گزشتہ شب جمادی الاُخری کی ٢۹ تاریخ تھی، مغرب میں ماہِ رجب کا چاند نظر نہیں آیا تاہم آج مغرب سے یکم رجب المرجب ہے ...
اللّهُمَّ بَارِكْ لَنَا فِىْ رَجَبَ وَ شَعْبَانَ وَ بَلِغْنَا رَمَضَانَ
يا الله! رجب اور شعبان کے مہینوں کو ہمارے لئے بابرکت بنا، ان مہینوں میں ہمارے ایمان علم ہدایت أعمال و أموال دین و دنیا میں برکت مقدر فرما، اور انہی برکتوں کے ساتھ ہم کو رمضان المبارک کے مہینہ تک پہنچادے.
رمضان المبارک کی روحانی علمی باطنی تیاری کے لئے یہ دو مبارک مہینے ہیں. ماہرین کے مطابق رجب المرجب کے چاند کی پیدائش عالمی معیاری وقت کے مطابق گزشتہ روز ہفتہ 17 مارچ 2018 کو 13:12 GMT/UT پر ہوچکی ہے۔ سورج اور چاند کے ایک سیدھ میں آجانے کا وقت ولادت قمر یعنی چاند کی پیدائش New Moon یا اجتماع شمس و قمر Conjunction کہلاتا ہے اور اس حالت کو حالت محاق کہا جاتا ہے۔ ولادت قمر کے بعد گزرنے والا وقت چاند کی عمر کہلاتا ہے. عین ولادت کے وقت چاند کی عمر صفر ہوتی ہے۔ ولادت قمر کے وقت چاند کا جو نصف تاریک حصہ ہماری طرف ہوتا ہے، ہمیشہ وہی حصہ زمین کی طرف رہتا ہے اس کا روشن نصف حصہ ہمارے بالمقابل دوسری جانب ہوتا ہے، اسی وجہ سے چاند ہمیں نظر نہیں آتا. یہ اجتماع ہر قمری ماہ کے آخری ایک دو دن مین ہوتا ہے چاند یکم کے بعد آہستہ آہستہ آفتاب سے بطرف مشرق دور ہوتا جاتا ہے تو ہمیں اس کا چمکتا ہوا کنارہ نظر آتا ہے وہی کنارہ ’ہلال‘ کہلاتا ہے۔ پھر اس کے روشن حصے کی مقدار بڑھتی جاتی ہے یہاں تک کہ وہ چودھویں کا چاند بن جاتا ہے پھر گھٹنے لگتا ہے یہی صورت حال ہر مہینے رہتی ہے۔
رجب و شعبان میں ایمان و قرآن اور سنت و ہدایت والے اعمال میں جو جتنی ترقی کرے گا اس کو اتنی زیادہ رمضان المبارک کی برکتیں نصیب ہوں گی ....
آج مغرب سے لے کر رمضان المبارک کے چاند تک کا نظام الاوقات مرتب کیا جائے.. موبائل فون کی، دوست و احباب کی، سیر سپاٹے کی، ہوٹلوں بازاروں کی، بستروں میں گھنٹوں سوتے پڑے رہنے اور وقت ضائع کرنے کی اب تک کی ترتیب بدل دی جائے!
اور رجب و شعبان کے دن رات میں تین تین پارے قرآن پاک کی تلاوت، آسان ترجمہ قرآن (مفتی تقی عثمانی صاحب زیدمجدہ) سے روز ایک پارے کا ترجمہ اور تفسیر پڑھی جائے..
نیز معارف الحدیث (مولانا منظور صاحب نعمانی نوراللہ مرقدہ) سے روزمرہ کی زندگی کے احکام والی پچاس سو حدیثیں اور ان کی تشریح پڑھی جائے..
اسی طرح زندگی میں چھوٹی ہوئی نمازیں، قضا روزے، زکوٰۃ اور اپنے ذمہ اللہ کے حق اور مخلوقِ خدا کے حق جو باقی ہیں وہ ادا کرنے میں رجب و شعبان کے أن دو مہینوں میں اپنے کو مشغول رکھاجائے..
الغرض آج شام سے یعنی رجب کا چاند دیکھتے ہی مذکورہ ذیل کاموں میں تلاوت، ذکر، عبادت، تفسیر، حدیث، خدمت خلق اور ادائیگی حقوق میں اور اس کی دعوت اور دعاء میں خود مشغول ہوا جائے اور سب کو اس کی ترغیب و دعوت دی جاتی رہے..
رب العالمين ہم سب کو رجب و شعبان کی کماحقہ قدردانی کی توفیق عطا فرمائے،
آمین یا رب العالمین
No comments:
Post a Comment