذاتِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے احترام میں کوئی کوتاہی تو نہیں؟

ج… کوئی حرج نہیں، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے بدنی اور مالی عبادات کے ذریعے ایصالِ ثواب کا اہتمام کرنا محبت کی بات ہے۔

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے ایصالِ ثواب، اِشکال کا جواب

س… کیا فرماتے ہیں مفتیانِ عظام مندرجہ ذیل مسئلے کے متعلق کہ مسلمان حضرات بخدمتِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم ایصالِ ثواب کرتے ہیں، ہمارے ایصالِ ثواب سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کیا فائدہ پہنچتا ہے؟ جبکہ آپ دوجہانوں کے سردار ہیں، اور جنت کے اعلیٰ ترین مقام آپ کے لئے یقینی ہیں۔

دُرود و سلام تو اللہ تعالیٰ کے حکم سے بھیجتے ہیں، کما فی النص، اپنے کسی عزیز کو ایصالِ ثواب کرنے کی وجہ معقول ہے، اس کی بخشش کے لئے، اور رفعِ درجات کے لئے۔

تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں ایصالِ ثواب کرنے کی حقیقت پر روشنی ڈالئے، اور قرآن و سنت کی روشنی میں اس کا صحیح جواب دے کر ممنون فرمائیں۔

ج… اُمت کی طرف سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ایصالِ ثواب نصوص سے ثابت ہے، چنانچہ ایصالِ ثواب کی ایک صورت آپ کے لئے ترقیٴ درجات کی دُعا،اور مقامِ وسیلہ کی درخواست ہے، صحیح مسلم کی حدیث میں ہے:

“اذا سمعتم الموٴذّن فقولوا مثل ما یقول، ثم صلوا علیّ فانہ من یصلی علیّ صلٰوة صلی الله علیہ وسلم بھا عشرًا، ثم سلوا الله لی الوسیلة فانھا منزلة فی الجنة لا ینبغی الا لعبد من عباد الله وارجوا ان اکون انا ھو، فمن سأل لی الوسیلة حلت علیہ الشفاعة۔” (مشکوٰة ص:۶۴)

ترجمہ:… “جب تم موٴذّن کو سنو تو اس کی اذان کا اسی کی مثل الفاظ سے جواب دو، پھر مجھ پر دُرود پڑھو، کیونکہ جو شخص مجھ پر ایک بار دُرود پڑھے، اللہ تعالیٰ اس کے بدلے اس پر دس رحمتیں نازل فرماتے ہیں، پھر میرے لئے اللہ تعالیٰ سے “وسیلہ” کی درخواست کرو، یہ ایک مرتبہ ہے جنت میں، جو اللہ تعالیٰ کے بندوں میں سے صرف ایک بندے کے شایانِ شان ہے، اور میں اُمید رکھتا ہوں کہ وہ بندہ میں ہی ہوں گا، پس جس شخص نے میرے لئے وسیلہ کی درخواست کی، اس کو میری شفاعت نصیب ہوگی۔”

اور صحیح بخاری میں ہے:

“من قال حین سمع النداء، اللّٰھم رب ھٰذہ الدعوة التامة والصلٰوة القائمة اٰت محمدن الوسیلة والفضیلة وابعثہ مقامًا محمودن الذی وعدتہ، حلت لہ شفاعتی یوم القیامة۔” (مشکوٰة ص:۶۵)

ترجمہ:…”جو شخص اذان سن کر یہ دُعا پڑھے: “اے اللہ! جو مالک ہے اس کامل دعوت کا، اور قائم ہونے والی نماز کا، عطا کر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو وسیلہ اور فضیلت اور کھڑا کر آپ کو مقامِ محمود میں، جس کا آپ نے وعدہ فرمایا ہے” قیامت کے دن اس کو میری شفاعت نصیب ہوگی۔”

حضرت عمر رضی اللہ عنہ عمرہ کیلئے تشریف لے جارہے تھے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے اجازت طلبی کیلئے حاضر ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رُخصت کرتے ہوئے فرمایا:

“لا تنسنا یا اخی من دعائک۔ وفی روایة: اشرکنا یا اخی فی دعائک۔”

(ابوداوٴد ج:۱ ص:۲۱۰، ترمذی ج:۲ ص:۱۹۵)

ترجمہ:…”بھائی جان، ہمیں اپنی دُعا میں نہ بھولنا۔ اور ایک روایت میں ہے کہ:
بھائی جان، اپنی دُعا میں ہمیں بھی شریک رکھنا۔”

ان احادیث سے معلوم ہوا کہ جس طرح حیاتِ طیبہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے دُعا مطلوب تھی، اسی طرح وصال شریف کے بعد بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے دُعا مطلوب ہے۔

ایصالِ ثواب ہی کی ایک صورت یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے قربانی کی جائے، حدیث میں ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو اس کا حکم فرمایا تھا:

“عن حنش قال رأیت علیًّا رضی الله عنہ یضحی بکبشین، فقلت لہ: ما ھٰذا؟ فقال: ان رسول الله صلی الله علیہ وسلم اوصانی ان اضحی عنہ، فانا اضحی عنہ۔” (ابوداوٴد، باب الاضحیة عن المیّت ج:۲ ص:۲۹)

ترجمہ:…”حنش کہتے ہیں کہ میں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ وہ مینڈھوں کی قربانی کرتے ہیں،
میں نے عرض کیا:
یہ کیا؟
فرمایا کہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے وصیت فرمائی تھی کہ میں آپ کی طرف سے قربانی کیا کروں، سو میں آپ کی طرف سے قربانی کرتا ہوں۔”

“وفی روایة: امرنی رسول الله صلی الله علیہ وسلم ان اضحی عنہ فانا اضحی عنہ ابدًا۔”

(مسندِ احمد ج:۱ ص:۱۰۷)

“وفی روایة: فلا ادعہ ابدًا۔” (ایضاً ج:۱ ص:۱۴۹)

ترجمہ:…”ایک روایت میں ہے کہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے حکم فرمایا تھا کہ میں آپ کی طرف سے قربانی کیا کروں، سو میں آپ کی طرف سے ہمیشہ قربانی کرتا ہوں۔”

ترجمہ:…”ایک روایت میں ہے کہ میں اس کو کبھی نہیں چھوڑتا۔”

علاوہ ازیں زندوں کی طرف سے مرحومین کو ہدیہ پیش کرنے کی صورت ایصالِ ثواب ہے، اور کسی محبوب و معظم شخصیت کی خدمت میں ہدیہ پیش کرنے سے یہ غرض نہیں ہوتی کہ اس ہدیہ سے اس کی ناداری کی مکافات ہوگی، کسی بہت بڑے امیر کبیر کو اس کے احباب کی طرف سے ہدیہ پیش کیا جانا عام معمول ہے، اور کسی کے حاشیہٴ خیال میں بھی یہ بات نہیں کہ ہمارے اس حقیر ہدیہ سے اس کے مال و دولت میں اضافہ ہوجائے گا، بلکہ صرف ازدیادِ محبت کیلئے ہدیہ پیش کیا جاتا ہے، اسی طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہِ عالی میں گناہگار اُمتیوں کی طرف سے ایصالِ ثواب کے ذریعہ ہدیہ پیش کرنا اس وجہ سے نہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان حقیر ہدایا کی احتیاج ہے، بلکہ یہ ہدیہ پیش کرنے والوں کی طرف سے اظہارِ تعلق و محبت کا ایک ذریعہ ہے، جس سے جانبین کی محبت میں اضافہ ہوتا ہے، اور اس کا نفع خود ایصالِ ثواب کرنے والوں کو پہنچتا ہے، اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے درجاتِ قرب میں بھی اس سے اضافہ ہوتا ہے۔

علامہ ابنِ عابدین شامی رحمہ اللہ نے ردالمحتار میں باب الشہید سے قبیل اس مسئلے پر مختصر سا کلام کیا ہے، اتمامِ فائدہ کیلئے اسے نقل کرتا ہوں:

“ذکر ابن حجر فی الفتاویٰ الفقھیة ان الحافظ ابن تیمیة زعم منع اھداء ثواب القرائة للنبی صلی الله علیہ وسلم لان جنابہ الرفیع لا یجرأ علیہ الا بما اذن فیہ وھو الصلٰوة علیہ وسوال الوسیلة لہ۔

قال: وبالغ السبکی وغیرہ فی الردّ علیہ بان مثل ذٰلک لا یحتاج لاذن خاص الا تری ان ابن عمر کان یعتمر عنہ صلی الله علیہ وسلم عمرًا بعدہ موتہ من غیر وصیة وحج ابن الموفق وھو فی طبقة الجنید عنہ سبعین حجة وختم ابن السراج عنہ صلی الله علیہ وسلم اکثر من عشرة اٰلاف ختمة وضحی عنہ مثل ذٰلک۔ اھ۔

قلت: رأیت نحو ذٰلک بخط مفتی الحنفیة الشھاب احمد بن الشلبی شیخ صاحب البحر نقلًا عن شرح الطیبة للنویری ومن جملة ما نقلہ ان ابن عقیل من الحنابلة قال: یستحب اھدائھا لہ صلی الله علیہ وسلم۔

قلت: وقول علمائنا لہ ان یجعل ثواب عملہ لغیرہ، یدخل فیہ النبی صلی الله علیہ وسلم فانہ احق بذٰلک حیث انقذنا من الضلالة ففی ذٰلک نوع شکر واسدأ جمیل لہ والکامل قابل لزیادة الکمال وما استدل بہ بعض المانعین من انہ تحصیل الحاصل لان جمیع اعمال امتہ فی میزانہ یجاب عنہ بانہ لا مانع من ذٰلک فان الله تعالیٰ اخبرنا بانہ صلی علیہ ثم امرنا بالصلٰوة علیہ بان نقول اللّٰھم صل علی محمد، والله اعلم۔” (شامی ج:۲ ص:۲۴۴، طبع مصر)

ترجمہ:…”ابنِ حجر رحمۃ اللہ علیہ (مکی شافعی) نے فتاویٰ فقہیہ میں ذکر کیا ہے کہ حافظ ابنِ تیمیہ رحمہ اللہ کا خیال ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو تلاوت کے ثواب کا ہدیہ کرنا ممنوع ہے، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہِ عالی میں صرف اسی کی جرأت کی جاسکتی ہے جس کا اذن ہو، اور وہ ہے آپ پر صلوٰة و سلام بھیجنا اور آپ کے لئے دُعائے وسیلہ کرنا۔

ابنِ حجر رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ:
امام سبکی رحمہ اللہ وغیرہ نے ابنِ تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ پر خوب خوب رَدّ کیا ہے کہ ایسی چیز اذنِ خاص کی محتاج نہیں ہوتی، دیکھتے نہیں ہو کہ ابنِ عمر رضی اللہ عنہ ، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے عمرے کیا کرتے تھے، جبکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو اس کی وصیت بھی نہیں فرمائی تھی۔ ابن الموفق نے جو جنید کے ہم طبقہ ہیں، آپ کی طرف سے ستر حج کئے، ابن السراج نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے دس ہزار ختم کئے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے اتنی ہی قربانیاں کیں۔

میں کہتا ہوں کہ میں نے اسی قسم کی بات مفتی حنفیہ شیخ شہاب الدین احمد بن الشلبی، جو صاحبِ بحر الرائق کے اُستاذ ہیں، کی تحریر میں بھی دیکھی ہے، جو موصوف نے علامہ نیویری رحمہ اللہ کی “شرح الطیبہ” سے نقل کی ہے، اس میں موصوف نے یہ بھی نقل کیا ہے کہ حنابلہ میں سے ابنِ عقیل کا قول ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ہدیہٴ ثواب مستحب ہے۔

میں کہتا ہوں کہ ہمارے علماء کا یہ قول کہ: “آدمی کو چاہئے کہ اپنے عمل کا ثواب دُوسروں کو بخش دے” اس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بھی داخل ہیں، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کا زیادہ استحقاق رکھتے ہیں، کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی نے ہمیں گمراہی سے نجات دلائی، پس آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ثواب کا ہدیہ کرنے میں ایک طرح کا تشکر اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے احسانات کا اعتراف ہے، اور (آپ صلی اللہ علیہ وسلم اگرچہ ہر اعتبار سے کامل ہیں، مگر ) کامل زیادتِ کمال کے قابل ہوتا ہے۔ اور بعض مانعین نے جو استدلال کیا ہے کہ یہ تحصیلِ حاصل ہے، کیونکہ اُمت کے تمام عمل خود ہی آپ کے نامہٴ عمل میں درج ہوتے ہیں۔ اس کا جواب یہ ہوسکتا ہے کہ یہ چیز ایصالِ ثواب سے مانع نہیں، چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں خبر دی ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم پر رحمتیں نازل فرماتے ہیں، اس کے باوجود ہمیں حکم دیا ہے کہ ہم آپ کے لئے رحمت طلب کرنے کے لئے اللّٰھم صل علیٰ محمد کہا کریں۔”

س… میں قرآن مجید کی تلاوت اور صدقہ و خیرات کرکے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور بعد کے اکابر علمائے دین کو ایصالِ ثواب کرتا ہوں، لیکن چند روز سے ایک خیال ذہن میں آتا ہے، جس کی وجہ سے بے حد پریشان ہوں، خیال یہ ہے کہ ہم لوگ ان ہستیوں کو ثواب پہنچا رہے ہیں جن پر خدا خود دُرود و سلام پیش کرتا ہے، یعنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو، توبہ توبہ! معاذ اللہ! ہم اتنے بڑے ہیں کہ چند آیات پڑھ کر اس کا ثواب حضور صلی اللہ علیہ وسلم و صحابہ رضی اللہ عنہم تک پہنچا رہے ہیں، یہ تو نہ سمجھ میں آنے والی بات ہے۔

ج… ایصالِ ثواب کی ایک صورت تو یہ ہے کہ دُوسرے کو محتاج سمجھ کر ثواب پہنچایا جائے، یہ صورت تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور دیگر مقبولانِ الٰہی کے حق میں نہیں پائی جاتی، اور یہی منشا ہے آپ کے شبہ کا، اور دُوسری صورت یہ ہے کہ ان اکابر کے ہم پر بے شمار احسانات ہیں، اور احسان شناسی کا تقاضا یہ ہے کہ ہم ان کی خدمت میں کوئی ہدیہ پیش کیا کریں، ظاہر ہے کہ ان اکابر کی خدمت میں ایصالِ ثواب اور دُعائے ترقیٴ درجات کے سوا اور کیا ہدیہ پیش کیا جاسکتا ہے؟ پس ہمارا ایصالِ ثواب اس بنا پر نہیں کہ ․․․معاذ اللہ․․․ یہ حضرات ہمارے ایصالِ ثواب کے محتاج ہیں، بلکہ یہ حق تعالیٰ شانہ کی ہم پر عنایت ہے کہ ایصالِ ثواب کے ذریعے ہمارے لئے ان اکابر کی خدمت میں ہدیہ پیش کرنے کا دروازہ کھول دیا، جس کی بدولت ہمارا حق احسان شناسی بھی ادا ہوجاتا ہے اور ان اکابر کے ساتھ ہمارے تعلق و محبت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے، اس سے ان اکابر کے درجات میں بھی مزید ترقی ہوتی ہے، اس کی برکت سے ہماری سیئات کا کفارہ بھی ہوتا ہے، اور ہمیں حق تعالیٰ شانہ کی عنایت سے بے پایاں حصہ ملتا ہے۔ اس کی مثال ایسی سمجھ لیجئے کہ کسی غریب مزدور پر بادشاہ کے بہت سے احسانات ہوں اور وہ اپنے تقاضائے محبت کی بنا پر کوئی ہدیہ بادشاہ کی خدمت میں پیش کرنا چاہے اور بادشاہ ازراہ مراحم خسروانہ اس کے ہدیہ کو قبول فرماکر اسے اپنے مزید انعامات کا مورد بنائے، یہاں کسی کو یہ شبہ نہیں ہوگا کہ اس فقیر درویش کا ہدیہ پیش کرنا بادشاہ کی ضرورت کی بنا پر ہے، نہیں! بلکہ یہ خود اس مسکین کی ضرورت ہے۔

ڈپازٹ کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

اس بارے میں محمود الفتاوی میں ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ
مالک مکان کا کرایہ دار سے ڈپازٹ کے نام پر رقم لینا کیا حکم رکھتا ہے؟
اس کا مدار اس رقم کی حیثیت کی تعیین پر ہے اس کی شروعات تو ضمانت اور رہن کے نام پر ہوئ تھی بسا اوقات کرایہ دار کرایہ باقی چھوڑ کر غائب ہوجاتا تھا اور مالک مکاں کو نقصان اٹھانا پڑتا تھا اس مصیبت سے بچنے کے لئے یہ طریقہ اختیار کیا گیا کہ عقد اجارہ کرتے وقت کرایہ دار سے متعینہ رقم ایڈوانس لی جانے لگی کہ خدا نخواستہ کرایہ دار غائب ہوگیا تو اس رقم سے وہ کرایہ وصول کیا جا سکے اس صورت میں اس کی حیثیت رہن کی ہوجائےگی
اور شرعا اس طرح رہن لینا درست ہے ہندیہ میں ہے
و لو استاجر دارا او شيئا و اعطي بالاجر رهنا جاز
از محمود الفتاوی
3,88
بفرق یسیر

نیز اس کے متعلق کتاب المسائل میں ہے
ڈپازٹ کی رقم کو رہن ماننے کی صورت میں اصل شرعی حکم یہ ہوگا کہ یہ ڈپازٹ کی رقم مالک اپنے تصرف میں نہ لائے بلکہ بطور امانت محفوظ رکھے لیکن عمل اس کے برخلاف ہے کیونکہ کوئی بھی مالک کرایہ دار سے رقم لیکر اس کو محفوظ نھیں رکھتا بلکہ بلا تکلف اپنے ذاتی استعمال میں لاتا ہے الا ماشالله
لہذاٰ مناسب یہ معلوم ہوتا ہے کہ شیئ مرہون میں تصرف کرلینے کی بنا پر اسے رہن کی بجائے دین مضمون کے درجے میں رکھا جائے یعنی یہ رقم گویا کہ مالک پر کرایہ دار کی طرف سے دین ہے
کتاب المسائل
2,143
نیز دار العلوم دیوبند کے آن لائن فتوے میں ہے

میں ممبئی میں رہتا ہوں۔ ممبئی میں میری پانچ دکانیں ہیں، جو میں نے کرایہ پر دیا ہے۔ کرایہ پر دینے کے لیے یہاں پر جو قانون چلتاہے مثلاً میری ایک دکان ہے، سائز ہے 15*30=450اسکوائر فٹ۔ اس کا کرایہ میں نے نو ہزار روپیہ لیا۔ اور ڈپوزٹ پچاس ہزار روپیہ لیا۔ ڈپوزٹ کو میں استعمال کرتا ہوں اور جب کرایہ پر لینے والا خالی کرتا ہے تواس کو ڈپوزٹ واپس کرتے ہیں۔ میں یہ جاننا چاہتاہوں کہ ڈپوزٹ کو استعمال کرسکتے ہیں کہ نہیں؟ اور کرایہ پر دینے کے لیے اور ڈپوزٹ استعمال کرنے کے بارے میں شرع کا قانون کیا ہے؟ اور کرایہ پر زکوة کس طرح نکالی جاتی ہے؟ برائے کرم مجھ کو بتائیں تاکہ میں اپنی غلطی کو صحیح کرسکوں۔
  Mar 06,2010  Answer: 19811
فتوی(ل): 298=220-3/1431
 
ڈپازٹ رقم کی حیثیت امانت کی ہے اگر بطور ڈپازٹ رقم دینے والا اس کے استعمال کی اجازت دیدے تو اس کا استعمال کرنا جائز ہوگا، لیکن اس وقت اس کی حیثیت قرض کی ہوجائے گی اور ضائع ہونے کی صورت میں ضمان لازم آئے گا۔
(۲) اگر آپ پہلے سے صاحب نصاب ہیں تو سال پورا ہونے پر جتنی رقم آپ کے پاس ہو اتنی کی زکاة ادا کردیں۔ کرایہ کی بچی رقم کو بھی اسی میں شامل کردیں۔ الگ سے اس کی زکاة ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔
واللہ تعالیٰ اعلم

دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند

مالک مکان کا کرایہ دار سے ڈپازٹ کے نام پر رقم وصول کرنا درست ہے یا نہیں ؟

اوپر آگیا کہ درست ہے
جو رقم ڈپازٹ کے نام پر لی گئی ہے اس سے مالک مکان کا فائدہ اٹھانا درست ہے یا نہیں ؟؟
اس بارے میں دیوبند کے مذکورہ بالا فتوے میں ہے کہ رقم دینے والے کی اجازت سے اس کا استعمال جائز ہوگا

یہی فتاوٰی دینیہ میں بھی ہے
فتاوٰی دینیہ
4,254

نیز اس ڈپازٹ کی رقم پر زکوۃ کا کیا مسئلہ ہے ؟ زکوۃ کس پر واجب ہوگی ؟

اس بارے میں کراب المسائل میں اوپر دی ہوئی تفصیل کے بعد ہے.

لہذاٰ اس کی زکاة مالک مکان یا دوکان پر نہیں بلکہ کرایہ دار واجب ہوگی جو اس رقم کا اصل مالک ہے 
تاہم اس بارے میں تفصیل یہ ہیکہ اگر معاہدہ میں قریبی وقت مقرر ہے تو یہ رقم دین قوی کے درجے میں ہوگی.
اور اگر وقت مقرر نھیں تو دین وسط یا ضعیف کے حکم میں ہوگی
کتاب المسائل
2,143

نیز روضۂ الفتاوی میں اسی سوال کے جواب میں ہے

مکان دوکان کرایہ پر لیتے وقت مالک ڈپازٹ لیتا ہے جو واپس دینے کی شرط ہوتی ہے تو اس رقم کا جو مالک ہے اس پر زکات لازم ہے اور ڈپازٹ کی رقم امانت کے طور پر ہوتی ہے اور کرایہ پر دینے والا! اس کو واپس ہی کرے گا
لہذاٰ زکاة کرایہ پر لینے والے پر ہی ضروری ہے

روضۂ الفتاوی بحوالہ کفایت المفتی 
3,389
بحوالہ اس مسئلہ پر روشنی ڈالیں......

ابراهیم علیانی
میں اپنی ساس کا روم بھاڑے پر لیا تھا میں نے بیس ہزار 20000 ڈیپوزٹ دیا تھا ہمارے بیچ طے ہوا تھا 800 روپیہ بھاڑا، لیکن میری ساس نے مجھ سے کہا تھا کہ میرا یک روم ہے اسکو خالی کرانا ہے آپ مجھَ کچھ اور روپیہ دے دو ، میں نے کچھ مہینہ کے بعد اپنی ساس کو 40000 ہزار روپیہ اور دے دیا لیکن میں نے اپنی ساس سے بول دیا میں اب بھاڑا انہیں دو ں گا میری ساس نے کہا کچھ دے دو. میں نے کہا بالکل نہیں پھر اسکے بعد تھوڈا تھوڈا کرکے میری ساس نے مجھ سے 90000 ہزار روپے لے لیا میر ے بیوی بچے تکریبن اس روم میں 2011 سے ہیں لیکن تکریبن ایک سال سے مینے اپنا پیسا تھوڑا تھوڑا کرکے لے لیا ہے تکریبن 78000 ہزار 12000 ابھی باقی ہے اس طرح دروست ہے میں اپنی ساس کا روم ایک یا دو مہینے میں چھوڑنے والا ہوں۔ جواب کا انتظار ہے ۔
Published on: Feb 22, 2016 جواب # 63613
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa ID: 400-400/M=5/1437

مسئولہ صورت میں جو پیسہ آپ نے ساس کو بطورِ قرض دیا تھا، اس کو لے سکتے ہیں، اور جو کمرہ آپ نے ساس سے کرایہ پر لیا تھا اُس کا جتنا کرایہ طے ہوا تھا اُتنا ساس کو دینا آپ پر لازم ہے؛ البتہ جس وقت آپ نے کرایہ دینے سے منع کیا تو ساس نے قبول نہیں کیا اور کہا ”کچھ دے دو“ یہ واضح نہیں کہ اس کے بعد آپ دونوں کا آپس میں کیا معاملہ طے ہوا؟ البتہ آپ کے قرض دینے کی وجہ سے روم کا کرایہ نہ دینا یا معروف کرایہ سے کچھ کم کرکے دینا یا اس قرض کی وجہ سے کوئی اور نفع اٹھانا سب ناجائز ہے۔ وفي الأشباہ: کل قرضٍ جرَّ نفعًا حرامٌ․
(الدر المختار: ج۵ ص۱۶۶، ط: سعید)

واللہ تعالیٰ اعلم

دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند
کیا فرماتے ہیں علمائے دین مندرجہ ذیل مسئلہ میں کہ ھیوی ڈیپوسٹ دے کر مکان کرائے پر لینا عند الشرع جائز ھے یا نھیں ۔
یعنی ایک بڑی رقم دے کر بغیر کرائے کہ مکان رہنے میں استعمال کرنا اور مدت پوری ہوجانے پر دی ہوء ڈیپوسٹ کی مکمل رقم واپس لے کر مکان خالی کردینا ۔ یہ طریقہ جائز ھے یا نھیں ۔
جبکہ بکر کہتا ھے کہ ۔ یہ سود کی ایک قسم ھے اور کسی مولوی صاحب کا حوالہ دیتا ہے ۔
اگر واقعی یہ سود ہے تو اسطرح سے مکان کا کرائے پر لین دین کرنے والے اور انکی مدد کرنے والوں کا شریعت میں کیا حکم ہے ۔
اور اگر ایسا نہیں ہے تو بکر اور مولوی صاحب پر غلط مسئلہ بیان کرنے کی صورت میں کیا حکم نافذ ھوگا ۔
برائے مھربانی مدلل جواب دے کر مسئلے کی وضاحت فرمائیں ۔ اور اجر کے مستحق ھوں۔
Published on: Nov 26, 2015 جواب # 62372
بسم الله الرحمن الرحيم
Fatwa ID: 54-54/M=2/1437-U

مالک مکان کو ایک بڑی رقم ڈپازٹ دے کر اس کے مکان میں بغیر کرایہ کے رہنا یہ قرض کے بدلے نفع کھینچنا ہوا،اور حدیث میں اس کو سود قرار دیا گیا ہے، کل قرضٍ جر نفعًا فہو ربٰو۔ صورت مسئولہ میں بکر کی بات درست ہے، پس مکان کا معروف کرایہ طے کرکے رہنا چاہیے اور بڑی رقم کی وجہ سے کرایہ میں تخفیف بھی نہیں ہونی چاہیے۔

واللہ تعالیٰ اعلم

دارالافتاء،
دارالعلوم دیوبند

Tuesday, 1 March 2016

عملیات وتعویذات کا شرعی حکم کیا ہے ؟

تعویذ کواگرنافع بالذات نہ سمجھا جائے تو ایسا تعویذ جس میں مباح ومسنون ادعیہ، اسمائے الٰہی، آیاتِ قرآنیہ لغتِ مفہومہ میں لکھی ہوئی ہوں لٹکانا گناہ نہیں؛ بلکہ جائز ہے، حضرت عبد اللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے ”سنن ابوداوٴد“ میں مروی ہے کہ وہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہوئی ایک دعا کو کسی چیز پر لکھ کر ناسمجھ چھوٹے بچوں کے گلے میں لٹکادیا کرتے تھے عن عمرو بن شعیب عن أبیہ عن جدہ أن سول اللہ -صلی اللہ علیہ وسلم- کان یعلمہم من الفزع کلمات: ”أعوذ بکلمات اللہ التامّة من غضبہ وشرّ عبادہ ومن ہمزات الشیاطین وأن یحضورن، وکان عبد اللہ بن عمر یعلمہن من عقل من بنیہ، ومن لم یعقل کتبہ فأعْلقہ علیہ (أبوداوٴد، رقم: ۳۸۹۳، باب کیف الرقی) اگر کوئی شخص تعویذ کو (طریقہٴ علاج کے بہ جائے) نافع وموٴثر بالذات سمجھے یا تعویذ شرکیہ یا کفریہ الفاظ پر مشتمل ہو تو اسے لٹکانا قطعا جائز نہیں ہے، آپ نے حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما کی جو روایت نقل کی ہے اس میں اس طرح کے تعویذ گنڈے وغیرہ سے منع کیا گیا جس میں شرکیہ یا کفریہ چیزیں ہوتی ہیں یا لوگ اسے موٴثر بالذات سمجھ کر استعمال کرتے ہیں، چنانچہ مسلم شریف کی ایک حدیث میں ہے کہ صحابہٴ کرام نے اللہ کے رسول کی خدمت میں عرض کیا کہ ہم لوگ زمانہٴ جاہلیت میں تعویذ گنڈے (رقیہ) کیا کرتے تھے، (اب) آپ اس سلسلے میں کیا فرماتے ہیں؟ تو اللہ کے رسول نے فرمایا: ”اعرضوا علي رقاکم، لا بأس بالرقی ما لم یکن فیہ شرک“ یعنی اپنے رقیوں (تعویذ گنڈوں) کو میرے سامنے پیش کرے، رقیہ میں کوئی حرج نہیں جب تک کہ اس میں شرکیہ کوئی چیز نہ ہو (مسلم، رقم: ۱۷۲۷، باب لا بأس بالرقی الخ)․ (نیز دیکھیں: مرقاة: ۷/۲۸۸۰، بیروت، رد المحتار، ۹/۵۳۳، زکریا)
تعویذات پر اجرت لینا جائز ہے ؟
جائز تعویذ (جیسے کفریہ شرکیہ کلمات نہ ہوں) پر مناسب اجرت لینے کی اجازت ہے، ترمذی شریف میں ہے: عن أبي سعید قال بعثنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم في سریة فنزلنا بقوم، فسألناہم القِری فلم یقرونا فلُدِغ سیّدُھم فأتونا فقالوا: ھل فیکم من یرقي من العقرب قلت نعم أنا ولکن لا أرقیہ حتی تعطونا غنمًا قالوا: فإنا نعطیکم ثلاثین شاةً، فقَبِلنا، فقرأت علیہ الحمد سبع مرات فبرأ وقبضنا الغنم قالگ فعرض في أنفسنا منھا شيء فقلنا لا تعجلوا حتی تأتوا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، قال: فلما قدمنا علیہ، ذکرتُ لہ الذي صنعتُ قال: وما علمت أنہا رقیة، اقبضوا الغنم واضربوا لي معکم بسھم، ہذا حدیث حسن صحیح۔ (ترجمہ: ابوسعید رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، انھوں نے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں ایک غزوے میں بھیجا، تو ہم ایک قوم کے پاس اترے، اور ان سے مہمان نوازی کا سوال کیا، تو انھوں نے ہماری ضیافت نہیں کی، پس ان کے سردار کو ڈس لیا گیا، تو وہ ہمارے پاس آئے اورکہا: کیا تم میں کوئی بچھو کاٹنے پر جھاڑ پھونک کرتا ہے، میں نے کہا: جی ہاں! میں، لیکن میں رقیہ نہیں کرتا یہاں تک کہ تم ہمیں کچھ بکری دو، انہوں نے کہا: ہم تمھیں تیس بکریاں دیں گے، تو ہم نے اس کو منظور کرلیا، اوران پر سات مرتبہ الحمد شریف (سورہٴ فاتحہ) پڑھی، تو وہ ٹھیک ہوگئے اورہم نے بکریاں اپنے قبضے میں لے لیں، راوی کہتے ہیں کہ ان بکریوں کے سلسلے میں ہمارے دل میں کھٹک سی پیدا ہوئی، تو ہم سبھوں نے کہا کہ تم جلدی نہ کرو، یہاں تک کہ تم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پہنچ جاوٴ، راوی کہتے ہیں: جب ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے، تو میں نے جو کچھ کیا تھا اس کا حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے تذکرہ کیا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کہ تمھیں نہیں معلوم کہ وہ رقیہ (تعویذ) ہے، بکریاں لے لو اور اپنے ساتھ میرا بھی ایک حصہ لگاوٴ۔ یہ حدیث حسن صحیح ہے۔
دارالعلوم دیوبند کا فتوی ملاحظہ ہوں
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں ایک عامل جو شرعی اعتبار سے قرآن و سنت کی پابند ی کرتے ہوئے قرآن سے علاج کرتا ہے، اس کے علاج سے عوام الناس کو فائدہ بھی ہوتا ہے وہ ایک بہت معمولی سی رقم مثلاً پچاس روپیہ ایک ہفتہ کے علاج کے لیے لیتا ہے اور اگر کوئی اپنی مرضی سے اس کو دس ہزار روپئے دے تو وہ لے لیتا ہے کیا یہ پیسہ حلال ہے یا حرام؟ پوری صراحت کے ساتھ جواب دیں گے۔ جو کوئی اپنی خوشی سے پیسہ دے تو کیا وہ ہدیہ نہیں کہلائے گا اس کا لینا جائز ہے کہ نہیں؟
Jan 16,2011  Answer: 28887
فتوی(ب): 172=169-2/1432
قرآن سنت کی پابندی کرتے ہوئے جائز طریقے سے تعویذ دینا اور اس پر مناسب اجرت لینا درست ہے، اگر کوئی شخص عامل کو اپنی مرضی سے کوئی رقم ہدیہ میں دے تو عامل کے لیے اسے لینا حلال ہوگا، ابوداوٴد شریف کی ایک روایت ہے جس میں ہے کہ صحابہٴ کرام کی ایک جماعت سفر میں گئی اور انھوں نے وہاں قیمت متعین کرکے جھاڑ پھونک کیا (ابوداوٴد: ۱/۵۴۴) اس حدیث سے اجرت علی التعویذ کے جواز کا پتہ چلتا ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند
کیا کسی عمل سے جنات کو جلانا جائز ہے ؟؟
فتاوی دارالعلوم اون لائن میں ہے
جنات اگر انسان پر چڑھ جائے اور کسی صورت میں آیات قرآنی سے یا تعویذ کے ذریعہ اس کو نہ چھوڑے اور اس کو تکلیف پہنچائے توکیا ایسی صورت میں جنات کو جلانا جائز ہے؟ جب کہ حدیث میں آتاہے کہ آگ کے ذریعہ اللہ تعالی کی مخلوق کو نہ جلاؤ ، اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
  Jul 20,2010  Answer: 22083
فتوی(ل):807=636-6/1431
اگر اس کو بھگانے کی کوئی اور شکل نہ ہو تو ضرورةً اس کو جلاسکتے ہیں، حضرت ابودجانہ رضی اللہ عنہ کے گھر میں ایک جن تھا جو اُن کو پریشان کرتا تھا، یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوات وکاغذ منگاکر اس پر کچھ لکھوایا اور ابودجانہ رضی اللہ عنہ سے کہا کہ اس کو گھر میں لٹکادو، جب انھوں نے لٹکایا تو ایک چیخ سنی کہ اے ابودجانہ! تو نے ہمیں جلادیا۔ امام سیوطی نے اس حدیث کو خصائص کبری میں نقل کیا ہے۔ (فتاویٰ محمودیہ: ۱۷/۱۰۴، ط: ڈابھیل، گجرات)
واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء، دارالعلوم دیوبند
کیا کوئی جن عورت سے صحبت کر سکتا ہے ؟؟
جی کر سکتا ہے اور اس سے حمل بھی ٹھر سکتا ہے
کما فی فتاوی محمودیہ ۲۰/۳۰
کیا جنات کے لئے شرعی احکام ہیں یا نہیں ؟؟
جی ہاں.
علامہ فخرالدین رازی رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ بلاشبہ جنات بھی انسانوں کی طرح شریعت کے مکلف ہیں۔ ۔تفسیر الکبیر، ج10، ص 625
اسی طرح علمائے کرم تحریر کرتے ہیں کہ جنات ہر چیز میں نبی ﷺ کی شریعت کے مکلف ہیں۔ اخبار وآثار میں وارد ہے کہ مومنین جنات نماز پڑھتے ہیں ، روزے رکھتے ہیں، حج کرتے ہیں، تلاوت قرآن کرتے ہیں ، علوم دینیہ اور روایات حدیث انسانوں سے حاصل کرتے ہیں اگرچہ انسانوں کو اس کا پتہ نہ چلے۔
لیکن یہ تمام باتیں مسلم جنات میں پائی جاتی ہیں جس طرح انسانوں میں کفار موجود ہی اسی طرح جنات میں بھی کفار ہیں۔
فقط واللہ تعالی اعلم
العبد محمد بن سراج عفی عنہ..